الواقعة

Al-Waaqia

سورت ۵۶ · آیات: ۹۶ · مکی

ترجمہ: Mufti Taqi Usmani · سورت کھولیں

بِسۡمِ ٱللَّهِ ٱلرَّحۡمَٰنِ ٱلرَّحِيمِ

  1. إِذَا وَقَعَتِ ٱلۡوَاقِعَةُ

    آیت ⁦۵۶:۱⁩ کھولیں

    جب وہ ہونے والا واقعہ پیش آجائے گا۔ [1]

    1. : اس آیت میں قیامت کو واقعہ سے تعبیر کیا گیا ہے اور مطلب یہ ہے کہ آج تو یہ کافر لوگ اس کا انکار کررہے ہیں، لیکن جب وہ واقعہ پیش آجائے گا تو کوئی اسے جھٹلا نہیں سکے گا۔
  2. لَيۡسَ لِوَقۡعَتِهَا كَاذِبَةٌ

    آیت ⁦۵۶:۲⁩ کھولیں

    تو اس کے پیش آنے کو کوئی جھٹلانے والا نہیں ہوگا۔

  3. خَافِضَةٞ رَّافِعَةٌ

    آیت ⁦۵۶:۳⁩ کھولیں

    وہ ایک تہہ وبالا کرنے والی چیز ہوگی۔

  4. إِذَا رُجَّتِ ٱلۡأَرۡضُ رَجّٗا

    آیت ⁦۵۶:۴⁩ کھولیں

    جب زمین ایک بھونچال سے جھنجوڑ دی جائے گی۔

  5. وَبُسَّتِ ٱلۡجِبَالُ بَسّٗا

    آیت ⁦۵۶:۵⁩ کھولیں

    اور پہاڑوں کو پیس کر چورا کردیا جائے گا۔

  6. فَكَانَتۡ هَبَآءٗ مُّنۢبَثّٗا

    آیت ⁦۵۶:۶⁩ کھولیں

    یہاں تک کہ وہ بکھرا ہوا غبار بن کر رہ جائیں گے۔

  7. وَكُنتُمۡ أَزۡوَٰجٗا ثَلَٰثَةٗ

    آیت ⁦۵۶:۷⁩ کھولیں

    اور (لوگو) تم تین قسموں میں بٹ جاؤ گے۔

  8. فَأَصۡحَٰبُ ٱلۡمَيۡمَنَةِ مَآ أَصۡحَٰبُ ٱلۡمَيۡمَنَةِ

    آیت ⁦۵۶:۸⁩ کھولیں

    چنانچہ جو دائیں ہاتھ والے ہیں، کیا کہنا ان دائیں ہاتھ والوں کا۔ [1]

    1. : دائیں ہاتھ والوں سے مراد وہ خوش نصیب مومن ہیں جن کا نامہ اعمال ان کے دائیں ہاتھ میں دیا جائے گا، جو اس بات کی علامت ہوگی کہ یہ صاحب ایمان ہیں اور ان کو جنت نصیب ہونے والی ہے۔
  9. وَأَصۡحَٰبُ ٱلۡمَشۡـَٔمَةِ مَآ أَصۡحَٰبُ ٱلۡمَشۡـَٔمَةِ

    آیت ⁦۵۶:۹⁩ کھولیں

    اور جو بائیں ہاتھ والے ہیں، کیا بتائیں وہ بائیں ہاتھ والے کیا ہیں ؟ [1]

    1. : یہ وہ لوگ ہیں جن کو ان کا نامہ اعمال بائیں ہاتھ میں دیا جائے گا جو ان کے کفر کی علامت ہوگی۔
  10. وَٱلسَّٰبِقُونَ ٱلسَّٰبِقُونَ 

    آیت ⁦۵۶:۱۰⁩ کھولیں

    اور جو سبقت لے جانے والے ہیں، وہ تو ہیں ہی سبقت لے جانے والے [1]

    1. : اس سے مراد انبیاء کرام اور وہ اعلی درجے کے پاکباز حضرات ہیں جنہوں نے تقوی کا سب سے اونچا مقام پایا ہوگا۔
  11. أُوْلَٰٓئِكَ ٱلۡمُقَرَّبُونَ

    آیت ⁦۵۶:۱۱⁩ کھولیں

    وہی ہیں جو اللہ کے خاص مقرب بندے ہیں۔

  12. فِي جَنَّٰتِ ٱلنَّعِيمِ

    آیت ⁦۵۶:۱۲⁩ کھولیں

    وہ نعمتوں کے باغات میں ہوں گے۔

  13. ثُلَّةٞ مِّنَ ٱلۡأَوَّلِينَ

    آیت ⁦۵۶:۱۳⁩ کھولیں

    شروع کے لوگوں میں سے بہت سے۔

  14. وَقَلِيلٞ مِّنَ ٱلۡأٓخِرِينَ

    آیت ⁦۵۶:۱۴⁩ کھولیں

    اور بعد کے لوگوں میں سے تھوڑے۔ [1]

    1. : یعنی اس اعلی درجے کے لوگوں میں اکثریت قدیم زمانے کے انبیاء کرام وغیرہ کی ہوگی اور بعد کے زمانوں میں بھی اگرچہ اس درجے کے لوگ ہوں گے مگر کم۔
  15. عَلَىٰ سُرُرٖ مَّوۡضُونَةٖ

    آیت ⁦۵۶:۱۵⁩ کھولیں

    سونے کے تاروں سے بنی ہوئی اونچی نشستوں پر۔

  16. مُّتَّكِـِٔينَ عَلَيۡهَا مُتَقَٰبِلِينَ

    آیت ⁦۵۶:۱۶⁩ کھولیں

    ایک دوسرے کے سامنے ان پر تکیہ لگائے ہوئے۔

  17. يَطُوفُ عَلَيۡهِمۡ وِلۡدَٰنٞ مُّخَلَّدُونَ

    آیت ⁦۵۶:۱۷⁩ کھولیں

    سدا رہنے والے لڑکے ان کے سامنے گردش میں ہوں گے۔

  18. بِأَكۡوَابٖ وَأَبَارِيقَ وَكَأۡسٖ مِّن مَّعِينٖ

    آیت ⁦۵۶:۱۸⁩ کھولیں

    ایسی شراب کے پیالے، جگ اور جام لے کر۔

  19. لَّا يُصَدَّعُونَ عَنۡهَا وَلَا يُنزِفُونَ

    آیت ⁦۵۶:۱۹⁩ کھولیں

    جس سے نہ ان کے سر میں درد ہوگا، اور نہ ان کے ہوش اڑیں گے۔

  20. وَفَٰكِهَةٖ مِّمَّا يَتَخَيَّرُونَ 

    آیت ⁦۵۶:۲۰⁩ کھولیں

    اور وہ پھل لے کر جو وہ پسند کریں۔

  21. وَلَحۡمِ طَيۡرٖ مِّمَّا يَشۡتَهُونَ

    آیت ⁦۵۶:۲۱⁩ کھولیں

    اور پرندوں کا وہ گوشت لے کر جس کو ان کا دل چاہے۔

  22. وَحُورٌ عِينٞ

    آیت ⁦۵۶:۲۲⁩ کھولیں

    اور وہ بڑی بڑی آنکھوں والی حوریں۔

  23. كَأَمۡثَٰلِ ٱللُّؤۡلُوِٕ ٱلۡمَكۡنُونِ

    آیت ⁦۵۶:۲۳⁩ کھولیں

    ایسی جیسے چھپا کر رکھے ہوئے موتی۔

  24. جَزَآءَۢ بِمَا كَانُواْ يَعۡمَلُونَ

    آیت ⁦۵۶:۲۴⁩ کھولیں

    یہ سب بدلہ ہوگا ان کاموں کا جو وہ کیا کرتے تھے۔

  25. لَا يَسۡمَعُونَ فِيهَا لَغۡوٗا وَلَا تَأۡثِيمًا

    آیت ⁦۵۶:۲۵⁩ کھولیں

    وہ اس جنت میں نہ کوئی بےہودہ بات سنیں گے۔ اور نہ کوئی گناہ کی بات۔

  26. إِلَّا قِيلٗا سَلَٰمٗا سَلَٰمٗا

    آیت ⁦۵۶:۲۶⁩ کھولیں

    ہاں جو بات ہوگی، سلامتی ہی سلامتی کی ہوگی۔

  27. وَأَصۡحَٰبُ ٱلۡيَمِينِ مَآ أَصۡحَٰبُ ٱلۡيَمِينِ

    آیت ⁦۵۶:۲۷⁩ کھولیں

    اور وہ جو دائیں ہاتھ والے ہوں گے، کیا کہنا ان دائیں ہاتھ والوں کا۔

  28. فِي سِدۡرٖ مَّخۡضُودٖ

    آیت ⁦۵۶:۲۸⁩ کھولیں

    (وہ عیش کریں گے) کانٹوں سے پاک بیریوں میں۔ [1]

    1. : جنت کے پھلوں کے نام تو ہمارے سمجھانے کے لئے وہی ہیں جنہیں ہم دنیا میں جانتے ہیں، لیکن ان کی کیفیت ان کی لذت اور ان کا حجم ہر چیز یہاں سے کہیں زیادہ خوشنما اور لذیذ ہوگی، چنانچہ ایک حدیث میں ہے کہ ایک دیہاتی نے رسول کریم ﷺ سے پوچھا کہ بیری کا درخت تو عام طور سے تکلیف دہ ہی ہوتا ہے قرآن کریم نے اس کا تذکرہ کیسے فرمایا ہے، آنحضرت ﷺ نے فرمایا کہ کیا اللہ تعالیٰ نے یہ نہیں فرمایا کہ وہ کانٹوں سے پاک ہوگا ؟ درحقیقت اللہ تعالیٰ ہر کانٹے کی جگہ ایک پھل پیدا فرمائیں گے اور اس ایک پھل میں بہتر قسم کے ذائقے ہوں گے اور کوئی ذائقہ دوسرے سے ملتا جلتا نہیں ہوگا۔ (روح المعانی بحوالہ حاکم و بیھقی، و صححہ الحاکم)
  29. وَطَلۡحٖ مَّنضُودٖ

    آیت ⁦۵۶:۲۹⁩ کھولیں

    اور اوپر تلے لدے ہوئے کیلے کے درختوں میں۔

  30. وَظِلّٖ مَّمۡدُودٖ 

    آیت ⁦۵۶:۳۰⁩ کھولیں

    اور دور تک پھیلے ہوئے سائے میں۔

  31. وَمَآءٖ مَّسۡكُوبٖ

    آیت ⁦۵۶:۳۱⁩ کھولیں

    اور بہتے ہوئے پانی میں۔

  32. وَفَٰكِهَةٖ كَثِيرَةٖ

    آیت ⁦۵۶:۳۲⁩ کھولیں

    اور ڈھیر سارے پھلوں میں۔

  33. لَّا مَقۡطُوعَةٖ وَلَا مَمۡنُوعَةٖ

    آیت ⁦۵۶:۳۳⁩ کھولیں

    جو نہ کبھی ختم ہوں گے اور نہ ان پر کوئی روک ٹوک ہوگی۔

  34. وَفُرُشٖ مَّرۡفُوعَةٍ

    آیت ⁦۵۶:۳۴⁩ کھولیں

    اور اونچے رکھے ہوئے فرشوں میں۔ [1]

    1. : جنت کی اونچی نشستوں کا ذکر قرآن کریم میں کئی جگہ آیا ہے، انہی نشستوں پر یہ فرش بچھے ہوں گے، اس لیے انہیں اونچے رکھے ہوئے فرشوں سے تعبیر فرمایا گیا ہے۔
  35. إِنَّآ أَنشَأۡنَٰهُنَّ إِنشَآءٗ

    آیت ⁦۵۶:۳۵⁩ کھولیں

    یقین جانو، ہم نے ان عورتوں کو نئی اٹھان دی ہے۔ [1]

    1. : قرآن کریم نے ان خواتین کا ذکر بڑے لطیف انداز میں فرمایا ہے کہ بس ضمیر سے ان کی طرف اشارہ فرمادیا ہے، صراحت کے ساتھ نام نہیں لیا، اس میں بڑی بلاغت بھی ہے اور ان خواتین کی پردہ داری بھی، بعض مفسرین نے اس سے مراد حوریں لی ہیں جو جنتیوں کے لئے خاص طور پر پیدا کی گئی ہیں یا پیدا کی جائیں گی، اور بعض مفسرین نے کہا ہے کہ ان سے مراد نیک لوگوں کی وہ نیک بیویاں ہیں جو دنیا میں ان کی شریک حیات تھیں، آخرت میں ان کو نئی اٹھان دینے کا مطلب یہ ہے کہ دنیا میں وہ کیسی ہی رہی ہوں جنت میں انہیں اپنے شوہروں کے لئے بہت خوبصورت بنادیا جائے گا، جیسا کہ ایک حدیث میں آنحضرت ﷺ نے اس کی تصریح فرمائی ہے، اسی طرح جو خواتین دنیا میں بن بیاہی رہ گئی تھیں انہیں بھی نئی اٹھان دے کر کسی نہ کسی جنتی سے ان کا نکاح کردیا جائے گا، حدیث کی متعدد روایتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ آیت دونوں قسم کی عورتوں کو شامل ہے، حوروں کو بھی اور دنیا کی نیک خواتین کو بھی (تفصیل کے لیے دیکھئے روح المعانی)
  36. فَجَعَلۡنَٰهُنَّ أَبۡكَارًا

    آیت ⁦۵۶:۳۶⁩ کھولیں

    چنانچہ انہیں کنواریاں بنایا ہے۔ [1]

    1. : بعض احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کا کنوار پن کبھی ختم نہیں ہوگا۔
  37. عُرُبًا أَتۡرَابٗا

    آیت ⁦۵۶:۳۷⁩ کھولیں

    (شوہروں کے لیے) محبت سے بھری ہوئی، عمر میں برابر [1]

    1. : اس کے یہ معنی بھی ہوسکتے ہیں کہ وہ اپنے شوہروں کی ہم عمر ہوں گی، کیونکہ اپنی ہم عمر کے ساتھ ہی رفاقت کا صحیح لطف حاصل ہوتا ہے، اور یہ مطلب بھی ممکن ہے کہ وہ سب آپس میں ہم عمر ہوں گی، بعض احادیث میں ہے کہ جنتیوں کی عمر 33 سال کردی جائے گی جو شباب کا زمانہ ہوتا ہے (ترمذی عن معاذ)۔
  38. لِّأَصۡحَٰبِ ٱلۡيَمِينِ

    آیت ⁦۵۶:۳۸⁩ کھولیں

    سب کچھ دائیں ہاتھ والوں کے لیے۔

  39. ثُلَّةٞ مِّنَ ٱلۡأَوَّلِينَ

    آیت ⁦۵۶:۳۹⁩ کھولیں

    (جن میں سے) بہت سے شروع کے لوگوں میں سے ہوں گے۔

  40. وَثُلَّةٞ مِّنَ ٱلۡأٓخِرِينَ 

    آیت ⁦۵۶:۴۰⁩ کھولیں

    اور بہت سے بعد والوں میں سے۔ [1]

    1. : یعنی اس درجے کے مومن پچھلے زمانے کے لوگوں میں سے بھی بہت سے ہوں گے، اور بعد کے زمانوں میں سے بھی بہت سے۔
  41. وَأَصۡحَٰبُ ٱلشِّمَالِ مَآ أَصۡحَٰبُ ٱلشِّمَالِ

    آیت ⁦۵۶:۴۱⁩ کھولیں

    اور جو بائیں ہاتھ والے ہیں، کیا بتائیں بائیں ہاتھ والے کیا ہیں ؟

  42. فِي سَمُومٖ وَحَمِيمٖ

    آیت ⁦۵۶:۴۲⁩ کھولیں

    وہ ہوں گے تپتی ہوئی لو میں، اور کھولتے ہوئے پانی میں۔

  43. وَظِلّٖ مِّن يَحۡمُومٖ

    آیت ⁦۵۶:۴۳⁩ کھولیں

    اور سیاہ دھویں کے سائے میں

  44. لَّا بَارِدٖ وَلَا كَرِيمٍ

    آیت ⁦۵۶:۴۴⁩ کھولیں

    جو نہ ٹھنڈا ہوگا، نہ کوئی فائدہ پہنچانے والا۔

  45. إِنَّهُمۡ كَانُواْ قَبۡلَ ذَٰلِكَ مُتۡرَفِينَ

    آیت ⁦۵۶:۴۵⁩ کھولیں

    یہ لوگ اس سے پہلے بڑے عیش میں تھے۔

  46. وَكَانُواْ يُصِرُّونَ عَلَى ٱلۡحِنثِ ٱلۡعَظِيمِ

    آیت ⁦۵۶:۴۶⁩ کھولیں

    اور بڑے بھاری گناہ پر اڑے رہتے تھے۔ [1]

    1. : بڑے بھاری گناہ سے مراد کفر اور شرک ہے۔
  47. وَكَانُواْ يَقُولُونَ أَئِذَا مِتۡنَا وَكُنَّا تُرَابٗا وَعِظَٰمًا أَءِنَّا لَمَبۡعُوثُونَ

    آیت ⁦۵۶:۴۷⁩ کھولیں

    اور کہا کرتے تھے کہ : کیا جب ہم مرجائیں گے اور مٹی اور ہڈیاں بن کر رہ جائیں گے، تو کیا ہمیں دوبارہ زندہ کیا جائے گا ؟

  48. أَوَءَابَآؤُنَا ٱلۡأَوَّلُونَ

    آیت ⁦۵۶:۴۸⁩ کھولیں

    اور کیا ہمارے پہلے گزرے ہوئے باپ دادوں کو بھی ؟

  49. قُلۡ إِنَّ ٱلۡأَوَّلِينَ وَٱلۡأٓخِرِينَ

    آیت ⁦۵۶:۴۹⁩ کھولیں

    کہہ دو کہ : یقینا سب اگلے اور پچھلے۔

  50. لَمَجۡمُوعُونَ إِلَىٰ مِيقَٰتِ يَوۡمٖ مَّعۡلُومٖ 

    آیت ⁦۵۶:۵۰⁩ کھولیں

    ایک متعین دن کے طے شدہ وقت پر ضرور اکٹھے کیے جائیں گے۔

  51. ثُمَّ إِنَّكُمۡ أَيُّهَا ٱلضَّآلُّونَ ٱلۡمُكَذِّبُونَ

    آیت ⁦۵۶:۵۱⁩ کھولیں

    پھر اے جھٹلانے والے گمراہو، تم لوگوں کو

  52. لَأٓكِلُونَ مِن شَجَرٖ مِّن زَقُّومٖ

    آیت ⁦۵۶:۵۲⁩ کھولیں

    ایک ایسے درخت میں سے کھانا پڑے گا جس کا نام زقوم ہے۔ [1]

    1. : دوزخ کے اس درخت کا ذکر پیچھے سورة صافات : 62 اور سورة دخان : 43 میں گذر چکا ہے۔
  53. فَمَالِـُٔونَ مِنۡهَا ٱلۡبُطُونَ

    آیت ⁦۵۶:۵۳⁩ کھولیں

    پھر اسی سے پیٹ بھرنے ہوں گے۔

  54. فَشَٰرِبُونَ عَلَيۡهِ مِنَ ٱلۡحَمِيمِ

    آیت ⁦۵۶:۵۴⁩ کھولیں

    پھر اس کے اوپر سے کھولتا ہوا پانی پینا پڑے گا۔

  55. فَشَٰرِبُونَ شُرۡبَ ٱلۡهِيمِ

    آیت ⁦۵۶:۵۵⁩ کھولیں

    اور پینا بھی اس طرح جیسے پیاس کی بیماری والے اونٹ پیتے ہیں۔ [1]

    1. : اس سے مراد وہ اونٹ ہیں جو استسقاء کی بیماری کی وجہ سے پیتے چلے جائیں اور ان کی پیاس نہ بجھے۔
  56. هَٰذَا نُزُلُهُمۡ يَوۡمَ ٱلدِّينِ

    آیت ⁦۵۶:۵۶⁩ کھولیں

    یہ ہوگی جزاء و سزا کے دن ان لوگوں کی مہمانی۔

  57. نَحۡنُ خَلَقۡنَٰكُمۡ فَلَوۡلَا تُصَدِّقُونَ

    آیت ⁦۵۶:۵۷⁩ کھولیں

    ہم نے تمہیں پیدا کیا ہے، پھر تم تصدیق کیوں نہیں کرتے ؟

  58. أَفَرَءَيۡتُم مَّا تُمۡنُونَ

    آیت ⁦۵۶:۵۸⁩ کھولیں

    ذرا یہ بتلاؤ کہ جو نطفہ تم ٹپکاتے ہو۔

  59. ءَأَنتُمۡ تَخۡلُقُونَهُۥٓ أَمۡ نَحۡنُ ٱلۡخَٰلِقُونَ

    آیت ⁦۵۶:۵۹⁩ کھولیں

    کیا اسے تم پیدا کرتے ہو یا پیدا کرنے والے ہم ہیں ؟ [1]

    1. : اس سے مراد خود نطفے کی تخلیق بھی ہوسکتی ہے کہ اسے پیدا کرنے میں انسان کا کوئی دخل نہیں ہے، اور اس نطفے سے جو بچہ پرورش پاتا ہے، اس کی تخلیق بھی مراد ہوسکتی ہے، کیونکہ نطفے کے اس قطرے کو کئی مرحلوں سے گزار کر انسان کی شکل دینا، اس میں جان ڈالنا اور پھر اسے دیکھنے، سننے اور سمجھنے کی طاقت عطا فرمانا سوائے اللہ تعالیٰ کے کس کا کام ہے۔
  60. نَحۡنُ قَدَّرۡنَا بَيۡنَكُمُ ٱلۡمَوۡتَ وَمَا نَحۡنُ بِمَسۡبُوقِينَ 

    آیت ⁦۵۶:۶۰⁩ کھولیں

    ہم نے ہی تمہارے درمیان موت کے فیصلے کر رکھے ہیں اور کوئی نہیں ہے جو ہمیں اس بات سے عاجز کرسکے۔

  61. عَلَىٰٓ أَن نُّبَدِّلَ أَمۡثَٰلَكُمۡ وَنُنشِئَكُمۡ فِي مَا لَا تَعۡلَمُونَ

    آیت ⁦۵۶:۶۱⁩ کھولیں

    کہ ہم تمہاری جگہ تم جیسے اور لوگ لے آئیں، اور تمہیں پھر سے کسی ایسی حالت میں پیدا کردیں جسے تم نہیں جانتے۔ [1]

    1. : یہاں بتایا جارہا ہے کہ جس طرح انسان کی تخلیق اللہ تعالیٰ ہی کا کام ہے اسی طرح اسے موت دینا بھی اسی کا کام ہے، اور اس کے بعد اس کو کسی بھی ایسی صورت میں دوبارہ پیدا کردینا بھی اسی کی قدرت میں ہے جس سے اس کو کوئی عاجز نہیں کرسکتا۔
  62. وَلَقَدۡ عَلِمۡتُمُ ٱلنَّشۡأَةَ ٱلۡأُولَىٰ فَلَوۡلَا تَذَكَّرُونَ

    آیت ⁦۵۶:۶۲⁩ کھولیں

    اور تمہیں اپنی پہلی پیدائش کا پورا پتہ ہے، پھر کیوں سبق نہیں لیتے ؟ [1]

    1. : یعنی کم از کم اتنی بات تو تم بھی جانتے ہو کہ تمہاری پہلی پیدائش میں اللہ تعالیٰ کے سوا کسی اور کا دخل نہیں تھا، پھر اسی کو تنہا معبود ماننے اور اس کی دوبارہ زندہ کرنے کی قدرت کی تصدیق کرنے میں کیا رکاوٹ ہے ؟
  63. أَفَرَءَيۡتُم مَّا تَحۡرُثُونَ

    آیت ⁦۵۶:۶۳⁩ کھولیں

    اچھا یہ بتاؤ کہ جو کچھ تم زمین میں بوتے ہو،

  64. ءَأَنتُمۡ تَزۡرَعُونَهُۥٓ أَمۡ نَحۡنُ ٱلزَّٰرِعُونَ

    آیت ⁦۵۶:۶۴⁩ کھولیں

    کیا اسے تم اگاتے ہو یا اگانے والے ہم ہیں ؟ [1]

    1. : یعنی تمہارا کام بس اتنا ہی تو ہے کہ تم زمین میں بیج ڈال دو ، اس بیج کو پروان چڑھا کر کونپل کی شکل دینا اور اسے درخت یا کھیتی بنادینا اور اس میں تمہارے فائدے کے پھل یا غلے پیدا کرنا کیا تمہارے اپنے بس میں تھا اللہ تعالیٰ کے سوا کون ہے جو تمہارے ڈالے ہوئے بیج کو یہاں تک پہنچا دیتا ہے ؟
  65. لَوۡ نَشَآءُ لَجَعَلۡنَٰهُ حُطَٰمٗا فَظَلۡتُمۡ تَفَكَّهُونَ

    آیت ⁦۵۶:۶۵⁩ کھولیں

    اگر ہم چاہیں تو اسے چورا چورا کر ڈالیں، جس پر تم بھونچکے رہ جاؤ۔

  66. إِنَّا لَمُغۡرَمُونَ

    آیت ⁦۵۶:۶۶⁩ کھولیں

    کہ ہم پر تو تاوان پڑگیا۔

  67. بَلۡ نَحۡنُ مَحۡرُومُونَ

    آیت ⁦۵۶:۶۷⁩ کھولیں

    بلکہ ہم ہیں ہی بدنصیب۔

  68. أَفَرَءَيۡتُمُ ٱلۡمَآءَ ٱلَّذِي تَشۡرَبُونَ

    آیت ⁦۵۶:۶۸⁩ کھولیں

    اچھا یہ بتاؤ کہ یہ پانی جو تم پیتے ہو۔

  69. ءَأَنتُمۡ أَنزَلۡتُمُوهُ مِنَ ٱلۡمُزۡنِ أَمۡ نَحۡنُ ٱلۡمُنزِلُونَ

    آیت ⁦۵۶:۶۹⁩ کھولیں

    کیا اسے بادلوں سے تم نے اتارا ہے، یا اتارنے والے ہم ہیں ؟

  70. لَوۡ نَشَآءُ جَعَلۡنَٰهُ أُجَاجٗا فَلَوۡلَا تَشۡكُرُونَ 

    آیت ⁦۵۶:۷۰⁩ کھولیں

    اگر ہم چاہیں تو اسے کڑوا بنا کر رکھ دیں، پھر تم کیوں شکر ادا نہیں کرتے ؟

  71. أَفَرَءَيۡتُمُ ٱلنَّارَ ٱلَّتِي تُورُونَ

    آیت ⁦۵۶:۷۱⁩ کھولیں

    اچھا یہ بتاؤ کہ یہ آگ جو تم سلگاتے ہو۔

  72. ءَأَنتُمۡ أَنشَأۡتُمۡ شَجَرَتَهَآ أَمۡ نَحۡنُ ٱلۡمُنشِـُٔونَ

    آیت ⁦۵۶:۷۲⁩ کھولیں

    کیا اس کا درخت تم نے پیدا کیا ہے، [1] یا پیدا کرنے والے ہم ہیں ؟

    1. : اس سے مراد مرخ اور عفار کے درخت ہیں جو عرب میں پائے جاتے تھے۔ اور ان کی ٹہنیوں کو رگڑنے سے آگ پیدا ہوتی تھی، اور اہل عرب اس سے چقماق یا ماچس کا کام لیتے تھے۔ اس کا ذکر سورة یس : 80 میں بھی گذر چکا ہے۔
  73. نَحۡنُ جَعَلۡنَٰهَا تَذۡكِرَةٗ وَمَتَٰعٗا لِّلۡمُقۡوِينَ

    آیت ⁦۵۶:۷۳⁩ کھولیں

    ہم نے ہی اس کو نصیحت کا سامان اور صحرائی مسافروں کے لیے فائدے کی چیز بنایا ہے۔ [1]

    1. : نصیحت کا سامان اس لئے کہ اول تو اس پر غور کرکے انسان اللہ تعالیٰ کی قدرت کو یاد کرتا ہے کہ اس نے کس طرح ایک درخت کو آگ پیدا کرنے کا ذریعہ بنادیا، اور دوسرے اس سے دوزخ کی آگ بھی یاد آتی ہے تو اس سے بچنے کا داعیہ پیدا ہوتا ہے، اور اگرچہ یہ درخت سبھی کے لئے آگ جلانے کے کام آتے ہیں ؛ لیکن صحرا میں سفر کرنے والوں کے لئے یہ خاص طور پر بڑی نعمت تھی کہ چلتے چلتے یہ درخت مل جائے اور مسافر اس سے اپنی ضرورت پوری کرلے، اس لئے مسافروں کا بطور خاص ذکر فرمایا گیا ہے۔
  74. فَسَبِّحۡ بِٱسۡمِ رَبِّكَ ٱلۡعَظِيمِ

    آیت ⁦۵۶:۷۴⁩ کھولیں

    لہذا (اے پیغمبر) تم اپنے عظیم پروردگار کا نام لے کر اس کی تسبیح کرو۔

  75. ۞فَلَآ أُقۡسِمُ بِمَوَٰقِعِ ٱلنُّجُومِ

    آیت ⁦۵۶:۷۵⁩ کھولیں

    اب میں ان جگہوں کی قسم کھا کر کہتا ہوں جہاں ستارے گرتے ہیں۔ [1]

    1. یہاں قرآن کریم کی حقانیت اور اس کے اللہ تعالیٰ کا کلام ہونے کا بیان فرمانا مقصود ہے، مکہ مکرمہ کے کافر لوگ بعض اوقات یہ کہا کرتے تھے کہ حضور نبی کریم ﷺ (معاذاللہ) دراصل کاہن ہیں، اور یہ قرآن کاہنوں کا کلام ہے، کاہنوں کا معاملہ یہ تھا کہ وہ اپنی پیشین گوئیوں میں جنات اور شیطانوں سے مدد لیتے تھے، اور قرآن کریم نے کئی مقامات پر بتلایا ہے کہ شیطانوں کو آسمان کے قریب جاکر وہاں کی باتیں سننے سے روک دیا گیا ہے، اور اگر کوئی شیطان سننے کی کوشش کرتا ہے تو اس کو شہاب ثاقب سے مار بھگایا جاتا ہے (دیکھئے سورة حجر 15: 18 اور سورة صافات 37: 10) شہاب ثاقب کو چونکہ عام بول چال میں تارے ٹوٹنے سے تعبیر کیا جاتا ہے، اس لئے قرآن کریم نے ستاروں کا ذکر فرماتے ہوئے یہ بھی ارشاد فرمایا ہے کہ ان کو شیاطین سے حفاظت کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے (دیکھئے سورة صافات 37: 7 اور سورة ملک 67: 5) لہذا جب جنات اور شیاطین کی آسمان تک رسائی نہیں ہے تو وہ کبھی ایسا مستحکم اور سچا کلام پیش نہیں کرسکتے جیسا قرآن کریم ہے، اس مناسبت سے یہاں ستاروں کے گرنے کے مقامات کی قسم کھائی گئی ہے کہ اگر ان کی حقیقت پر غور کرو تو صاف پتہ چل جائے گا کہ قرآن کریم ایسا باوقار کلام ہے جو کوئی کاہن بناکر نہیں لاسکتا ؛ کیونکہ یہ ستارے اسے عالم بالا تک پہنچنے سے روکتے ہیں۔
  76. وَإِنَّهُۥ لَقَسَمٞ لَّوۡ تَعۡلَمُونَ عَظِيمٌ

    آیت ⁦۵۶:۷۶⁩ کھولیں

    اور اگر تم سمجھو تو یہ بڑی زبردست قسم ہے۔ [1]

    1. : بیچ میں یہ جملہ معترضہ ہے جس میں ستاروں کے گرنے کی قسم کھانے کی اہمیت کی طرف متوجہ فرمایا گیا ہے۔ ایک تو اس قسم سے یہ جتایا جا رہا ہے کہ ستارے گرنے کے یہ مقامات خود بتا رہے ہیں کہ کوئی کاہن یہ کلام بنا کر نہیں لایا، دوسرے جس طرح ان ستاروں کا نظام انتہائی مستحکم نظام ہے جس میں کوئی خلل نہیں ڈال سکتا، اسی طرح اللہ تعالیٰ کا یہ کلام بھی نہایت محکم اور ناقابل شکست نظام کے تحت آنحضرت ﷺ پر نازل کیا گیا ہے۔
  77. إِنَّهُۥ لَقُرۡءَانٞ كَرِيمٞ

    آیت ⁦۵۶:۷۷⁩ کھولیں

    کہ یہ بڑا باوقار قرآن ہے ؟

  78. فِي كِتَٰبٖ مَّكۡنُونٖ

    آیت ⁦۵۶:۷۸⁩ کھولیں

    جو ایک محفوظ کتاب میں (پہلے سے) درج ہے۔

  79. لَّا يَمَسُّهُۥٓ إِلَّا ٱلۡمُطَهَّرُونَ

    آیت ⁦۵۶:۷۹⁩ کھولیں

    اس کو وہی لوگ چھوتے ہیں جو خوب پاک ہیں۔ [1]

    1. : راجح تفسیر کے مطابق اس سے مراد فرشتے ہیں، اور کافروں کے اس اشکال کا جواب دیا جارہا ہے کہ ہم یہ کیسے یقین کرلیں کہ اللہ تعالیٰ کا کلام کسی کمی زیادتی کے بغیر اپنی اصلی صورت میں ہمارے پاس پہنچ رہا ہے اور کسی شیطان وغیرہ نے اس میں کوئی تصرف نہیں کیا ؟ اس کا یہ جواب دیا گیا ہے کہ قرآن کریم لوح محفوظ میں درج ہے اور اسے پاک فرشتوں کے سوا کوئی اور چھو بھی نہیں سکتا، اگرچہ یہاں خوب پاک سے مراد فرشتے ہیں، لیکن اس میں ایک اشارہ اس طرف بھی معلوم ہوتا ہے کہ جس طرح عالم بالا میں پاک فرشتے ہی اسے چھوتے ہیں، اسی طرح دنیا میں بھی انہی لوگوں کو چھونا چاہیے جو پاک حالت میں ہوں، چنانچہ احادیث میں قرآن کریم کو بغیر وضو کے چھونے سے ممانعت آئی ہے۔
  80. تَنزِيلٞ مِّن رَّبِّ ٱلۡعَٰلَمِينَ 

    آیت ⁦۵۶:۸۰⁩ کھولیں

    یہ تمام جہانوں کے پروردگار کی طرف سے تھوڑا تھوڑا کر کے اتارا جارہا ہے۔

  81. أَفَبِهَٰذَا ٱلۡحَدِيثِ أَنتُم مُّدۡهِنُونَ

    آیت ⁦۵۶:۸۱⁩ کھولیں

    کیا پھر بھی تم اس کلام سے بےپروائی برتتے ہو ؟

  82. وَتَجۡعَلُونَ رِزۡقَكُمۡ أَنَّكُمۡ تُكَذِّبُونَ

    آیت ⁦۵۶:۸۲⁩ کھولیں

    اور تم نے اسی کو اپنا روزگار بنا لیا ہے کہ (اس کو) جھٹلاتے رہو ؟

  83. فَلَوۡلَآ إِذَا بَلَغَتِ ٱلۡحُلۡقُومَ

    آیت ⁦۵۶:۸۳⁩ کھولیں

    پھر ایسا کیوں نہیں ہوتا ہے کہ جب (کسی کی) جان گلے تک پہنچ جاتی ہے۔

  84. وَأَنتُمۡ حِينَئِذٖ تَنظُرُونَ

    آیت ⁦۵۶:۸۴⁩ کھولیں

    اور اس وقت تم (حسرت سے اس کو) دیکھ رہے ہوتے ہو۔

  85. وَنَحۡنُ أَقۡرَبُ إِلَيۡهِ مِنكُمۡ وَلَٰكِن لَّا تُبۡصِرُونَ

    آیت ⁦۵۶:۸۵⁩ کھولیں

    اور تم سے زیادہ ہم اس کے قریب ہوتے ہیں، مگر تمہیں نظر نہیں آتا۔

  86. فَلَوۡلَآ إِن كُنتُمۡ غَيۡرَ مَدِينِينَ

    آیت ⁦۵۶:۸۶⁩ کھولیں

    اگر تمہارا حساب کتاب ہونے والا نہیں ہے تو ایسا کیوں نہیں ہوتا۔

  87. تَرۡجِعُونَهَآ إِن كُنتُمۡ صَٰدِقِينَ

    آیت ⁦۵۶:۸۷⁩ کھولیں

    کہ تم اس جان کو واپس لے آؤ، اگر تم سچے ہو ؟ [1]

    1. : کافر لوگ قرآن کریم پر ایمان لانے سے جو انکار کرتے تھے، اس کا ایک بڑا حصہ ان کا یہ دعوی تھا کہ ہم مرنے کے بعد دوبارہ زندہ نہیں ہوں گے، جیسا کہ اسی سورت کی آیت نمبر 45 میں گزرا ہے، اللہ تعالیٰ اب اس طرف توجہ دلا رہے ہیں کہ اتنی بات تو تم بھی مانتے ہو کہ اس دنیا میں جو کوئی آتا ہے ایک نہ ایک دن اسے موت ضرور آتی ہے، اور ایسی حالت میں آتی ہے کہ اس کے عزیز رشتہ دار، دوست احباب اور اس کے معالج ہر قسم کے جتن کر گزرتے ہیں کہ کسی طرح وہ موت سے بچ جائے، لیکن موت اس طرح آجاتی ہے کہ وہ سب دیکھتے رہ جاتے ہیں، سوال یہ ہے کہ اگر مرنے کے بعد دوسری زندگی میں حساب و کتاب ہونا نہیں ہے تو آخر ہر انسان کسی نہ کسی وقت موت کے منہ میں کیوں جارہا ہے اور تم اس کو موت سے بچانے میں اتنے بےبس کیوں ہو ؟ دنیا میں موت اور زندگی کا جو یہ نظام کارفرما ہے، وہ بذات خود اس بات کی دلیل ہے کہ موت اور زندگی کے مالک نے یہ کائنات اس مقصد کے لئے پیدا کی ہے کہ انسان کو عمر بھر کی مہلت دے کر آخر میں اس سے حساب لیا جائے کہ اس نے اس مہلت سے کیا فائدہ اٹھایا ؟
  88. فَأَمَّآ إِن كَانَ مِنَ ٱلۡمُقَرَّبِينَ

    آیت ⁦۵۶:۸۸⁩ کھولیں

    پھر اگر وہ (مرنے والا) اللہ کے مقرب بندوں میں سے ہو۔

  89. فَرَوۡحٞ وَرَيۡحَانٞ وَجَنَّتُ نَعِيمٖ

    آیت ⁦۵۶:۸۹⁩ کھولیں

    تو (اس کے لیے) آرام ہی آرام ہے، خوشبو ہی خوشبو ہے، اور نعمتوں سے بھرا باغ ہے۔

  90. وَأَمَّآ إِن كَانَ مِنۡ أَصۡحَٰبِ ٱلۡيَمِينِ 

    آیت ⁦۵۶:۹۰⁩ کھولیں

    اور اگر وہ دائیں ہاتھ والوں میں سے ہو۔

  91. فَسَلَٰمٞ لَّكَ مِنۡ أَصۡحَٰبِ ٱلۡيَمِينِ

    آیت ⁦۵۶:۹۱⁩ کھولیں

    تو (اس سے کہا جائے گا کہ) تمہارے لیے سلامتی ہی سلامتی ہے کہ تم دائیں ہاتھ والوں میں سے ہو۔

  92. وَأَمَّآ إِن كَانَ مِنَ ٱلۡمُكَذِّبِينَ ٱلضَّآلِّينَ

    آیت ⁦۵۶:۹۲⁩ کھولیں

    اور اگر وہ ان گمراہوں میں سے ہو جو حق کو جھٹلانے والے تھے۔

  93. فَنُزُلٞ مِّنۡ حَمِيمٖ

    آیت ⁦۵۶:۹۳⁩ کھولیں

    تو (اس کے لیے) کھولتے ہوئے پانی کی مہمانی ہے۔

  94. وَتَصۡلِيَةُ جَحِيمٍ

    آیت ⁦۵۶:۹۴⁩ کھولیں

    اور دوزخ کا داخلہ ہے۔

  95. إِنَّ هَٰذَا لَهُوَ حَقُّ ٱلۡيَقِينِ

    آیت ⁦۵۶:۹۵⁩ کھولیں

    اس میں کوئی شک نہیں کہ بالکل صحیح معنی میں یہی یقینی بات ہے۔

  96. فَسَبِّحۡ بِٱسۡمِ رَبِّكَ ٱلۡعَظِيمِ

    آیت ⁦۵۶:۹۶⁩ کھولیں

    لہذا (اے پیغمبر) تم اپنے عظیم پروردگار کا نام لے کر اس کی تسبیح کرو۔