عبس

Abasa

سورت ۸۰ · آیات: ۴۲ · مکی

ترجمہ: Mufti Taqi Usmani · سورت کھولیں

بِسۡمِ ٱللَّهِ ٱلرَّحۡمَٰنِ ٱلرَّحِيمِ

  1. عَبَسَ وَتَوَلَّىٰٓ

    آیت ⁦۸۰:۱⁩ کھولیں

    (پیغمبر نے) منہ بنایا، اور رخ پھیرلیا۔ [1]

    1. : یہ آیات ایک خاص واقعے میں نازل ہوئی تھیں۔ واقعہ یہ ہے کہ ایک دن حضور سرور دو عالم ﷺ قریش کے کچھ بڑے بڑے سرداروں کو اسلام کی تبلیغ فرما رہے تھے، اور ان سے گفتگو میں مشغول تھے کہ اتنے میں آپ کے ایک نابینا صحابی حضرت عبداللہ بن ام مکتوم ؓ وہاں آگئے، اور چونکہ وہ نابینا تھے، اس لیے یہ نہ دیکھ سکے کہ آپ کن کے ساتھ گفتگو میں مصروف ہیں، چنانچہ انہوں نے آتے ہی آنحضرت ﷺ سے کچھ سکھانے کی درخواست شروع کردی۔ آنحضرت ﷺ کو ان کا یہ طریقہ پسند نہ آیا کہ دوسروں کی بات کاٹ کر انہوں نے بیچ میں مداخلت شروع کردی۔ اس لیے آپ کے چہرہ مبارک پر ناگواری کے آثار ظاہر ہوئے، اور آپ نے ان کی بات کا جواب دینے کے بجائے ان کافروں کے ساتھ اپنی گفتگو جاری رکھی۔ جب وہ لوگ چلے گئے تو یہ سورت نازل ہوئی جس میں آنحضرت ﷺ کے اس طریقے پر اللہ تعالیٰ نے ناپسندیدگی کا اظہار فرمایا۔ منہ بنانے کو عربی میں ”عبس“ کہتے ہیں، چونکہ یہ سورت اسی لفظ سے شروع ہوئی ہے، اس لیے اس کا نام ”عبس“ ہے اور اس میں بنیادی تعلیم یہ دی گئی ہے کہ جو شخص دل میں حق کی طلب رکھتا ہو، اور سچے دل سے اپنی اصلاح چاہتا ہو، وہ اس بات کا زیادہ حق دار ہے کہ اس کو وقت دیا جائے۔ اس کے برخلاف جن لوگوں کے دل میں حق کی طلب ہی نہیں ہے، اور وہ اپنی کسی اصلاح کی ضرورت نہیں سمجھتے، حق کے طلبگاروں سے منہ موڑ کر انہیں ترجیح نہیں دینی چاہیے۔
  2. أَن جَآءَهُ ٱلۡأَعۡمَىٰ

    آیت ⁦۸۰:۲⁩ کھولیں

    اس لیئے کہ ان کے پاس وہ نابینا آگیا تھا۔

  3. وَمَا يُدۡرِيكَ لَعَلَّهُۥ يَزَّكَّىٰٓ

    آیت ⁦۸۰:۳⁩ کھولیں

    اور (اے پیغمبر) تمہیں کیا خبر ؟ شاید وہ سدھر جاتا۔

  4. أَوۡ يَذَّكَّرُ فَتَنفَعَهُ ٱلذِّكۡرَىٰٓ

    آیت ⁦۸۰:۴⁩ کھولیں

    یا وہ نصیحت قبول کرتا، اور نصیحت کرنا اسے فائدہ پہنچاتا۔

  5. أَمَّا مَنِ ٱسۡتَغۡنَىٰ

    آیت ⁦۸۰:۵⁩ کھولیں

    وہ شخص جو بےپروائی دکھا رہا تھا۔

  6. فَأَنتَ لَهُۥ تَصَدَّىٰ

    آیت ⁦۸۰:۶⁩ کھولیں

    اس کے تو تم پیچھے پڑتے ہو۔

  7. وَمَا عَلَيۡكَ أَلَّا يَزَّكَّىٰ

    آیت ⁦۸۰:۷⁩ کھولیں

    حالانکہ اگر وہ نہ سدھرے تو تم پر کوئی ذمہ داری نہیں آتی۔

  8. وَأَمَّا مَن جَآءَكَ يَسۡعَىٰ

    آیت ⁦۸۰:۸⁩ کھولیں

    اور وہ جو محنت کر کے تمہارے پاس آیا ہے۔

  9. وَهُوَ يَخۡشَىٰ

    آیت ⁦۸۰:۹⁩ کھولیں

    اور وہ دل میں اللہ کا خوف رکھتا ہے۔

  10. فَأَنتَ عَنۡهُ تَلَهَّىٰ 

    آیت ⁦۸۰:۱۰⁩ کھولیں

    اس کی طرف سے تم بےپروائی برتتے ہو۔

  11. كَلَّآ إِنَّهَا تَذۡكِرَةٞ

    آیت ⁦۸۰:۱۱⁩ کھولیں

    ہرگزا یسا نہیں چاہیے۔ یہ قرآن تو ایک نصیحت ہے۔

  12. فَمَن شَآءَ ذَكَرَهُۥ

    آیت ⁦۸۰:۱۲⁩ کھولیں

    اب جو چاہے، اسے یاد کرلے۔ [1]

    1. : یعنی قرآن کریم کی بات کو قبول کر کے اس پر عمل کرے۔
  13. فِي صُحُفٖ مُّكَرَّمَةٖ

    آیت ⁦۸۰:۱۳⁩ کھولیں

    وہ ایسے صحیفوں میں درج ہے جو بڑے مقدس ہیں۔ [1]

    1. : اس سے مراد لوح محفوظ ہے۔ اس میں دوسری باتوں کے علاوہ قرآن کریم بھی لوح محفوظ میں ہے۔
  14. مَّرۡفُوعَةٖ مُّطَهَّرَةِۭ

    آیت ⁦۸۰:۱۴⁩ کھولیں

    اونچے رتبے والے ہیں، پاکیزہ ہیں۔

  15. بِأَيۡدِي سَفَرَةٖ

    آیت ⁦۸۰:۱۵⁩ کھولیں

    ان لکھنے والوں کے ہاتھ میں رہتے ہیں۔

  16. كِرَامِۭ بَرَرَةٖ

    آیت ⁦۸۰:۱۶⁩ کھولیں

    جو خود بڑی عزت والے، بہت نیک ہیں۔ [1]

    1. : اس سے مراد وہ فرشتے ہیں جو لوح محفوظ پر مقرر ہیں۔
  17. قُتِلَ ٱلۡإِنسَٰنُ مَآ أَكۡفَرَهُۥ

    آیت ⁦۸۰:۱۷⁩ کھولیں

    خدا کی مار ہو ایسے انسان پر، وہ کتنا ناشکرا ہے۔

  18. مِنۡ أَيِّ شَيۡءٍ خَلَقَهُۥ

    آیت ⁦۸۰:۱۸⁩ کھولیں

    (وہ ذرا سوچے کہ) اللہ نے اسے کس چیز سے پیدا کیا ؟

  19. مِن نُّطۡفَةٍ خَلَقَهُۥ فَقَدَّرَهُۥ

    آیت ⁦۸۰:۱۹⁩ کھولیں

    نطفے کی ایک بوند سے، اسے پیدا بھی کیا، پھر اس کو ایک خاص انداز بھی دیا۔ [1]

    1. : یعنی ماں کے پیٹ میں اس کے ایسے اعضاء اور ایسی صورت بنائی جو حیرت انگیز توازن کی حامل ہے۔ نیز اس کی ایک تفسیر یہ بھی کی گئی ہے کہ اس کی تقدیر طے فرمائی۔
  20. ثُمَّ ٱلسَّبِيلَ يَسَّرَهُۥ 

    آیت ⁦۸۰:۲۰⁩ کھولیں

    پھر اس کے لیے راستہ بھی آسان بنادیا۔ [1]

    1. : اس کی ایک تفسیر حضرت عبداللہ بن عباس ؓ سے یہ منقول ہے کہ بچے کو ماں کے پیٹ سے باہر آنے کا راستہ اللہ تعالیٰ نے آسان بنادیا کہ وہ ایک تنگ جگہ سے بہ آسانی باہر آجاتا ہے۔ اور بعض حضرات نے اس کی یہ تفسیر فرمائی ہے کہ انسان کے دنیا میں جینے کا راستہ آسان بنادیا، اور اس کی ساری ضروریات دنیا میں مہیا فرما دیں۔
  21. ثُمَّ أَمَاتَهُۥ فَأَقۡبَرَهُۥ

    آیت ⁦۸۰:۲۱⁩ کھولیں

    پھر اسے موت دی، اور قبر میں پہنچا دیا۔

  22. ثُمَّ إِذَا شَآءَ أَنشَرَهُۥ

    آیت ⁦۸۰:۲۲⁩ کھولیں

    پھر جب چاہے گا اسے دوربارہ اٹھا کر کھڑا کردے گا۔

  23. كَلَّا لَمَّا يَقۡضِ مَآ أَمَرَهُۥ

    آیت ⁦۸۰:۲۳⁩ کھولیں

    ہرگز نہیں ! جس بات کا اللہ نے اسے حکم دیا تھا، ابھی تک اس نے وہ پوری نہیں کی۔ [1]

    1. : اس سے مراد کافر بھی ہوسکتے ہیں کہ ان کی نافرمانی بالکل ظاہر ہے، اور اگر مسلمان مراد ہوں تب بھی یہ بات صحیح ہے کہ اللہ تعالیٰ کی فرماں برداری کا پورا پورا حق کون ادا کرسکتا ہے۔
  24. فَلۡيَنظُرِ ٱلۡإِنسَٰنُ إِلَىٰ طَعَامِهِۦٓ

    آیت ⁦۸۰:۲۴⁩ کھولیں

    پھر ذرا انسان اپنے کھانے ہی کو دیکھ لے۔

  25. أَنَّا صَبَبۡنَا ٱلۡمَآءَ صَبّٗا

    آیت ⁦۸۰:۲۵⁩ کھولیں

    کہ ہم نے اوپر سے خوب پانی برسایا۔

  26. ثُمَّ شَقَقۡنَا ٱلۡأَرۡضَ شَقّٗا

    آیت ⁦۸۰:۲۶⁩ کھولیں

    پھر ہم نے زمین کو عجیب طرح پھاڑا۔ [1]

    1. : ایک ننھے سے پودے کی کونپل اتنی بھاری زمین کو پھاڑ کر جس طرح باہر نکل آتی ہے، وہ اللہ تعالیٰ کی قدرت پر ایمان لانے کے لیے کافی ہونی چاہیے۔
  27. فَأَنۢبَتۡنَا فِيهَا حَبّٗا

    آیت ⁦۸۰:۲۷⁩ کھولیں

    پھر ہم نے اس میں غلے اگائے۔

  28. وَعِنَبٗا وَقَضۡبٗا

    آیت ⁦۸۰:۲۸⁩ کھولیں

    اور انگور اور ترکاریاں۔

  29. وَزَيۡتُونٗا وَنَخۡلٗا

    آیت ⁦۸۰:۲۹⁩ کھولیں

    اور زیتون اور کھجور۔

  30. وَحَدَآئِقَ غُلۡبٗا 

    آیت ⁦۸۰:۳۰⁩ کھولیں

    اور گھنے گھنے باغات۔

  31. وَفَٰكِهَةٗ وَأَبّٗا

    آیت ⁦۸۰:۳۱⁩ کھولیں

    اور میوے اور چارہ۔

  32. مَّتَٰعٗا لَّكُمۡ وَلِأَنۡعَٰمِكُمۡ

    آیت ⁦۸۰:۳۲⁩ کھولیں

    سب کچھ تمہارے اور تمہارے مویشیوں کے فائدے کی خاطر۔

  33. فَإِذَا جَآءَتِ ٱلصَّآخَّةُ

    آیت ⁦۸۰:۳۳⁩ کھولیں

    آخر جب وہ کان پھاڑنے والی آواز آ ہی جائے گی۔ [1] (اس وقت اس ناشکری کی حقیقت پتہ چل جائے گی)

    1. : اس سے مراد قیامت ہے جس کا آغاز صور کی آواز سے ہوگا۔
  34. يَوۡمَ يَفِرُّ ٱلۡمَرۡءُ مِنۡ أَخِيهِ

    آیت ⁦۸۰:۳۴⁩ کھولیں

    یہ اس دن ہوگا جب انسان اپنے بھائی سے بھی بھاگے گا۔

  35. وَأُمِّهِۦ وَأَبِيهِ

    آیت ⁦۸۰:۳۵⁩ کھولیں

    اور اپنے ماں باپ سے بھی۔

  36. وَصَٰحِبَتِهِۦ وَبَنِيهِ

    آیت ⁦۸۰:۳۶⁩ کھولیں

    اور اپنے بیوی بچوں سے بھی۔

  37. لِكُلِّ ٱمۡرِيٕٖ مِّنۡهُمۡ يَوۡمَئِذٖ شَأۡنٞ يُغۡنِيهِ

    آیت ⁦۸۰:۳۷⁩ کھولیں

    (کیونکہ) ان میں سے ہر ایک کو اس دن اپنی ایسی فکر پڑی ہوگی کہ اسے دوسروں کا ہوش نہیں ہوگا۔

  38. وُجُوهٞ يَوۡمَئِذٖ مُّسۡفِرَةٞ

    آیت ⁦۸۰:۳۸⁩ کھولیں

    اس روز کتنے چہرے تو چمکتے دمکتے ہوں گے۔

  39. ضَاحِكَةٞ مُّسۡتَبۡشِرَةٞ

    آیت ⁦۸۰:۳۹⁩ کھولیں

    ہنستے، خوشی مناتے ہوئے۔

  40. وَوُجُوهٞ يَوۡمَئِذٍ عَلَيۡهَا غَبَرَةٞ 

    آیت ⁦۸۰:۴۰⁩ کھولیں

    اور کتنے چہرے اس دن ایسے ہوں گے کہ ان پر خاک پڑی ہوگی۔

  41. تَرۡهَقُهَا قَتَرَةٌ

    آیت ⁦۸۰:۴۱⁩ کھولیں

    سیاہی نے انہیں ڈھانپ رکھا ہوگا۔

  42. أُوْلَٰٓئِكَ هُمُ ٱلۡكَفَرَةُ ٱلۡفَجَرَةُ

    آیت ⁦۸۰:۴۲⁩ کھولیں

    یہ وہی لوگ ہوں گے جو کافر تھے، بدکار تھے۔