القلم

Al-Qalam

سورت ۶۸ · آیات: ۵۲ · مکی

ترجمہ: Mufti Taqi Usmani · سورت کھولیں

بِسۡمِ ٱللَّهِ ٱلرَّحۡمَٰنِ ٱلرَّحِيمِ

  1. نٓۚ وَٱلۡقَلَمِ وَمَا يَسۡطُرُونَ

    آیت ⁦۶۸:۱⁩ کھولیں

    ن [1] (اے پیغمبر) قسم ہے قلم کی، اور اس چیز کی جو وہ لکھ رہے ہیں۔ [2]

    1. : یہاں حرف نون انہی حروف مقطعات میں سے ہے جو مختلف قرآنی سورتوں کے شروع میں آئے ہیں، اور جن کے بارے میں سورة بقرہ کے شروع میں عرض کیا جا چکا ہے کہ ان کے ٹھیک ٹھیک معنی اللہ تعالیٰ کے سوا کسی کو بھی معلوم نہیں ہیں۔ 2: مکہ مکرمہ کے کافر لوگ آنحضرت ﷺ کو (معاذ اللہ) دیوانہ کہا کرتے تھے۔ اگلی آیت میں ان کی تردید فرمائی گئی ہے، اور اس سے پہلے اس آیت میں اس تردید پر یہ قسم کھائی گئی ہے۔ اس کی تفسیر میں بہت سے مفسرین نے فرمایا ہے کہ قلم سے مراد تقدیر کا قلم ہے اور ”وہ“ سے مراد فرشتے ہیں۔ یعنی قسم ہے تقدیر کے قلم کی، اور تقدیر کے ان فیصلوں کی جو فرشتے لکھتے ہیں کہ آنحضرت ﷺ دیوانے نہیں ہیں۔ یعنی آنحضرت ﷺ کا پیغمبر ہونا اور مکہ مکرمہ میں مبعوث ہونا تقدیر میں پہلے سے لکھا جا چکا تھا، اس لیے آپ اگر اللہ تعالیٰ کا پیغام دنیا والوں تک پہنچا رہے ہیں تو اس میں نہ کوئی غیر معقول بات ہے، اور نہ اس پر کسی کو حیرت ہونی چاہیے۔ دوسرے بعض مفسرین نے فرمایا ہے کہ قلم سے مراد عام قلم ہے، اور جو کچھ وہ لکھ رہے ہیں سے مراد عام لوگوں کا لکھنا ہے۔ اس صورت میں مطلب یہ ہوسکتا ہے کہ قلم سے لکھنا جاننے والے بھی وہ اعلیٰ مضامین لکھنے سے عاجز ہیں جو آنحضرت ﷺ قرآن کریم کے ذریعے لوگوں تک پہنچا رہے ہیں، حالانکہ آپ امی ہیں، اور لکھنا پڑھنا نہیں جانتے۔ ایک امی کی زبان مبارک پر ایسا اونچے درجے کا کلام جاری ہونا اس بات کی کھلی دلیل ہے کہ آپ کے پاس اللہ تعالیٰ کی طرف سے وحی آرہی ہے۔ ایسی صورت میں آپ کو دیوانگی کا طعنہ دینا خود دیوانگی ہے۔
  2. مَآ أَنتَ بِنِعۡمَةِ رَبِّكَ بِمَجۡنُونٖ

    آیت ⁦۶۸:۲⁩ کھولیں

    اپنے پروردگار کے فضل سے تم دیوانے نہیں ہو۔

  3. وَإِنَّ لَكَ لَأَجۡرًا غَيۡرَ مَمۡنُونٖ

    آیت ⁦۶۸:۳⁩ کھولیں

    اور یقین جانو تمہارے لیے ایسا اجر ہے جو کبھی ختم نہیں ہوگا۔

  4. وَإِنَّكَ لَعَلَىٰ خُلُقٍ عَظِيمٖ

    آیت ⁦۶۸:۴⁩ کھولیں

    اور یقینا تم اخلاق کے اعلی درجے پر ہو۔

  5. فَسَتُبۡصِرُ وَيُبۡصِرُونَ

    آیت ⁦۶۸:۵⁩ کھولیں

    چنانچہ تم بھی دیکھ لو گے اور یہ لوگ بھی دیکھ لیں گے۔

  6. بِأَييِّكُمُ ٱلۡمَفۡتُونُ

    آیت ⁦۶۸:۶⁩ کھولیں

    کہ تم میں سے کون دیوانگی میں مبتلا ہے۔

  7. إِنَّ رَبَّكَ هُوَ أَعۡلَمُ بِمَن ضَلَّ عَن سَبِيلِهِۦ وَهُوَ أَعۡلَمُ بِٱلۡمُهۡتَدِينَ

    آیت ⁦۶۸:۷⁩ کھولیں

    یقینا تمہارا پروردگار اسے بھی خوب جانتا ہے جو اپنے راستے سے بھٹک گیا ہے اور ان لوگوں کو بھی خوب جانتا ہے جنہوں نے سیدھی راہ پالی ہے۔

  8. فَلَا تُطِعِ ٱلۡمُكَذِّبِينَ

    آیت ⁦۶۸:۸⁩ کھولیں

    لہذا تم ان کی باتوں میں نہ آنا جو (تمہیں) جھٹلا رہے ہیں۔

  9. وَدُّواْ لَوۡ تُدۡهِنُ فَيُدۡهِنُونَ

    آیت ⁦۶۸:۹⁩ کھولیں

    یہ چاہتے ہیں کہ تم ڈھیلے پڑجاؤ تو یہ بھی ڈھیلے پڑجائیں۔ [1]

    1. : کافروں کی طرف سے کئی بار اس قسم کی تجویزیں پیش کی گئی تھیں کہ اگر آنحضرت ﷺ اپنے فرائض تبلیغ کی ادائیگی میں کچھ نرمی کا مظاہرہ فرمائیں اور ہمارے بتوں کو باطل نہ کہیں تو ہم بھی آپ کو ستانا چھوڑ دیں گے۔ یہ ان کی اس تجویز کی طرف اشارہ ہے۔
  10. وَلَا تُطِعۡ كُلَّ حَلَّافٖ مَّهِينٍ 

    آیت ⁦۶۸:۱۰⁩ کھولیں

    اور کسی بھی ایسے شخص کی باتوں میں نہ آنا جو بہت قسمیں کھانے والا، بےوقعت شخص ہے۔ [1]

    1. : جو کافر لوگ آنحضرت ﷺ کی مخالفت میں پیش پیش تھے، اور آپ کو اپنے دین کی تبلیغ سے ہٹانا چاہتے تھے، ان میں سے کئی لوگ ایسے تھے جن میں وہ اخلاقی خرابیاں پائی جاتی تھیں جن کا تذکرہ آیات 10 تا 12 میں فرمایا گیا ہے۔ بعض مفسرین نے ایسے افراد کا نام بھی لیا ہے کہ وہ اخنس بن شریق، اسود بن عبد یغوث یا ولید بن مغیرہ تھے۔
  11. هَمَّازٖ مَّشَّآءِۭ بِنَمِيمٖ

    آیت ⁦۶۸:۱۱⁩ کھولیں

    طعنے دینے کا عادی ہے، چغلیاں لگاتا پھرتا ہے۔

  12. مَّنَّاعٖ لِّلۡخَيۡرِ مُعۡتَدٍ أَثِيمٍ

    آیت ⁦۶۸:۱۲⁩ کھولیں

    بھلائی سے روکنے والا، زیادتی کرنے والا، بد عمل ہے۔

  13. عُتُلِّۭ بَعۡدَ ذَٰلِكَ زَنِيمٍ

    آیت ⁦۶۸:۱۳⁩ کھولیں

    بد مزاج ہے اور اس کے علاوہ نچلے نسب والا بھی۔

  14. أَن كَانَ ذَا مَالٖ وَبَنِينَ

    آیت ⁦۶۸:۱۴⁩ کھولیں

    صرف اس وجہ سے کہ وہ بڑے مال اور اولاد والا ہے۔ [1]

    1. : یعنی صرف مال دار اور بڑے خاندان والا ہونے کی وجہ سے ایسے آدمی کی باتوں میں نہیں آنا چاہیے۔
  15. إِذَا تُتۡلَىٰ عَلَيۡهِ ءَايَٰتُنَا قَالَ أَسَٰطِيرُ ٱلۡأَوَّلِينَ

    آیت ⁦۶۸:۱۵⁩ کھولیں

    جب اس کے سامنے ہماری آیتیں پڑھ کر سنائی جاتی ہیں تو وہ کہتا ہے کہ یہ پچھلے لوگوں کی کہانیاں ہیں۔

  16. سَنَسِمُهُۥ عَلَى ٱلۡخُرۡطُومِ

    آیت ⁦۶۸:۱۶⁩ کھولیں

    عنقریب ہم اس کی سونڈ پر داغ لگا دیں گے۔ [1]

    1. : سونڈ سے مراد ناک ہے جسے اہانت کے طور پر سونڈ سے تعبیر کیا گیا ہے، اور مطلب یہ ہے کہ قیامت کے دن ایسے شخص کی ناک کو داغ کر اس پر ایک بدنما نشان لگا دیا جائے گا جس سے اس کی مزید رسوائی ہوگی۔
  17. إِنَّا بَلَوۡنَٰهُمۡ كَمَا بَلَوۡنَآ أَصۡحَٰبَ ٱلۡجَنَّةِ إِذۡ أَقۡسَمُواْ لَيَصۡرِمُنَّهَا مُصۡبِحِينَ

    آیت ⁦۶۸:۱۷⁩ کھولیں

    ہم نے ان (مکہ والوں) کو اسی طرح آزمائش میں ڈالا ہے جیسے (ایک) باغ والوں کو اس وقت آزمائش میں ڈالا تھا جب انہوں نے قسم کھائی تھی کہ صبح ہوتے ہی ہم اس باغ کا پھل توڑ لیں گے۔ [1]

    1. : مکہ مکرمہ کے بعض مال دار کافروں کو یہ زعم تھا کہ اگر اللہ تعالیٰ ہم سے ناراض ہوتا تو ہمیں مال و دولت سے نہ نوازتا، جیسا کہ سورة مومنون : 56 میں اللہ تعالیٰ نے ان کے اس خیال کا ذکر فرمایا ہے۔ یہاں اللہ تعالیٰ یہ فرما رہے ہیں کہ ہم بعض اوقات کسی کو مال و دولت اس آزمانے کے لیے دیتے ہیں، اور اگر وہ اس پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کے بجائے ناشکری کرے تو اس پر دنیا ہی میں عذاب آجاتا ہے۔ چنانچہ ان آیات میں اسی طرح کا ایک واقعہ بیان فرمایا گیا ہے جو اہل عرب میں مشہور تھا۔ واقعہ یہ ہے کہ ایک نیک شخص کا بہت بڑا باغ تھا۔ اس نیک آدمی کا معمول یہ تھا کہ وہ اپنے باغ اور کھیت کی پیداوار کا ایک اچھا خاصہ حصہ غریبوں کو دیا کرتا تھا۔ جب اس کا انتقال ہوا تو اس کے بیٹوں نے یہ طے کیا کہ ہمارا باپ بیوقوف تھا جو اتنی ساری پیداوار غریبوں کو دے کر اپنی دولت میں کمی کردیتا تھا۔ اب جو ہم باغ کی کٹائی کریں گے تو ایسا انتظام کریں گے کہ کوئی غریب آدمی وہاں آنے ہی نہ پائے۔ اس کے نتیجے میں جب وہ کٹائی کے لیے پہنچے تو اللہ تعالیٰ نے ان کے باغ پر ایک ایسی آفت بھیج دی کہ سارا باغ تباہ ہو کر رہ گیا۔ اکثر روایتوں کے مطابق یہ واقعہ یمن کے شہر صنعاء سے کچھ فاصلے پر ضروان نامی ایک علاقے میں پیش آیا تھا۔ یہ علاقہ اب بھی ضروان کہلاتا ہے، اور میں نے دیکھا ہے۔ وہاں چاروں طرف پھیلے ہوئے سبزے کے درمیان ایک کالے کالے پتھروں والا ویران علاقہ ہے جس کے بارے میں مشہور ہے کہ یہی اس باغ کی جگہ تھی جو بعد میں آباد نہیں ہوسکی۔ واللہ اعلم۔
  18. وَلَا يَسۡتَثۡنُونَ

    آیت ⁦۶۸:۱۸⁩ کھولیں

    اور یہ (کہتے ہوئے) وہ کوئی استثناء نہیں کر رہے تھے۔ [1]

    1. : اس کا ایک مطلب تو یہ ہوسکتا ہے کہ انہوں نے یہ ارادہ کیا تھا کہ سارے کا سارا پھل ہم توڑ لیں گے، اور اس کے کسی حصے کا استثناء نہیں کریں گے، یعنی کوئی حصہ غریبوں کے لیے نہیں چھوڑیں گے۔ دوسرے استثناء کرنے کا ایک مطلب ”ان شاء اللہ“ کہنا بھی ہوتا ہے۔ اس صورت میں مطلب یہ ہوگا کہ جب وہ یہ کہہ رہے تھے کہ ہم صبح ہوتے ہی پھل توڑ لیں گے تو اس وقت انہوں نے ”ان شاء اللہ“ نہیں کہا تھا
  19. فَطَافَ عَلَيۡهَا طَآئِفٞ مِّن رَّبِّكَ وَهُمۡ نَآئِمُونَ

    آیت ⁦۶۸:۱۹⁩ کھولیں

    پھر ہوا یہ کہ جس وقت وہ سو رہے تھے، اس وقت تمہارے پروردگار کی طرف سے ایک بلا اس باغ پر پھیرا لگا گئی۔

  20. فَأَصۡبَحَتۡ كَٱلصَّرِيمِ 

    آیت ⁦۶۸:۲۰⁩ کھولیں

    جس سے وہ باغ صبح کو کٹی ہوئی کھیتی کی طرح ہوگیا۔

  21. فَتَنَادَوۡاْ مُصۡبِحِينَ

    آیت ⁦۶۸:۲۱⁩ کھولیں

    پھر صبح ہوتے ہی انہوں نے ایک دوسرے کو آواز دی۔

  22. أَنِ ٱغۡدُواْ عَلَىٰ حَرۡثِكُمۡ إِن كُنتُمۡ صَٰرِمِينَ

    آیت ⁦۶۸:۲۲⁩ کھولیں

    کہ اگر پھل توڑنے ہیں تو اپنے کھیت کی طرف سویرے چل نکلو۔

  23. فَٱنطَلَقُواْ وَهُمۡ يَتَخَٰفَتُونَ

    آیت ⁦۶۸:۲۳⁩ کھولیں

    چنانچہ وہ ایک دوسرے سے چپکے چپکے یہ کہتے ہوئے روانہ ہوئے۔

  24. أَن لَّا يَدۡخُلَنَّهَا ٱلۡيَوۡمَ عَلَيۡكُم مِّسۡكِينٞ

    آیت ⁦۶۸:۲۴⁩ کھولیں

    کہ آج کوئی مسکین تمہارے پاس اس باغ میں نہ آنے پائے۔

  25. وَغَدَوۡاْ عَلَىٰ حَرۡدٖ قَٰدِرِينَ

    آیت ⁦۶۸:۲۵⁩ کھولیں

    اور وہ بڑے زوروں میں تیز تیز چلتے ہوئے نکلے۔ [1]

    1. : اس کا ایک ترجمہ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ ”وہ یہ سوچ کر سویرے روانہ ہوئے کہ وہ غریبوں کو منع کرنے پر قادر ہوجائیں گے“
  26. فَلَمَّا رَأَوۡهَا قَالُوٓاْ إِنَّا لَضَآلُّونَ

    آیت ⁦۶۸:۲۶⁩ کھولیں

    پھر جب اس باغ کو دیکھا تو کہنے لگے کہ : ہم ضرور راستہ بھٹک گئے ہیں۔ [1]

    1. : یعنی جب انہوں نے اپنے باغ کے پاس پہنچ کر دیکھا کہ وہاں درختوں کا نام و نشان ہی نہیں ہے تو شروع میں یہ سمجھے کہ وہ راستہ بھٹک کر کہیں اور پہنچ گئے ہیں۔
  27. بَلۡ نَحۡنُ مَحۡرُومُونَ

    آیت ⁦۶۸:۲۷⁩ کھولیں

    (پھر کچھ دیر بعد کے بعد کہا کہ) نہیں بلکہ ہم سب لٹ گئے ہیں۔

  28. قَالَ أَوۡسَطُهُمۡ أَلَمۡ أَقُل لَّكُمۡ لَوۡلَا تُسَبِّحُونَ

    آیت ⁦۶۸:۲۸⁩ کھولیں

    ان میں جو شخص سب سے اچھا تھا، وہ کہنے لگا : کیا میں نے تم سے نہیں کہا تھا کہ تم تسبیح کیوں نہیں کرتے ؟ [1]

    1. : ان بھائیوں میں ایک دوسروں کی بہ نسبت اچھا تھا، اس نے پہلے بھی بھائیوں سے کہا تھا کہ اللہ کا ذکر کرو، اور غریبوں کو منع نہ کرو، لیکن بعد میں وہ بھی دوسرے بھائیوں کے ساتھ شامل ہوگیا تھا۔
  29. قَالُواْ سُبۡحَٰنَ رَبِّنَآ إِنَّا كُنَّا ظَٰلِمِينَ

    آیت ⁦۶۸:۲۹⁩ کھولیں

    کہنے لگے : ہم اپنے پروردگار کی تسبیح کرتے ہیں، یقینا ہم ظالم تھے۔

  30. فَأَقۡبَلَ بَعۡضُهُمۡ عَلَىٰ بَعۡضٖ يَتَلَٰوَمُونَ 

    آیت ⁦۶۸:۳۰⁩ کھولیں

    پھر ایک دوسرے کی طرف متوجہ ہو کر ایک دوسرے کو ملامت کرنے لگے۔

  31. قَالُواْ يَٰوَيۡلَنَآ إِنَّا كُنَّا طَٰغِينَ

    آیت ⁦۶۸:۳۱⁩ کھولیں

    (پھر) سب نے (متفق ہوکر) کہا کہ : افسوس ہے ہم سب پر ! یقینا ہم سب نے سرکشی اختیار کرلی تھی۔

  32. عَسَىٰ رَبُّنَآ أَن يُبۡدِلَنَا خَيۡرٗا مِّنۡهَآ إِنَّآ إِلَىٰ رَبِّنَا رَٰغِبُونَ

    آیت ⁦۶۸:۳۲⁩ کھولیں

    کیا بعید ہے کہ ہمارا پروردگار ہمیں اس باغ کے بدلے اس سے اچھا عطا فرمادے۔ بیشک ہم اپنے پروردگار کی طرف رجوع کرتے ہیں۔ [1]

    1. : اس آیت سے بطاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ اس واقعے کے بعد انہوں نے توبہ کرلی تھی۔
  33. كَذَٰلِكَ ٱلۡعَذَابُۖ وَلَعَذَابُ ٱلۡأٓخِرَةِ أَكۡبَرُۚ لَوۡ كَانُواْ يَعۡلَمُونَ

    آیت ⁦۶۸:۳۳⁩ کھولیں

    عذاب ایسا ہی ہوتا ہے اور آخرت کا عذاب یقینا سب سے بڑا ہے۔ کاش یہ لوگ جانتے۔

  34. إِنَّ لِلۡمُتَّقِينَ عِندَ رَبِّهِمۡ جَنَّٰتِ ٱلنَّعِيمِ

    آیت ⁦۶۸:۳۴⁩ کھولیں

    البتہ متقیوں کے لیے ان کے پروردگار کے پاس نعمتوں بھرے باغات ہیں۔

  35. أَفَنَجۡعَلُ ٱلۡمُسۡلِمِينَ كَٱلۡمُجۡرِمِينَ

    آیت ⁦۶۸:۳۵⁩ کھولیں

    بھلا کیا ہم فرمانبرداروں کو مجرموں کے برابر کردیں گے ؟

  36. مَا لَكُمۡ كَيۡفَ تَحۡكُمُونَ

    آیت ⁦۶۸:۳۶⁩ کھولیں

    تمہیں کیا ہوگیا ہے ؟ تم کیسی باتیں طے کرلیتے ہو ؟

  37. أَمۡ لَكُمۡ كِتَٰبٞ فِيهِ تَدۡرُسُونَ

    آیت ⁦۶۸:۳۷⁩ کھولیں

    کیا تمہارے پاس کوئی کتاب ہے جس میں تم یہ پڑھتے ہو۔

  38. إِنَّ لَكُمۡ فِيهِ لَمَا تَخَيَّرُونَ

    آیت ⁦۶۸:۳۸⁩ کھولیں

    کہ تمہیں وہاں وہی کچھ ملے گا جو تم پسند کرو گے ؟ [1]

    1. : بعض کافر یہ کہتے تھے کہ اگر بالفرض ہمیں اللہ تعالیٰ نے مرنے کے بعد دوبارہ زندہ کیا تب بھی وہ ہمیں وہاں جنت کی نعمتیں دے گا، جیسا کہ سورة حم السجدہ : 50 میں گذرا ہے۔ یہ آیتیں اس بےبنیاد خیال کی تردید فرما رہی ہیں۔
  39. أَمۡ لَكُمۡ أَيۡمَٰنٌ عَلَيۡنَا بَٰلِغَةٌ إِلَىٰ يَوۡمِ ٱلۡقِيَٰمَةِ إِنَّ لَكُمۡ لَمَا تَحۡكُمُونَ

    آیت ⁦۶۸:۳۹⁩ کھولیں

    یا تم نے ہم سے قیامت کے دن تک باقی رہنے والی قسمیں لے رکھی ہیں کہ تمہیں وہی کچھ ملے گا جو تم طے کرو گے ؟

  40. سَلۡهُمۡ أَيُّهُم بِذَٰلِكَ زَعِيمٌ 

    آیت ⁦۶۸:۴۰⁩ کھولیں

    (اے پیغمبر) ان سے پوچھو کہ : ان میں سے کون ہے جس نے اس بات کی ضمانت لے رکھی ہو ؟

  41. أَمۡ لَهُمۡ شُرَكَآءُ فَلۡيَأۡتُواْ بِشُرَكَآئِهِمۡ إِن كَانُواْ صَٰدِقِينَ

    آیت ⁦۶۸:۴۱⁩ کھولیں

    کیا خدائی میں ان کے مانے ہوئے کچھ شریک ہیں (جو یہ ضمانت لیتے ہوں ؟) تو پھر لے آئیں اپنے ان شریکوں کو، اگر وہ سچے ہیں۔

  42. يَوۡمَ يُكۡشَفُ عَن سَاقٖ وَيُدۡعَوۡنَ إِلَى ٱلسُّجُودِ فَلَا يَسۡتَطِيعُونَ

    آیت ⁦۶۸:۴۲⁩ کھولیں

    جس دن ساق کھول دی جائے گی، اور ان کو سجدے کے لیے بلایا جائے گا تو یہ سجدہ کر نہیں سکیں گے۔ [1]

    1. : ساق پنڈلی کو کہتے ہیں۔ اس آیت کی تفسیر میں بعض حضرات نے تو یہ فرمایا ہے کہ پنڈلی کا کھل جانا عربی میں ایک محاورہ ہے جو بہت سخت مصیبت پیش آجانے کے لیے بولا جاتا ہے، لہذا مطلب یہ ہے کہ جب قیامت کی سخت مصیبت پیش آجائے گی تو ان کافروں کا یہ حال ہوگا۔ اور بہت سے مفسرین نے اس کا مطلب یہ بتایا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنی پنڈلی کھول دیں گے۔ اللہ تعالیٰ کی پنڈلی انسانوں کی پنڈلی کی طرح نہیں ہے، بلکہ وہ اللہ تعالیٰ کی ایک خاص صفت ہے جس کی حقیقت اللہ تعالیٰ ہی کو معلوم ہے۔ بہر حال ! مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنی وہ صفت ظاہر فرمائیں گے، اور لوگوں کو سجدے کے لیے بلایا جائے گا، مگر یہ کافر لوگ اس وقت سجدے پر قادر نہیں ہوں گے، کیونکہ جب ان کو قدرت تھی، اس وقت انہوں نے سجدہ کرنے سے انکار کیا تھا۔ اس تفسیر کی تائید ایک صحیح حدیث سے بھی ہوتی ہے۔
  43. خَٰشِعَةً أَبۡصَٰرُهُمۡ تَرۡهَقُهُمۡ ذِلَّةٞۖ وَقَدۡ كَانُواْ يُدۡعَوۡنَ إِلَى ٱلسُّجُودِ وَهُمۡ سَٰلِمُونَ

    آیت ⁦۶۸:۴۳⁩ کھولیں

    ان کی نگاہیں جھکی ہوئی ہوں گی، ان پر ذلت چھائی ہوئی ہوگی۔ اس وقت بھی انہیں سجدے کے لیے بلایا جاتا تھا جب یہ لوگ صحیح سالم تھے (اس وقت قدرت کے باوجود یہ انکار کرتے تھے)

  44. فَذَرۡنِي وَمَن يُكَذِّبُ بِهَٰذَا ٱلۡحَدِيثِۖ سَنَسۡتَدۡرِجُهُم مِّنۡ حَيۡثُ لَا يَعۡلَمُونَ

    آیت ⁦۶۸:۴۴⁩ کھولیں

    لہذا (اے پیغمبر) جو لوگ اس کلام کو جھٹلا رہے ہیں انہیں مجھ پر چھوڑ دو۔ ہم انہیں اس طرح دھیرے دھیرے (تباہی کی طرف) لے جائیں گے کہ انہیں پتہ بھی نہیں چلے گا۔

  45. وَأُمۡلِي لَهُمۡۚ إِنَّ كَيۡدِي مَتِينٌ

    آیت ⁦۶۸:۴۵⁩ کھولیں

    اور میں انہیں ڈھیل دے رہا ہوں۔ یقین رکھو میری تدبیر بڑی مضبوط ہے۔

  46. أَمۡ تَسۡـَٔلُهُمۡ أَجۡرٗا فَهُم مِّن مَّغۡرَمٖ مُّثۡقَلُونَ

    آیت ⁦۶۸:۴۶⁩ کھولیں

    کیا تم ان سے کوئی اجرت مانگ رہے ہو کہ وہ تاوان کے بوجھ سے دبے جارہے ہیں ؟

  47. أَمۡ عِندَهُمُ ٱلۡغَيۡبُ فَهُمۡ يَكۡتُبُونَ

    آیت ⁦۶۸:۴۷⁩ کھولیں

    یا ان کے پاس غیب کا علم ہے جسے وہ لکھ رہے ہوں ؟

  48. فَٱصۡبِرۡ لِحُكۡمِ رَبِّكَ وَلَا تَكُن كَصَاحِبِ ٱلۡحُوتِ إِذۡ نَادَىٰ وَهُوَ مَكۡظُومٞ

    آیت ⁦۶۸:۴۸⁩ کھولیں

    غرض تم اپنے پروردگار کا حکم آنے تک صبر کیے جاؤ، اور مچھلی والے کی طرح مت ہوجانا۔ [1] جب انہوں نے غم سے گھٹ گھٹ کر (ہمیں) پکارا تھا۔

    1. : اس سے مراد حضرت یونس ؑ ہیں جن کا واقعہ سورة یونس : 98 اور سورة انبیاء : 87 اور سورة صافات : 140 میں گذر چکا ہے۔
  49. لَّوۡلَآ أَن تَدَٰرَكَهُۥ نِعۡمَةٞ مِّن رَّبِّهِۦ لَنُبِذَ بِٱلۡعَرَآءِ وَهُوَ مَذۡمُومٞ

    آیت ⁦۶۸:۴۹⁩ کھولیں

    اگر ان کے پروردگار کے فضل نے انہیں سنبھال نہ لیا ہوتا تو انہیں بری حالت کے ساتھ اسی کھلے میدان میں پھینک دیا جاتا۔ [1]

    1. : اس سے مراد وہ میدان ہے جہاں مچھلی حضرت یونس ؑ کو اگل کر چلی گئی تھی۔ مطلب یہ ہے کہ مچھلی کے پیٹ سے نکلنے کے باوجود وہ اتنے کمزور ہوچکے تھے کہ ان کا زندہ رہنا بہت مشکل تھا۔ لیکن اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے انہیں سنبھالا، اور وہ دوبارہ تندرست ہوگئے۔
  50. فَٱجۡتَبَٰهُ رَبُّهُۥ فَجَعَلَهُۥ مِنَ ٱلصَّٰلِحِينَ 

    آیت ⁦۶۸:۵۰⁩ کھولیں

    پھر ان کے پروردگار نے انہیں منتخب فرما لیا، اور انہیں صالحین میں شامل کردیا۔

  51. وَإِن يَكَادُ ٱلَّذِينَ كَفَرُواْ لَيُزۡلِقُونَكَ بِأَبۡصَٰرِهِمۡ لَمَّا سَمِعُواْ ٱلذِّكۡرَ وَيَقُولُونَ إِنَّهُۥ لَمَجۡنُونٞ

    آیت ⁦۶۸:۵۱⁩ کھولیں

    جن لوگوں نے کفر اپنا لیا ہے جب وہ نصیحت کی یہ بات سنتے ہیں تو ایسا لگتا ہے کہ یہ اپنی (تیز تیز) آنکھوں سے تمہیں ڈگمگا دیں گے، اور وہ کہتے ہیں کہ یہ شخص تو دیوانہ ہے۔

  52. وَمَا هُوَ إِلَّا ذِكۡرٞ لِّلۡعَٰلَمِينَ

    آیت ⁦۶۸:۵۲⁩ کھولیں

    حالانکہ یہ تو دنیا جہان کے لوگوں کے لیے ایک نصیحت ہی نصیحت ہے۔