الشرح

Ash-Sharh

سورت ۹۴ · آیات: ۸ · مکی

ترجمہ: Mufti Taqi Usmani · سورت کھولیں

بِسۡمِ ٱللَّهِ ٱلرَّحۡمَٰنِ ٱلرَّحِيمِ

  1. أَلَمۡ نَشۡرَحۡ لَكَ صَدۡرَكَ

    آیت ⁦۹۴:۱⁩ کھولیں

    (اے پیغمبر) کیا ہم نے تمہاری خاطر تمہارا سینہ کھول نہیں دیا ؟

  2. وَوَضَعۡنَا عَنكَ وِزۡرَكَ

    آیت ⁦۹۴:۲⁩ کھولیں

    اور ہم نے تم سے تمہارا وہ بوجھ اتار دیا ہے۔

  3. ٱلَّذِيٓ أَنقَضَ ظَهۡرَكَ

    آیت ⁦۹۴:۳⁩ کھولیں

    جس نے تمہاری کمر توڑ رکھی تھی۔ [1]

    1. : جب حضور اقدس ﷺ کو نبوت کی عظیم ذمہ داریاں سونپی گئیں تو شروع میں آپ نے ان کا زبردست بوجھ محسوس کیا، اس بوجھ کی وجہ سے شروع میں آپ بےچین رہتے تھے، لیکن پھر اللہ تعالیٰ نے آپ کو وہ حوصلہ عطا فرمایا جس کے نتیجے میں آپ نے مشکل سے مشکل کام انتہائی اطمینان اور سکون کے ساتھ انجام دیئے، اس صورت میں اللہ تعالیٰ کے اسی انعام کا تذکرہ ہے۔
  4. وَرَفَعۡنَا لَكَ ذِكۡرَكَ

    آیت ⁦۹۴:۴⁩ کھولیں

    اور ہم نے تمہاری خاطر تمہارے تذکرے کو اونچا مقام عطا کردیا ہے۔ [1]

    1. : اللہ تعالیٰ نے حضور اقدس ﷺ کے مبارک نام کو یہ بلند مقام عطا فرمایا ہے کہ دنیا کے ہر خطے میں پانچ وقت آپ کا مبارک نام اللہ تعالیٰ کے ساتھ مسجدوں سے بلند ہوتا ہے۔ نیز آپ کے مبارک تذکرے دنیا بھر میں انتہائی عقیدت کے ساتھ ہوتے ہیں۔ اور انہیں ایک عظیم عبادت قرار دیا جاتا ہے۔ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وعلی الہ و اصحابہ وبارک وسلم۔
  5. فَإِنَّ مَعَ ٱلۡعُسۡرِ يُسۡرًا

    آیت ⁦۹۴:۵⁩ کھولیں

    چنانچہ حقیقت یہ ہے کہ مشکلات کے ساتھ آسانی بھی ہوتی ہے۔

  6. إِنَّ مَعَ ٱلۡعُسۡرِ يُسۡرٗا

    آیت ⁦۹۴:۶⁩ کھولیں

    یقینا مشکلات کے ساتھ آسانی بھی ہوتی ہے۔ [1]

    1. : آنحضرت ﷺ کو تسلی دی جا رہی ہے کہ شروع میں آپ کو فرائض رسالت کی ادائیگی میں جو مشکلات پیش آرہی ہیں، وہ عنقریب آسانی میں تبدیل ہوجائیں گی۔ اس کے ساتھ ایک عام قاعدے کے طور پر یہ حقیقت بتلا کر عام انسانوں کو بھی یہ سبق دیا گیا ہے کہ دنیا میں مشکلات پیش آئیں تو یہ سمجھ لیں کہ ان کے بعد آسانی کا وقت بھی آئے گا۔
  7. فَإِذَا فَرَغۡتَ فَٱنصَبۡ

    آیت ⁦۹۴:۷⁩ کھولیں

    لہذا جب تم فارغ ہوجاؤ تو (عبادت میں) اپنے آپ کو تھکاؤ۔ [1]

    1. : ظاہر ہے کہ حضور اقدس ﷺ کی مصروفیات تمام تر دین کے لئے تھی، تبلیغ ہو یا تعلیم، جہاد ہو یا حکمرانی، سارے کام ہی دین کے لئے ہونے کی وجہ سے بذات خود عبادت کا درجہ رکھتے تھے، لیکن فرمایا جارہا ہے کہ جب ان کاموں سے فراغت ہو تو خالص عبادت مثلاً نفلی نمازوں اور زبانی ذکر وغیرہ میں اتنے لگئے کہ جسم تھکنے لگے، اس سے معلوم ہوتا ہے کہ جو لوگ دین کی خدمت میں لگے ہوئے ہوں ان کو بھی کچھ وقت خالص عبادتوں کے لئے مخصوص کرنا چاہیے، اسی سے اللہ تعالیٰ کے ساتھ تعلق مضبوط ہوتا ہے، اور اسی سے دوسرے کاموں میں برکت پیدا ہوتی ہے۔
  8. وَإِلَىٰ رَبِّكَ فَٱرۡغَب

    آیت ⁦۹۴:۸⁩ کھولیں

    اور اپنے پروردگار ہی سے دل لگاؤ۔