المؤمنون ⁦۲۳:۱۷⁩

سورت میں پڑھیں · صفحہ ۳۴۲ · پارہ ۱۸

وَلَقَدۡ خَلَقۡنَا فَوۡقَكُمۡ سَبۡعَ طَرَآئِقَ وَمَا كُنَّا عَنِ ٱلۡخَلۡقِ غَٰفِلِينَ

Walaqad khalaqna fawqakum sabAAa tara-iqawama kunna AAani alkhalqi ghafileen

تراجم

ہم نے تمہارے اوپر سات آسمان بنائے ہیں[1] اور ہم مخلوقات سے غافل نہیں ہیں.[2]

Urdu - Muhammad Junagarhi
  1. طَرَائِقَ، طَرِيقَةٌ کی جمع ہے مراد آسمان ہیں عرب، اوپر تلے چیز کو بھی کہتے ہیں آسمان بھی اوپر تلے ہیں اس لئے انہیں طرائق کہا۔ یا طریقہ بمعنی راستہ ہے، آسمان ملائکہ کے آنے جانے یا ستاروں کی گزرگاہ ہے، اس لئے انہیں طرائق قرار ریا۔
  2. خَلَق سے مراد مخلوق ہے۔ یعنی آسمانوں کو پیدا کر کے ہم اپنی زمینی مخلوق سے غافل نہیں ہوگئے بلکہ ہم نے آسمانوں کو زمین پر گرنے سے محفوظ رکھا ہے تاکہ مخلوق ہلاک نہ ہو۔ یا یہ مطلب ہے کہ مخلوق کی مصلحتوں اور ان کی ضروریات زندگی سے غافل نہیں ہوگئے بلکہ ہم اس کے انتظام کرتے ہیں (فتح القدیر) اور بعض نے یہ مفہوم بیان کیا ہے کہ زمین سے جو کچھ نکلتا یا داخل ہوتا، اسی طرح آسمان سے جو اترتا اور چڑھتا ہے، سب اس کے علم میں ہے اور ہرچیز پر وہ نظر رکھتا ہے اور ہر جگہ وہ اپنے علم کے لحاظ سے تمہارے ساتھ ہوتا ہے۔ (ابن کثیر)

اور ہم نے تمہارے اوپر سات تہہ بر تہہ راستے پیدا کیے ہیں اور ہم مخلوق سے غافل نہیں ہیں۔ [1]

Mufti Taqi Usmani
  1. : یہاں آسمانوں کو تہہ بر تہہ راستوں سے تعبیر کیا گیا ہے، کیونکہ اللہ تعالیٰ کے فرشتے انہی آسمانوں سے آتے جاتے ہیں۔ اور یہ جو فرمایا گیا ہے کہ ہم اپنی مخلوق سے غافل نہیں ہیں، اس کا مطلب یہ ہے کہ ہمیں خوب معلوم ہے کہ ہماری مخلوق کی ضروریات کیا ہیں، اور ان کی مصلحت کا کیا تقاضا ہے، اس لیے ہماری تمام تخلیقات میں ان مصالح کی پوری رعایت ہے۔

تمام تراجم

لفظ بہ لفظ

  1. وَلَقَدْwalaqadاور البتہ تحقیق
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    قَد
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف · لامِ تاکید · حرفِ تحقیق
  2. خَلَقْنَاkhalaqnāبنائے ہم نے
    مادہ
    خلق
    اصل لفظ
    خَلَقَ
    قسمِ کلمہ
    فعل · ضمیرِ شخصی
  3. فَوْقَكُمْfawqakumتمہارے اوپر
    مادہ
    فوق
    اصل لفظ
    فَوْق
    قسمِ کلمہ
    اسم · ضمیرِ شخصی
  4. سَبْعَsabʿaسات
    مادہ
    سبع
    اصل لفظ
    سَبْع
    قسمِ کلمہ
    اسم
  5. طَرَآئِقَṭarāiqaراستے
    مادہ
    طرق
    اصل لفظ
    طَرِيقَة
    قسمِ کلمہ
    اسم
  6. وَمَاwamāاور نہیں
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    ما
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف · حرفِ نفی
  7. كُنَّاkunnāہیں ہم
    مادہ
    كون
    اصل لفظ
    كانَ
    قسمِ کلمہ
    فعل · ضمیرِ شخصی
  8. عَنِʿaniسے
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    عَن
    قسمِ کلمہ
    حرفِ جار
  9. ٱلْخَلْقِl-khalqiمخلوق (سے)
    مادہ
    خلق
    اصل لفظ
    خَلْق
    قسمِ کلمہ
    حرفِ تعریف · اسم
  10. غَٰفِلِينَghāfilīnaغافل
    مادہ
    غفل
    اصل لفظ
    غافِل
    قسمِ کلمہ
    اسم

تفسیر

آسمان کی پیدائش مرحلہ وار انسان کی پیدائش کا ذکر کرکے آسمانوں کی پیدائش کا بیان ہو رہا ہے جن کی بناوٹ انسانی بناوٹ سے بہت بڑی بہت بھاری اور بہت بڑی صنعت والی ہے۔ سورة الم سجدہ میں بھی اسی کا بیان ہے جیسے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) جمعہ کے دن صبح کی نماز کی اول رکعت میں پڑھا کرتے تھے وہاں پہلے آسمان و زمین کی پیدائش کا ذکر ہے پھر انسانی پیدائش کا بیان ہے پھر قیامت کا اور سزا جزا کا ذکر ہے وغیرہ۔ سات آسمانوں کے بنانے کا ذکر کیا ہے جسے فرمان ہے آیت ( تُـسَبِّحُ لَهُ السَّمٰوٰتُ السَّـبْعُ وَالْاَرْضُ وَمَنْ فِيْهِنَّ 44؀) 17 ۔ الإسراء :44) ساتوں آسمان اور سب زمینیں اور ان کی سب چیزیں اللہ تعالیٰ کی تسبیح بیان کرتی ہیں کیا تم نہیں دیکھتے کہ اللہ تعالیٰ نے کس طرح اوپر تلے ساتوں آسمانوں کو بنایا ہے۔ اللہ تعالیٰ وہ ہے جس نے سات آسمان بنائے انہی جیسی زمینیں بھی۔ اس کا حکم ان کے درمیان نازل ہوتا ہے تاکہ تم جان لو کہ اللہ تعالیٰ ہر چیز پر قادر ہے۔ اور تمام چیزوں کو اپنے وسیع علم سے گھیرے ہوئے ہے اللہ اپنی مخلوق سے غافل نہیں۔ جو چیز زمین میں جائے جو زمین سے نکلے اللہ کے علم میں ہے آسمان سے جو اترے اور جو آسمان کی طرف چڑھے وہ جانتا ہے جہاں بھی تم ہو وہ تمہارے ساتھ ہے اور تمہارے ایک ایک عمل کو وہ دیکھ رہا ہے۔ آسمان کی بلند وبالا چیزیں اور زمین کی پوشیدہ چیزیں، اور پہاڑوں کی چوٹیاں، سمندروں، میدانوں، درختوں کی اسے خبر ہے۔ درختوں کا کوئی پتہ نہیں گرتا جو اس کے علم میں نہ ہو کوئی دانہ زمین کی اندھیروں میں ایسا نہیں جاتا جسے وہ نہ جانتا ہو کوئی ترخشک چیز ایسی نہیں جو کھلی کتاب میں نہ ہو۔

مکمل تفسیر پڑھیں

Urdu - Tafsir Ibn Kathir