المدثر
Al-Muddaththir
ترجمہ: Mufti Taqi Usmani · سورت کھولیں
بِسۡمِ ٱللَّهِ ٱلرَّحۡمَٰنِ ٱلرَّحِيمِ
يَٰٓأَيُّهَا ٱلۡمُدَّثِّرُ
آیت ۷۴:۱ کھولیںاے کپڑے میں لپٹنے والے [1]
- : یہ اسی طرح کا خطاب ہے جیسا پچھلی سورت کے شروع میں گزرا ہے، فرق صرف یہ ہے کہ وہاں اصل عربی لفظ مزمل تھا اور یہاں مدثر ہے، معنی دونوں کے تقریباً ایک ہیں، اس کی تشریح کے لئے پچھلی سورت کا حاشیہ نمبر 1 ملاحظہ فرمائیں، صحیح احادیث سے یہ بھی ثابت ہے کہ آپ پر سب سے پہلی وحی کے طور پر تو سورة علق (سورت نمبر : 96) کی پہلی پانچ آیتیں نازل ہوئی تھیں، اس کے بعد ایک عرصے تک وحی کا سلسلہ بندرہا، پھر سورة مدثر کی یہ آیتیں نازل ہوئیں۔
قُمۡ فَأَنذِرۡ
آیت ۷۴:۲ کھولیںاٹھو اور لوگوں کو خبردار کرو۔
وَرَبَّكَ فَكَبِّرۡ
آیت ۷۴:۳ کھولیںاور اپنے پروردگار کی تکبیر کہو۔
وَثِيَابَكَ فَطَهِّرۡ
آیت ۷۴:۴ کھولیںاور اپنے کپڑوں کو پاک رکھو
وَٱلرُّجۡزَ فَٱهۡجُرۡ
آیت ۷۴:۵ کھولیںاور گندگی سے کنارہ کرلو۔ [1]
- : بہت سے مفسرین نے یہاں گندگی سے مراد بت لئے ہیں، لیکن الفاظ ہر قسم کی گندگی کے لیے عام ہیں۔
وَلَا تَمۡنُن تَسۡتَكۡثِرُ
آیت ۷۴:۶ کھولیںاور کوئی احسان اس نیت سے نہ کرو کہ زیادہ وصول کرسکو۔ [1]
- : کسی کو اس نیت سے کوئی ہدیہ تحفہ دینا کہ جواب میں وہ اس سے زیادہ دے اس آیت کی رو سے ممنوع ہے۔ ایک تفسیر کے مطابق یہی حکم سورة روم : 39 میں بھی گذرا ہے۔
وَلِرَبِّكَ فَٱصۡبِرۡ
آیت ۷۴:۷ کھولیںاور اپنے پروردگار کی خاطر صبر سے کام لو۔ [1]
- : جب آنحضرت ﷺ کو اسلام کی تبلیغ کا حکم ہوا تو اس بات کا پورا اندیشہ تھا کہ کافر لوگ آپ کو ستائیں گے، اس لئے حکم دیا گیا کہ فی الحال مسلح جدوجہد نہیں کرنی ہے، صبر سے کام لینا ہے اور ان کی زیادتیوں کی اصل سزا انہیں اس وقت ملے گی جب قیامت کے لئے صور پھونکا جائے گا جس کا ذکر اگلی آیت میں آرہا ہے۔
فَإِذَا نُقِرَ فِي ٱلنَّاقُورِ
آیت ۷۴:۸ کھولیںپھر جب صور میں پھونک مار دی جائے گی۔
فَذَٰلِكَ يَوۡمَئِذٖ يَوۡمٌ عَسِيرٌ
آیت ۷۴:۹ کھولیںتو وہ بڑا مشکل دن ہوگا۔
عَلَى ٱلۡكَٰفِرِينَ غَيۡرُ يَسِيرٖ
آیت ۷۴:۱۰ کھولیںاور کافروں کے لیے وہ آسان نہیں ہوگا۔
ذَرۡنِي وَمَنۡ خَلَقۡتُ وَحِيدٗا
آیت ۷۴:۱۱ کھولیںاس شخص کا معاملہ مجھ پر چھوڑ دو جسے میں نے اکیلا پیدا کیا۔ [1]
- : متعدد تفسیری روایتوں سے معلوم ہوتا ہے کہ اس سے مراد ولید بن مغیرہ ہے جو مکہ مکرمہ کا بڑا دولت مند سردار تھا۔ اس کی دولت مکہ مکرمہ سے طائف تک پھیلی پڑی تھی۔ وہ کبھی کبھی حضرت ابوبکر ؓ کے پاس جایا کرتا تھا، اور ایک مرتبہ وہ قرآن کریم سن کر یہ اعتراف کرچکا تھا کہ یہ ایک بےنظیر کلام ہے جو کسی انسان کا نہیں ہوسکتا۔ اس سے ابوجہل کو یہ خوف ہوا کہ وہ کہیں مسلمان نہ ہوجائے۔ چنانچہ اس نے ولید بن مغیرہ کے پاس جا کر اسے غیرت دلائی، اور کہا کہ لوگ تمہارے بارے میں یہ باتیں کر رہے ہیں کہ تم مسلمانوں کے پاس دولت حاصل کرنے جاتے ہو۔ ولید کو اس پر غیرت آگئی، اور اس نے کہا کہ آئندہ میں کبھی ابوبکر وغیرہ کے پاس نہیں جاؤں گا۔ ابو جہل نے کہا کہ جب تک تم قرآن کے خلاف کوئی بات نہیں کہوگے، لوگ مطمئن نہیں ہوں گے۔ ولید نے کہا میں اسے نہ شعر کہہ سکتا ہوں، نہ کاہنوں کا کلام کہہ سکتا ہوں۔ نہ محمد ﷺ کو مجنون کہہ سکتا ہوں، کیونکہ یہ باتیں چلنے والی نہیں ہیں۔ پھر کچھ سوچنے کے بعد کہا کہ : البتہ اسے سحر (جادو) کہا جاسکتا ہے، کیونکہ جس طرح جادو کے ذریعے جادوگر میاں بیوی میں تفرقہ ڈال دیتے ہیں، اسی طرح اس کلام کو سن کر جو مسلمان ہوجاتا ہے، وہ اپنے کافر ماں باپ وغیرہ سے الگ ہوجاتا ہے، اور بعض روایات میں ہے کہ ولید نے یہ بات اس موقع پر کہی تھی جب قریش کے لوگوں نے حج سے کچھ پہلے یہ مشورہ کیا کہ حج میں سارے عرب سے لوگ آئیں گے، اور محمد ﷺ کے بارے میں سوالات کریں گے، ہمیں یہ طے کرلینا چاہیے کہ ان سے کیا کہیں۔ ولید نے کہا کہ انہیں نہ مجنون کہا جاسکتا ہے، نہ شاعر نہ کاہن، نہ جھوٹا۔ لوگوں نے پوچھا کہ پھر کیا کہیں، تو اس نے کچھ سوچ کر جواب دیا کہ اگر انہیں جادوگر کہا جائے تو بات کچھ چل جائے گی۔ (ابن کثیر)
وَجَعَلۡتُ لَهُۥ مَالٗا مَّمۡدُودٗا
آیت ۷۴:۱۲ کھولیںاور اس کو مال دیا جو دور تک پھیلا پڑا ہے۔
وَبَنِينَ شُهُودٗا
آیت ۷۴:۱۳ کھولیںاور بیٹے دیے جو سامنے موجود رہتے ہیں۔
وَمَهَّدتُّ لَهُۥ تَمۡهِيدٗا
آیت ۷۴:۱۴ کھولیںاور اس کے لیے ہر کام کے راستے ہموار کردیے۔
ثُمَّ يَطۡمَعُ أَنۡ أَزِيدَ
آیت ۷۴:۱۵ کھولیںپھر بھی وہ یہ لالچ کرتا ہے کہ میں اسے اور زیادہ دوں۔
كَلَّآۖ إِنَّهُۥ كَانَ لِأٓيَٰتِنَا عَنِيدٗا
آیت ۷۴:۱۶ کھولیںہرگز نہیں ! وہ ہماری آیتوں کا دشمن بن گیا ہے۔
سَأُرۡهِقُهُۥ صَعُودًا
آیت ۷۴:۱۷ کھولیںعنقریب میں اسے ایک کٹھن چڑھائی پر چڑھاؤں گا۔ [1]
- : قرآن کریم میں اصل لفظ ”صعود“ ہے جس کے لفظی معنی پر مشقت چڑھائی کے ہیں۔ اور بعض روایات میں ہے کہ یہ دوزخ کے ایک پہاڑ کا نام ہے۔
إِنَّهُۥ فَكَّرَ وَقَدَّرَ
آیت ۷۴:۱۸ کھولیںاس کا حال تو یہ ہے کہ اس نے سوچ کر ایک بات بنائی۔ [1]
- : یعنی یہی بات بنائی کہ قرآن کو نہ شاعری کہہ سکتے ہیں، نہ کہانت، البتہ جادو کہہ سکتے ہیں۔
فَقُتِلَ كَيۡفَ قَدَّرَ
آیت ۷۴:۱۹ کھولیںخدا کی مار ہو اس پر کہ کیسی بات بنائی۔
ثُمَّ قُتِلَ كَيۡفَ قَدَّرَ
آیت ۷۴:۲۰ کھولیںدوبارہ خدا کی مار ہو اس پر کہ کیسی بات بنائی۔
ثُمَّ نَظَرَ
آیت ۷۴:۲۱ کھولیںپھر اس نے نظر دوڑائی۔ [1]
- : یعنی آس پاس کے لوگوں کو دیکھا کہ وہ اس کے بارے میں کیا رائے قائم کر رہے ہیں۔
ثُمَّ عَبَسَ وَبَسَرَ
آیت ۷۴:۲۲ کھولیںپھر تیوری چڑھائی، اور منہ بنایا۔
ثُمَّ أَدۡبَرَ وَٱسۡتَكۡبَرَ
آیت ۷۴:۲۳ کھولیںپھر پیچھے کو مڑا، اور غرور دکھایا۔
فَقَالَ إِنۡ هَٰذَآ إِلَّا سِحۡرٞ يُؤۡثَرُ
آیت ۷۴:۲۴ کھولیںپھر کہنے لگا کہ : کچھ نہیں، یہ تو ایک روایتی جادو ہے۔
إِنۡ هَٰذَآ إِلَّا قَوۡلُ ٱلۡبَشَرِ
آیت ۷۴:۲۵ کھولیںکچھ نہیں یہ تو ایک انسان کا کلام ہے۔
سَأُصۡلِيهِ سَقَرَ
آیت ۷۴:۲۶ کھولیںعنقریب میں اس شخص کو دوزخ میں جھونک دوں گا۔
وَمَآ أَدۡرَىٰكَ مَا سَقَرُ
آیت ۷۴:۲۷ کھولیںاور تمہیں کیا پتہ کہ دوزخ کیا چیز ہے ؟
لَا تُبۡقِي وَلَا تَذَرُ
آیت ۷۴:۲۸ کھولیںوہ نہ کسی کو باقی رکھے گی، اور نہ چھوڑے گی۔ [1]
- : دوزخ میں داخل ہونے کے بعد کوئی شخص ایسا باقی نہیں رہے گا جو جلے نہیں، اور نہ دوزخ کسی مجرم کو اپنے سے باہر رہنے دے گی، کہ اسے باہر رہنے کے لیے چھوڑ دیا جائے۔
لَوَّاحَةٞ لِّلۡبَشَرِ
آیت ۷۴:۲۹ کھولیںوہ کھالوں کو جھلس دینے والی چیز ہے۔
عَلَيۡهَا تِسۡعَةَ عَشَرَ
آیت ۷۴:۳۰ کھولیںاس پر انیس (کارندے) مقرر ہوں گے۔
وَمَا جَعَلۡنَآ أَصۡحَٰبَ ٱلنَّارِ إِلَّا مَلَٰٓئِكَةٗۖ وَمَا جَعَلۡنَا عِدَّتَهُمۡ إِلَّا فِتۡنَةٗ لِّلَّذِينَ كَفَرُواْ لِيَسۡتَيۡقِنَ ٱلَّذِينَ أُوتُواْ ٱلۡكِتَٰبَ وَيَزۡدَادَ ٱلَّذِينَ ءَامَنُوٓاْ إِيمَٰنٗا وَلَا يَرۡتَابَ ٱلَّذِينَ أُوتُواْ ٱلۡكِتَٰبَ وَٱلۡمُؤۡمِنُونَ وَلِيَقُولَ ٱلَّذِينَ فِي قُلُوبِهِم مَّرَضٞ وَٱلۡكَٰفِرُونَ مَاذَآ أَرَادَ ٱللَّهُ بِهَٰذَا مَثَلٗاۚ كَذَٰلِكَ يُضِلُّ ٱللَّهُ مَن يَشَآءُ وَيَهۡدِي مَن يَشَآءُۚ وَمَا يَعۡلَمُ جُنُودَ رَبِّكَ إِلَّا هُوَۚ وَمَا هِيَ إِلَّا ذِكۡرَىٰ لِلۡبَشَرِ
آیت ۷۴:۳۱ کھولیںاور ہم نے دوزخ کے یہ کارندے کوئی اور نہیں، فرشتے مقرر کیے ہیں۔ [1] اور ان کی جو تعداد مقرر کی ہے وہ صرف اس لیئے کہ اس کے ذریعے کافروں کی آزمائش ہو، [2] تاکہ اہل کتاب کو یقین آجائے [3] اور جو لوگ ایمان لاچکے ہیں ان کے ایمان میں اور اضافہ ہو، اور اہل کتاب اور مومن لوگ کسی شک میں نہ پڑیں، اور تاکہ وہ لوگ جن کے دلوں میں روگ ہے [4] اور جو لوگ کافر ہیں، وہ یہ کہیں کہ بھلا اس عجیب سی بات سے اللہ کی کیا مراد ہے ؟ اسی طرح اللہ جس کو چاہتا ہے گمراہ کردیتا ہے اور جس کو چاہتا ہے ہدایت دیتا ہے، اور تمہارے پروردگار کے لشکروں کو اس کے سوا کوئی نہیں جانتا۔ [5] اور یہ ساری بات تو نوع بشر کے لیے ایک یاد دہانی کرانے والی نصیحت ہے اور بس۔
- : جب یہ آیت نازل ہوئی کہ دوزخ پر انیس کارندے مقرر ہیں تو کافروں نے اس کا مذاق اڑایا، اور ایک نے تو لوگوں سے یہاں تک کہہ دیا کہ انیس میں سے سترہ کے لیے تو میں ہی کافی ہوں، باقی دو سے تم نمٹ لینا۔ (ابن کثیر)۔ اس کے جواب میں یہ آیت 31 نازل ہوئی کہ یہ انیس کارندے سب کے سب فرشتے ہیں، کوئی مذاق نہیں کہ تم ان کا مقابلہ کرسکو۔ 11: یعنی اللہ تعالیٰ کو دوزخ کی نگرانی اور حفاظت کے لیے کسی خاص تعداد کی ضرورت نہیں ہے، لیکن یہ تعداد اس لیے مقرر کی گئی ہے کہ کافروں کی آزمائش ہو کہ وہ اس کی تصدیق کرتے ہیں، یا مذاق اڑاتے ہیں۔ 12: بظاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ اس زمانے کے یہودیوں اور عیسائیوں کی کچھ کتابوں میں بھی دوزخ پر متعین فرشتوں کی تعداد انیس بیان کی گئی ہوگی، (چاہے وہ اس وقت ہمارے علم میں نہ ہوں) اس لیے فرمایا گیا ہے کہ وہ اس بات پر یقین کرلیں گے۔ 13: روگ سے یہاں مراد شک یا نفاق ہے۔ 14: اللہ تعالیٰ نے اس کائنات میں جو مخلوقات پیدا فرمائی ہیں، ان کی نہ صرف تعداد، بلکہ ان کو عطا فرمائی ہوئی قوتوں کا اللہ تعالیٰ کے سوا کسی کو ٹھیک ٹھیک علم نہیں ہے۔ لہذا اس کی کسی مخلوق کے بارے میں اپنے محدود علم کی بنیاد پر یہ قیاس کرلینا کہ وہ ہم جیسی ہی ہوگی، نری حماقت ہے۔
كَلَّا وَٱلۡقَمَرِ
آیت ۷۴:۳۲ کھولیںخبردار ! قسم ہے چاند۔
وَٱلَّيۡلِ إِذۡ أَدۡبَرَ
آیت ۷۴:۳۳ کھولیںاور رات کی جب وہ منہ پھیر کر جانے لگے۔
وَٱلصُّبۡحِ إِذَآ أَسۡفَرَ
آیت ۷۴:۳۴ کھولیںاور صبح کی جب اس کا اجالا پھیل جائے۔
إِنَّهَا لَإِحۡدَى ٱلۡكُبَرِ
آیت ۷۴:۳۵ کھولیںکہ یہ بڑی بڑی باتوں میں سے ایک ہے۔
نَذِيرٗا لِّلۡبَشَرِ
آیت ۷۴:۳۶ کھولیںجو تمام انسانوں کو خبردار کر رہی ہے۔ [1]
- : دوزخ جیسی بڑی مصیبت کا یہ تذکرہ ان مضامین میں سے ہے جو لوگوں کو غفلت سے ہوش میں آنے کی دعوت دیتے ہیں۔ یہ بات کہنے کے لیے اللہ تعالیٰ نے پہلے چاند کی قسم کھائی ہے کہ جس طرح چاند پہلے روز بروز بڑھتا اور پھر روز بروز گھٹتا ہے، یہاں تک کہ مہینے کے آخر میں بالکل غائب ہوجاتا ہے، اسی طرح انسان کی طاقت پہلے بڑھتی ہے، پھر بڑھاپے میں گھٹنی شروع ہوتی ہے، یہاں تک کہ ایک دن انسان مرجاتا ہے، اور دنیا کی ہر چیز کا یہی حال ہے۔ پھر اللہ تعالیٰ نے اس وقت کی قسم کھائی ہے جب رات ڈھلنے لگتی ہے، اور صبح کا اجالا نمودار ہو کر پورے ماحول کو روشن کردیتا ہے۔ یہ اس طرف اشارہ ہے کہ ابھی تو کافروں کے سامنے غفلت کا اندھیرا پھیلا ہوا ہے، پھر ایک وقت آئے گا جب یہ اندھیرا دور ہوگا، اور حق اپنی پوری تابانی کے ساتھ ظاہر ہو کر ماحول کو روشن کردے گا، یا اس طرف اشارہ ہے کہ دنیا میں رہتے ہوئے بہت سے حقائق انسان کی نگاہ سے پوشیدہ ہیں، جو قیامت میں پوری طرح روشن ہو کر سامنے آجائیں گے۔
لِمَن شَآءَ مِنكُمۡ أَن يَتَقَدَّمَ أَوۡ يَتَأَخَّرَ
آیت ۷۴:۳۷ کھولیںتم میں سے ہر اس شخص کو جو آگے بڑھنا یا پیچھے ہٹنا چاہے۔ [1]
- : یعنی یہ اس شخص کو بھی خبردار کرتا ہے جو بھلائی کی طرف آگے بڑھے، اور اس کو بھی جو بھلائی سے پیچھے ہٹے۔
كُلُّ نَفۡسِۭ بِمَا كَسَبَتۡ رَهِينَةٌ
آیت ۷۴:۳۸ کھولیںہر شخص اپنے کرتوت کی وجہ سے گروی رکھا ہوا ہے۔ [1]
- : یعنی جس طرح قرض کی توثیق کے لیے کوئی چیز گروی (رہن) رکھی جاتی ہے، کہ اگر قرض ادا نہ ہوا تو قرض خواہ اسے بیچ کر اپنا حق حاصل کرسکتا ہے، اسی طرح کافر اس طرح رہن رکھا ہوا ہے کہ یا تو ہدایت کا راستہ اختیار کرلے، ورنہ اس کا پورا وجود دوزخ کا ایندھن بنے گا۔
إِلَّآ أَصۡحَٰبَ ٱلۡيَمِينِ
آیت ۷۴:۳۹ کھولیںسوائے دائیں ہاتھ والوں کے [1]
- : اس سے مراد وہ نیک لوگ ہیں جن کا اعمال نامہ انہیں ان کے دائیں ہاتھ میں دیا جائے گا۔
فِي جَنَّٰتٖ يَتَسَآءَلُونَ
آیت ۷۴:۴۰ کھولیںکہ وہ جنتوں میں ہوں گے۔ وہ پوچھ رہے ہوں گے۔
عَنِ ٱلۡمُجۡرِمِينَ
آیت ۷۴:۴۱ کھولیںمجرموں کے بارے میں۔
مَا سَلَكَكُمۡ فِي سَقَرَ
آیت ۷۴:۴۲ کھولیںکہ : تمہیں کس چیز نے دوزخ میں داخل کردیا ؟
قَالُواْ لَمۡ نَكُ مِنَ ٱلۡمُصَلِّينَ
آیت ۷۴:۴۳ کھولیںوہ کہیں گے کہ : ہم نماز پڑھنے والوں میں سے نہیں تھے۔
وَلَمۡ نَكُ نُطۡعِمُ ٱلۡمِسۡكِينَ
آیت ۷۴:۴۴ کھولیںاور ہم مسکین کو کھانا نہیں کھلاتے تھے۔
وَكُنَّا نَخُوضُ مَعَ ٱلۡخَآئِضِينَ
آیت ۷۴:۴۵ کھولیںاور جو لوگ بےہودہ باتوں میں گھستے، ہم بھی ان کے ساتھ گھس جایا کرتے تھے۔ [1]
- : اس سے مراد کافروں کے وہ سردار ہیں جو اسلام اور قرآن کا مذاق اڑانے کے لیے محفلیں سجایا کرتے تھے، اور بےہودہ مذاق سے حق کی تردید کیا کرتے تھے۔ لیکن قرآن کریم کے الفاظ عام ہیں جو ہر قسم کی بےہودہ گفتگو اور بےہودہ مشغلوں کو شامل ہیں، جو آخرت میں انسان کے لیے مصیبت کا سبب بنیں گے۔
وَكُنَّا نُكَذِّبُ بِيَوۡمِ ٱلدِّينِ
آیت ۷۴:۴۶ کھولیںاور ہم روز جزاء کو جھوٹ قرار دیتے تھے۔
حَتَّىٰٓ أَتَىٰنَا ٱلۡيَقِينُ
آیت ۷۴:۴۷ کھولیںیہاں تک کہ وہ یقینی بات ہمارے پاس آہی گئی۔
فَمَا تَنفَعُهُمۡ شَفَٰعَةُ ٱلشَّٰفِعِينَ
آیت ۷۴:۴۸ کھولیںچنانچہ سفارش کرنے والوں کی سفارش ایسے لوگوں کے کام نہیں آئے گی۔
فَمَا لَهُمۡ عَنِ ٱلتَّذۡكِرَةِ مُعۡرِضِينَ
آیت ۷۴:۴۹ کھولیںاب ان لوگوں کو کیا ہوگیا ہے کہ یہ نصیحت کی بات سے منہ موڑے ہوئے ہیں ؟
كَأَنَّهُمۡ حُمُرٞ مُّسۡتَنفِرَةٞ
آیت ۷۴:۵۰ کھولیںاس طرح جیسے وہ جنگلی گدھے ہوں۔
فَرَّتۡ مِن قَسۡوَرَةِۭ
آیت ۷۴:۵۱ کھولیںجو کسی شیر سے (ڈر کر) بھاگ پڑے ہوں۔
بَلۡ يُرِيدُ كُلُّ ٱمۡرِيٕٖ مِّنۡهُمۡ أَن يُؤۡتَىٰ صُحُفٗا مُّنَشَّرَةٗ
آیت ۷۴:۵۲ کھولیںبلکہ ان میں سے ہر شخص یہ چاہتا ہے کہ اسے کھلے ہوئے صحیفے پکڑا دیئے جائیں۔ [1]
- : یہ ان کافروں کا ذکر ہے جو یہ کہا کرتے تھے کہ قرآن کریم حضرت محمد ﷺ پر ہی کیوں نازل ہوا ہے ؟ اگر اللہ تعالیٰ کو ہدایت کے لیے کوئی کتاب بھیجنی تھی تو ہم میں سے ہر شخص پر الگ کتاب آنی چاہیے تھی۔
كَلَّاۖ بَل لَّا يَخَافُونَ ٱلۡأٓخِرَةَ
آیت ۷۴:۵۳ کھولیںہرگز نہیں ! [1] بات اصل میں یہ ہے کہ ان کو آخرت کا خوف نہیں ہے۔ [2]
- : یعنی یہ ہرگز نہیں ہوسکتا کہ ہر شخص کو الگ کتاب دی جائے۔ اللہ تعالیٰ کی کتاب ہمیشہ کسی پیغمبر کے واسطے سے بھیجی جاتی ہے، کیونکہ اگر ہر شخص پر براہ راست کتاب بھیجی جائے تو اول تو ایمان بالغیب کا تصور ہی ختم ہوجائے تو سارے امتحان کی بنیاد ہے، دوسرے تنہا کتاب انسان کی ہدایت کے لیے کافی نہیں ہوسکتی، جب تک پیغمبر کی شکل میں کوئی معلم ساتھ نہ ہو۔ وہی انسانوں کو کتاب کا صحیح مطلب سمجھاتا ہے، اور وہی اس پر عمل کرنے کا طریقہ سکھاتا ہے، ورنہ ہر شخص کتاب کی من مانی تشریحات کر کے اس کا سارا مفہوم ہی خراب کرسکتا ہے۔ 22: یعنی یہ بےسرو پا اعتراضات کسی حق طلبی کی وجہ سے نہیں کیے جا رہے ہیں، بلکہ ان کی اصل وجہ یہ ہے کہ ان لوگوں کے دلوں پر غفلت کے پردے پڑے ہوئے ہیں، اور انہیں اللہ تعالیٰ کا اور آخرت کا کوئی خوف ہی نہیں ہے۔ اس لیے جو منہ میں آتا ہے کہہ گذرتے ہیں۔
كَلَّآ إِنَّهُۥ تَذۡكِرَةٞ
آیت ۷۴:۵۴ کھولیںہرگز نہیں ! یہ (قرآن ہی) ایک نصیحت ہے۔
فَمَن شَآءَ ذَكَرَهُۥ
آیت ۷۴:۵۵ کھولیںاب جو چاہے، اس سے نصیحت حاصل کرلے۔
وَمَا يَذۡكُرُونَ إِلَّآ أَن يَشَآءَ ٱللَّهُۚ هُوَ أَهۡلُ ٱلتَّقۡوَىٰ وَأَهۡلُ ٱلۡمَغۡفِرَةِ
آیت ۷۴:۵۶ کھولیںاور یہ لوگ نصیحت حاصل کریں گے نہیں، الا یہ کہ اللہ ہی ایسا چاہے۔ وہی اس بات کا اہل ہے کہ اس سے ڈرا جائے اور وہی اس کا اہل ہے کہ لوگوں کی مغفرت کرے۔