النجم

An-Najm

سورت ۵۳ · آیات: ۶۲ · مکی

ترجمہ: Mufti Taqi Usmani · سورت کھولیں

بِسۡمِ ٱللَّهِ ٱلرَّحۡمَٰنِ ٱلرَّحِيمِ

  1. وَٱلنَّجۡمِ إِذَا هَوَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۱⁩ کھولیں

    قسم ہے ستارے کی جب وہ گرے۔ [1]

    1. : ستارے کے گرنے سے مراد اس کا غائب ہونا ہے، جیسا کہ سورت کے تعارف میں عرض کیا گیا، اس سورت کا اصل موضوع حضور نبی کریم ﷺ کی رسالت کو ثابت کرنا ہے، اس لئے سورت کے شروع میں آپ پر نازل ہونے والی وحی کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ ایک قابل اعتماد فرشتہ آپ کے پاس لے کر آتا ہے، شروع میں ستارے کی قسم کھانے سے اس بات کی طرف توجہ دلائی گئی ہے کہ جس طرح ستارہ روشنی کی ایک علامت ہے اور عرب کے لوگ اس سے صحیح راستے کا پتہ لگاتے تھے، اسی طرح حضور اقدس ﷺ لوگوں کے لئے روشنی اور ہدایت کا پیکر ہیں، اس کے علاوہ ستارے کے سفر کے لئے اللہ تعالیٰ نے جو راستہ مقرر فرمایا ہے وہ اس سے بال برابر بھی ادھر ادھر نہیں ہوتا، اور نہ اس سے بھٹکتا ہے، اسی طرح آنحضرت ﷺ کے بارے میں اگلی آیت میں فرمایا گیا ہے کہ وہ نہ راستہ بھولے ہیں، نہ بھٹکے ہیں، پھر جب ستارہ غائب ہونے والا ہوتا ہے تو اس کے ذریعے راستہ زیادہ آسانی سے معلوم ہوجاتا ہے، اس کے علاوہ مسافروں کو اس کا زبان حال سے یہ پیغام ہوتا ہے کہ میں رخصت ہونے والا ہوں مجھ سے راستہ معلوم کرنے میں جلدی کرو، اسی طرح حضور نبی کریم ﷺ دنیا میں زیادہ عرصہ مقیم نہیں رہیں گے، اس لئے آپ سے ہدایت حاصل کرنے والوں کو جلدی کرنی چاہیے۔
  2. مَا ضَلَّ صَاحِبُكُمۡ وَمَا غَوَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۲⁩ کھولیں

    (اے مکہ کے باشندو) یہ تمہارے ساتھ رہنے والے صاحب نہ راستہ بھولے ہیں، نہ بھٹکے ہیں، [1]

    1. : تمہارے ساتھ رہنے والے صاحب سے مراد حضور نبی کریم ﷺ ہیں، اور آپ کے لئے یہ لفظ استعمال کرکے اللہ تعالیٰ نے اس حقیقت کی طرف متوجہ فرمایا ہے کہ آپ نے کہیں باہر سے آکر نبوت کا دعوی نہیں کردیا، بلکہ وہ شروع سے تمہارے ساتھ رہتے ہیں، اور ان کی پوری زندگی کھلی ہوئی کتاب کی طرح تمہارے سامنے ہے کہ انہوں نے زندگی بھر کبھی جھوٹ نہیں بولا، اور نہ کبھی کسی کو دھوکہ دیا ہے، اس کے برعکس آپ صادق اور امین کے لقب سے مشہور ہیں، اس لئے یہ کیسے ممکن ہے کہ وہ عام زندگی میں تو جھوٹ سے اتنا پرہیزکریں اور اللہ تعالیٰ پر اتنا بڑا بہتان لگادیں۔
  3. وَمَا يَنطِقُ عَنِ ٱلۡهَوَىٰٓ

    آیت ⁦۵۳:۳⁩ کھولیں

    اور یہ اپنی خواہش سے کچھ نہیں بولتے۔

  4. إِنۡ هُوَ إِلَّا وَحۡيٞ يُوحَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۴⁩ کھولیں

    یہ تو خالص وحی ہے جو ان کے پاس بھیجی جاتی ہے۔

  5. عَلَّمَهُۥ شَدِيدُ ٱلۡقُوَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۵⁩ کھولیں

    انہیں ایک ایسے مضبوط طاقت والے (فرشتے) نے تعلیم دی ہے۔

  6. ذُو مِرَّةٖ فَٱسۡتَوَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۶⁩ کھولیں

    جو قوت کا حامل ہے، [1] چنانچہ وہ سامنے آگیا۔

    1. : اس سے مراد حضرت جبرئیل ؑ ہیں جو آنحضرت ﷺ کے پاس وحی لے کر تشریف لاتے تھے، ان کی اطاعت کا خاص طور سے ذکر فرما کر اس بات کی تردید کی گئی ہے جو کافروں کے دل میں آسکتی تھی کہ اگر کوئی فرشتہ ہی وحی لاتا ہے تو اس بات کی کیا ضمانت ہے کہ درمیان میں کوئی شیطانی تصرف نہیں ہوا ؟ آیت نے بتادیا کہ وحی لانے والا فرشتہ اتنا طاقتور ہے کہ کوئی دوسرا اسے اپنے مشن سے نہیں ہٹاسکتا۔
  7. وَهُوَ بِٱلۡأُفُقِ ٱلۡأَعۡلَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۷⁩ کھولیں

    جبکہ وہ بلند افق پر تھا۔ [1]

    1. : کافروں کا ایک اعتراض یہ بھی تھا کہ آنحضرت ﷺ کے پاس جو فرشتہ وحی لاتا ہے وہ انسان ہی کی شکل میں آتا ہے، اس لئے آپ کو یہ کیسے پتہ چلا کہ وہ فرشتہ ہی ہے، ان آیتوں میں اس کا جواب یہ دیا گیا ہے کہ آنحضرت ﷺ نے اس فرشتے کو کم از کم دو مرتبہ اپنی اصل صورت میں بھی دیکھا ہے، ان میں سے ایک واقعے کا اس آیت میں تذکرہ فرمایا گیا ہے، اور وہ واقعہ یہ ہے کہ ایک مرتبہ آنحضرت ﷺ نے حضرت جبرئیل ؑ سے یہ فرمائش کی تھی کہ وہ اپنی اصلی صورت میں آپ کے سامنے آئیں، چنانچہ وہ اپنی اصلی صورت میں افق پر ظاہر ہوئے، اور آپ نے انہیں دیکھا۔
  8. ثُمَّ دَنَا فَتَدَلَّىٰ

    آیت ⁦۵۳:۸⁩ کھولیں

    پھر وہ قریب آیا، اور جھک پڑا۔

  9. فَكَانَ قَابَ قَوۡسَيۡنِ أَوۡ أَدۡنَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۹⁩ کھولیں

    یہاں تک کہ وہ دو کمانوں کے فاصلے کے برابر آگیا، [1] بلکہ اس سے بھی زیادہ نزدیک

    1. : یہ عربی زبان کا ایک محاورہ ہے۔ جب دو آدمی آپس میں دوستی کا عہد کرتے تھے تو اپنی کمانیں ایک دوسرے سے ملا لیتے تھے۔ اس وجہ سے جب زیادہ قرب بیان کرنا ہوتا ہے تو کہا جاتا ہے کہ وہ دو کمانوں کے فاصلے کے برابر قریب آگئے۔
  10. فَأَوۡحَىٰٓ إِلَىٰ عَبۡدِهِۦ مَآ أَوۡحَىٰ 

    آیت ⁦۵۳:۱۰⁩ کھولیں

    اس طرح اللہ کو اپنے بندے پر جو وحی نازل فرمانی تھی، وہ نازل فرمائی۔

  11. مَا كَذَبَ ٱلۡفُؤَادُ مَا رَأَىٰٓ

    آیت ⁦۵۳:۱۱⁩ کھولیں

    جو کچھ انہوں نے دیکھا، دل نے اس میں کوئی غلطی نہیں کی۔ [1]

    1. : یعنی ایسا نہیں ہوا کہ آنکھ نے جو کچھ دیکھا ہو، دل نے اس کے سمجھنے میں غلطی کردی ہو۔
  12. أَفَتُمَٰرُونَهُۥ عَلَىٰ مَا يَرَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۱۲⁩ کھولیں

    کیا پھر بھی تم ان سے اس چیز کے بارے میں جھگڑتے ہو جسے وہ دیکھتے ہیں ؟

  13. وَلَقَدۡ رَءَاهُ نَزۡلَةً أُخۡرَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۱۳⁩ کھولیں

    اور حقیقت یہ ہے کہ انہوں نے اس (فرشتے) کو ایک اور مرتبہ دیکھا ہے۔

  14. عِندَ سِدۡرَةِ ٱلۡمُنتَهَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۱۴⁩ کھولیں

    اس بیر کے درخت کے پاس جس کا نام سدرۃ المنتہی ہے۔

  15. عِندَهَا جَنَّةُ ٱلۡمَأۡوَىٰٓ

    آیت ⁦۵۳:۱۵⁩ کھولیں

    اسی کے پاس جنت الماوی ہے۔ [1]

    1. : یہ حضرت جبرئیل ؑ کو ان کی اصلی صورت میں دیکھنے کا دوسرا واقعہ ہے جو معراج کے سفر میں پیش آیا، اس موقع پر بھی آنحضرت ﷺ نے انہیں ان کی اصلی صورت میں دیکھا، سدرۃ المنتہی عالم بالا میں ایک بیر کا بہت بڑا درخت ہے اور اسی کے پاس جنت واقع ہے جسے جنت المأوی اس لئے کہا گیا ہے کہ مأوی کے معنی ہیں ٹھکانا اور وہ مومنوں کا ٹھکانا ہے۔
  16. إِذۡ يَغۡشَى ٱلسِّدۡرَةَ مَا يَغۡشَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۱۶⁩ کھولیں

    اس وقت اس بیر کے درخت پر وہ چیزیں چھائی ہوئی تھیں جو بھی اس پر چھائی ہوئی تھیں۔ [1]

    1. : یہ آیت بھی ایک عربی محاورے کے مطابق ہے جس کا ٹھیک ٹھیک ترجمہ اس کے صحیح تأ ثر کے ساتھ بہت مشکل ہے، مطلب یہ ہے کہ جو چیزیں اس بیر کے درخت پر چھائی ہوئی تھیں وہ بیان سے باہر ہیں، احادیث میں حضور نبی کریم ﷺ نے اس واقعہ کی جو تشریح فرمائی ہے اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اس وقت لاتعداد فرشتے سونے کے پروانے کی شکل میں اس درخت پر آنحضرت ﷺ کی زیارت کے لئے جمع ہوگئے تھے۔
  17. مَا زَاغَ ٱلۡبَصَرُ وَمَا طَغَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۱۷⁩ کھولیں

    (پیغمبر کی) آنکھ نہ تو چکرائی اور نہ حد سے آگے بڑھی۔ [1]

    1. : یعنی نہ تو نگاہ نے دیکھنے میں کوئی دھوکا کھایا، اور نہ وہ اس حد سے آگے بڑھی جو اللہ تعالیٰ نے اس کے لئے مقرر فرمادی تھی کہ اس سے آگے نہ دیکھے۔
  18. لَقَدۡ رَأَىٰ مِنۡ ءَايَٰتِ رَبِّهِ ٱلۡكُبۡرَىٰٓ

    آیت ⁦۵۳:۱۸⁩ کھولیں

    سچ تو یہ ہے کہ انہوں نے اپنے پروردگار کی بڑی بڑی نشانیوں میں سے بہت کچھ دیکھا۔

  19. أَفَرَءَيۡتُمُ ٱللَّٰتَ وَٱلۡعُزَّىٰ

    آیت ⁦۵۳:۱۹⁩ کھولیں

    بھلا کیا تم نے لات اور عزی (کی حقیقت) پر بھی غور کیا ہے ؟

  20. وَمَنَوٰةَ ٱلثَّالِثَةَ ٱلۡأُخۡرَىٰٓ 

    آیت ⁦۵۳:۲۰⁩ کھولیں

    اور اس ایک اور تیسرے پر جس کا نام منات ہے ؟ [1]

    1. : لات، عزی اور منات تینوں بتوں کے نام جو عرب کے مختلف قبائل نے مختلف جگہوں پر بنا رکھے تھے، اور ان کو خدا مان کر ان کی عبادت کی جاتی تھی، قرآن کریم فرماتا ہے کہ ان کی حقیقت بےجان پتھروں کے سوا کیا ہے، پھر ان کو خدا ماننا کتنی بڑی جہالت کی بات ہے۔
  21. أَلَكُمُ ٱلذَّكَرُ وَلَهُ ٱلۡأُنثَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۲۱⁩ کھولیں

    کیا تمہارے لیے تو بیٹے ہوں، اور اللہ کے لیے بیٹیاں ؟ [1]

    1. : مشرکین مکہ فرشتوں کو خدا کی بیٹیاں کہا کرتے تھے، یہ ان کے اس عقیدے کی طرف اشارہ ہے کہ تم خود تو بیٹیوں کو ناپسند کرتے ہو اور اللہ تعالیٰ کی طرف بیٹیاں منسوب کر رکھی ہیں۔
  22. تِلۡكَ إِذٗا قِسۡمَةٞ ضِيزَىٰٓ

    آیت ⁦۵۳:۲۲⁩ کھولیں

    پھر تو یہ بڑی بھونڈی تقسیم ہوئی۔

  23. إِنۡ هِيَ إِلَّآ أَسۡمَآءٞ سَمَّيۡتُمُوهَآ أَنتُمۡ وَءَابَآؤُكُم مَّآ أَنزَلَ ٱللَّهُ بِهَا مِن سُلۡطَٰنٍۚ إِن يَتَّبِعُونَ إِلَّا ٱلظَّنَّ وَمَا تَهۡوَى ٱلۡأَنفُسُۖ وَلَقَدۡ جَآءَهُم مِّن رَّبِّهِمُ ٱلۡهُدَىٰٓ

    آیت ⁦۵۳:۲۳⁩ کھولیں

    ان کی حقیقت اس کے سوا کچھ نہیں ہے کہ یہ کچھ نام ہیں جو تم نے اور تمہارے باپ دادوں نے رکھ لیے ہیں، اللہ نے ان کے حق میں کوئی ثبوت نازل نہیں کیا، درحقیقت یہ (کافر) لوگ محض وہم و گمان اور نفسانی خواہشات کے پیچھے چل رہے ہیں، حالانکہ ان کے پروردگار کی طرف سے ان کے پاس ہدایت آچکی ہے۔

  24. أَمۡ لِلۡإِنسَٰنِ مَا تَمَنَّىٰ

    آیت ⁦۵۳:۲۴⁩ کھولیں

    کیا انسان کو ہر اس چیز کا حق پہنچتا ہے جس کی وہ تمنا کرے ؟ [1]

    1. : یہ مشرک لوگ اپنے من گھڑت خداؤں کے بارے میں یہ کہا کرتے تھے کہ یہ اللہ تعالیٰ سے ہماری سفارش کریں گے۔ (دیکھئے سورة یونس : 18) یہاں اللہ تعالیٰ فرما رہے ہیں کہ یہ تمہاری تمنا ضرور ہوگی لیکن انسان کو ہر وہ چیز نہیں ملا کرتی جس کی وہ تمنا کرے۔
  25. فَلِلَّهِ ٱلۡأٓخِرَةُ وَٱلۡأُولَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۲۵⁩ کھولیں

    (نہیں) کیونکہ آخرت اور دنیا تو تمام تر اللہ ہی کے اختیار میں ہیں۔

  26. ۞وَكَم مِّن مَّلَكٖ فِي ٱلسَّمَٰوَٰتِ لَا تُغۡنِي شَفَٰعَتُهُمۡ شَيۡـًٔا إِلَّا مِنۢ بَعۡدِ أَن يَأۡذَنَ ٱللَّهُ لِمَن يَشَآءُ وَيَرۡضَىٰٓ

    آیت ⁦۵۳:۲۶⁩ کھولیں

    اور آسمانوں میں کتنے ہی فرشتے ہیں جن کی سفارش کسی کے کچھ بھی کام نہیں آسکتی، البتہ اس کے بعد ہی کام آسکتی ہے کہ اللہ جس کے لیے چاہے اجازت دیدے، اور اس پر راضی ہوجائے۔ [1]

    1. : یعنی جب فرشتے بھی اللہ تعالیٰ کی اجازت اور مرضی کے بغیر کسی کی سفارش نہیں کرسکتے تو یہ من گھڑت خدا کیسے کسی کی سفارش کرسکتے ہیں۔
  27. إِنَّ ٱلَّذِينَ لَا يُؤۡمِنُونَ بِٱلۡأٓخِرَةِ لَيُسَمُّونَ ٱلۡمَلَٰٓئِكَةَ تَسۡمِيَةَ ٱلۡأُنثَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۲۷⁩ کھولیں

    جو لوگ آخرت پر ایمان نہیں رکھتے، وہ فرشتوں کو زنانے ناموں سے یاد کرتے ہیں۔ [1]

    1. : یعنی انہیں خدا کی بیٹیاں قرار دیتے ہیں۔
  28. وَمَا لَهُم بِهِۦ مِنۡ عِلۡمٍۖ إِن يَتَّبِعُونَ إِلَّا ٱلظَّنَّۖ وَإِنَّ ٱلظَّنَّ لَا يُغۡنِي مِنَ ٱلۡحَقِّ شَيۡـٔٗا

    آیت ⁦۵۳:۲۸⁩ کھولیں

    حالانکہ انہیں اس بات کا ذرا بھی علم نہیں ہے، وہ محض وہم و گمان کے پیچھے چل رہے ہیں، اور حقیقت یہ ہے کہ وہم و گمان حق کے معاملے میں بالکل کار آمد نہیں۔

  29. فَأَعۡرِضۡ عَن مَّن تَوَلَّىٰ عَن ذِكۡرِنَا وَلَمۡ يُرِدۡ إِلَّا ٱلۡحَيَوٰةَ ٱلدُّنۡيَا

    آیت ⁦۵۳:۲۹⁩ کھولیں

    لہذا (اے پیغمبر) تم ایسے آدمی کی فکر نہ کرو جس نے ہماری نصیحت سے منہ موڑ لیا ہے، اور دنیوی زندگی کے سوا وہ کچھ اور چاہتا ہی نہیں۔

  30. ذَٰلِكَ مَبۡلَغُهُم مِّنَ ٱلۡعِلۡمِۚ إِنَّ رَبَّكَ هُوَ أَعۡلَمُ بِمَن ضَلَّ عَن سَبِيلِهِۦ وَهُوَ أَعۡلَمُ بِمَنِ ٱهۡتَدَىٰ 

    آیت ⁦۵۳:۳۰⁩ کھولیں

    ایسے لوگوں کے علم کی پہنچ بس یہیں تک ہے۔ [1] تمہارا پروردگار ہی خوب جانتا ہے کہ کون اس کے راستے سے بھٹک چکا ہے، اور وہی خوب جانتا ہے کون راہ پا گیا ہے۔

    1. : یہ ان لوگوں پر تبصرہ ہے جو بس اسی دنیا کی زندگی کو سب کچھ سمجھتے ہیں، اور آخرت کا انہیں کوئی خیال ہی نہیں ہے کہ ان بیچاروں کی رسائی بس یہیں تک ہے، اس سے زیادہ نہیں۔
  31. وَلِلَّهِ مَا فِي ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَمَا فِي ٱلۡأَرۡضِ لِيَجۡزِيَ ٱلَّذِينَ أَسَٰٓـُٔواْ بِمَا عَمِلُواْ وَيَجۡزِيَ ٱلَّذِينَ أَحۡسَنُواْ بِٱلۡحُسۡنَى

    آیت ⁦۵۳:۳۱⁩ کھولیں

    اور آسمانوں میں جو کچھ ہے وہ بھی اور زمین میں جو کچھ ہے وہ بھی اللہ ہی کا ہے۔ نتیجہ یہ ہے کہ جنہوں نے برے کام کیے ہیں، وہ ان کو ان کے عمل کا بھی بدلہ دے گا، اور جنہوں نے نیک کام کیے ہیں، ان کو بہترین بدلہ عطا کرے گا۔

  32. ٱلَّذِينَ يَجۡتَنِبُونَ كَبَٰٓئِرَ ٱلۡإِثۡمِ وَٱلۡفَوَٰحِشَ إِلَّا ٱللَّمَمَۚ إِنَّ رَبَّكَ وَٰسِعُ ٱلۡمَغۡفِرَةِۚ هُوَ أَعۡلَمُ بِكُمۡ إِذۡ أَنشَأَكُم مِّنَ ٱلۡأَرۡضِ وَإِذۡ أَنتُمۡ أَجِنَّةٞ فِي بُطُونِ أُمَّهَٰتِكُمۡۖ فَلَا تُزَكُّوٓاْ أَنفُسَكُمۡۖ هُوَ أَعۡلَمُ بِمَنِ ٱتَّقَىٰٓ

    آیت ⁦۵۳:۳۲⁩ کھولیں

    ان لوگوں کو جو بڑے بڑے گناہوں اور بےحیائی کے کاموں سے بچتے ہیں، البتہ کبھی کبھار پھسل جانے کی بات اور ہے۔ [1] یقین رکھو تمہارا پروردگار بہت وسیع مغفرت والا ہے، وہ تمہیں خوب جانتا ہے جب اس نے تمہیں زمین سے پیدا کیا، اور جب تم اپنی ماؤں کے پیٹ میں بچے تھے، لہذا تم اپنے آپ کو پاکیزہ نہ ٹھہراؤ، وہ خوب جانتا ہے کہ کون متقی ہے۔ [2]

    1. : قرآن کریم میں اصل لفظ لمم استعمال ہوا ہے، اس کے لفظی معنی ہیں تھوڑاسا، چنانچہ عام طور سے مفسرین نے اس کا یہ مطلب لیا ہے کہ وہ چھوٹے چھوٹے گناہ جو کبھی سرزد ہوجائیں، اور لمم کے معنی قریب ہونے کے بھی ہوتے ہیں، اس لحاظ سے بعض مفسرین نے اس لفظ کی تشریح یہ کی ہے کہ اس سے مراد یہ ہے کہ انسان کسی گناہ کے قریب چلا جائے مگر اس کا ارتکاب نہ کرے۔ 17: اس آیت میں اپنے آپ کو مقدس اور متقی سمجھنے اور اپنی تعریفیں کرتے رہنے سے منع کیا گیا ہے۔
  33. أَفَرَءَيۡتَ ٱلَّذِي تَوَلَّىٰ

    آیت ⁦۵۳:۳۳⁩ کھولیں

    (اے پیغمبر) بھلا تم نے اس شخص کو بھی دیکھا جو (حق سے) منہ موڑ گیا۔

  34. وَأَعۡطَىٰ قَلِيلٗا وَأَكۡدَىٰٓ

    آیت ⁦۵۳:۳۴⁩ کھولیں

    اور جس نے تھوڑا سا دیا، پھر رک گیا ؟ [1]

    1. : ان آیتوں کا پس منظر حافظ ابن جریر وغیرہ نے یہ بیان کیا ہے کہ ایک کافر شخص قرآن کریم کی کچھ آیتیں سن کر اسلام لانے کی طرف مائل ہوگیا تھا۔ اس کے ایک دوست نے کہا کہ تم اپنے باپ دادا کے دین کو کیوں چھوڑ رہے ہو ؟ اس نے جواب دیا میں آخرت کے عذاب سے ڈرتا ہوں۔ دوست نے کہا کہ اگر تم مجھے کچھ پیسے دو تو میں یہ ذمہ داری لیتا ہوں کہ اگر آخرت میں تمہیں عذاب ہونے لگا تو وہ میں اپنے سر لے کر تمہیں بچا لوں گا۔ چنانچہ اس شخص نے کچھ پیسے دے دئیے۔ کچھ عرصے کے بعد اس نے مزید پیسے مانگے تو اور دے دئیے، لیکن پھر دینا بند کردیا۔ اور بعض روایتوں میں ہے کہ ایک دستاویز لکھ کر دے دی۔ یہ آیات ان دونوں کی حماقت بتارہی ہیں کہ اول تو جو شخص یہ کہہ رہا تھا کہ میں تمہیں آخرت کے عذاب سے بچا لوں گا، کیا اس کے پاس غیب کا علم ہے کہ وہ اس پر قادر ہوگا ؟ دوسرے اللہ تعالیٰ یہ عام قاعدہ بیان فرما رہے ہیں کہ کوئی شخص کسی دوسرے کے گناہ کا بوجھ نہیں اٹھاسکتا۔ یہ بات آج پہلی بار نہیں کہی جا رہی، بلکہ حضرت ابراہیم اور حضرت موسیٰ (علیہما السلام) پر جو صحیفے نازل ہوئے تھے، ان میں بھی لکھ دی گئی تھی۔
  35. أَعِندَهُۥ عِلۡمُ ٱلۡغَيۡبِ فَهُوَ يَرَىٰٓ

    آیت ⁦۵۳:۳۵⁩ کھولیں

    کیا اس کے پاس غیب کا علم ہے جو وہ دیکھ رہا ہو ؟

  36. أَمۡ لَمۡ يُنَبَّأۡ بِمَا فِي صُحُفِ مُوسَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۳۶⁩ کھولیں

    کیا اسے ان باتوں کی خبر نہیں ملی جو موسیٰ کے صحیفوں میں درج ہے۔

  37. وَإِبۡرَٰهِيمَ ٱلَّذِي وَفَّىٰٓ

    آیت ⁦۵۳:۳۷⁩ کھولیں

    اور ابراہیم کے صحیفوں میں بھی، جو مکمل وفادار رہے ؟ [1]

    1. : حضرت ابراہیم ؑ کی مکمل وفا داری کے تذکرے کے لیے دیکھئے سورة بقرہ : 123
  38. أَلَّا تَزِرُ وَازِرَةٞ وِزۡرَ أُخۡرَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۳۸⁩ کھولیں

    یعنی یہ کہ کوئی بوجھ اٹھانے والا کسی دوسرے (کے گناہ) کا بوجھ نہیں اٹھاسکتا، [1]

    1. : چنانچہ آج بھی بائبل کی کتاب حزقیل میں یہ اصول وضاحت کے ساتھ موجود ہے۔ (دیکھئے حزقی ایل :20)۔
  39. وَأَن لَّيۡسَ لِلۡإِنسَٰنِ إِلَّا مَا سَعَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۳۹⁩ کھولیں

    اور یہ کہ انسان کو خود اپنی کوشش کے سوا کسی اور چیز کا (بدلہ لینے کا) حق نہیں پہنچتا۔ [1]

    1. : یعنی انسان کو صرف اپنے عمل کے ثواب کا حق پہنچتا ہے، کسی اور کے عمل کا ثواب لینے کا حق نہیں ہے، لیکن اللہ تعالیٰ اپنے کرم سے اس کو اس کے استحقاق کے بغیر کسی اور عمل کا ثواب عطا فرمادیں تو یہ ان کی رحمت ہے جس پر کوئی پابندی عائد نہیں کی جاسکتی، چنانچہ علامہ ابن تیمیہ فرماتے ہیں کہ کسی دوسرے شخص کو ایصال ثواب کیا جاسکتا ہے، اور متعدد احادیث سے ثابت ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے وہ ثواب مردے کو پہنچاتے ہیں، کیونکہ عام طور سے کوئی شخص دوسرے کو اسی وقت ایصال ثواب کرتا ہے جب اس نے اس کے ساتھ کوئی نیکی کی ہو یا اور نیک اعمال کئے ہوں۔
  40. وَأَنَّ سَعۡيَهُۥ سَوۡفَ يُرَىٰ 

    آیت ⁦۵۳:۴۰⁩ کھولیں

    اور یہ کہ اس کی کوشش عنقریب دیکھی جائے گی۔

  41. ثُمَّ يُجۡزَىٰهُ ٱلۡجَزَآءَ ٱلۡأَوۡفَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۴۱⁩ کھولیں

    پھر اس کا بدلہ اسے پورا پورا دیا جائے گا۔

  42. وَأَنَّ إِلَىٰ رَبِّكَ ٱلۡمُنتَهَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۴۲⁩ کھولیں

    اور یہ کہ آخر کار (سب کو) تمہارے پروردگار ہی کے پاس پہنچنا ہے۔

  43. وَأَنَّهُۥ هُوَ أَضۡحَكَ وَأَبۡكَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۴۳⁩ کھولیں

    اور یہ کہ وہی ہے جو ہنساتا اور رلاتا ہے۔

  44. وَأَنَّهُۥ هُوَ أَمَاتَ وَأَحۡيَا

    آیت ⁦۵۳:۴۴⁩ کھولیں

    اور یہ کہ وہی ہے جو موت بھی دیتا ہے اور زندگی بھی۔

  45. وَأَنَّهُۥ خَلَقَ ٱلزَّوۡجَيۡنِ ٱلذَّكَرَ وَٱلۡأُنثَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۴۵⁩ کھولیں

    اور یہ کہ اسی نے نر اور مادہ کے دو جوڑے پیدا کیے ہیں۔

  46. مِن نُّطۡفَةٍ إِذَا تُمۡنَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۴۶⁩ کھولیں

    (وہ بھی صرف) ایک بوند سے جب وہ ٹپکائی جاتی ہے۔ [1]

    1. : نطفہ تو ایک ہی ہوتا ہے لیکن اسی سے کبھی نر پیدا ہوتا ہے اور کبھی مادہ، جو اللہ تعالیٰ نطفے کی چھوٹی سی بوند میں نر اور مادہ پیدا کرنے کے لئے الگ الگ خصوصیات پیدا فرماتا ہے کیا وہ اسی نر اور مادہ کے بعد دوبارہ زندگی دینے پر قادر نہیں ہے ؟
  47. وَأَنَّ عَلَيۡهِ ٱلنَّشۡأَةَ ٱلۡأُخۡرَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۴۷⁩ کھولیں

    اور یہ کہ دوسری زندگی دینے کا بھی اسی نے ذمہ لیا ہے۔

  48. وَأَنَّهُۥ هُوَ أَغۡنَىٰ وَأَقۡنَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۴۸⁩ کھولیں

    اور یہ کہ وہی ہے جو مال دار بناتا اور دولت کو محفوظ کراتا ہے۔

  49. وَأَنَّهُۥ هُوَ رَبُّ ٱلشِّعۡرَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۴۹⁩ کھولیں

    اور یہ کہ وہی ہے جو شعری ستارے کا پروردگار ہے۔ [1]

    1. : شعریٰ ایک ستارے کا نام ہے، جاہلیت میں عرب لوگ اس کی عبادت کرتے تھے، کیونکہ سمجھتے تھے کہ وہ ہمیں کچھ دیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرما رہے ہیں کہ وہ ستارہ تو ایک مخلوق ہے، اور اللہ تعالیٰ ہی اس کے پروردگار ہیں۔
  50. وَأَنَّهُۥٓ أَهۡلَكَ عَادًا ٱلۡأُولَىٰ 

    آیت ⁦۵۳:۵۰⁩ کھولیں

    اور یہ کہ وہی ہے جس نے پچھلے زمانے کی قوم عاد کو ہلاک کیا۔

  51. وَثَمُودَاْ فَمَآ أَبۡقَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۵۱⁩ کھولیں

    اور ثمود کو بھی، اور کسی کو باقی نہ چھوڑا۔

  52. وَقَوۡمَ نُوحٖ مِّن قَبۡلُۖ إِنَّهُمۡ كَانُواْ هُمۡ أَظۡلَمَ وَأَطۡغَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۵۲⁩ کھولیں

    اور اس سے پہلے نوح کی قوم کو بھی (ہلاک کیا)۔ بیشک وہ سب سے زیادہ ظالم اور سرکش تھے۔

  53. وَٱلۡمُؤۡتَفِكَةَ أَهۡوَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۵۳⁩ کھولیں

    اور جو بستیاں اوندھی گری تھیں۔ [1] ان کو بھی اسی نے اٹھا پھینکا تھا۔

    1. : اس سے مراد اس قوم کی بستیاں ہیں جن کی طرف حضرت لوط ؑ کو بھیجا گیا تھا، اور ان کی بداعمالیوں کی وجہ سے ان بستیوں کو الٹ دیا گیا تھا، تفصیل کے لئے دیکھیے سورة ٔہود (77 تا 82)۔
  54. فَغَشَّىٰهَا مَا غَشَّىٰ

    آیت ⁦۵۳:۵۴⁩ کھولیں

    پھر جس (خوفناک) چیز نے انہیں ڈھانپا، وہ انہیں ڈھانپ کر ہی رہی۔

  55. فَبِأَيِّ ءَالَآءِ رَبِّكَ تَتَمَارَىٰ

    آیت ⁦۵۳:۵۵⁩ کھولیں

    لہذا (اے انسان) تو اپنے پروردگار کی کون کونسی نعمتوں میں شک کرے گا ؟ [1]

    1. : یعنی اے انسان ! اللہ تعالیٰ نے تجھے ان عذابوں سے بچا کر جن نعمتوں میں رکھا ہوا ہے، پھر تیری ہدایت کے لئے یہ قرآن کریم جن مختلف طریقوں سے تجھے متنبہ کررہا ہے اور حضور نبی کریم ﷺ جس محبت سے تجھے سمجھاکر تجھے عذاب سے بچانے کی کوشش کررہے ہیں، ان عظیم نعمتوں میں سے کس کس نعمت میں شک کرے گا۔
  56. هَٰذَا نَذِيرٞ مِّنَ ٱلنُّذُرِ ٱلۡأُولَىٰٓ

    آیت ⁦۵۳:۵۶⁩ کھولیں

    یہ (پیغمبر) بھی پہلے خبردار کرنے والے پیغمبروں کی طرح ایک خبردار کرنے والے ہیں۔

  57. أَزِفَتِ ٱلۡأٓزِفَةُ

    آیت ⁦۵۳:۵۷⁩ کھولیں

    جو گھڑی جلد آنے والی ہے، وہ قریب آپہنچی ہے۔

  58. لَيۡسَ لَهَا مِن دُونِ ٱللَّهِ كَاشِفَةٌ

    آیت ⁦۵۳:۵۸⁩ کھولیں

    اللہ کے سوا کوئی نہیں ہے جو اسے ہٹا سکے۔

  59. أَفَمِنۡ هَٰذَا ٱلۡحَدِيثِ تَعۡجَبُونَ

    آیت ⁦۵۳:۵۹⁩ کھولیں

    تو کیا تم اسی بات پر حیرت کرتے ہو ؟

  60. وَتَضۡحَكُونَ وَلَا تَبۡكُونَ 

    آیت ⁦۵۳:۶۰⁩ کھولیں

    اور (اس کا مذاق بنا کر) ہنستے ہو، اور روتے نہیں ہو۔

  61. وَأَنتُمۡ سَٰمِدُونَ

    آیت ⁦۵۳:۶۱⁩ کھولیں

    جبکہ تم تکبر کے ساتھ کھیل کود میں پڑے ہوئے ہو ؟

  62. فَٱسۡجُدُواْۤ لِلَّهِۤ وَٱعۡبُدُواْ۩

    آیت ⁦۵۳:۶۲⁩ کھولیں

    اب (بھی) جھک جاؤ اللہ کے سامنے اور اس کی بندگی کرلو۔ [1]

    1. : یہ سجدے کی آیت ہے، جو کوئی شخص عربی میں یہ آیت پڑھے یا سنے اس پر سجدہ تلاوت واجب ہے۔