البروج

Al-Burooj

سورت ۸۵ · آیات: ۲۲ · مکی

ترجمہ: Mufti Taqi Usmani · سورت کھولیں

بِسۡمِ ٱللَّهِ ٱلرَّحۡمَٰنِ ٱلرَّحِيمِ

  1. وَٱلسَّمَآءِ ذَاتِ ٱلۡبُرُوجِ

    آیت ⁦۸۵:۱⁩ کھولیں

    قسم ہے برجوں والے آسمان کی۔

  2. وَٱلۡيَوۡمِ ٱلۡمَوۡعُودِ

    آیت ⁦۸۵:۲⁩ کھولیں

    اور اس دن کی جس کا وعدہ کیا گیا ہے۔ [1]

    1. : یعنی قیامت کا دن
  3. وَشَاهِدٖ وَمَشۡهُودٖ

    آیت ⁦۸۵:۳⁩ کھولیں

    اور حاضر ہونے والے کی اور اس کی جس کے پاس لوگ حاضر ہوں [1]

    1. : قرآن کریم میں اصل لفظ ”شاہد“ اور ”مشہود“ ہیں۔ شاہد کا ترجمہ ”حاضر ہونے والے“ سے اور مشہود کا ”جس کے پاس لوگ حاضر ہوں“۔ سے کیا گیا ہے۔ اس کی ایک تفسیر یہ ہے کہ شاہد سے مراد جمعہ کا دن ہے، اور مشہود سے مراد عرفہ کا دن ہے۔ اس کی تائید ترمذی میں حضرت ابوہریرہ ؓ کی ایک حدیث سے بھی ہوتی ہے۔ جسے امام ترمذی نے ضعیف کہا ہے، اور طبرانی میں حضرت ابو مالک اشعری ؓ کی ایک حدیث سے بھی جسے علامہ ہیثمی نے ضعیف کہا ہے۔ اس کی ایک دوسری تفسیر یہ ہے کہ شاہد سے مراد انسان ہے، اور مشہود سے مراد قیامت کا دن ہے، کیونکہ ہر انسان اس دن اللہ تعالیٰ کے سامنے حاضر ہوجائے گا۔ حافظ ابن جریر نے یہ تفسیر حضرت مجاہد اور حضرت ضحاک وغیرہ سے نقل کی ہے۔ ”شاہد“ کا ایک ترجمہ گواہ بھی کیا جاسکتا ہے، اور ”مشہود“ کا وہ جس کے بارے میں گواہی دی جائے۔ قیامت میں آنحضرت ﷺ اہل ایمان کے ایمان کی گواہی دیں گے، اس لیے اس آیت میں اس طرف بھی اشارہ ہوسکتا ہے۔ حافظ ابن جریر ؒ یہ سب تفسیریں نقل کر کے فرماتے ہیں کہ قرآن کریم کے الفاظ میں ان سب کی گنجائش موجود ہے۔
  4. قُتِلَ أَصۡحَٰبُ ٱلۡأُخۡدُودِ

    آیت ⁦۸۵:۴⁩ کھولیں

    کہ خدا کی مار ہے ان خندق (کھودنے) والوں پر [1]

    1. : مشہور تفسیر کے مطابق ان آیتوں میں ایک واقعے کی طرف اشارہ ہے جو حضور اقدس ﷺ سے صحیح مسلم کی ایک حدیث میں منقول ہے۔ اور وہ یہ کہ پچھلی کسی امت میں ایک بادشاہ تھا جو ایک جادوگر سے کام لیا کرتا تھا۔ جب وہ جادوگر بوڑھا ہوگیا تو اس نے بادشاہ سے کہا کہ میرے پاس کوئی لڑکا بھیج دیا کرو جسے میں جادو سکھاؤں، تاکہ میرے بعد وہ تمہارے کام آسکے۔ بادشاہ نے ایک لڑکے کو جادوگر کے پاس بھیجنا شروع کردیا۔ یہ لڑکا جب جادوگر کے پاس جاتا تو راستے میں ایک عبادت گزار شخص کے پاس سے گذرتا جو حضرت عیسیٰ ؑ کے اصلی دین پر تھا (ایسے شخص کو راہب کہتے تھے) اور توحید کا قائل تھا۔ یہ لڑکا اس کے پاس بیٹھ جاتا اور اس کی باتیں سنتا تھا جو اسے اچھی لگتی تھیں۔ ایک دن وہ جا رہا تھا تو راستے میں ایک بڑا جانور نظر آیا جس نے لوگوں کا راستہ روکا ہوا تھا (بعض روایتوں میں ہے کہ وہ جانور شیر تھا، اور لوگ اس سے ڈر رہے تھے)۔ لڑکے نے ایک پتھر اٹھایا، اور اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ یا اللہ ! اگر راہب کی باتیں آپ کو جادوگر کی باتوں سے زیادہ پسند ہیں تو اس پتھر سے اس جانور کو مروا دیجئے۔ اب جو اس نے پتھر اس جانور کی طرف پھینکا تو جانور مرگیا، اور لوگوں کا راستہ کھل گیا۔ اس کے بعد لوگوں کو اندازہ ہوا کہ اس لڑکے کے پاس کوئی خاص علم ہے۔ چنانچہ ایک اندھے شخص نے اس سے درخواست کی کہ اس کی بینائی واپس آجائے۔ لڑکے نے اس سے کہا کہ شفا دینے والا تو اللہ تعالیٰ ہے، اس لیے اگر تم یہ وعدہ کرو کہ اللہ تعالیٰ کی توحید پر ایمان لے آؤ گے تو میں تمہارے لیے اللہ تعالیٰ سے دعا کروں گا۔ اس نے یہ شرط مان لی۔ لڑکے نے دعا کی تو اللہ تعالیٰ نے اس کو بینائی عطا فرمادی، اور وہ توحید پر ایمان لے آیا۔ ان واقعات کی خبر جب بادشاہ کو ہوئی تو اس نے اس نابینا کو بھی گرفتار کرلیا، اور لڑکے اور راہب کو بھی۔ اور ان سب کو توحید کے انکار پر مجبور کیا۔ جب وہ نہ مانے تو اس نے اس نابینا شخص اور راہب کو تو آری سے چروا دیا اور لڑکے کے بارے میں اپنے نوکروں کو حکم دیا کہ اسے کسی اونچے پہاڑ پر لے جا کر نیچے پھینک دیں۔ لیکن جب وہ لوگ لڑکے کو لے کر گئے تو اس نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی، پہاڑ پر زلزلہ آیا جس سے وہ لوگ مرگئے، اور لڑکا زندہ رہا۔ بادشاہ نے حکم دیا کہ اسے کشتی میں لے جا کر سمندر میں ڈبو دیا جائے۔ لڑکے نے پھر دعا کی، جس کے نتیجے میں کشتی الٹ گئی، وہ سب ڈوب گئے، اور لڑکا پھر سلامت رہا۔ بادشاہ جب عاجز آگیا تو لڑکے نے اس سے کہا کہ اگر تم مجھے واقعی مارنا چاہتے ہو تو اس کا ایک ہی طریقہ ہے، اور وہ یہ کہ تم سب لوگوں کو ایک میدان میں جمع کر کے مجھے سولی پر چڑھاؤ، اور اپنے ترکش سے تیر نکال کر کمان میں چڑھاؤ، اور یہ کہو کہ : اس اللہ کے نام پر جو اس لڑکے کا پروردگار ہے۔ پھر تیر سے میرا نشانہ لگاؤ۔ بادشاہ نے ایسا ہی کیا، اور تیر اس لڑکے کی کنپٹی پر جا کر لگا، اور اس سے وہ شہید ہوگیا۔ لوگوں نے جب یہ نظارہ دیکھا تو بہت سے ایمان لے آئے۔ اس موقع پر بادشاہ نے ان کو سزا دینے کے لیے سرکوں کے کناروں پر خندقیں کھدوا کر ان میں آگ بھڑکائی، اور حکم دیا کہ جو کوئی دین حق کو نہ چھوڑے، اسے ان خندقوں میں ڈال دیا جائے۔ چنانچہ اس طرح ایمان والوں کی ایک بڑی تعداد کو زندہ جلا دیا گیا۔ صحیح مسلم کی اس حدیث میں یہ صراحت نہیں ہے کہ سورة بروج میں خندق والوں کا جو ذکر ہے، اس سے یہی واقعہ مراد ہے۔ محمد بن اسحاق نے اس سے ملتا جلتا ایک اور واقعہ بیان کیا ہے، اور اس کو سورة بروج کی تفسیر قرار دیا ہے۔ یہاں اس تفصیل کا موقع نہیں ہے۔ حضرت مولانا حفظ الرحمن صاحب سیوہاروی نے ”قصص القرآن“ میں اس پر بہت مفصل بحث کی ہے۔ اہل علم اس کی مراجعت فرمائیں۔
  5. ٱلنَّارِ ذَاتِ ٱلۡوَقُودِ

    آیت ⁦۸۵:۵⁩ کھولیں

    اس آگ والوں پر جو ایندھن سے بھری ہوئی تھی۔

  6. إِذۡ هُمۡ عَلَيۡهَا قُعُودٞ

    آیت ⁦۸۵:۶⁩ کھولیں

    جب وہ اس کے پاس بیٹھے تھے۔

  7. وَهُمۡ عَلَىٰ مَا يَفۡعَلُونَ بِٱلۡمُؤۡمِنِينَ شُهُودٞ

    آیت ⁦۸۵:۷⁩ کھولیں

    اور وہ ایمان والوں کے ساتھ جو کچھ کر رہے تھے، اس کا نظارہ کرتے جاتے تھے۔

  8. وَمَا نَقَمُواْ مِنۡهُمۡ إِلَّآ أَن يُؤۡمِنُواْ بِٱللَّهِ ٱلۡعَزِيزِ ٱلۡحَمِيدِ

    آیت ⁦۸۵:۸⁩ کھولیں

    اور وہ ایمان والوں کو کسی اور بات کی نہیں، صرف اس بات کی سزا دے رہے تھے کہ وہ اس اللہ پر ایمان لے آئے تھے جو بڑے اقتدار والا، بہت قابل تعریف ہے۔

  9. ٱلَّذِي لَهُۥ مُلۡكُ ٱلسَّمَٰوَٰتِ وَٱلۡأَرۡضِۚ وَٱللَّهُ عَلَىٰ كُلِّ شَيۡءٖ شَهِيدٌ

    آیت ⁦۸۵:۹⁩ کھولیں

    جس کے قبضے میں سارے آسمانوں اور زمین کی سلطنت ہے۔ اور اللہ ہر چیز کو دیکھ رہا ہے۔

  10. إِنَّ ٱلَّذِينَ فَتَنُواْ ٱلۡمُؤۡمِنِينَ وَٱلۡمُؤۡمِنَٰتِ ثُمَّ لَمۡ يَتُوبُواْ فَلَهُمۡ عَذَابُ جَهَنَّمَ وَلَهُمۡ عَذَابُ ٱلۡحَرِيقِ 

    آیت ⁦۸۵:۱۰⁩ کھولیں

    یقین رکھو کہ جن لوگوں نے مومن مردوں عورتوں کو ظلم کا نشانہ بنایا ہے، پھر توبہ نہیں کی ہے، ان کے لیے جہنم کا عذاب ہے اور ان کو آگ میں جلنے کی سزا دی جائے گی۔

  11. إِنَّ ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ وَعَمِلُواْ ٱلصَّٰلِحَٰتِ لَهُمۡ جَنَّٰتٞ تَجۡرِي مِن تَحۡتِهَا ٱلۡأَنۡهَٰرُۚ ذَٰلِكَ ٱلۡفَوۡزُ ٱلۡكَبِيرُ

    آیت ⁦۸۵:۱۱⁩ کھولیں

    جو لوگ ایمان لائے ہیں اور انہوں نے نیک عمل کیے ہیں، ان کے لیے بیشک (جنت کے) ایسے باغات ہیں جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں۔ یہ ہے بڑی کامیابی۔

  12. إِنَّ بَطۡشَ رَبِّكَ لَشَدِيدٌ

    آیت ⁦۸۵:۱۲⁩ کھولیں

    حقیقت یہ ہے کہ تمہارے پروردگار کی پکڑ بہت سخت ہے۔

  13. إِنَّهُۥ هُوَ يُبۡدِئُ وَيُعِيدُ

    آیت ⁦۸۵:۱۳⁩ کھولیں

    وہی پہلی مرتبہ پیدا کرتا ہے اور وہی دوبارہ پیدا کرے گا۔

  14. وَهُوَ ٱلۡغَفُورُ ٱلۡوَدُودُ

    آیت ⁦۸۵:۱۴⁩ کھولیں

    اور وہ بہت بخشنے والا، بہت محبت کرنے والا ہے۔

  15. ذُو ٱلۡعَرۡشِ ٱلۡمَجِيدُ

    آیت ⁦۸۵:۱۵⁩ کھولیں

    عرش کا مالک ہے، بزرگی والا ہے۔

  16. فَعَّالٞ لِّمَا يُرِيدُ

    آیت ⁦۸۵:۱۶⁩ کھولیں

    جو کچھ ارادہ کرتا ہے کر گزرتا ہے۔

  17. هَلۡ أَتَىٰكَ حَدِيثُ ٱلۡجُنُودِ

    آیت ⁦۸۵:۱۷⁩ کھولیں

    کیا تمہارے پاس ان لشکروں کی خبر پہنچی ہے۔

  18. فِرۡعَوۡنَ وَثَمُودَ

    آیت ⁦۸۵:۱۸⁩ کھولیں

    فرعون اور ثمود (کے لشکروں) کی ؟

  19. بَلِ ٱلَّذِينَ كَفَرُواْ فِي تَكۡذِيبٖ

    آیت ⁦۸۵:۱۹⁩ کھولیں

    اس کے باوجود کافر لوگ حق کو جھٹلانے میں لگے ہوئے ہیں۔ [1]

    1. : یعنی کفر کا برا انجام معلوم ہوجانے کے باوجود وہ اپنے کفر سے باز نہیں آ رہے ہیں۔
  20. وَٱللَّهُ مِن وَرَآئِهِم مُّحِيطُۢ 

    آیت ⁦۸۵:۲۰⁩ کھولیں

    جبکہ اللہ نے ان کو گھیرے میں لیا ہوا ہے۔

  21. بَلۡ هُوَ قُرۡءَانٞ مَّجِيدٞ

    آیت ⁦۸۵:۲۱⁩ کھولیں

    (ان کے جھٹلانے سے قرآن پر کوئی اثر نہیں پڑتا) بلکہ یہ بڑی عظمت والا قرآن ہے۔

  22. فِي لَوۡحٖ مَّحۡفُوظِۭ

    آیت ⁦۸۵:۲۲⁩ کھولیں

    جو لوح محفوظ میں درج ہے۔