النبإ

An-Naba

سورت ۷۸ · آیات: ۴۰ · مکی

ترجمہ: Mufti Taqi Usmani · سورت کھولیں

بِسۡمِ ٱللَّهِ ٱلرَّحۡمَٰنِ ٱلرَّحِيمِ

  1. عَمَّ يَتَسَآءَلُونَ

    آیت ⁦۷۸:۱⁩ کھولیں

    یہ (کافر) لوگ کس چیز کے بارے میں سوالات کر رہے ہیں ؟

  2. عَنِ ٱلنَّبَإِ ٱلۡعَظِيمِ

    آیت ⁦۷۸:۲⁩ کھولیں

    اس زبردست واقعے کے بارے میں

  3. ٱلَّذِي هُمۡ فِيهِ مُخۡتَلِفُونَ

    آیت ⁦۷۸:۳⁩ کھولیں

    جس میں خود ان کی باتیں مختلف ہیں۔ [1]

    1. : اس سے قیامت اور آخرت مراد ہے۔ کافر لوگ قیامت کے بارے میں طرح طرح کی باتیں بنایا کرتے تھے۔ کوئی اس کا مذاق اڑاتا، کوئی اس کے خلاف دلیلیں پیش کرتا، کوئی مسلمانوں سے اس کی تفصیلات کے بارے میں سوالات کرتا، اور سوال کرنے کا مقصد حق کی تلاش نہیں، بلکہ استہزاء ہوتا تھا۔ ان آیتوں میں ان کے اسی طرز عمل کی طرف اشارہ ہے۔ اس کے بعد اللہ تعالیٰ نے کائنات میں پھیلی ہوئی اپنی قدرت کی نشانیوں کا ذکر فرمایا ہے کہ جب تم یہ مانتے ہو کہ یہ سب کچھ اللہ تعالیٰ نے پیدا فرمایا ہے، تو اس کی یہ قدرت تسلیم کرنے میں تمہیں کیوں مشکل پیش آرہی ہے کہ وہ اس عالم کو ایک مرتبہ ختم کر کے دوبارہ پیدا فرما دے گا۔
  4. كَلَّا سَيَعۡلَمُونَ

    آیت ⁦۷۸:۴⁩ کھولیں

    خبردار ! انہیں بہت جلد پتہ لگ جائے گا۔

  5. ثُمَّ كَلَّا سَيَعۡلَمُونَ

    آیت ⁦۷۸:۵⁩ کھولیں

    دوبارہ خبردار ! انہیں بہت جل پتہ لگ جائے گا۔

  6. أَلَمۡ نَجۡعَلِ ٱلۡأَرۡضَ مِهَٰدٗا

    آیت ⁦۷۸:۶⁩ کھولیں

    کیا ہم نے زمین کو ایک بچھونا نہیں بنایا ؟

  7. وَٱلۡجِبَالَ أَوۡتَادٗا

    آیت ⁦۷۸:۷⁩ کھولیں

    اور پہاڑوں کو (زمین میں گڑی ہوئی) میخیں ؟

  8. وَخَلَقۡنَٰكُمۡ أَزۡوَٰجٗا

    آیت ⁦۷۸:۸⁩ کھولیں

    اور تمہیں (مرد و عورت کے) جوڑوں کی شکل میں ہم نے پید ا کیا۔

  9. وَجَعَلۡنَا نَوۡمَكُمۡ سُبَاتٗا

    آیت ⁦۷۸:۹⁩ کھولیں

    اور تمہاری نیند کو تھکن دور کرنے کا ذریعہ ہم نے بنایا۔

  10. وَجَعَلۡنَا ٱلَّيۡلَ لِبَاسٗا 

    آیت ⁦۷۸:۱۰⁩ کھولیں

    اور رات کو پردے کا سبب ہم نے بنایا۔

  11. وَجَعَلۡنَا ٱلنَّهَارَ مَعَاشٗا

    آیت ⁦۷۸:۱۱⁩ کھولیں

    اور دن کو روزی حاصل کرنے کا وقت ہم نے قرار دیا۔

  12. وَبَنَيۡنَا فَوۡقَكُمۡ سَبۡعٗا شِدَادٗا

    آیت ⁦۷۸:۱۲⁩ کھولیں

    اور ہم نے ہی تمہارے اوپر سات مضبوط وجود (آسمان) تعمیر کیے۔

  13. وَجَعَلۡنَا سِرَاجٗا وَهَّاجٗا

    آیت ⁦۷۸:۱۳⁩ کھولیں

    اور ہم نے ہی ایک دہکتا ہوا چراغ (سورج) پیدا کیا۔

  14. وَأَنزَلۡنَا مِنَ ٱلۡمُعۡصِرَٰتِ مَآءٗ ثَجَّاجٗا

    آیت ⁦۷۸:۱۴⁩ کھولیں

    اور ہم نے ہی بھرے ہوئے بادلوں سے موسلا دھار پانی برسایا۔

  15. لِّنُخۡرِجَ بِهِۦ حَبّٗا وَنَبَاتٗا

    آیت ⁦۷۸:۱۵⁩ کھولیں

    تاکہ اس سے غلہ اور دوسری سبزیاں بھی اگائیں۔

  16. وَجَنَّٰتٍ أَلۡفَافًا

    آیت ⁦۷۸:۱۶⁩ کھولیں

    اور گھنے باغات بھی۔

  17. إِنَّ يَوۡمَ ٱلۡفَصۡلِ كَانَ مِيقَٰتٗا

    آیت ⁦۷۸:۱۷⁩ کھولیں

    یقین جانو فیصلے کا دن ایک متعین وقت ہے۔

  18. يَوۡمَ يُنفَخُ فِي ٱلصُّورِ فَتَأۡتُونَ أَفۡوَاجٗا

    آیت ⁦۷۸:۱۸⁩ کھولیں

    وہ دن جب صور پھونکا جائے گا تو تم سب فوج در فوج چلے آؤ گے۔

  19. وَفُتِحَتِ ٱلسَّمَآءُ فَكَانَتۡ أَبۡوَٰبٗا

    آیت ⁦۷۸:۱۹⁩ کھولیں

    اور آسمان کھول دیا جائے گا تو اس کے دروازے ہی دروازے بن جائیں گے۔

  20. وَسُيِّرَتِ ٱلۡجِبَالُ فَكَانَتۡ سَرَابًا 

    آیت ⁦۷۸:۲۰⁩ کھولیں

    اور پہاڑوں کو چلایا جائے گا تو وہ ریت کے سراب کی شکل اختیار کرلیں گے۔

  21. إِنَّ جَهَنَّمَ كَانَتۡ مِرۡصَادٗا

    آیت ⁦۷۸:۲۱⁩ کھولیں

    یقین جانو جہنم گھات لگائے بیٹھی ہے۔

  22. لِّلطَّٰغِينَ مَـَٔابٗا

    آیت ⁦۷۸:۲۲⁩ کھولیں

    وہ سرکشوں کا ٹھکانا ہے۔

  23. لَّٰبِثِينَ فِيهَآ أَحۡقَابٗا

    آیت ⁦۷۸:۲۳⁩ کھولیں

    جس میں وہ مدتوں اس طرح رہیں گے۔ [1]

    1. : اصل عربی لفظ ”احقاب“ ہے جو ”حقبة“ کی جمع ہے جو بڑی طویل مدت کو کہتے ہیں، اور مطلب یہ ہے کہ ان کے دوزخ میں رہنے کی مدتیں یکے بعد دیگرے بڑھتی ہی چلی جائیں گی۔ بعض لوگوں نے اس لفظ سے جو استدلال کیا ہے کہ جن سرکش لوگوں کا ذکر ہورہا ہے، وہ بھی طویل مدتیں گذرنے کے بعد دوزخ سے نکل جائیں گے، وہ غلط استدلال ہے، اس لیے کہ قرآن کریم نے بہت سے مقامات پر صریح لفظوں میں وضاحت فرما دی ہے کہ وہ کبھی نہیں نکلیں گے۔ مثلاً دیکھئے سورة مائدہ : 37۔
  24. لَّا يَذُوقُونَ فِيهَا بَرۡدٗا وَلَا شَرَابًا

    آیت ⁦۷۸:۲۴⁩ کھولیں

    کہ اس میں نہ وہ کسی ٹھنڈک کا مزہ چکھیں گے، اور نہ کسی پینے کے قابل چیز کا ہے۔

  25. إِلَّا حَمِيمٗا وَغَسَّاقٗا

    آیت ⁦۷۸:۲۵⁩ کھولیں

    سوائے گرم پانی اور پیپ لہو کے۔

  26. جَزَآءٗ وِفَاقًا

    آیت ⁦۷۸:۲۶⁩ کھولیں

    یہ ان کا پورا پورا بدلہ ہوگا۔

  27. إِنَّهُمۡ كَانُواْ لَا يَرۡجُونَ حِسَابٗا

    آیت ⁦۷۸:۲۷⁩ کھولیں

    وہ (اپنے اعمال کے) حساب کا عقیدہ نہیں رکھتے تھے۔

  28. وَكَذَّبُواْ بِـَٔايَٰتِنَا كِذَّابٗا

    آیت ⁦۷۸:۲۸⁩ کھولیں

    اور انہوں نے ہماری آیتوں کو بڑھ چڑھ کر جھٹلایا تھا۔

  29. وَكُلَّ شَيۡءٍ أَحۡصَيۡنَٰهُ كِتَٰبٗا

    آیت ⁦۷۸:۲۹⁩ کھولیں

    اور ہم نے ہر ہر چیز کو لکھ کر محفوظ کر رکھا ہے۔

  30. فَذُوقُواْ فَلَن نَّزِيدَكُمۡ إِلَّا عَذَابًا 

    آیت ⁦۷۸:۳۰⁩ کھولیں

    اب مزہ چکھو ! اس لئے کہ ہم تمہارے لیے سزا کے سوا کسی چیز میں اضافہ نہیں کریں گے۔

  31. إِنَّ لِلۡمُتَّقِينَ مَفَازًا

    آیت ⁦۷۸:۳۱⁩ کھولیں

    جن لوگوں نے تقوی اختیار کیا تھا، ان کی بیشک بڑی جیت ہے۔

  32. حَدَآئِقَ وَأَعۡنَٰبٗا

    آیت ⁦۷۸:۳۲⁩ کھولیں

    باغات اور انگور۔

  33. وَكَوَاعِبَ أَتۡرَابٗا

    آیت ⁦۷۸:۳۳⁩ کھولیں

    اور نو خیز ہم عمر لڑکیاں۔

  34. وَكَأۡسٗا دِهَاقٗا

    آیت ⁦۷۸:۳۴⁩ کھولیں

    اور چھلکتے ہوئے پیمانے۔

  35. لَّا يَسۡمَعُونَ فِيهَا لَغۡوٗا وَلَا كِذَّٰبٗا

    آیت ⁦۷۸:۳۵⁩ کھولیں

    وہاں پر وہ نہ کوئی بےہودہ بات سنیں گے، اور نہ کوئی جھوٹی بات۔

  36. جَزَآءٗ مِّن رَّبِّكَ عَطَآءً حِسَابٗا

    آیت ⁦۷۸:۳۶⁩ کھولیں

    یہ تمہارے پروردگار کی طرف سے صلہ ہوگا۔ (اللہ کی) ایسی دین ہوگی جو لوگوں کے اعمال کے حساب سے دی جائے گی۔ [1]

    1. : یہ ترجمہ ایک تفسیر کے مطابق ہے جو حضرت عطاء سے منقول ہے، اور اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ اللہ تعالیٰ کی دین میں ہوگی، جو کسی استحقاق کے بغیر ملے گی، لیکن اللہ تعالیٰ یہ دین ہر ایک کو اس کے اعمال کے حساب سے دیں گے۔ اور اس کا دوسرا ترجمہ یہ ہوسکتا ہے کہ : (اللہ کی) ایسی دین ہوگی جو ہر ایک کے لیے کافی ہوجائے گی۔ یعنی ان کی ضروریات اور خواہشات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہوگی۔
  37. رَّبِّ ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَٱلۡأَرۡضِ وَمَا بَيۡنَهُمَا ٱلرَّحۡمَٰنِۖ لَا يَمۡلِكُونَ مِنۡهُ خِطَابٗا

    آیت ⁦۷۸:۳۷⁩ کھولیں

    اسی پروردگار کی طرف سے جو سارے آسمانوں اور زمین اور ان کے درمیان ہر چیز کا مالک، بہت مہربان ہے ! کسی کی مجال نہیں ہے کہ اس کے سامنے بول سکے۔ [1]

    1. : یعنی جس کو جو کچھ دے دیا جائے گا، اس کے خلاف کسی کو بولنے کی مجال نہیں ہوگی۔
  38. يَوۡمَ يَقُومُ ٱلرُّوحُ وَٱلۡمَلَٰٓئِكَةُ صَفّٗاۖ لَّا يَتَكَلَّمُونَ إِلَّا مَنۡ أَذِنَ لَهُ ٱلرَّحۡمَٰنُ وَقَالَ صَوَابٗا

    آیت ⁦۷۸:۳۸⁩ کھولیں

    جس دن ساری روحیں اور فرشتے قطاریں بنا کر کھڑے ہوں گے، اس دن سوائے اس کے کوئی نہیں بول سکے گا۔ جسے خدائے رحمن نے اجازت دی ہو، اور وہ بات بھی ٹھیک کہے۔ [1]

    1. : اس کا مطلب یہ ہے کہ کوئی انسان یا فرشتہ کسی کی سفارش کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ کی اجازت کے بغیر کچھ بول نہیں سکے گا، اور وہ بھی اس وقت جب وہ سفارش بھی ٹھیک کرے، یعنی اس طریقے سے کرے جو اللہ تعالیٰ نے مقرر فرمایا ہوگا۔
  39. ذَٰلِكَ ٱلۡيَوۡمُ ٱلۡحَقُّۖ فَمَن شَآءَ ٱتَّخَذَ إِلَىٰ رَبِّهِۦ مَـَٔابًا

    آیت ⁦۷۸:۳۹⁩ کھولیں

    وہ دن ہے جو برحق ہے۔ اب جو چاہے وہ اپنے پروردگار کے پاس ٹھکانا بنا رکھے۔

  40. إِنَّآ أَنذَرۡنَٰكُمۡ عَذَابٗا قَرِيبٗا يَوۡمَ يَنظُرُ ٱلۡمَرۡءُ مَا قَدَّمَتۡ يَدَاهُ وَيَقُولُ ٱلۡكَافِرُ يَٰلَيۡتَنِي كُنتُ تُرَٰبَۢا 

    آیت ⁦۷۸:۴۰⁩ کھولیں

    حقیقت یہ ہے کہ ہم نے تمہیں ایک ایسے عذاب سے خبردار کردیا ہے جو قریب آنے والا ہے جس دن ہر شخص وہ اعمال آنکھوں سے دیکھ لے گا جو اس کے ہاتھوں نے آگے بھیج رکھے ہیں، اور کافر یہ کہے گا کہ کاش ! میں مٹی ہوجاتا۔ [1]

    1. : بعض روایتوں میں ہے کہ جن جانوروں نے دنیا میں ایک دوسرے پر ظلم کیا تھا، میدان حشر میں ان کو بھی جمع کرکے ان سے ان کے ظلم کا بدلہ دلوایا جائے گا، یہاں تک کہ اگر کسی سینگ والی بکری نے کسی بےسینگ والی بکری کو سینگ مارا تھا تو حشر میں اس کا بھی بدلہ دلوایا جائے گا، اور جب یہ بدلہ پورا ہوجائے گا تو ان جانوروں کو مٹی میں تبدیل کردیا جائے گا، اس وقت وہ کافر لوگ جنہیں دوزخ کا انجام نظر آرہا ہوگا، وہ یہ تمنا کریں گے کہ کاش ! ہم بھی مٹی ہوجاتے (مسلم و ترمذی)۔