القمر

Al-Qamar

سورت ۵۴ · آیات: ۵۵ · مکی

ترجمہ: Mufti Taqi Usmani · سورت کھولیں

بِسۡمِ ٱللَّهِ ٱلرَّحۡمَٰنِ ٱلرَّحِيمِ

  1. ٱقۡتَرَبَتِ ٱلسَّاعَةُ وَٱنشَقَّ ٱلۡقَمَرُ

    آیت ⁦۵۴:۱⁩ کھولیں

    قیامت قریب آلگی ہے اور چاند پھٹ گیا ہے۔ [1]

    1. : قیامت کی علامتوں میں سے ایک علامت چاند کے دوٹکڑے ہونے کا معجزہ بھی ہے جو آنحضرت ﷺ کے ہاتھوں ظاہر ہوا، اس کی تفصیل یہ ہے کہ ایک چاندنی رات میں مکہ مکرمہ کے کافروں نے حضور اقدس ﷺ سے کوئی معجزہ دکھانے کا مطالبہ کیا، اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ کھلا معجزہ دکھایا کہ چاند کے دو ٹکڑے ہوئے، جن میں سے ایک ٹکڑا پہاڑ کی مشرقی جانب چلا گیا اور دوسرا مغربی جانب، اور پہاڑ ان کے درمیان آگیا، آنحضرت ﷺ نے لوگوں سے فرمایا کہ لو دیکھ لو ! جب سارے لوگوں نے جو وہاں موجود تھے یہ حیرت انگیز نظارہ کرلیا تو یہ دونوں ٹکڑے دوبارہ آپس میں مل گئے، جو کافر لوگ اس وقت موجود تھے وہ اس مشاہدے کا تو انکار نہیں کرسکتے تھے، لیکن انہوں نے یہ کہا کہ یہ کوئی جادو ہے، بعد میں مکہ مکرمہ کے باہر سے آنے والے قافلوں نے بھی اس کی تصدیق کی کہ انہوں نے چاند کو دو ٹکڑے ہوتے ہوئے دیکھا تھا، ہندوستان کی تاریخ فرشتہ میں بھی مذکور ہے کہ گوالیار کے راجہ نے یہ واقعہ دیکھا تھا۔
  2. وَإِن يَرَوۡاْ ءَايَةٗ يُعۡرِضُواْ وَيَقُولُواْ سِحۡرٞ مُّسۡتَمِرّٞ

    آیت ⁦۵۴:۲⁩ کھولیں

    اور ان لوگوں کا حال یہ ہے کہ اگر وہ کوئی نشانی دیکھتے ہیں تو منہ موڑ لیتے ہیں، اور کہتے ہیں کہ یہ تو ایک چلتا ہوا جادو ہے۔ [1]

    1. : اس کا یہ مطلب بھی ہوسکتا ہے کہ اسی قسم کے جادو مدت سے چلے آ رہے ہیں، اور یہ بھی کہ یہ ایسا جادو ہے جس کا اثر جلدی ہی ختم ہوجائے گا۔
  3. وَكَذَّبُواْ وَٱتَّبَعُوٓاْ أَهۡوَآءَهُمۡۚ وَكُلُّ أَمۡرٖ مُّسۡتَقِرّٞ

    آیت ⁦۵۴:۳⁩ کھولیں

    انہوں نے حق کو جھٹلایا، اور اپنی خواہشات کے پیچھے چل نکلے۔ اور ہر کام کو آخر کسی ٹھکانے پر ٹک کر رہنا ہے۔ [1]

    1. : اس کا مطلب یہ ہے کہ ہر کام کا ایک انجام ہوتا ہے لہذا جو کچھ حضور اقدس ﷺ فرما رہے ہیں، اور جو کچھ یہ کافر کر رہے ہیں، اس کا انجام عنقریب معلوم ہوجائے گا۔
  4. وَلَقَدۡ جَآءَهُم مِّنَ ٱلۡأَنۢبَآءِ مَا فِيهِ مُزۡدَجَرٌ

    آیت ⁦۵۴:۴⁩ کھولیں

    اور ان لوگوں کو (پچھلی قوموں کے) واقعات کی اتنی خبریں پہنچ چکی ہیں جن میں تنبیہ کا بڑا سامان تھا۔

  5. حِكۡمَةُۢ بَٰلِغَةٞۖ فَمَا تُغۡنِ ٱلنُّذُرُ

    آیت ⁦۵۴:۵⁩ کھولیں

    دل میں اتر جانے والی دانائی کی باتیں تھیں، پھر بھی یہ تنبیہات (ان پر) کچھ کارگر نہیں ہو رہیں۔

  6. فَتَوَلَّ عَنۡهُمۡۘ يَوۡمَ يَدۡعُ ٱلدَّاعِ إِلَىٰ شَيۡءٖ نُّكُرٍ

    آیت ⁦۵۴:۶⁩ کھولیں

    لہذا (اے پیغمبر) تم بھی ان کی پرواہ مت کرو۔ [1] جس دن پکارنے والا ایک ناگوار چیز کی طرف بلائے گا۔

    1. : یعنی آپ چونکہ اپنا تبلیغ کا فریضہ ادا کر رہے ہیں، اسلیے ان کے طرز عمل پر زیادہ صدمہ نہ کیجئے
  7. خُشَّعًا أَبۡصَٰرُهُمۡ يَخۡرُجُونَ مِنَ ٱلۡأَجۡدَاثِ كَأَنَّهُمۡ جَرَادٞ مُّنتَشِرٞ

    آیت ⁦۵۴:۷⁩ کھولیں

    اس دن یہ اپنی آنکھیں جھکائے قبروں سے اس طرح نکل کھڑے ہوں گے جیسے ہر طرف پھیلی ہوئی ٹڈیاں۔

  8. مُّهۡطِعِينَ إِلَى ٱلدَّاعِۖ يَقُولُ ٱلۡكَٰفِرُونَ هَٰذَا يَوۡمٌ عَسِرٞ

    آیت ⁦۵۴:۸⁩ کھولیں

    دوڑے جارہے ہوں گے اسی پکارے والے کی طرف۔ یہی کافر (جو قیامت کا انکار کرتے تھے) کہیں گے کہ یہ تو بہت ہی کٹھن دن ہے۔

  9. ۞كَذَّبَتۡ قَبۡلَهُمۡ قَوۡمُ نُوحٖ فَكَذَّبُواْ عَبۡدَنَا وَقَالُواْ مَجۡنُونٞ وَٱزۡدُجِرَ

    آیت ⁦۵۴:۹⁩ کھولیں

    ان سے پہلے نوح کی قوم نے بھی جھٹلانے کا رویہ اختیار کیا تھا۔ انہوں نے ہمارے بندے کو جھٹلایا، اور کہا کہ : یہ دیوانے ہیں، اور انہیں دھمکیاں دی گئیں۔

  10. فَدَعَا رَبَّهُۥٓ أَنِّي مَغۡلُوبٞ فَٱنتَصِرۡ 

    آیت ⁦۵۴:۱۰⁩ کھولیں

    اس پر انہوں نے اپنے پروردگار کو پکارا کہ : میں بےبس ہوچکا ہوں، اب آپ ہی بدلہ لیجیے۔

  11. فَفَتَحۡنَآ أَبۡوَٰبَ ٱلسَّمَآءِ بِمَآءٖ مُّنۡهَمِرٖ

    آیت ⁦۵۴:۱۱⁩ کھولیں

    چنانچہ ہم نے ٹوٹ کر برسنے والے پانی سے آسمان کے دروازے کھول دیے۔

  12. وَفَجَّرۡنَا ٱلۡأَرۡضَ عُيُونٗا فَٱلۡتَقَى ٱلۡمَآءُ عَلَىٰٓ أَمۡرٖ قَدۡ قُدِرَ

    آیت ⁦۵۴:۱۲⁩ کھولیں

    اور زمین کو پھاڑ کر چشموں میں تبدیل کردیا۔ اور اس طرح (دونوں قسم کا) سارا پانی اس کام کے لیے مل گیا جو مقدر ہوچکا تھا۔ [1]

    1. : یعنی ایک تو آسمان سے موسلا دھار پانی برسا، اور دوسرے زمین سے پانی ابلنا شروع ہوا، دونوں طرح کے یہ پانی مل گئے اور ان سے وہ طوفان آگیا جس میں اس قوم کی تباہی مقدس تھی۔ اس کی پوری تفصیل سورة ہود : 40 اور سورة مومنین : 27 میں گذر چکی ہے۔
  13. وَحَمَلۡنَٰهُ عَلَىٰ ذَاتِ أَلۡوَٰحٖ وَدُسُرٖ

    آیت ⁦۵۴:۱۳⁩ کھولیں

    اور نوح کو ہم نے ایک تختوں اور میخوں والی (کشتی) پر سوار کردیا۔

  14. تَجۡرِي بِأَعۡيُنِنَا جَزَآءٗ لِّمَن كَانَ كُفِرَ

    آیت ⁦۵۴:۱۴⁩ کھولیں

    جو ہماری نگرانی میں رواں دواں تھی، تاکہ اس (پیغمبر) کا بدلہ لیا جائے جس کی ناقدری کی گئی تھی۔

  15. وَلَقَد تَّرَكۡنَٰهَآ ءَايَةٗ فَهَلۡ مِن مُّدَّكِرٖ

    آیت ⁦۵۴:۱۵⁩ کھولیں

    اور حقیقت یہ ہے کہ ہم نے اس کو (عبرت کی) ایک نشانی بنادیا۔ تو کیا کوئی ہے جو نصیحت حاصل کرے ؟

  16. فَكَيۡفَ كَانَ عَذَابِي وَنُذُرِ

    آیت ⁦۵۴:۱۶⁩ کھولیں

    اب سوچو کہ میرا عذاب اور میری تنبیہات کیسی تھیں ؟

  17. وَلَقَدۡ يَسَّرۡنَا ٱلۡقُرۡءَانَ لِلذِّكۡرِ فَهَلۡ مِن مُّدَّكِرٖ

    آیت ⁦۵۴:۱۷⁩ کھولیں

    اور حقیقت یہ ہے کہ ہم نے قرآن کو نصیحت حاصل کرنے کے لیے آسان بنادیا ہے۔ اب کیا کوئی ہے جو نصیحت حاصل کرے ؟

  18. كَذَّبَتۡ عَادٞ فَكَيۡفَ كَانَ عَذَابِي وَنُذُرِ

    آیت ⁦۵۴:۱۸⁩ کھولیں

    عاد کی قوم نے بھی تنبیہ کرنے والوں کو جھٹلانے کا رویہ اختیار کیا، پھر دیکھ لو کہ میرا عذاب اور میری تنبیہات کیسی تھیں ؟

  19. إِنَّآ أَرۡسَلۡنَا عَلَيۡهِمۡ رِيحٗا صَرۡصَرٗا فِي يَوۡمِ نَحۡسٖ مُّسۡتَمِرّٖ

    آیت ⁦۵۴:۱۹⁩ کھولیں

    ہم نے ایک مسلسل نحوست کے دن میں ان پر تیز آندھی والی ہوا چھوڑ دی تھی۔ [1]

    1. : تفصیل کے لیے دیکھئے سورة اعراف : 65
  20. تَنزِعُ ٱلنَّاسَ كَأَنَّهُمۡ أَعۡجَازُ نَخۡلٖ مُّنقَعِرٖ 

    آیت ⁦۵۴:۲۰⁩ کھولیں

    جو لوگوں کو اس طرح اکھاڑ پھینک دیتی تھی جیسے وہ کھجور کے اکھڑے ہوئے درخت کے تنے ہوں۔

  21. فَكَيۡفَ كَانَ عَذَابِي وَنُذُرِ

    آیت ⁦۵۴:۲۱⁩ کھولیں

    اب سوچو کہ میرا عذاب اور میری تنبیہات کیسی تھیں ؟

  22. وَلَقَدۡ يَسَّرۡنَا ٱلۡقُرۡءَانَ لِلذِّكۡرِ فَهَلۡ مِن مُّدَّكِرٖ

    آیت ⁦۵۴:۲۲⁩ کھولیں

    اور حقیقت یہ ہے کہ ہم نے قرآن کو نصیحت حاصل کرنے کے لیے آسان بنادیا ہے۔ اب کیا کوئی ہے جو نصیحت حاصل کرے ؟

  23. كَذَّبَتۡ ثَمُودُ بِٱلنُّذُرِ

    آیت ⁦۵۴:۲۳⁩ کھولیں

    ثمود کی قوم نے بھی تنبیہ کرنے والوں کو جھٹلانے کا رویہ اختیار کیا۔

  24. فَقَالُوٓاْ أَبَشَرٗا مِّنَّا وَٰحِدٗا نَّتَّبِعُهُۥٓ إِنَّآ إِذٗا لَّفِي ضَلَٰلٖ وَسُعُرٍ

    آیت ⁦۵۴:۲۴⁩ کھولیں

    چنانچہ کہنے لگے کہ : کیا ہم اپنے ہی میں سے ایک تنہا آدمی کے پیچھے چل پڑیں ؟ ایسا کریں گے تو یقینا ہم بڑی گمراہی اور دیوانگی میں جاپڑیں گے۔

  25. أَءُلۡقِيَ ٱلذِّكۡرُ عَلَيۡهِ مِنۢ بَيۡنِنَا بَلۡ هُوَ كَذَّابٌ أَشِرٞ

    آیت ⁦۵۴:۲۵⁩ کھولیں

    بھلا کیا ہم سارے لوگوں کے درمیان یہی ایک شخص رہ گیا تھا جس پر نصیحت نازل کی گئی ؟ نہیں، بلکہ دراصل یہ پرلے درجے کا جھوٹا شیخی باز ہے۔

  26. سَيَعۡلَمُونَ غَدٗا مَّنِ ٱلۡكَذَّابُ ٱلۡأَشِرُ

    آیت ⁦۵۴:۲۶⁩ کھولیں

    (ہم نے پیغمبر صالح ؑ سے کہا کہ) کل ہی انہیں پتہ چل جائے گا کہ پرلے درجے کا جھوٹا شیخی باز کون تھا ؟

  27. إِنَّا مُرۡسِلُواْ ٱلنَّاقَةِ فِتۡنَةٗ لَّهُمۡ فَٱرۡتَقِبۡهُمۡ وَٱصۡطَبِرۡ

    آیت ⁦۵۴:۲۷⁩ کھولیں

    ہم ان کے پاس ان کی آزمائش کے طور پر اونٹنی بھیج رہے ہیں، اس لیے تم انہیں دیکھتے رہو، اور صبر سے کام لو۔

  28. وَنَبِّئۡهُمۡ أَنَّ ٱلۡمَآءَ قِسۡمَةُۢ بَيۡنَهُمۡۖ كُلُّ شِرۡبٖ مُّحۡتَضَرٞ

    آیت ⁦۵۴:۲۸⁩ کھولیں

    اور ان کو بتادو کہ (کنویں کا) پانی ان کے درمیان تقسیم کردیا گیا ہے۔ ہر پانی کا حق دار اپنی باری میں حاضر ہوگا۔ [1]

    1. : یہ اونٹنی انہی کے مطالبے پر پیدا کی گئی تھی اور ان سے کہا گیا تھا کہ بستی کے کنویں سے ایک دن وہ پانی پیے گی، اور ایک دن بستی والے، تفصیل کے لیے دیکھئے سورة اعراف : 73 اور اس کے حواشی۔
  29. فَنَادَوۡاْ صَاحِبَهُمۡ فَتَعَاطَىٰ فَعَقَرَ

    آیت ⁦۵۴:۲۹⁩ کھولیں

    پھر انہوں نے اپنے آدمی کو بلایا، چنانچہ اس نے ہاتھ بڑھایا، اور (اونٹنی کو) قتل کر ڈالا۔ [1]

    1. : اس آدمی کا نام روایتوں میں قدار آیا ہے۔ اس نے اونٹنی کو قتل کیا۔
  30. فَكَيۡفَ كَانَ عَذَابِي وَنُذُرِ 

    آیت ⁦۵۴:۳۰⁩ کھولیں

    اب سوچو کہ میرا عذاب اور میری تنبیہات کیسی تھیں ؟

  31. إِنَّآ أَرۡسَلۡنَا عَلَيۡهِمۡ صَيۡحَةٗ وَٰحِدَةٗ فَكَانُواْ كَهَشِيمِ ٱلۡمُحۡتَظِرِ

    آیت ⁦۵۴:۳۱⁩ کھولیں

    ہم نے ان پر بس ایک ہی چنگھاڑ بھیجی، جس سے وہ ایسے ہو کر رہ گئے جیسے کانٹوں کی روندی ہوئی باڑھ ہوتی ہے۔

  32. وَلَقَدۡ يَسَّرۡنَا ٱلۡقُرۡءَانَ لِلذِّكۡرِ فَهَلۡ مِن مُّدَّكِرٖ

    آیت ⁦۵۴:۳۲⁩ کھولیں

    اور حقیقت یہ ہے کہ ہم نے قرآن کو نصیحت حاصل کرنے کے لیے آسان بنادیا ہے۔ اب کیا کوئی ہے جو نصیحت حاصل کرے ؟

  33. كَذَّبَتۡ قَوۡمُ لُوطِۭ بِٱلنُّذُرِ

    آیت ⁦۵۴:۳۳⁩ کھولیں

    لوط کی قوم نے (بھی) تنبیہ کرنے والوں کو جھٹلایا۔

  34. إِنَّآ أَرۡسَلۡنَا عَلَيۡهِمۡ حَاصِبًا إِلَّآ ءَالَ لُوطٖۖ نَّجَّيۡنَٰهُم بِسَحَرٖ

    آیت ⁦۵۴:۳۴⁩ کھولیں

    ہم نے ان پر پتھروں کا مینہ برسایا، سوائے لوط کے گھر والوں کے جنہیں ہم نے سحری کے وقت بچا لیا تھا۔

  35. نِّعۡمَةٗ مِّنۡ عِندِنَاۚ كَذَٰلِكَ نَجۡزِي مَن شَكَرَ

    آیت ⁦۵۴:۳۵⁩ کھولیں

    یہ ہماری طرف سے ایک نعمت تھی۔ جو لوگ شکر گزار ہوتے ہیں، ان کو ہم ایسا ہی صلہ دیتے ہیں۔

  36. وَلَقَدۡ أَنذَرَهُم بَطۡشَتَنَا فَتَمَارَوۡاْ بِٱلنُّذُرِ

    آیت ⁦۵۴:۳۶⁩ کھولیں

    اور لوط نے لوگوں کو ہماری پکڑ سے ڈرایا تھا، لیکن وہ ساری تنبیہات میں میکھ نکالتے رہے۔

  37. وَلَقَدۡ رَٰوَدُوهُ عَن ضَيۡفِهِۦ فَطَمَسۡنَآ أَعۡيُنَهُمۡ فَذُوقُواْ عَذَابِي وَنُذُرِ

    آیت ⁦۵۴:۳۷⁩ کھولیں

    اور انہوں نے لوط کو ان کے مہمانوں کے بارے میں پھسلانے کی کوشش کی۔ [1] جس پر ہم نے ان کی آنکھوں کو اندھا کردیا کہ : چکھو میرے عذاب اور میری تنبیہات کا مزہ۔

    1. : سورة ہود : 78 میں اس کی تفصیل گذر چکی ہے کہ حضرت لوط ؑ کے پاس فرشتے خوبصورت نوجوانوں کی شکل میں آئے تھے۔ ان کی قوم ہم جنسی کی بیماری میں مبتلا تھی، اس لیے انہوں نے حضرت لوط ؑ سے مطالبہ کیا کہ ان مہمانوں کو ان کی آنکھوں پر پردہ ڈال دیا، اور اس طرح وہ مہمانوں تک نہ پہنچ سکے (تفسیر الدر المنثور عن قتادة)
  38. وَلَقَدۡ صَبَّحَهُم بُكۡرَةً عَذَابٞ مُّسۡتَقِرّٞ

    آیت ⁦۵۴:۳۸⁩ کھولیں

    اور صبح سویرے ان پر ایسا عذاب حملہ آور ہوا جو کم کر رہ گیا۔

  39. فَذُوقُواْ عَذَابِي وَنُذُرِ

    آیت ⁦۵۴:۳۹⁩ کھولیں

    کہ : چکھو میرے عذاب اور میری تنبیہات کا مزہ۔ [1]

    1. : سورة ہود میں گذر چکا ہے کہ ان کی بستیاں الٹ ڈالی گئیں تھیں۔
  40. وَلَقَدۡ يَسَّرۡنَا ٱلۡقُرۡءَانَ لِلذِّكۡرِ فَهَلۡ مِن مُّدَّكِرٖ 

    آیت ⁦۵۴:۴۰⁩ کھولیں

    اور حقیقت یہ ہے کہ ہم نے قرآن کو نصیحت حاصل کرنے کے لیے آسان بنادیا ہے۔ اب کیا کوئی ہے جو نصیحت حاصل کرے ؟

  41. وَلَقَدۡ جَآءَ ءَالَ فِرۡعَوۡنَ ٱلنُّذُرُ

    آیت ⁦۵۴:۴۱⁩ کھولیں

    اور فرعون کے خاندان کے پاس بھی تنبیہات آئیں۔

  42. كَذَّبُواْ بِـَٔايَٰتِنَا كُلِّهَا فَأَخَذۡنَٰهُمۡ أَخۡذَ عَزِيزٖ مُّقۡتَدِرٍ

    آیت ⁦۵۴:۴۲⁩ کھولیں

    انہوں نے ہماری تمام نشانیوں کو جھٹلا دیا تھا، اس لیے ہم نے ان کو ایسی پکڑ میں لیا جیسی ایک زبردست قدرت والے کی پکڑ ہوتی ہے۔

  43. أَكُفَّارُكُمۡ خَيۡرٞ مِّنۡ أُوْلَٰٓئِكُمۡ أَمۡ لَكُم بَرَآءَةٞ فِي ٱلزُّبُرِ

    آیت ⁦۵۴:۴۳⁩ کھولیں

    کیا تمہارے یہ کافر لوگ ان سے اچھے ہیں، یا تمہارے لیے (خدا کی) کتابوں میں کوئی بےگناہی کا پروانہ لکھا ہوا ہے ؟ [1]

    1. : پچھلی امتوں کے واقعات بیان فرمانے کے بعد مکہ مکرمہ کے کافروں سے کہا جا رہا ہے کہ جن قوموں کو ہلاک کیا گیا ہے، تم میں ان کے مقابلے میں کونسی اچھائی ہے جس کی بناء پر تمہیں عذاب سے محفوظ رکھا جائے ؟ اور کیا تمہارے بارے میں کسی آسمانی کتاب میں کوئی معافی یا بےگناہی کا وعدہ کرلیا گیا ہے ؟
  44. أَمۡ يَقُولُونَ نَحۡنُ جَمِيعٞ مُّنتَصِرٞ

    آیت ⁦۵۴:۴۴⁩ کھولیں

    یا ان کا کہنا یہ ہے کہ ہم ایسی جمیعت ہیں جو اپنا بچاؤ آپ کرلے گی ؟ [1]

    1. : جب مکہ مکرمہ کے کافروں کو اللہ تعالیٰ کے عذاب سے ڈرایا جاتا تھا تو وہ یہ کہتے تھے کہ ہمارا جتھہ بڑا مضبوط ہے، ہمیں کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
  45. سَيُهۡزَمُ ٱلۡجَمۡعُ وَيُوَلُّونَ ٱلدُّبُرَ

    آیت ⁦۵۴:۴۵⁩ کھولیں

    (حقیقت تو یہ ہے کہ) اس جمیعت کو عنقریب شکست ہوجائے گی، اور یہ سب پیٹھ پھیر کر بھاگیں گے۔ [1]

    1. : یہ پیشین گوئی اس وقت کی جا رہی تھی جب مسلمان ان کافروں کے مقابلے میں بہت کمزور تھے اور خود اپنا بچاؤ بھی نہیں کر پاتے تھے۔ لیکن دنیا نے دیکھا کہ یہ خدائی پیشین گوئی جنگ بدر میں حرف بہ حرف پوری ہوئی۔ مکہ مکرمہ میں کافروں کے جو بڑے بڑے سردار تھے، سب بدر میں مارے گئے، ستر افراد گرفتار ہوئے اور باقی بھاگ گئے۔
  46. بَلِ ٱلسَّاعَةُ مَوۡعِدُهُمۡ وَٱلسَّاعَةُ أَدۡهَىٰ وَأَمَرُّ

    آیت ⁦۵۴:۴۶⁩ کھولیں

    یہی نہیں، بلکہ ان کے اصل وعدے کا وقت تو قیامت ہے اور قیامت اور زیادہ مصیبت اور کہیں زیادہ کڑوی ہوگی۔

  47. إِنَّ ٱلۡمُجۡرِمِينَ فِي ضَلَٰلٖ وَسُعُرٖ

    آیت ⁦۵۴:۴۷⁩ کھولیں

    حقیقت یہ ہے کہ یہ مجرم لوگ بڑی گمراہی اور بےعقلی میں پڑے ہوئے ہیں۔ [1]

    1. : یہ قوم ثمود کی اس بات کا جواب ہے جو اوپر آیت نمبر 24 میں ذکر کی گئی تھی۔ چونکہ مکہ مکرمہ کے کافر بھی اسی جیسی بات کہا کرتے تھے، اس لیے ان کے بارے میں یہ بات ارشاد فرمائی گئی ہے۔
  48. يَوۡمَ يُسۡحَبُونَ فِي ٱلنَّارِ عَلَىٰ وُجُوهِهِمۡ ذُوقُواْ مَسَّ سَقَرَ

    آیت ⁦۵۴:۴۸⁩ کھولیں

    جس دن ان کو منہ کے بل آگ میں گھسیٹا جائے گا (اس دن انہیں ہوش آئے گا، اور ان سے کہا جائے گا کہ) چکھو دوزخ کے چھونے کا مزہ۔

  49. إِنَّا كُلَّ شَيۡءٍ خَلَقۡنَٰهُ بِقَدَرٖ

    آیت ⁦۵۴:۴۹⁩ کھولیں

    ہم نے ہر چیز کو ناپ تول کے ساتھ پیدا کیا ہے۔ [1]

    1. : یعنی جو اللہ تعالیٰ نے ہر چیز کا ناپ تول اور ہر کام کا ایک وقت مقرر رکھا ہے، اس لیے وہ قیامت اسی وقت آئے گی جو اللہ تعالیٰ نے مقدر فرما رکھا ہے۔
  50. وَمَآ أَمۡرُنَآ إِلَّا وَٰحِدَةٞ كَلَمۡحِۭ بِٱلۡبَصَرِ 

    آیت ⁦۵۴:۵۰⁩ کھولیں

    اور ہمارا حکم بس ایک ہی مرتبہ آنکھ جھپکنے کی طرح (پورا) ہوجاتا ہے۔

  51. وَلَقَدۡ أَهۡلَكۡنَآ أَشۡيَاعَكُمۡ فَهَلۡ مِن مُّدَّكِرٖ

    آیت ⁦۵۴:۵۱⁩ کھولیں

    اور تمہارے ہم مشرب لوگوں کو ہم پہلے ہی ہلاک کرچکے ہیں۔ اب بتاؤ ہے کوئی جو نصیحت حاصل کرے ؟

  52. وَكُلُّ شَيۡءٖ فَعَلُوهُ فِي ٱلزُّبُرِ

    آیت ⁦۵۴:۵۲⁩ کھولیں

    اور جو جو کام انہوں نے کیے ہیں، وہ سب اعمال ناموں میں درج ہیں۔

  53. وَكُلُّ صَغِيرٖ وَكَبِيرٖ مُّسۡتَطَرٌ

    آیت ⁦۵۴:۵۳⁩ کھولیں

    اور ہر چھوٹی اور بڑی بات لکھی ہوئی ہے۔

  54. إِنَّ ٱلۡمُتَّقِينَ فِي جَنَّٰتٖ وَنَهَرٖ

    آیت ⁦۵۴:۵۴⁩ کھولیں

    (البتہ) جن لوگوں نے تقوی کی روش اپنا رکھی ہے وہ باغات اور نہروں میں ہوں گے۔

  55. فِي مَقۡعَدِ صِدۡقٍ عِندَ مَلِيكٖ مُّقۡتَدِرِۭ

    آیت ⁦۵۴:۵۵⁩ کھولیں

    ایک سچی عزت والی نشست میں۔ اس بادشاہ کے پاس جس کے قبضے میں سارا اقتدار ہے۔