البلد

Al-Balad

سورت ۹۰ · آیات: ۲۰ · مکی

ترجمہ: Mufti Taqi Usmani · سورت کھولیں

بِسۡمِ ٱللَّهِ ٱلرَّحۡمَٰنِ ٱلرَّحِيمِ

  1. لَآ أُقۡسِمُ بِهَٰذَا ٱلۡبَلَدِ

    آیت ⁦۹۰:۱⁩ کھولیں

    میں قسم کھاتا ہوں اس شہر کی۔

  2. وَأَنتَ حِلُّۢ بِهَٰذَا ٱلۡبَلَدِ

    آیت ⁦۹۰:۲⁩ کھولیں

    جبکہ (اے پیغمبر) تم اس شہر میں مقیم ہو [1]

    1. : اس شہر سے مراد مکہ مکرمہ ہے جسے اللہ تعالیٰ نے خصوصی تقدس عطا فرمایا ہے اور اس میں حضور اقدس ﷺ مقیم ہونے کی بنا پر اس کے تقدس میں اور اضافہ ہوا ہے۔ کیونکہ آپ کی تشریف آوری کے لیے اس شہر کا انتخاب فرما کر اللہ تعالیٰ نے اس کی شان اور بڑھا دی ہے۔ اس جملے کی دو تفسیریں اور بھی ہیں جن کی تفصیل ”معارف القرآن“ میں ملاحظہ فرمائیں
  3. وَوَالِدٖ وَمَا وَلَدَ

    آیت ⁦۹۰:۳⁩ کھولیں

    اور (قسم کھاتا ہوں) باپ کی اور اس کی اولاد کی۔ [1]

    1. : وَوَالِدٍ وَّمَا وَلَدَ : والد سے مراد حضرت آدم ہیں اور چونکہ تمام انسان انہیں کی اولاد ہیں، اس لئے اس آیت میں تمام نوع انسانی کی قسم کھائی گئی ہے۔
  4. لَقَدۡ خَلَقۡنَا ٱلۡإِنسَٰنَ فِي كَبَدٍ

    آیت ⁦۹۰:۴⁩ کھولیں

    کہ ہم نے انسان کو مشقت میں پیدا کیا ہے۔ [1]

    1. : یہ ہے وہ بات جو قسم کھاکر فرمائی گئی ہے، مطلب یہ ہے کہ دنیا میں انسان کو اس طرح پیدا کیا گیا ہے کہ وہ کسی نہ کسی مشقت میں لگارہتا ہے، چاہے کتنا بڑا حاکم ہو یا دولت مند شخص ہو اسے زندہ رہنے کے لئے مشقت اٹھانی ہی پڑتی ہے، لہذا اگر کوئی شخص یہ چاہے کہ اسے دنیا میں کبھی کوئی محنت کرنی نہ پڑے تو یہ اس کی خام خیالی ہے، ایسا کبھی ممکن ہی نہیں ہے، ہاں مکمل راحت کی زندگی جنت کی زندگی ہے جو دنیا میں کی ہوئی محنت کے نتیجے میں ملتی ہے، ہدایت یہ دی گئی ہے کہ انسان کو دنیا میں جب کسی مشقت کا سامنا ہو تو اسے یہ حقیقت یاد کرنی چاہیے، خاص طور پر آنحضرت ﷺ اور صحابہ کرام کو مکہ مکرمہ میں جو تکلیفیں پیش آرہی تھیں اس آیت نے ان کو بھی تسلی دی ہے، اور یہ بات کہنے کے لئے اول تو شہر مکہ کی قسم کھائی ہے، شاید اس لئے کہ مکہ مکرمہ کو اگرچہ اللہ تعالیٰ نے دنیا کا سب سے مقدس شہر بنایا ہے، لیکن وہ شہر بذات خود مشقتوں سے بنا، اور اس کے تقدس سے فائدہ اٹھانے کے لئے آج بھی مشقت کرنی پڑتی ہے، پھر خاص طور پر اس میں آنحضرت ﷺ کے مقیم ہونے کا حوالہ دینے میں شاید یہ اشارہ ہے کہ افضل ترین پیغمبر ﷺ ، افضل ترین شہر میں مقیم ہیں، لیکن مشقتیں ان کو بھی اٹھانی پڑرہی ہیں، پھر حضرت آدم ؑ اور ان کی ساری اولاد کی قسم کھانے سے اشارہ ہے کہ انسان کی پوری تاریخ پر غور کرجاؤیہ حقیقت ہر جگہ نظر آئے گی کہ انسان کی زندگی مشقتوں سے پُر رہی ہے۔
  5. أَيَحۡسَبُ أَن لَّن يَقۡدِرَ عَلَيۡهِ أَحَدٞ

    آیت ⁦۹۰:۵⁩ کھولیں

    کیا وہ یہ سمجھتا ہے کہ اس پر کسی کا بس نہیں چلے گا ؟

  6. يَقُولُ أَهۡلَكۡتُ مَالٗا لُّبَدًا

    آیت ⁦۹۰:۶⁩ کھولیں

    کہتا ہے کہ : میں نے ڈھیروں مال اڑا ڈالا ہے۔ [1]

    1. : مکہ مکرمہ میں کئی کافر ایسے تھے جنہیں اپنی جسمانی طاقت پر ناز تھا، جب انہیں اللہ تعالیٰ کے عذاب سے ڈرایا جاتا تو کہتے تھے کہ ہمیں کوئی قابو میں نہیں کرسکتا، نیز وہ آپس میں دکھاوے کے طور پر کہتے تھے کہ ہم نے ڈھیر ساری دولت خرچ کی ہے، خاص طور پر یہ بات اس دولت کے بارے میں کہتے تھے جو انہوں نے آنحضرت ﷺ کی مخالفت اور دشمنی میں خرچ کی ہے۔
  7. أَيَحۡسَبُ أَن لَّمۡ يَرَهُۥٓ أَحَدٌ

    آیت ⁦۹۰:۷⁩ کھولیں

    کیا وہ یہ سمجھتا ہے کہ اس کو کسی نے دیکھا نہیں ؟ [1]

    1. : یعنی جو کچھ خرچ کیا، دکھاوے کے لیے کیا، پھر اس پر ناز کرنا کیسا ؟ کیا اللہ تعالیٰ دیکھ نہیں رہے تھے کہ وہ کس کام میں اور کس مقصد سے خرچ کر رہا ہے۔
  8. أَلَمۡ نَجۡعَل لَّهُۥ عَيۡنَيۡنِ

    آیت ⁦۹۰:۸⁩ کھولیں

    کیا ہم نے اسے دو آنکھیں نہیں دیں ؟

  9. وَلِسَانٗا وَشَفَتَيۡنِ

    آیت ⁦۹۰:۹⁩ کھولیں

    اور ایک زبان اور دو ہونٹ نہیں دیے ؟

  10. وَهَدَيۡنَٰهُ ٱلنَّجۡدَيۡنِ 

    آیت ⁦۹۰:۱۰⁩ کھولیں

    اور ہم نے اس کو دونوں راستے بتا دیئے ہیں۔ [1]

    1. : وَهَدَيْنَاهُ النَّجْدَيْنِ : انسان کو اللہ تعالیٰ نے نیکی اور بدی کے دونوں راستے دکھادئے ہیں اور اختیار دیا ہے کہ اپنی مرضی سے جو راستہ چاہو اختیار کرسکتے ہو، لیکن بدی کا راستہ اختیار کروگے تو سزا ہوگی۔
  11. فَلَا ٱقۡتَحَمَ ٱلۡعَقَبَةَ

    آیت ⁦۹۰:۱۱⁩ کھولیں

    پھر وہ اس گھاٹی میں داخل نہیں ہوسکا۔ [1]

    1. : گھاٹی دو پہاڑوں کے درمیانی راستے کو کہتے ہیں، عام طور پر جنگ کے دوران ایسے راستے کو دشمن سے بچنے کے لئے اختیار کیا جاتا ہے، اور یہاں گھاٹی میں داخل ہونے سے مراد ثواب کے کام کرنا ہے، ان کو گھاٹی میں داخل ہونا اس لئے کہا گیا ہے کہ یہ انسان کو اللہ تعالیٰ کے عذاب سے بچانے میں مدد دیتے ہیں۔
  12. وَمَآ أَدۡرَىٰكَ مَا ٱلۡعَقَبَةُ

    آیت ⁦۹۰:۱۲⁩ کھولیں

    اور تمہیں کیا پتہ کہ وہ گھاٹی کیا ہے ؟

  13. فَكُّ رَقَبَةٍ

    آیت ⁦۹۰:۱۳⁩ کھولیں

    کسی کی گردن (غلامی سے) چھڑا دینا ہے۔

  14. أَوۡ إِطۡعَٰمٞ فِي يَوۡمٖ ذِي مَسۡغَبَةٖ

    آیت ⁦۹۰:۱۴⁩ کھولیں

    یا پھر کسی بھوک والے دن میں کھانا کھلا دینا

  15. يَتِيمٗا ذَا مَقۡرَبَةٍ

    آیت ⁦۹۰:۱۵⁩ کھولیں

    کسی رشتہ دار یتیم کو۔

  16. أَوۡ مِسۡكِينٗا ذَا مَتۡرَبَةٖ

    آیت ⁦۹۰:۱۶⁩ کھولیں

    یا کسی مسکین کو جو مٹی میں رل رہا ہو۔

  17. ثُمَّ كَانَ مِنَ ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ وَتَوَاصَوۡاْ بِٱلصَّبۡرِ وَتَوَاصَوۡاْ بِٱلۡمَرۡحَمَةِ

    آیت ⁦۹۰:۱۷⁩ کھولیں

    پھر وہ ان لوگوں میں بھی شامل ہوا جو ایمان لائے ہیں، اور جنہوں نے ایک دوسرے کو ثابت قدمی کی تاکید کی ہے، اور ایک دوسرے کو رحم کھانے کی تاکید کی ہے۔

  18. أُوْلَٰٓئِكَ أَصۡحَٰبُ ٱلۡمَيۡمَنَةِ

    آیت ⁦۹۰:۱۸⁩ کھولیں

    یہی وہ لوگ ہیں جو بڑے نصیب والے ہیں۔ [1]

    1. : یہ ”اصحب المیمنہ“ کا ترجمہ ہے، اور اس کا ایک ترجمہ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ ”وہ دائیں ہاتھ والے ہیں“ اور ان سے مراد وہ نیک لوگ ہیں جن کا اعمال نامہ دائیں ہاتھ میں دیا جائے گا۔
  19. وَٱلَّذِينَ كَفَرُواْ بِـَٔايَٰتِنَا هُمۡ أَصۡحَٰبُ ٱلۡمَشۡـَٔمَةِ

    آیت ⁦۹۰:۱۹⁩ کھولیں

    اور جن لوگوں نے ہماری آیتوں کا انکار کیا ہے، وہ نحوست والے لوگ ہیں۔ [1]

    1. : یہ ”اصحب المشئمہ“ کا ترجمہ ہے اور اس کا ایک ترجمہ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ ”وہ بائیں ہاتھ والے ہیں“ اور ان سے مراد وہ بدکار ہیں جن کا اعمال نامہ بائیں ہاتھ میں دیا جائے گا۔
  20. عَلَيۡهِمۡ نَارٞ مُّؤۡصَدَةُۢ 

    آیت ⁦۹۰:۲۰⁩ کھولیں

    ان پر ایسی آگ مسلط ہوگی جو ان پر بند کردی جائے گی۔ [1]

    1. : یعنی اس کے دروازے بند کردئیے جائیں گے، تاکہ دوزخیوں کے باہر نکلنے کا کوئی راستہ نہ رہے، والعیاذ باللہ العظیم۔