النور ⁦۲۴:۳۱⁩

سورت میں پڑھیں · صفحہ ۳۵۳ · پارہ ۱۸

وَقُل لِّلۡمُؤۡمِنَٰتِ يَغۡضُضۡنَ مِنۡ أَبۡصَٰرِهِنَّ وَيَحۡفَظۡنَ فُرُوجَهُنَّ وَلَا يُبۡدِينَ زِينَتَهُنَّ إِلَّا مَا ظَهَرَ مِنۡهَاۖ وَلۡيَضۡرِبۡنَ بِخُمُرِهِنَّ عَلَىٰ جُيُوبِهِنَّۖ وَلَا يُبۡدِينَ زِينَتَهُنَّ إِلَّا لِبُعُولَتِهِنَّ أَوۡ ءَابَآئِهِنَّ أَوۡ ءَابَآءِ بُعُولَتِهِنَّ أَوۡ أَبۡنَآئِهِنَّ أَوۡ أَبۡنَآءِ بُعُولَتِهِنَّ أَوۡ إِخۡوَٰنِهِنَّ أَوۡ بَنِيٓ إِخۡوَٰنِهِنَّ أَوۡ بَنِيٓ أَخَوَٰتِهِنَّ أَوۡ نِسَآئِهِنَّ أَوۡ مَا مَلَكَتۡ أَيۡمَٰنُهُنَّ أَوِ ٱلتَّٰبِعِينَ غَيۡرِ أُوْلِي ٱلۡإِرۡبَةِ مِنَ ٱلرِّجَالِ أَوِ ٱلطِّفۡلِ ٱلَّذِينَ لَمۡ يَظۡهَرُواْ عَلَىٰ عَوۡرَٰتِ ٱلنِّسَآءِۖ وَلَا يَضۡرِبۡنَ بِأَرۡجُلِهِنَّ لِيُعۡلَمَ مَا يُخۡفِينَ مِن زِينَتِهِنَّۚ وَتُوبُوٓاْ إِلَى ٱللَّهِ جَمِيعًا أَيُّهَ ٱلۡمُؤۡمِنُونَ لَعَلَّكُمۡ تُفۡلِحُونَ

Waqul lilmu/minati yaghdudnamin absarihinna wayahfathnafuroojahunna wala yubdeena zeenatahunna illa mathahara minha walyadribnabikhumurihinna AAala juyoobihinna wala yubdeenazeenatahunna illa libuAAoolatihinna aw aba-ihinnaaw aba-i buAAoolatihinna aw abna-ihinna awabna-i buAAoolatihinna aw ikhwanihinna aw baneeikhwanihinna aw banee akhawatihinna aw nisa-ihinnaaw ma malakat aymanuhunna awi attabiAAeenaghayri olee al-irbati mina arrijali awi attifliallatheena lam yathharoo AAala AAawratiannisa-i wala yadribnabi-arjulihinna liyuAAlama ma yukhfeena min zeenatihinnawatooboo ila Allahi jameeAAan ayyuhaalmu/minoona laAAallakum tuflihoon

تراجم

مسلمان عورتوں سے کہو کہ وه بھی اپنی نگاہیں نیچی رکھیں اور اپنی عصمت میں فرق نہ آنے دیں[1] اور اپنی زینت کو ﻇاہر نہ کریں[2]، سوائے اس کے جو ﻇاہر ہے[3] اور اپنے گریبانوں پر اپنی اوڑھنیاں ڈالے رہیں[4]، اور اپنی آرائش کو کسی کے سامنے ﻇاہر نہ کریں[5]، سوائے اپنے خاوندوں کے[6] یا اپنے والد کے یا اپنے خسر کے یا اپنے لڑکوں کے یا اپنے خاوند کے لڑکوں کے یا اپنے بھائیوں کے یا اپنے بھتیجوں کے یا اپنے بھانجوں کے[7] یا اپنے میل جول کی عورتوں کے[8] یا غلاموں کے [9]یا ایسے نوکر چاکر مردوں کے جو شہوت والے نہ ہوں[10] یا ایسے بچوں کے جو عورتوں کے پردے کی باتوں سے مطلع نہیں[11]۔ اور اس طرح زور زور سے پاؤں مار کر نہ چلیں کہ ان کی پوشیده زینت معلوم ہوجائے[12]، اے مسلمانو! تم سب کے سب اللہ کی جناب میں توبہ کرو تاکہ تم نجات پاؤ.[13]

Urdu - Muhammad Junagarhi
  1. عورتیں بھی اگرچہ غض بصر اور حفظ فروج کے پہلے حکم میں داخل تھیں، جو تمام مومنین کو دیا گیا ہے اور مومنین میں مومن عورتیں بھی بالعموم شامل ہی ہوتی ہیں لیکن ان مسائل کی اہمیت کے پیش نظر عورتوں کو بھی بطور خاص دوبارہ وہی حکم دیا جارہا ہے جس سے مقصود تاکید ہے بعض علما نے اس سے استدلال کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح مردوں کے لئے عورتوں کو دیکھنا ممنوع ہے اسی طرح عورتوں کے لئے مردوں کو دیکھنا مطلقاً ممنوع ہے۔ اور بعض نے اس حدیث سے استدلال کرتے ہوئے جس میں حضرت عائشہ (رضی الله عنها) کا حبشیوں کا کھیل دیکھنے کا ذکر ہے (صحيح بخاري، كتاب الصلاة، باب أصحاب الحراب في المسجد) بغیر شہوت کے مردوں کی طرف دیکھنے کی عورتوں کو اجازت دی ہے۔
  2. زینت سے مراد وہ لباس ہے اور زیور ہے جو عورتیں اپنے حسن وجمال میں مزید نکھار پیدا کرنے کے لئے پہنتی ہیں، جس کی تاکید انہیں اپنے خاوندوں کے لئے کی گئی ہے۔ جب لباس اور زیور کا ا ظہار غیر مردوں کے سامنے عورت کے لئے ممنوع ہے جسم کو عریاں اور نمایاں کرنے کی اجازت اسلام میں کب ہوسکتی ہے؟ یہ تو بطریق اولیٰ حرام اور ممنوع ہوگا۔
  3. اس سے مراد وہ زینت اور حصہ جسم ہے جس کا چھپانا اور پردہ کرنا ممکن نہ ہو۔ جیسے کسی کو کوئی چیز پکڑاتے یا اس سے لیتے ہوئے ہتھیلیوں کا، یا دیکھتے ہوئے آنکھوں کا ظاہر ہوجانا۔ اس ضمن میں ہاتھ میں جو انگوٹھی پہنی ہوئی یا مہندی لگی ہو، آنکھوں میں سرمہ، کاجل ہو یا لباس اور زینت کو چھپانے کے لئے جو برقعہ یا چادر لی جاتی ہے، وہ بھی ایک زینت ہی ہے۔ تاہم یہ ساری زینتیں ایسی ہیں، جن کا اظہار بوقت ضرورت یا بوجہ ضرورت مباح ہے۔
  4. تاکہ سر، گردن، سینے اور چھاتی کا پردہ ہوجائے، کیونکہ انہیں بھی بےپردہ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
  5. یہ وہی زینت (سنگھار) یا آرائش ہے جسے ظاہر کرنے کی ممانعت اس سے پہلے کی گئی تھی۔ یعنی لباس اور زیور وغیرہ کی، جو چادر یا برقعہ کے نیچے ہوتی ہے۔ یہاں اس کا ذکر اب استثنا کے ضمن میں آیا ہے۔ یعنی ان ان لوگوں کے سامنے اس زینت کا اظہار جائز ہے۔
  6. ان میں سرفہرست خاوند ہے، اسی لئے خاوند کو سب پر مقدم بھی کیا گیا ہے۔ کیونکہ عورت کی ساری زینت خاوند ہی کے لئے ہوتی ہے، اور خاوند کے لئے تو عورت کا سارا بدن ہی حلال ہے۔ اس کے علاوہ جن محارم اور دیگر بعض افراد کا ہر وقت گھر میں آنا جا نارہتا ہے اور قربت اور رشتہ داری کی وجہ سے یا دیگر وجوہ سے طبعی طور پر ان کی طرف جنسی میلان بھی نہیں ہوتا، جس سے فتنے میں مبتلا ہونے کا اندیشہ ہو۔ تو شریعت نے ایسے لوگوں کے سامنے، جن سے کوئی خطرہ نہ ہو اور تمام محارم کے سامنے زینت ظاہر کرنے کی اجازت مرحمت فرمائی ہے۔ اس مقام پر ماموں اور چچا کا ذکر نہیں کیا گیا ہے۔ جمہور علما کے نزدیک یہ بھی ان محارم میں سے ہیں جن کے سامنے اظہار زینت کی اجازت دی گئی ہے اور بعض کے نزدیک یہ محارم میں سے نہیں ہیں (فتح القدیر)۔
  7. باپ میں دادا، پردادا، نانا، پرنانا اور اس سے اوپر سب شامل ہیں۔ اسی طرح خسر میں خسر کا باپ، دادا، پردادا، اوپر تک۔ بیٹوں میں پوتا، پرپوتا، نواسہ پرنواسہ نیچے تک۔ خاوندوں کے بیٹوں میں پوتے، پرپوتے، نیچے تک، بھائیوں میں تینوں قسم کے بھائی (عینی، اخیافی اور علاتی) اور ان کے بیٹے، پوتے، پرپوتے، نواسے، نیچے تک۔ بھتیجوں میں ان کے بیٹے، نیچے تک اور بھانجوں میں تینوں قسم کی بہنوں کی اولاد شامل ہے۔
  8. ان سے مراد مسلمان عورتیں ہیں جن کو اس بات سے منع کردیا گیا ہے کہ وہ کسی عورت کی زینت، اس کا حسن و جمال اور جسمانی خدوخال اپنے خاوند کے سامنے بیان کریں۔ ان کے علاوہ کسی بھی کافر عورت کے سامنے اظہار زینت منع ہے یہی رائے حضرت عمرو عبداللہ بن عباس (رضي الله عنه) ما ومجاھد اور امام احمد بن حنبل سے منقول ہے۔ بعض نے اس سے وہ مخصوص عورتیں مراد لی ہیں، جو خدمت وغیرہ کے لئے ہر وقت ساتھ رہتی ہیں، جن میں باندیاں (لونڈیاں) بھی شامل ہیں۔
  9. بعض نے اس سے مراد صرف لونڈیاں اور بعض نے صرف غلام لئے ہیں اور بعض نے دونوں ہی۔ حدیث میں بھی صراحت ہے کہ غلام سے پردے کی ضرورت نہیں ہے۔ (أبو داود- كتاب اللباس باب في العبد ينظر إلى شعر مولاته) اس طرح بعض نے اسے عام رکھا ہے جس میں مومن اور کافر دونوں غلام شامل ہیں۔
  10. بعض نے ان سے صرف وہ افراد مراد لئے ہیں جن کا گھر میں رہنے سے، کھانے پینے کے سوا کوئی اور مقصد نہیں۔ بعض نے بےوقوف ، بعض نے نامرد ا ور خصی اور بعض نے بالکل بوڑھے مراد لئے ہیں۔ امام شوکانی فرماتے ہیں کہ جن کے اندر بھی قرآن کی بیان کردہ صفت پائی جائے گی، وہ سب اس میں شامل اور دوسرے خارج ہوں گے۔
  11. ان سے ایسے بچے خارج ہوں گے جو بالغ ہوں یا بلوغت کے قریب ہوں کیونکہ وہ عورتوں کے پردوں کی باتوں سے واقف ہوتے ہیں۔
  12. تاکہ پازیبوں کی جھنکار سے مرد اس کی طرف متوجہ نہ ہوں۔ اسی میں اونچی ایڑی کے وہ سینڈل بھی آجاتے ہیں جنہیں عورت پہن کر چلتی ہے ٹک ٹک کی آواز، زیور کی جھنکار سے کم نہیں ہوتی۔ اسی طرح احادیث میں آتا ہے کہ عورت کے لئے خوشبو لگا کر گھر سے باہر نکلنا جائز نہیں، جو عورت ایسا کرتی ہے، وہ بدکار ہے (ترمذي، أبواب الاستئذان، أبو داود، كتاب الترجل)۔
  13. یہاں پردے کے احکام میں توبہ کا حکم دینے میں یہ حکمت معلوم ہوتی ہے کہ زمانہ جاہلیت میں ان احکام کی جو خلاف ورزی بھی تم کرتے رہے ہو، وہ چونکہ اسلام سے قبل کی باتیں ہیں، اس لئے اگر تم نے سچے دل سے توبہ کرلی اور ان احکام مذکورہ کے مطابق پردے کا صحیح اہتمام کرلیا تو فلاح وکامیابی اور دنیا وآخرت کی سعادت تمہارا مقدر ہے

اور مومن عورتوں سے کہہ دو کہ وہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں، اور اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کریں، اور اپنی سجاوٹ کو کسی پر ظاہر نہ کریں، سوائے اس کے جو خود ہی ظاہر ہوجائے۔ [1] اور اپنی اوڑھنیوں کے آنچل اپنے گریبانوں پر ڈال لیا کریں، اور اپنی سجاوٹ اور کسی پر ظاہر نہ کریں، [2] سوائے اپنے شوہروں کے، یا اپنے باپ، یا اپنے شوہروں کے باپ کے، یا اپنے بیٹوں یا اپنے شوہروں کے بیٹوں کے، یا اپنے بھائیوں یا اپنے بھائیوں کے بیٹوں، یا اپنی بہنوں کے بیٹوں کے، یا اپنی عورتوں کے، [3] یا ان کے جو اپنے ہاتھوں کی ملکیت میں ہیں [4] یا ان خدمت گزاروں کے جن کے دل میں کوئی (جنسی) تقاضا نہیں ہوتا [5] یا ان بچوں کے جو ابھی عورتوں کے چھپے ہوئے حصوں سے آشنا نہیں ہوئے [6] اور مسلمان عورتوں کو چاہیے کہ وہ اپنے پاؤں زمین پر اس طرح نہ ماریں کہ انہوں نے جو زینت چھپا رکھی ہے وہ معلوم ہوجائے۔ [7] اور اے مومنو ! تم سب اللہ کے سامنے توبہ کرو، تاکہ تمہیں فلاح نصیب ہو۔

Mufti Taqi Usmani
  1. : سجاوٹ سے مراد جسم کے وہ حصے ہیں جن پر زیور پہنا جاتا ہے، یا خوشنما کپڑے پہنے جاتے ہیں۔ لہذا اس آیت کریمہ نے عورتوں کو یہ حکم دیا ہے کہ وہ غیر محرم مردوں کے سامنے اپنا پورا جسم کسی ایسی چادر یا برقع سے چھپائیں جو ان کے سجاوٹ کے مقامات کو چھپالے۔ البتہ ان مقامات میں سے کوئی حصہ کام کاج کے دوران بےاختیار کھل جائے، یا کسی ضرورت کی وجہ سے کھولنا پڑے تو اسے یہ کہہ کر مستثنی کردیا گیا ہے کہ سوائے اس کے جو خود ہی ظاہر ہوجائے۔ تفسیر ابن جریر کے مطابق حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ نے اس کی تفسیر میں فرمایا کہ اس سے مراد وہ چادر ہے جو عورت نے اوڑھی ہوئی ہو کہ اس کو چھپانا ممکن نہیں ہے۔ اور حضرت عبداللہ بن عباس ؓ نے اس کی تفسیر میں فرمایا کہ ضرورت کے وقت عورت کو اگر اپنا چہرہ اور ہتھیلیوں تک ہاتھ کھولنے پڑیں تو اس آیت نے اس کی بھی اجازت دی ہے۔ لیکن چونکہ چہرہ ہی عورت کے حسن کا اصل مرکز ہوتا ہے۔ اس لیے عام حالات میں اس کو بھی چھپانے کا حکم ہے جیسا کہ سورة احزاب : 59 میں بیان فرمایا گیا ہے البتہ صرف ضرورت کے مواقع پر اسے کھولنے کی اجازت ہے، اور اس حالت میں بھی مردوں کو یہ حکم ہے کہ وہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں، جیسا کہ پچھلی آیت میں گذرا۔ 19: یہاں سے ان افراد کی فہرست دی جا رہی ہے جن سے عورتوں کو پردہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے 20: بعض مفسرین نے فرمایا ہے کہ اس سے مراد مسلمان عورتیں ہیں، لہذا غیر مسلم عورتوں سے بھی پردہ ضروری ہے، لیکن چونکہ متعدد احادیث سے ثابت ہے کہ غیر مسلم عورتیں ازواج مطہرات کے پاس جایا کرتی تھیں، اس لیے امام رازی اور علامہ آلوسی نے اس بات کو ترجیح دی ہے کہ اپنی عورتوں سے مراد اپنے میل جول کی عورتیں ہیں تو چاہے مسلمان ہوں یا کافر۔ ان سے پردہ واجب نہیں ہے (معارف القرآن) 21: اس سے مراد باندیاں ہیں، چاہے مسلمان ہوں یا غیر مسلم۔ اور بعض فقہاء نے اپنے غلاموں کو بھی اس میں شامل قرار دیا ہے، یعنی ان سے پردہ نہیں ہے۔ 22: قرآن کریم میں اصل لفظ ”تابعین“ استعمال ہوا ہے، اس کے معنی ایسے لوگ ہیں جو کسی دوسرے کے تابع ہوں۔ اکثر مفسرین نے اس کا مطلب یہ بتایا ہے کہ اس زمانے میں کچھ بےعقل قسم کے لوگ ایسے ہوتے تھے جو کسی گھر والے کے اس لیے پیچھے لگ جاتے تھے کہ وہ انہیں کھانا کھلا دے، یا کسی مہمان کے طفیلی بن کر کسی کے گھر میں چلے جاتے تھے اور کھانے کے سوا انہیں کسی سے سروکار نہیں ہوتا تھا، اور نہ ان میں کوئی جنسی خواہش ہوتی تھی۔ البتہ امام شعبی نے فرمایا ہے کہ اس سے مراد وہ نوکر چاکر ہیں جو اتنے بوڑھے ہوچکے ہوں کہ ان کے دل میں عورتوں کی طرف کوئی میلان باقی نہ رہا ہو۔ (تفسیر ابن جریر) 23: یعنی وہ نابالغ بچے جن کو ابھی مرد و عورت کے جنسی تعلقات کا کچھ پتہ ہی نہ ہو۔ 24: یعنی اگر پاؤں میں پازیب پہنی ہوئی ہے تو اس طرح نہ چلیں کہ پازیب کی آواز سنائی دے، یا زیوروں کے ایک دوسرے سے ٹکرا کر بجنے کی آواز غیر محرم مرد سنیں۔

تمام تراجم

لفظ بہ لفظ

  1. وَقُلwaqulاور کہہ دیجیے
    مادہ
    قول
    اصل لفظ
    قالَ
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف · فعل
  2. لِّلْمُؤْمِنَٰتِlil'mu'minātiمومن عورتوں کو
    مادہ
    امن
    اصل لفظ
    مُؤْمِنَة
    قسمِ کلمہ
    حرفِ جار · حرفِ تعریف · اسم
  3. يَغْضُضْنَyaghḍuḍ'naجھکا کر رکھیں۔ پست رکھیں
    مادہ
    غضض
    اصل لفظ
    يَغُضُّ
    قسمِ کلمہ
    فعل · ضمیرِ شخصی
  4. مِنْminسے
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    مِن
    قسمِ کلمہ
    حرفِ جار
  5. أَبْصَٰرِهِنَّabṣārihinnaاپنی نگاہوں (میں) سے
    مادہ
    بصر
    اصل لفظ
    بَصَر
    قسمِ کلمہ
    اسم · ضمیرِ شخصی
  6. وَيَحْفَظْنَwayaḥfaẓnaاور حفاظت کریں
    مادہ
    حفظ
    اصل لفظ
    حَفِظَ
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف · فعل · ضمیرِ شخصی
  7. فُرُوجَهُنَّfurūjahunnaاپنی شرمگاہوں کی
    مادہ
    فرج
    اصل لفظ
    فَرْج
    قسمِ کلمہ
    اسم · ضمیرِ شخصی
  8. وَلَاwalāاور نہ
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    لا
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف · حرفِ نہی
  9. يُبْدِينَyub'dīnaظاہر کریں
    مادہ
    بدو
    اصل لفظ
    يُبْدِيَ
    قسمِ کلمہ
    فعل · ضمیرِ شخصی
  10. زِينَتَهُنَّzīnatahunnaاپنا بناؤ سنگھار۔ اپنی زینت
    مادہ
    زين
    اصل لفظ
    زِينَة
    قسمِ کلمہ
    اسم · ضمیرِ شخصی
  11. إِلَّاillāمگر
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    إِلّا
    قسمِ کلمہ
    حرفِ حصر
  12. مَاmāجو
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    ما
    قسمِ کلمہ
    اسمِ موصول
  13. ظَهَرَẓaharaظاہر ہوجائے
    مادہ
    ظهر
    اصل لفظ
    ظَهَرَ
    قسمِ کلمہ
    فعل
  14. مِنْهَاmin'hāاس میں سے
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    مِن
    قسمِ کلمہ
    حرفِ جار · ضمیرِ شخصی
  15. وَلْيَضْرِبْنَwalyaḍrib'naاور چاہیے کہ ڈالے رکھیں
    مادہ
    ضرب
    اصل لفظ
    ضَرَبَ
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف · لامِ امر · فعل · ضمیرِ شخصی
  16. بِخُمُرِهِنَّbikhumurihinnaاپنی اوڑھنیاں
    مادہ
    خمر
    اصل لفظ
    خُمُر
    قسمِ کلمہ
    حرفِ جار · اسم · ضمیرِ شخصی
  17. عَلَىٰʿalāپر
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    عَلَى
    قسمِ کلمہ
    حرفِ جار
  18. جُيُوبِهِنَّjuyūbihinnaاپنے گریبانوں (پر)
    مادہ
    جيب
    اصل لفظ
    جَيْب
    قسمِ کلمہ
    اسم · ضمیرِ شخصی
  19. وَلَاwalāاور نہ
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    لا
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف · حرفِ نہی
  20. يُبْدِينَyub'dīnaظاہر کریں
    مادہ
    بدو
    اصل لفظ
    يُبْدِيَ
    قسمِ کلمہ
    فعل · ضمیرِ شخصی
  21. زِينَتَهُنَّzīnatahunnaاپنی زینت کو
    مادہ
    زين
    اصل لفظ
    زِينَة
    قسمِ کلمہ
    اسم · ضمیرِ شخصی
  22. إِلَّاillāمگر
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    إِلّا
    قسمِ کلمہ
    حرفِ حصر
  23. لِبُعُولَتِهِنَّlibuʿūlatihinnaاپنے شوہروں کے لیے
    مادہ
    بعل
    اصل لفظ
    بَعْل
    قسمِ کلمہ
    حرفِ جار · اسم · ضمیرِ شخصی
  24. أَوْawیا
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    أَو
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف
  25. ءَابَآئِهِنَّābāihinnaاپنے باپوں کے لیے
    مادہ
    ابو
    اصل لفظ
    آباء
    قسمِ کلمہ
    اسم · ضمیرِ شخصی
  26. أَوْawیا
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    أَو
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف
  27. ءَابَآءِābāiباپوں
    مادہ
    ابو
    اصل لفظ
    آباء
    قسمِ کلمہ
    اسم
  28. بُعُولَتِهِنَّbuʿūlatihinnaاپنے شوہروں کے (باپوں کے لیے)
    مادہ
    بعل
    اصل لفظ
    بَعْل
    قسمِ کلمہ
    اسم · ضمیرِ شخصی
  29. أَوْawیا
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    أَو
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف
  30. أَبْنَآئِهِنَّabnāihinnaاپنے بیٹوں کے لیے
    مادہ
    بني
    اصل لفظ
    ابْن
    قسمِ کلمہ
    اسم · ضمیرِ شخصی
  31. أَوْawیا
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    أَو
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف
  32. أَبْنَآءِabnāiبیٹوں
    مادہ
    بني
    اصل لفظ
    ابْن
    قسمِ کلمہ
    اسم
  33. بُعُولَتِهِنَّbuʿūlatihinnaاپنے شوہروں کے (بیٹوں کے لیے)
    مادہ
    بعل
    اصل لفظ
    بَعْل
    قسمِ کلمہ
    اسم · ضمیرِ شخصی
  34. أَوْawیا
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    أَو
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف
  35. إِخْوَٰنِهِنَّikh'wānihinnaاپنے بھائیوں کے لیے
    مادہ
    اخو
    اصل لفظ
    أَخ
    قسمِ کلمہ
    اسم · ضمیرِ شخصی
  36. أَوْawیا
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    أَو
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف
  37. بَنِىٓbanīبیٹوں
    مادہ
    بني
    اصل لفظ
    بُنَىّ
    قسمِ کلمہ
    اسم
  38. إِخْوَٰنِهِنَّikh'wānihinnaاپنے بھائیوں کے (بیٹوں کے لیے)
    مادہ
    اخو
    اصل لفظ
    أَخ
    قسمِ کلمہ
    اسم · ضمیرِ شخصی
  39. أَوْawیا
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    أَو
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف
  40. بَنِىٓbanīبیٹوں کے لیے
    مادہ
    بني
    اصل لفظ
    بُنَىّ
    قسمِ کلمہ
    اسم
  41. أَخَوَٰتِهِنَّakhawātihinnaاپنی بہنوں کے (بیٹوں کے لیے)
    مادہ
    اخو
    اصل لفظ
    أُخْت
    قسمِ کلمہ
    اسم · ضمیرِ شخصی
  42. أَوْawیا
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    أَو
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف
  43. نِسَآئِهِنَّnisāihinnaاپنی عورتوں کے لیے
    مادہ
    نسو
    اصل لفظ
    نِساء
    قسمِ کلمہ
    اسم · ضمیرِ شخصی
  44. أَوْawیا
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    أَو
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف
  45. مَاmāجو
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    ما
    قسمِ کلمہ
    اسمِ موصول
  46. مَلَكَتْmalakatمالک ہوئے
    مادہ
    ملك
    اصل لفظ
    مَلَكَتْ
    قسمِ کلمہ
    فعل
  47. أَيْمَٰنُهُنَّaymānuhunnaان کے اپنے دائیں ہاتھ
    مادہ
    يمن
    اصل لفظ
    يَمِين
    قسمِ کلمہ
    اسم · ضمیرِ شخصی
  48. أَوِawiیا
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    أَو
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف
  49. ٱلتَّٰبِعِينَl-tābiʿīnaان کے لیے جو پیروی کرنے والے ہیں
    مادہ
    تبع
    اصل لفظ
    تابِع
    قسمِ کلمہ
    حرفِ تعریف · اسم
  50. غَيْرِghayriنہ
    مادہ
    غير
    اصل لفظ
    غَيْر
    قسمِ کلمہ
    اسم
  51. أُو۟لِىulīوالے
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    ذُو
    قسمِ کلمہ
    اسم
  52. ٱلْإِرْبَةِl-ir'batiحاجت والے۔ غرض والے ہیں
    مادہ
    ارب
    اصل لفظ
    إِرْبَة
    قسمِ کلمہ
    حرفِ تعریف · اسم
  53. مِنَminaسے
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    مِن
    قسمِ کلمہ
    حرفِ جار
  54. ٱلرِّجَالِl-rijāliمردوں میں سے
    مادہ
    رجل
    اصل لفظ
    رِجال
    قسمِ کلمہ
    حرفِ تعریف · اسم
  55. أَوِawiیا
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    أَو
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف
  56. ٱلطِّفْلِl-ṭif'liان بچوں کے لیے
    مادہ
    طفل
    اصل لفظ
    طِفْل
    قسمِ کلمہ
    حرفِ تعریف · اسم
  57. ٱلَّذِينَalladhīnaوہ جو
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    الَّذِي
    قسمِ کلمہ
    اسمِ موصول
  58. لَمْlamنہیں
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    لَم
    قسمِ کلمہ
    حرفِ نفی
  59. يَظْهَرُوا۟yaẓharūواقف ہوئے
    مادہ
    ظهر
    اصل لفظ
    ظَهَرَ
    قسمِ کلمہ
    فعل · ضمیرِ شخصی
  60. عَلَىٰʿalāپر
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    عَلَى
    قسمِ کلمہ
    حرفِ جار
  61. عَوْرَٰتِʿawrātiچھپی ہوئی باتوں (پر)
    مادہ
    عور
    اصل لفظ
    عَوْرَة
    قسمِ کلمہ
    اسم
  62. ٱلنِّسَآءِl-nisāiعورتوں کی
    مادہ
    نسو
    اصل لفظ
    نِساء
    قسمِ کلمہ
    حرفِ تعریف · اسم
  63. وَلَاwalāاور نہ
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    لا
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف · حرفِ نہی
  64. يَضْرِبْنَyaḍrib'naماریں
    مادہ
    ضرب
    اصل لفظ
    ضَرَبَ
    قسمِ کلمہ
    فعل · ضمیرِ شخصی
  65. بِأَرْجُلِهِنَّbi-arjulihinnaاپنے پاؤں کو
    مادہ
    رجل
    اصل لفظ
    رِجْل
    قسمِ کلمہ
    حرفِ جار · اسم · ضمیرِ شخصی
  66. لِيُعْلَمَliyuʿ'lamaکہ جان لی جائیں
    مادہ
    علم
    اصل لفظ
    عَلِمَ
    قسمِ کلمہ
    لامِ تعلیل · فعل
  67. مَاmāجو
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    ما
    قسمِ کلمہ
    اسمِ موصول
  68. يُخْفِينَyukh'fīnaوہ چھپاتی ہیں
    مادہ
    خفي
    اصل لفظ
    أُخْفِيَ
    قسمِ کلمہ
    فعل · ضمیرِ شخصی
  69. مِنminسے
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    مِن
    قسمِ کلمہ
    حرفِ جار
  70. زِينَتِهِنَّzīnatihinnaاپنی زینت میں سے
    مادہ
    زين
    اصل لفظ
    زِينَة
    قسمِ کلمہ
    اسم · ضمیرِ شخصی
  71. وَتُوبُوٓا۟watūbūاور توبہ کرو
    مادہ
    توب
    اصل لفظ
    تابَ
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف · فعل · ضمیرِ شخصی
  72. إِلَىilāطرف
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    إِلَى
    قسمِ کلمہ
    حرفِ جار
  73. ٱللَّهِl-lahiاللہ کی
    مادہ
    اله
    اصل لفظ
    اللَّه
    قسمِ کلمہ
    اسمِ علم
  74. جَمِيعًاjamīʿanسارے کے سارے
    مادہ
    جمع
    اصل لفظ
    جَمِيع
    قسمِ کلمہ
    اسم
  75. أَيُّهَayyuhaاے
    مادہ
    ايي
    اصل لفظ
    أَيّ
    قسمِ کلمہ
    اسم · تنبیہ
  76. ٱلْمُؤْمِنُونَl-mu'minūnaمومنو
    مادہ
    امن
    اصل لفظ
    مُؤْمِن
    قسمِ کلمہ
    حرفِ تعریف · اسم
  77. لَعَلَّكُمْlaʿallakumتاکہ تم
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    لَعَلّ
    قسمِ کلمہ
    حرفِ نصب · ضمیرِ شخصی
  78. تُفْلِحُونَtuf'liḥūnaتم فلاح پاؤ
    مادہ
    فلح
    اصل لفظ
    أَفْلَحَ
    قسمِ کلمہ
    فعل · ضمیرِ شخصی

تفسیر

مومنہ عورتوں کو تاکید یہاں اللہ تعالیٰ مومنہ عورتوں کو چند حکم دیتا ہے تاکہ ان کے باغیرت مردوں کو تسکین ہو اور جاہلیت کی بری رسمیں نکل جائیں۔ مروی ہے کہ اسماء بنت مرثد (رض) کا مکان بنوحارثہ کے محلے میں تھا۔ ان کے پاس عورتیں آتی تھیں اور دستور کے مطابق اپنے پیروں کے زیور، سینے اور بال کھولے آیا کرتی تھیں۔ حضرت اسماء نے کہا یہ کیسی بری بات ہے ؟ اس پر یہ آیتیں اتریں۔ پس حکم ہوتا ہے کہ مسلمان عورتوں کو بھی اپنی نگاہیں نیچی رکھنی چاہئیں۔ سوا اپنے خاوند کے کسی کو بہ نظر شہوت نہ دیکھنا چاہئے۔ اجنبی مردوں کی طرف تو دیکھنا ہی حرام ہے خواہ شہوت سے ہو خواہ بغیر شہوت کے۔ ابو داؤد اور ترمذی میں ہے کہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے پاس حضرت ام سلمہ اور حضرت میمونہ (رض) بیٹھی تھیں کہ ابن ام مکتوم (رض) تشریف لے آئے۔ یہ واقعہ پردے کی آیتیں اترنے کے بعد کا ہے۔ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے ان سے فرمایا کہ پردہ کرلو۔ انہوں نے کہا یارسول اللہ ! وہ تو نابینا ہیں، نہ ہمیں دیکھیں گے، نہ پہچانیں گے۔ آپ نے فرمایا تم تو نابینا نہیں ہو کہ اس کو نہ دیکھو ؟ ہاں بعض علماء نے بےشہوت نظر کرنا حرام نہیں کہا۔ ان کی دلیل وہ حدیث ہے جس میں ہے کہ عید والے دن حبشی لوگوں نے مسجد میں ہتھیاروں کے کرتب شروع کئے اور ام المومنین حضرت عائشہ (رض) کو آنحضرت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے اپنے پیچھے کھڑا کرلیا آپ دیکھ ہی رہی تھیں یہاں تک کہ جی بھر گیا اور تھک کر چلی گئیں۔ عورتوں کو بھی اپنی عصمت کا بچاؤ چاہئے، بدکاری سے دور رہیں، اپنا آپ کسی کو نا دکھائیں۔ اجنبی غیر مردوں کے سامنے اپنی زینت کی کسی چیز کو ظاہر نہ کریں ہاں جس کا چھپانا ممکن ہی نہ ہو، اس کی اور بات ہے جیسے چادر اور اوپر کا کپڑا وغیرہ جنکا پوشیدہ رکھنا عورتوں کے لئے ناممکنات سے ہے۔ یہ بھی مروی ہے کہ اس سے مراد چہرہ، پہنچوں تک کے ہاتھ اور انگوٹھی ہے۔ لیکن ہوسکتا ہے کہ اس سے مراد یہ ہو کہ یہی زینت کے وہ محل ہیں، جن کے ظاہر کرنے سے شریعت نے ممانعت کردی ہے۔ جب کہ حضرت عبداللہ سے روایت ہے کہ وہ اپنی زینت ظاہر نہ کریں یعنی بالیاں ہار پاؤں کا زیور وغیرہ۔ فرماتے ہیں زینت دو طرح کی ہے ایک تو وہ جسے خاوند ہی دیکھے جیسے انگوٹھی اور کنگن اور دوسری زینت وہ جسے غیر بھی دیکھیں جیسے اوپر کا کپڑا۔ زہری (رح) فرماتے ہیں کہ اسی آیت میں جن رشتہ داروں کا ذکر ہے ان کے سامنے تو کنگن دوپٹہ بالیاں کھل جائیں تو حرج نہیں لیکن اور لوگوں کے سامنے صرف انگوٹھیاں ظاہر ہوجائیں تو پکڑ نہیں۔ اور روایت میں انگوٹھیوں کے ساتھ ہی پیر کے خلخال کا بھی ذکر ہے۔ ہوسکتا ہے کہ ما ظہر منہا کی تفیسر ابن عباس (رض) نے منہ اور پہنچوں سے کی ہو۔ جیسے ابو داؤد میں ہے کہ اسماء بنت ابی بکر (رض) آنحضرت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے پاس آئیں کپڑے باریک پہنے ہوئے تھیں تو آپ نے منہ پھیرلیا اور فرمایا جب عورت بلوغت کو پہنچ جائے تو سوا اس کے اور اس کے یعنی چہرہ کے اور پہنچوں کے اس کا کوئی عضو دکھانا ٹھیک نہیں۔ لیکن یہ مرسل ہے۔ خالد بن دریک (رح) اسے حضرت عائشہ سے روایت کرتے ہیں اور ان کا ام المومنین سے ملاقات کرنا ثابت نہیں۔ واللہ اعلم۔ عورتوں کو چاہئے کہ اپنے دوپٹوں سے یا اور کپڑے سے بکل مار لیں تاکہ سینہ اور گلے کا زیور چھپا رہے۔ جاہلیت میں اس کا بھی رواج نہ تھا۔ عورتیں اپنے سینوں پر کچھ نہیں ڈالتیں تھیں بسا اوقات گردن اور بال چوٹی بالیاں وغیرہ صاف نظر آتی تھیں۔ ایک اور آیت میں ہے اے نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اپنی بیویوں سے، اپنی بیٹیوں سے اور مسلمان عورتوں سے کہہ دیجئے کہ اپنی چادریں اپنے اوپر لٹکا لیا کریں تاکہ وہ پہچان لی جائیں اور ستائی نہ جائیں۔ خمر خمار کی جمع ہے خمار کہتے ہیں ہر اس چیز کو جو ڈھانپ لے۔ چونکہ دوپٹہ سر کو ڈھانپ لیتا ہے اس لئے اسے بھی خمار کہتے ہیں۔ پس عورتوں کو چاہے کہ اپنی اوڑھنی سے یا کسی اور کپڑے سے اپنا گلا اور سینہ بھی چھپائے رکھیں۔ حضرت عائشہ فرماتی ہیں اللہ تعالیٰ ان عورتوں پر رحم فرمائے جنہوں نے شروع شروع ہجرت کی تھی کہ جب یہ آیت اتری انہوں نے اپنی چادروں کو پھاڑ کر دوپٹے بنائے۔ بعض نے اپنے تہمد کے کنارے کاٹ کر ان سے سر ڈھک لیا۔ ایک مرتبہ حضرت عائشہ کے پاس عورتوں نے قریش عورتوں کی فضیلت بیان کرنی شروع کی تو آپ نے فرمایا ان کی فضیلت کی قائل میں بھی ہوں لیکن واللہ میں نے انصار کی عورتوں سے افضل عورتیں نہیں دیکھیں، ان کے دلوں میں جو کتاب اللہ کی تصدیق اور اس پر کامل ایمان ہے، وہ بیشک قابل قدر ہے۔ سورة نور کی آیت (ولیضربن بخمرھن) جب نازل ہوئی اور ان کے مردوں نے گھر میں جاکر یہ آیت انہیں سنائی، اسی وقت ان عورتوں نے اس پر عمل کرلیا اور صبح کی نماز میں وہ آئیں تو سب کے سروں پر دوپٹے موجود تھے۔ گویا ڈول رکھے ہوئے ہیں۔ اس کے بعد ان مردوں کا بیان فرمایا جن کے سامنے عورت ہوسکتی ہے اور بغیر بناؤ سنگھار کے ان کے سامنے شرم وحیا کے ساتھ آ جاسکتی ہے گو بعض ظاہری زینت کی چیزوں پر بھی ان کی نظر پڑجائے۔ سوائے خاوند کے کہ اس کے سامنے تو عورت اپنا پورا سنگھار زیب زینت کرے۔ گو چچا اور ماموں بھی ذی محرم ہیں لیکن ان کا نام یہاں اس لئے نہیں لیا گیا کہ ممکن ہے وہ اپنے بیٹوں کے سامنے ان کے محاسن بیان کریں۔ اس لئے ان کے سامنے بغیر دوپٹے کے نہ آنا چاہئے۔ پھر فرمایا تمہاری عورتیں یعنی مسلمان عورتوں کے سامنے بھی اس زینت کے اظہار میں کوئی حرج نہیں۔ اہل ذمہ کی عورتوں کے سامنے اس لئے رخصت نہیں دی گئی کہ بہت ممکن ہے وہ اپنے مردوں میں ان کی خوبصورتی اور زینت کا ذکر کریں۔ گو مومن عورتوں سے بھی یہ خوف ہے مگر شریعت نے چونکہ اسے حرام قرار دیا ہے اس لئے مسلمان عورتیں تو ایسا نہ کریں گی لیکن ذمی کافروں کی عورتوں کو اس سے کون سی چیز روک سکتی ہے ؟ بخاری مسلم میں ہے کہ کسی عورت کو جائز نہیں کہ دوسری عورت سے مل کر اس کے اوصاف اپنے خاوند کے سامنے اس طرح بیان کرے کہ گویا وہ اسے دیکھ رہا ہے۔ امیرالمومنین حضرت عمر بن خطاب (رض) نے حضرت ابو عبیدہ (رض) کو لکھا کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ بعض مسلمان عورتیں حمام میں جاتی ہیں، ان کے ساتھ مشرکہ عورتیں بھی ہوتی ہیں۔ سنو کسی مسلمان عورت کو حلال نہیں کہ وہ اپناجسم کسی غیر مسلمہ عورت کو دکھائے۔ حضرت مجاہد (رح) بھی آیت (اونساءھن) کی تفسیر میں فرماتے ہیں مراد اس سے مسلمان عورتیں ہیں تو ان کے سامنے وہ زینت ظاہر کرسکتی ہے جو اپنے ذی محرم رشتے داروں کے سامنے ظاہر کرسکتی ہے۔ یعنی گلابالیاں اور ہار۔ پس مسلمان عورت کو ننگے سر کسی مشرکہ عورت کے سامنے ہونا جائز نہیں۔ ایک روایت میں ہے کہ جب صحابہ بیت المقدس پہنچے تو ان کی بیویوں کے لئے دایہ یہودیہ اور نصرانیہ عورتیں ہی تھیں۔ پس اگر یہ ثابت ہوجائے تو محمول ہوگا ضرورت پر یا ان عورتوں کی ذلت پر۔ پھر اس میں غیر ضروری جسم کا کھلنا بھی نہیں۔ واللہ اعلم۔ ہاں مشرکہ عورتوں میں جو لونڈیاں باندیاں ہوں وہ اس حکم سے خارج ہیں۔ بعض کہتے ہیں غلاموں کا بھی یہی حکم ہے۔ ابو داؤد میں ہے کہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) حضرت فاطمہ (رض) کے پاس انہیں دینے کے لیے ایک غلام لے کر آئے۔ حضرت فاطمہ اسے دیکھ کر اپنے آپ کو اپنے دو پٹے میں چھپانے لگیں۔ لیکن چونکہ کپڑا چھوٹا تھا، سر ڈھانپتی تھیں تو پیر کھل جاتے تھے اور پیر ڈھانپتی تھیں تو سرکھل جاتا تھا۔ آنحضرت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے یہ دیکھ کر فرمایا بیٹی کیوں تکلیف کرتی ہو میں تو تمہارا والد ہوں اور یہ تمہارا غلام ہے۔ ابن عساکر کی روایت میں ہے کہ اس غلام کا نام عبداللہ بن مسعدہ تھا۔ یہ فزاری تھے۔ سخت سیاہ فام۔ حضرت فاطمۃ الزھرا (رض) نے انہیں پرورش کر کے آزاد کردیا تھا۔ صفین کی جنگ میں یہ حضرت معاویہ کے ساتھ تھے اور حضرت علی (رض) کے بہت مخالف تھے۔ مسند احمد میں ہے کہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے عورتوں سے فرمایا۔ تم میں سے جس کسی کا مکاتب غلام ہو جس سے یہ شرط ہوگئی ہو کہ اتنا روپیہ دے دے تو تو آزاد، پھر اس کے پاس اتنی رقم بھی جمع ہوگئی ہو تو چاہئے کہ اس سے پردہ کرے پھر بیان فرمایا کہ نوکر چاکر کام کاج کرنے والے ان مردوں کے سامنے جو مردانگی نہیں رکھتے عورتوں کی خواہش جنہیں نہیں۔ اس مطلب کے ہی وہ نہیں، ان کا حکم بھی ذی محرم مردوں کا ہے یعنی ان کے سامنے بھی اپنی زینت کے اظہار میں مضائقہ نہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو سست ہوگئے ہیں عورتوں کے کام کے ہی نہیں۔ لیکن وہ مخنث اور ہیجڑے جو بد زبان اور برائی کے پھیلانے والے ہوتے ہیں ان کا یہ حکم نہیں۔ جیسے کہ بخاری مسلم وغیرہ میں ہے کہ ایک ایسا ہی شخص حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے گھر آیا تھا چونکہ اسے اسی آیت کے ماتحت آپ کی ازواج مطہرات نے سمجھا اسے منع نہ کیا تھا۔ اتفاق سے اسی وقت رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) آگئے، اس وقت وہ حضرت ام سلمہ کے بھائی عبداللہ سے کہہ رہا تھا کہ اللہ تعالیٰ جب طائف کو فتح کرائے گا تو میں تجھے غیلان کی لڑائی دکھاؤں گا کہ آتے ہوئے اس کے پیٹ پر چار شکنیں پڑتی ہیں اور واپس جاتے ہوئے آٹھ نظر آتی ہیں۔ اسے سنتے ہی حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا خبردار ایسے لوگوں کو ہرگز نہ آنے دیا کرو۔ اس سے پردہ کرلو۔ چناچہ اسے مدینے سے نکال دیا گیا۔ بیداء میں یہ رہنے لگا وہاں سے جمعہ کے روز آجاتا اور لوگوں سے کھانے پینے کو کچھ لے جاتا۔ چھوٹے بچوں کے سامنے ہونے کی اجازت ہے جو اب تک عورتوں کے مخصوص اوصاف سے واقف نہ ہوں۔ عورتوں پر ان کی للچائی ہوئی نظریں نہ پڑتی ہوں۔ ہاں جب وہ اس عمر کو پہنچ جائیں کہ ان میں تمیز آجائے۔ عورتوں کی خوبیاں ان کی نگاہوں میں جچنے لگیں، خوبصورت بد صورت کا فرق معلوم کرلیں۔ پھر ان سے بھی پردہ ہے گو وہ پورے جوان نہ بھی ہوئے ہوں۔ بخاری ومسلم میں ہے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا لوگو ! عورتوں کے پاس جانے سے بچو پوچھا گیا کہ یارسول اللہ دیور جیٹھ ؟ آپ نے فرمایا وہ تو موت ہے۔ پھر فرمایا کہ عورتیں اپنے پیروں کو زمین پر زور زور سے مار مار کر نہ چلیں جاہلیت میں اکثر ایسا ہوتا تھا کہ وہ زور سے پاؤں زمین پر رکھ کر چلتی تھیں تاکہ پیر کا زیور بجے۔ اسلام نے اس سے منع فرما دیا۔ پس عورت کو ہر ایک ایسی حرکت منع ہے جس سے اس کا کوئی چھپا ہوا سنگھار کھل سکے۔ پس اسے گھر سے عطر اور خوشبو لگا کر باہر نکلنا بھی ممنوع ہے۔ ترمذی میں ہے کہ ہر آنکھ زانیہ ہے۔ ابو داؤد میں ہے کہ حضرت ابوہریرہ (رض) کو ایک عورت خوشبو سے مہکتی ہوئی ملی۔ آپ نے اس سے پوچھا کیا تو مسجد سے آرہی ہے ؟ اس نے کہا ہاں فرمایا کیا تم نے خوشبو لگائی ہے ؟ اس نے کہا ہاں۔ آپ نے فرمایا۔ میں نے اپنے حبیب ابو القاسم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے سنا ہے کہ جو عورت اس مسجد میں آنے کے لئے خوشبو لگائے، اس کی نماز نا مقبول ہے جب کہ وہ لوٹ کر جنابت کی طرح غسل نہ کرلے۔ ترمذی میں ہے کہ اپنی زینت کو غیر جگہ ظاہر کرنے والی عورت کی مثال قیامت کے اس اندھیرے جیسی ہے جس میں نور نہ ہو۔ ابو داؤد میں ہے کہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے مردوں عورتوں کو راستے میں ملے جلے چلتے ہوئے دیکھ کر فرمایا عورتو ! تم ادھر ادھر ہوجاؤ، تمہیں بیچ راہ میں نہ چلنا چاہئے۔ یہ سن کر عورتیں دیوار سے لگ کر چلنے لگیں یہاں تک کہ ان کے کپڑے دیواروں سے رگڑتے تھے۔ پھر فرماتا ہے کہ اے مومنو ! میری بات پر عمل کرو، ان نیک صفتوں کو لے لو، جاہلیت کی بدخصلتوں سے رک جاؤ۔ پوری فلاح اور نجات اور کامیابی اسی کے لئے ہے جو اللہ کا فرمانبردار ہو، اس کے منع کردہ کاموں سے رک جاتا ہو، اللہ ہی سے ہم مدد چاہتے ہیں۔

مکمل تفسیر پڑھیں

Urdu - Tafsir Ibn Kathir