المعارج

Al-Ma'aarij

سورت ۷۰ · آیات: ۴۴ · مکی

ترجمہ: Mufti Taqi Usmani · سورت کھولیں

بِسۡمِ ٱللَّهِ ٱلرَّحۡمَٰنِ ٱلرَّحِيمِ

  1. سَأَلَ سَآئِلُۢ بِعَذَابٖ وَاقِعٖ

    آیت ⁦۷۰:۱⁩ کھولیں

    ایک مانگنے والے نے وہ عذاب مانگا ہے

  2. لِّلۡكَٰفِرِينَ لَيۡسَ لَهُۥ دَافِعٞ

    آیت ⁦۷۰:۲⁩ کھولیں

    جو کافروں پر آنے والا ہے [1] کوئی نہیں ہے جو اسے روک سکے۔

    1. : ایک کافر نے اسلام کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا تھا کہ اگر قرآن اور اسلام برحق ہے تو ہم پر آسمان سے پتھر برسائیے، یا کوئی اور دردناک عذاب ہم پر لے آئیے، جیسا کہ سورة انفال (8: 32) میں گزرا ہے، بعض روایات سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ شخص نضر بن حارث تھا، یہاں اسی کی بات کا حوالہ دیا جارہا ہے کہ وہ عذاب مانگ رہا ہے اور اس کا اصل مقصد مذاق اڑاکر اس عذاب کو جھٹلانا ہے، حالانکہ وہ ایسی چیز ہے جب آجائے گی تو کوئی اسے روک نہیں سکے گا۔
  3. مِّنَ ٱللَّهِ ذِي ٱلۡمَعَارِجِ

    آیت ⁦۷۰:۳⁩ کھولیں

    وہ اللہ کی طرف سے آئے گا جو چڑھنے کے تمام راستوں کا مالک ہے۔ [1]

    1. : چڑھنے کے راستوں سے مراد وہ راستے ہیں جن سے چڑھ کر فرشتے عالم بالا تک پہنچتے ہیں۔ یہاں ان کا حوالہ اس لیے دیا گیا ہے کہ اگلی آیت میں انہی فرشتوں کے چڑھنے کا ذکر آ رہا ہے۔
  4. تَعۡرُجُ ٱلۡمَلَٰٓئِكَةُ وَٱلرُّوحُ إِلَيۡهِ فِي يَوۡمٖ كَانَ مِقۡدَارُهُۥ خَمۡسِينَ أَلۡفَ سَنَةٖ

    آیت ⁦۷۰:۴⁩ کھولیں

    فرشتے اور روح القدس اس کی طرف ایک ایسے دن میں چڑھ کر جاتے ہیں جس کی مقدار پچاس ہزار سال ہے۔ [1]

    1. : اس دن سے مراد بعض مفسرین کے نزدیک قیامت کا دن ہے جو کافروں کو حساب و کتاب کی سختی کی وجہ سے پچاس ہزار سال کا محسوس ہوگا، ان حضرات کا کہنا ہے کہ اسی دن کو سورة تنزیل السجدہ : 5 میں ایک ہزار سال کے برابر قرار دیا گیا ہے، وہ اس لیے کہ حساب و کتاب کی سختی کی نوعیت کے لحاظ سے کسی کو وہ ایک ہزار سال کا معلوم ہوگا، اور جس کسی کو اور زیادہ سختی اٹھانی ہوگی، اسے پچاس ہزار سال کا معلوم ہوگا۔ لیکن اس آیت کی ایک دوسری تفسیر یہ ہے کہ کفار کے سامنے جب یہ کہا جاتا تھا کہ ان کے کفر کے نتیجے میں ان پر اللہ تعالیٰ کی طرف سے دنیا یا آخرت میں عذاب آئے گا تو وہ اس کا مذاق اڑاتے تھے، اور کہتے تھے کہ اتنے دن گذر گئے، لیکن کوئی عذاب نہیں آیا، اگر واقعی عذاب آنا ہے تو ابھی کیوں نہیں آجاتا ؟ اس کے جواب میں فرمایا جا رہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جو وعدہ کر رکھا ہے، وہ تو ضرور پورا ہوگا۔ رہا اس کا وقت، تو وہ اللہ تعالیٰ کی اپنی حکمت کے مطابق متعین ہوگا۔ اور تم جو سمجھ رہے ہو کہ اس کے آنے میں بہت دیر ہوگئی ہے تو درحقیقت تم جس مدت کو ایک ہزار سال یا پچاس ہزار سال سمجھتے ہو، وہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک ایک دن کے برابر ہے۔ چنانچہ سورة حج : 47 میں بھی یہ بات اسی سلسلے میں فرمائی گئی ہے کہ یہ لوگ عذاب کو جلدی لانے کا مطالبہ کر رہے ہیں، اور یہاں سورة معارج میں بھی اسی شخص کے جواب میں یہ بات ارشاد فرمائی گئی ہے جو عذاب مانگ رہا تھا۔
  5. فَٱصۡبِرۡ صَبۡرٗا جَمِيلًا

    آیت ⁦۷۰:۵⁩ کھولیں

    لہذا تم خوبصورتی کے ساتھ صبر سے کام لو۔

  6. إِنَّهُمۡ يَرَوۡنَهُۥ بَعِيدٗا

    آیت ⁦۷۰:۶⁩ کھولیں

    یہ لوگ اسے دور سمجھ رہے ہیں۔

  7. وَنَرَىٰهُ قَرِيبٗا

    آیت ⁦۷۰:۷⁩ کھولیں

    اور ہم اسے قریب دیکھ رہے ہیں۔

  8. يَوۡمَ تَكُونُ ٱلسَّمَآءُ كَٱلۡمُهۡلِ

    آیت ⁦۷۰:۸⁩ کھولیں

    (وہ عذاب) اس دن ہوگا جب آسمان تیل کی تلچھٹ کی طرح ہوجائے گا۔

  9. وَتَكُونُ ٱلۡجِبَالُ كَٱلۡعِهۡنِ

    آیت ⁦۷۰:۹⁩ کھولیں

    اور پہاڑ رنگین روئی کی طرح ہوجائیں گے۔

  10. وَلَا يَسۡـَٔلُ حَمِيمٌ حَمِيمٗا 

    آیت ⁦۷۰:۱۰⁩ کھولیں

    اور کوئی جگری دوست کسی جگری دوست کو پوچھے گا بھی نہیں۔

  11. يُبَصَّرُونَهُمۡۚ يَوَدُّ ٱلۡمُجۡرِمُ لَوۡ يَفۡتَدِي مِنۡ عَذَابِ يَوۡمِئِذِۭ بِبَنِيهِ

    آیت ⁦۷۰:۱۱⁩ کھولیں

    حالانکہ وہ ایک دوسرے کو دکھا بھی دیے جائیں گے۔ مجرم یہ چاہے گا کہ اس دن کے عذاب سے چھوٹنے کے لیے اپنے بیٹے فدیہ میں دیدے۔

  12. وَصَٰحِبَتِهِۦ وَأَخِيهِ

    آیت ⁦۷۰:۱۲⁩ کھولیں

    اور اپنی بیوی اور اپنا بھائی

  13. وَفَصِيلَتِهِ ٱلَّتِي تُـٔۡوِيهِ

    آیت ⁦۷۰:۱۳⁩ کھولیں

    اور اپنا وہ خاندان جو اسے پناہ دیتا تھا۔

  14. وَمَن فِي ٱلۡأَرۡضِ جَمِيعٗا ثُمَّ يُنجِيهِ

    آیت ⁦۷۰:۱۴⁩ کھولیں

    اور زمین کے سارے کے سارے باشندے۔ پھر (ان سب کو فدیہ میں دے کر) اپنے آپ کو بچا لے۔

  15. كَلَّآۖ إِنَّهَا لَظَىٰ

    آیت ⁦۷۰:۱۵⁩ کھولیں

    (لیکن) ایسا ہرگز نہیں ہوسکے گا۔ وہ تو ایک بھڑکتی ہوئی آگ ہے۔

  16. نَزَّاعَةٗ لِّلشَّوَىٰ

    آیت ⁦۷۰:۱۶⁩ کھولیں

    جو کھال اتار لے گی۔

  17. تَدۡعُواْ مَنۡ أَدۡبَرَ وَتَوَلَّىٰ

    آیت ⁦۷۰:۱۷⁩ کھولیں

    ہر اس شخص کو بلائے گی جس نے پیٹھ پھیر کر منہ موڑا ہوگا۔ [1]

    1. : یعنی جس جس نے دنیا میں حق سے پیٹھ موڑی ہوگی اسے وہ اپنے پاس بلا لے گی۔
  18. وَجَمَعَ فَأَوۡعَىٰٓ

    آیت ⁦۷۰:۱۸⁩ کھولیں

    اور (مال) اکٹھا کیا ہوگا پھر اسے سینت سینت کر رکھا ہوگا۔ [1]

    1. : یعنی مال پر اللہ تعالیٰ نے جو حقوق عائد فرمائے ہیں، ان کو ادا کیے بغیر وہ اسے جمع کرتا رہا ہوگا۔
  19. ۞إِنَّ ٱلۡإِنسَٰنَ خُلِقَ هَلُوعًا

    آیت ⁦۷۰:۱۹⁩ کھولیں

    حقیقت یہ ہے کہ انسان بہت کم حوصلہ پیدا کیا گیا ہے۔

  20. إِذَا مَسَّهُ ٱلشَّرُّ جَزُوعٗا 

    آیت ⁦۷۰:۲۰⁩ کھولیں

    جب اسے کوئی تکلیف پہنچتی ہے تو بہت گھبرا جاتا ہے۔

  21. وَإِذَا مَسَّهُ ٱلۡخَيۡرُ مَنُوعًا

    آیت ⁦۷۰:۲۱⁩ کھولیں

    اور جب اس کے پاس خوشحالی آتی ہے تو بہت بخیل بن جاتا ہے۔

  22. إِلَّا ٱلۡمُصَلِّينَ

    آیت ⁦۷۰:۲۲⁩ کھولیں

    مگر وہ نمازی ایسے نہیں ہیں۔

  23. ٱلَّذِينَ هُمۡ عَلَىٰ صَلَاتِهِمۡ دَآئِمُونَ

    آیت ⁦۷۰:۲۳⁩ کھولیں

    جو اپنی نماز کی ہمیشہ پابندی کرتے ہیں۔

  24. وَٱلَّذِينَ فِيٓ أَمۡوَٰلِهِمۡ حَقّٞ مَّعۡلُومٞ

    آیت ⁦۷۰:۲۴⁩ کھولیں

    اور جن کے مال و دولت میں ایک متعین حق ہے۔ [1]

    1. :: اس سے مراد زکوٰۃ اور دوسرے واجب حقوق ہیں، ان الفاظ میں یہ بھی واضح فرمادیا گیا ہے کہ زکوٰۃ دینا غریبوں پر کوئی احسان نہیں ہے بلکہ یہ ان کا حق ہے۔
  25. لِّلسَّآئِلِ وَٱلۡمَحۡرُومِ

    آیت ⁦۷۰:۲۵⁩ کھولیں

    سوالی اور بےسوالی کا [1]

    1. : جو غریب اپنی حاجت ظاہر کردیتے ہیں، انہیں سوالی سے اور جو حاجت مند ہونے کے باوجود اپنی حاجت کسی سے نہیں کہتے، انہیں بےسوالی (محروم۔ نہ مانگنے والے) سے تعبیر کیا گیا ہے۔
  26. وَٱلَّذِينَ يُصَدِّقُونَ بِيَوۡمِ ٱلدِّينِ

    آیت ⁦۷۰:۲۶⁩ کھولیں

    اور جو روز جزاء کو برحق مانتے ہیں۔

  27. وَٱلَّذِينَ هُم مِّنۡ عَذَابِ رَبِّهِم مُّشۡفِقُونَ

    آیت ⁦۷۰:۲۷⁩ کھولیں

    اور جو اپنے پروردگار کے عذب سے سہمے رہتے ہیں۔

  28. إِنَّ عَذَابَ رَبِّهِمۡ غَيۡرُ مَأۡمُونٖ

    آیت ⁦۷۰:۲۸⁩ کھولیں

    یقینا ان کے پروردگار کا عذاب ایسی چیز نہیں ہے جس سے بےفکری برتی جائے۔

  29. وَٱلَّذِينَ هُمۡ لِفُرُوجِهِمۡ حَٰفِظُونَ

    آیت ⁦۷۰:۲۹⁩ کھولیں

    اور جو اپنی شرمگاہوں کی (اور سب سے) حفاظت کرتے ہیں۔

  30. إِلَّا عَلَىٰٓ أَزۡوَٰجِهِمۡ أَوۡ مَا مَلَكَتۡ أَيۡمَٰنُهُمۡ فَإِنَّهُمۡ غَيۡرُ مَلُومِينَ 

    آیت ⁦۷۰:۳۰⁩ کھولیں

    سوائے اپنی بیویوں اور ان باندیوں کے جو ان کی ملکیت میں آچکی ہوں، کیونکہ ایسے لوگوں پر کوئی ملامت نہیں ہے۔

  31. فَمَنِ ٱبۡتَغَىٰ وَرَآءَ ذَٰلِكَ فَأُوْلَٰٓئِكَ هُمُ ٱلۡعَادُونَ

    آیت ⁦۷۰:۳۱⁩ کھولیں

    البتہ جو لوگ ان کے علاوہ کوئی اور طریقہ اختیار کرنا چاہیں وہ حد سے گزرے ہوئے لوگ ہیں۔ [1]

    1. : یعنی بیویوں اور باندیوں کے سوا کسی اور طریقے سے جنسی خواہش پوری کرنا حرام ہے، اس لئے ایسے لوگ حد سے گزرے ہوئے ہیں۔
  32. وَٱلَّذِينَ هُمۡ لِأَمَٰنَٰتِهِمۡ وَعَهۡدِهِمۡ رَٰعُونَ

    آیت ⁦۷۰:۳۲⁩ کھولیں

    اور جو اپنی امانتوں اور عہد کا پاس رکھنے والے ہیں۔

  33. وَٱلَّذِينَ هُم بِشَهَٰدَٰتِهِمۡ قَآئِمُونَ

    آیت ⁦۷۰:۳۳⁩ کھولیں

    اور جو اپنی گواہیاں ٹھیک ٹھیک دینے والے ہیں۔

  34. وَٱلَّذِينَ هُمۡ عَلَىٰ صَلَاتِهِمۡ يُحَافِظُونَ

    آیت ⁦۷۰:۳۴⁩ کھولیں

    اور جو اپنی نماز کی پوری پوری حفاظت کرنے والے ہیں۔ [1]

    1. : آیت نمبر 23 میں نماز کی پابندی کا ذکر ہے، اور یہاں اس کی پوری حفاظت سے مراد اس کے تمام آداب کی رعایت ہے۔ مسلمانوں کے انہی جیسے اوصاف سورة مومنون کی ابتدائی آیات میں بھی گذرے ہیں۔
  35. أُوْلَٰٓئِكَ فِي جَنَّٰتٖ مُّكۡرَمُونَ

    آیت ⁦۷۰:۳۵⁩ کھولیں

    وہ لوگ ہیں جو جنتوں میں عزت کے ساتھ رہیں گے۔

  36. فَمَالِ ٱلَّذِينَ كَفَرُواْ قِبَلَكَ مُهۡطِعِينَ

    آیت ⁦۷۰:۳۶⁩ کھولیں

    تو (اے پیغمبر) ان کافروں کو کیا ہوگیا کہ یہ تمہاری طرف چڑھے چلے آرہے ہیں۔

  37. عَنِ ٱلۡيَمِينِ وَعَنِ ٱلشِّمَالِ عِزِينَ

    آیت ⁦۷۰:۳۷⁩ کھولیں

    دائیں طرف سے بھی اور بائیں طرف سے بھی، ٹولیاں بنا بنا کر۔ [1]

    1. : جب حضور اقدس ﷺ قرآن کریم کی تلاوت فرماتے تو کافر لوگ ٹولیا بنا بنا کر آپ کے ارد گرد جمع ہوجاتے، اور مذاق اڑاتے ہوئے کہتے کہ اگر یہ صاحب جنت میں جائیں گے تو ہم ان سے پہلے چلے جائیں گے۔ (روح المعانی)۔ یہ آیت اس کی طرف اشارہ کر رہی ہے۔
  38. أَيَطۡمَعُ كُلُّ ٱمۡرِيٕٖ مِّنۡهُمۡ أَن يُدۡخَلَ جَنَّةَ نَعِيمٖ

    آیت ⁦۷۰:۳۸⁩ کھولیں

    کیا ان میں سے ہر شخص کو یہ لالچ ہے کہ اسے نعمتوں والی جنت میں داخل کیا جائے ؟

  39. كَلَّآۖ إِنَّا خَلَقۡنَٰهُم مِّمَّا يَعۡلَمُونَ

    آیت ⁦۷۰:۳۹⁩ کھولیں

    ہرگز ایسا نہیں ہوگا ہم نے ان کو اس چیز سے پیدا کیا ہے جسے یہ خود جانتے ہیں۔ [1]

    1. : یعنی یہ جانتے ہیں کہ ہم نے انہیں نطفے سے پیدا کیا ہے، حالانکہ نطفے سے انسان بننے تک کتنے مراحل آتے ہیں۔ لہذا جب ہم ان تمام مراحل سے گزار کر نطفے کو جیتا جاگتا انسان بنانے پر قادر ہیں تو اس کی لاش کو دوبارہ زندہ کرنے پر کیوں قادر نہیں ؟
  40. فَلَآ أُقۡسِمُ بِرَبِّ ٱلۡمَشَٰرِقِ وَٱلۡمَغَٰرِبِ إِنَّا لَقَٰدِرُونَ 

    آیت ⁦۷۰:۴۰⁩ کھولیں

    اب میں قسم کھاتا ہوں ان تمام مقامات کے مالک کی جہاں سے ستارے نکلتے اور جہاں سے غروب ہوتے ہیں کہ ہم یقینا اس بات پر قادر ہیں۔

  41. عَلَىٰٓ أَن نُّبَدِّلَ خَيۡرٗا مِّنۡهُمۡ وَمَا نَحۡنُ بِمَسۡبُوقِينَ

    آیت ⁦۷۰:۴۱⁩ کھولیں

    کہ ان کی جگہ ان سے بہتر لوگ لے آئیں، [1] اور کوئی ہمیں ہرا نہیں سکتا۔

    1. : یعنی ان سب کو ہلاک کرے ان کی جگہ کوئی اور قوم پید کردیں جو ان سے بہتر ہو۔
  42. فَذَرۡهُمۡ يَخُوضُواْ وَيَلۡعَبُواْ حَتَّىٰ يُلَٰقُواْ يَوۡمَهُمُ ٱلَّذِي يُوعَدُونَ

    آیت ⁦۷۰:۴۲⁩ کھولیں

    لہذا تم انہیں چھوڑ دو کہ یہ اپنی بےہودہ باتوں میں منہمک اور کھیل کود میں پڑ رہیں، یہاں تک کہ اپنے اس دن سے جا ملیں جس کا ان سے وعدہ کیا جارہا ہے۔

  43. يَوۡمَ يَخۡرُجُونَ مِنَ ٱلۡأَجۡدَاثِ سِرَاعٗا كَأَنَّهُمۡ إِلَىٰ نُصُبٖ يُوفِضُونَ

    آیت ⁦۷۰:۴۳⁩ کھولیں

    جس دن یہ جلدی جلدی قبروں سے اس طرح نکلیں گے جیسے اپنے بتوں کی طرف دوڑے جارہے ہوں۔

  44. خَٰشِعَةً أَبۡصَٰرُهُمۡ تَرۡهَقُهُمۡ ذِلَّةٞۚ ذَٰلِكَ ٱلۡيَوۡمُ ٱلَّذِي كَانُواْ يُوعَدُونَ

    آیت ⁦۷۰:۴۴⁩ کھولیں

    ان کی نگاہیں جھکی ہوئی ہوں گی، ذلت ان پر چھائی ہوئی ہوگی۔ یہ وہی دن ہوگا جس کا ان سے وعدہ کیا جارہا ہے۔