التكوير

At-Takwir

سورت ۸۱ · آیات: ۲۹ · مکی

ترجمہ: Mufti Taqi Usmani · سورت کھولیں

بِسۡمِ ٱللَّهِ ٱلرَّحۡمَٰنِ ٱلرَّحِيمِ

  1. إِذَا ٱلشَّمۡسُ كُوِّرَتۡ

    آیت ⁦۸۱:۱⁩ کھولیں

    جب سورج لپیٹ دیا جائے گا۔ [1]

    1. : یہاں سے آیت نمبر 14 تک قیامت اور آخرت کے حالات بیان فرمائے گئے ہیں۔ سورج کو لپیٹنے کی کیا کیفیت ہوگی ؟ اس کی حقیقت تو اللہ تعالیٰ ہی کو معلوم ہے۔ البتہ یہ بات ظاہر ہے کہ اس کے نتیجے میں سورج بےنور ہوجائے گا۔ چونکہ لپیٹنے کو عربی میں تکویر کہا جاتا ہے۔ اس لیے اس سورت کا نام سورة تکویر ہے
  2. وَإِذَا ٱلنُّجُومُ ٱنكَدَرَتۡ

    آیت ⁦۸۱:۲⁩ کھولیں

    اور جب ستارے ٹوٹ ٹوٹ کر گریں گے۔

  3. وَإِذَا ٱلۡجِبَالُ سُيِّرَتۡ

    آیت ⁦۸۱:۳⁩ کھولیں

    اور جب پہاڑوں کو چلایا جائے گا۔

  4. وَإِذَا ٱلۡعِشَارُ عُطِّلَتۡ

    آیت ⁦۸۱:۴⁩ کھولیں

    اور جب دس مہینے کی گابھن اونٹنیوں کو بھی بیکار چھوڑ دیا جائے گا۔ [1]

    1. اونٹنی اس وقت عرب کے لوگوں کے لئے سب سے بڑی دولت سمجھی جاتی تھی، اور اگر اونٹنی گابھن یعنی حاملہ ہو تو اس کی قیمت اور بڑھ جاتی تھی، اور دس مہینے کی گابھن ہو تو اسے سب سے زیادہ قیمتی سمجھا جاتا تھا، اس آیت میں یہ فرمایا گیا ہے کہ قیامت کے وقت ہر شخص پر ایسی حالت طاری ہوگی کہ اسے اتنی بڑی دولت کو بھی سنبھالنے کا ہوش نہیں رہے گا، اس لئے ایسی اونٹنیاں بھی بیکار چھٹی پھریں گی۔
  5. وَإِذَا ٱلۡوُحُوشُ حُشِرَتۡ

    آیت ⁦۸۱:۵⁩ کھولیں

    اور جب وحشی جانور اکٹھے کردیے جائیں گے۔ [1]

    1. : حُشِرَتْ : قیامت کے ہولناک منظر کو دیکھ کر سارے وحشی جانور بھی گھبراہٹ کے عالم میں اکھٹے ہوجائیں گے، جیسے کہ کسی عام مصیبت کے موقع پر تنہا رہنے کے بجائے دوسروں کے ساتھ رہنے کو پسند کیا جاتا ہے۔
  6. وَإِذَا ٱلۡبِحَارُ سُجِّرَتۡ

    آیت ⁦۸۱:۶⁩ کھولیں

    اور جب سمندروں کو بھڑکایا جائے گا۔ [1]

    1. : سمندروں کے بھڑکانے کا مطلب یہ بھی ہوسکتا ہے کہ ان میں طغیانی آجائے گی اور دریا سمندر آپس میں مل کر ایک ہوجائیں گے اور یہ مطلب بھی ممکن ہے کہ ان کا پانی خشک ہوجائے گا اور ان میں آگ لگادی جائے گی۔
  7. وَإِذَا ٱلنُّفُوسُ زُوِّجَتۡ

    آیت ⁦۸۱:۷⁩ کھولیں

    اور جب لوگوں کے جوڑے جو ٹے بنا دئے جائیں گے۔ [1]

    1. : یعنی ایک قسم کے لوگ ایک جگہ جمع کردئیے جائیں گے، کافر ایک جگہ اور مومن ایک جگہ، نیز نیک لوگ ایک جگہ اور بدکار ایک جگہ۔
  8. وَإِذَا ٱلۡمَوۡءُۥدَةُ سُئِلَتۡ

    آیت ⁦۸۱:۸⁩ کھولیں

    اور جس بچی کو زندہ قبر میں گاڑ دیا گیا تھا، اس سے پوچھا جائے گا۔

  9. بِأَيِّ ذَنۢبٖ قُتِلَتۡ

    آیت ⁦۸۱:۹⁩ کھولیں

    کہ اسے کس جرم میں قتل کیا گیا ؟ [1]

    1. : جاہلیت کے زمانے میں ایک انتہائی وحشیانہ رسم یہ تھی کہ لوگ عورتوں کو منحوس سمجھتے تھے، اور بعض قبیلے ایسے تھے کہ اگر ان میں سے کسی کے یہاں بچی پیدا ہوجاتی تو وہ شرم کے مارے اس بچی کو زندہ زمین میں دفن کردیتا تھا۔ قیامت میں اس بچی کو لاکر پوچھا جائے گا کہ تمہیں کس جرم میں موت کے گھاٹ اتارا گیا تھا ؟ اس سے ان ظالموں کو سزا دینا مقصود ہوگا جنہوں نے اس بچی کے ساتھ ایسی درندگی کا معاملہ کیا۔
  10. وَإِذَا ٱلصُّحُفُ نُشِرَتۡ 

    آیت ⁦۸۱:۱۰⁩ کھولیں

    اور جب اعمال نامے کھول دئے جائیں گے۔

  11. وَإِذَا ٱلسَّمَآءُ كُشِطَتۡ

    آیت ⁦۸۱:۱۱⁩ کھولیں

    اور جب آسمان کا چھلکا اتار دیا جائے گا۔

  12. وَإِذَا ٱلۡجَحِيمُ سُعِّرَتۡ

    آیت ⁦۸۱:۱۲⁩ کھولیں

    اور جب دوزخ بھڑکائی جائے گی۔

  13. وَإِذَا ٱلۡجَنَّةُ أُزۡلِفَتۡ

    آیت ⁦۸۱:۱۳⁩ کھولیں

    اور جب جنت قریب کردی جائے گی۔

  14. عَلِمَتۡ نَفۡسٞ مَّآ أَحۡضَرَتۡ

    آیت ⁦۸۱:۱۴⁩ کھولیں

    تو اس وقت ہر شخص کو اپنا سارا کیا دھرا معلوم ہوجائے گا۔

  15. فَلَآ أُقۡسِمُ بِٱلۡخُنَّسِ

    آیت ⁦۸۱:۱۵⁩ کھولیں

    اب میں قسم کھاتا ہوں ان ستاروں کی جو پیچھے کی طرف چلنے لگتے ہیں۔

  16. ٱلۡجَوَارِ ٱلۡكُنَّسِ

    آیت ⁦۸۱:۱۶⁩ کھولیں

    جو چلتے چلتے دبک جاتے ہیں۔ [1]

    1. : بعض ستارے ایسے ہوتے ہیں کہ وہ کبھی مشرق سے مغرب کی طرف چلتے نظر آتے ہیں، اور کبھی مغرب سے مشرق کی طرف۔ گویا وہ ایک سمت میں چلتے چلتے واپس پلٹ رہے ہیں، پھر چلتے چلتے نگاہوں سے غائب ہوجاتے ہیں، گویا ہوجاتے ہیں، گویا وہ کہیں دبک کر چھپ گئے ہیں۔ ان ستاروں کی یہ گردش اللہ تعالیٰ کی قدرت کاملہ کا عجیب مظہر ہے۔ اس لیے ان کی قسم کھائی گئی ہے۔
  17. وَٱلَّيۡلِ إِذَا عَسۡعَسَ

    آیت ⁦۸۱:۱۷⁩ کھولیں

    اور قسم کھاتا ہوں رات کی جب وہ رخصت ہو۔

  18. وَٱلصُّبۡحِ إِذَا تَنَفَّسَ

    آیت ⁦۸۱:۱۸⁩ کھولیں

    اور صبح کی جب وہ سانس لے۔ [1]

    1. : صبح کے وقت عموماً ہلکی ہلکی ہوا چلتی ہے جسے باد نسیم کہا جاتا ہے۔ اس ہوا کے چلنے کو بڑی بلاغت کے ساتھ صبح کے سانس لینے سے تعبیر فرمایا گیا ہے۔
  19. إِنَّهُۥ لَقَوۡلُ رَسُولٖ كَرِيمٖ

    آیت ⁦۸۱:۱۹⁩ کھولیں

    کہ یہ (قرآن) یقینی طور پر ایک معزز فرشتے کا لایا ہوا کلام ہے۔ [1]

    1. : اس سے مراد حضرت جبرئیل ؑ ہیں جو آنحضرت ﷺ کے پاس وحی کے ذریعے قرآن کریم لایا کرتے تھے۔
  20. ذِي قُوَّةٍ عِندَ ذِي ٱلۡعَرۡشِ مَكِينٖ 

    آیت ⁦۸۱:۲۰⁩ کھولیں

    جو قوت والا ہے، جس کا عرش والے کے پاس بڑا رتبہ ہے۔

  21. مُّطَاعٖ ثَمَّ أَمِينٖ

    آیت ⁦۸۱:۲۱⁩ کھولیں

    وہاں اس کی بات مانی جاتی ہے۔ [1] وہ امانت دار ہے۔

    1. : یعنی دوسرے فرشتے ان کی بات مانتے ہیں۔
  22. وَمَا صَاحِبُكُم بِمَجۡنُونٖ

    آیت ⁦۸۱:۲۲⁩ کھولیں

    اور (اے مکہ والو) تمہارے ساتھ رہنے والے یہ صاحب (یعنی حضرت محمد ﷺ کوئی دیوانے نہیں ہیں۔

  23. وَلَقَدۡ رَءَاهُ بِٱلۡأُفُقِ ٱلۡمُبِينِ

    آیت ⁦۸۱:۲۳⁩ کھولیں

    اور یہ بالکل سچی بات ہے کہ انہوں نے اس فرشتے کو کھلے ہوئے افق پر دیکھا ہے۔ [1]

    1. : حضرت جبرئیل ؑ عام طور پر تو آنحضرت ﷺ کے پاس کسی انسان کی صورت میں آیا کرتے تھے، لیکن حضور اقدس ﷺ نے ایک مرتبہ انہیں اپنی اصلی صورت میں دیکھنے کی فرمائش کی تھی، اس موقع پر وہ افق پر اپنی اصل صورت میں بھی آپ کے سامنے ظاہر ہوئے، اس آیت میں اس کی طرف اشارہ فرمایا گیا ہے، اس کی کچھ تفصیل سورة نجم میں پیچھے گزرچکی ہے، اس موقع پر اس سورت کے حواشی نمبر : 2، 3، 4 ضرور دیکھ لئے جائیں۔
  24. وَمَا هُوَ عَلَى ٱلۡغَيۡبِ بِضَنِينٖ

    آیت ⁦۸۱:۲۴⁩ کھولیں

    اور وہ غیب کی باتوں کے بارے میں بخیل بھی نہیں ہیں۔ 012)

    1. : یعنی حضور اقدس ﷺ کو وحی کے ذریعے غیب کی جو باتیں معلوم ہوتی ہیں، وہ انہیں لوگوں سے چھپاتے نہیں ہیں، بلکہ سب کے سامنے ظاہر فرما دیتے ہیں، جاہلیت کے زمانے میں جو لوگ کاہن کہلاتے تھے، وہ بھی غیب کی باتیں بتانے کا دعوی کرتے تھے، اور شیطانوں سے دوستی کرکے ان سے کچھ جھوٹی سچی باتیں سن لیا کرتے تھے، لیکن جب لوگ ان سے پوچھتے تو وہ انہیں فیس لئے بغیر کچھ بتانے سے انکار کرتے تھے، اللہ تعالیٰ کافروں سے فرما رہے ہیں کہ تم آنخضرت ﷺ کو کاہن کہتے ہو، حالانکہ کاہن تو تمہیں جھوٹی باتیں بتانے میں بھی بڑے بخل سے کام لیتے ہیں، اور پیسے لئے بغیر کچھ نہیں بتاتے، لیکن آنحضرت ﷺ کو غیب کی جو سچی باتیں معلوم ہوتی ہیں وہ بتانے میں بھی نہ بخل سے کام لیتے ہیں، اور نہ اس پر کوئی معاوضہ مانگتے ہیں۔
  25. وَمَا هُوَ بِقَوۡلِ شَيۡطَٰنٖ رَّجِيمٖ

    آیت ⁦۸۱:۲۵⁩ کھولیں

    اور نہ یہ (قرآن) کسی مردود شیطان کی (بنائی ہوئی) کوئی بات ہے۔

  26. فَأَيۡنَ تَذۡهَبُونَ

    آیت ⁦۸۱:۲۶⁩ کھولیں

    پھر بھی تم لوگ کدھر چلے جارہے ہو ؟

  27. إِنۡ هُوَ إِلَّا ذِكۡرٞ لِّلۡعَٰلَمِينَ

    آیت ⁦۸۱:۲۷⁩ کھولیں

    یہ تو دنیا جہان کے لوگوں کے لیے ایک نصیحت ہے۔

  28. لِمَن شَآءَ مِنكُمۡ أَن يَسۡتَقِيمَ

    آیت ⁦۸۱:۲۸⁩ کھولیں

    تم میں سے ہر اس شخص کے لیے جو سیدھا سیدھا رہنا چاہے۔

  29. وَمَا تَشَآءُونَ إِلَّآ أَن يَشَآءَ ٱللَّهُ رَبُّ ٱلۡعَٰلَمِينَ

    آیت ⁦۸۱:۲۹⁩ کھولیں

    اور تم چاہو گے نہیں، الا یہ کہ خود اللہ چاہے جو سارے جہانوں کا پروردگار ہے۔