يوسف ⁦۱۲:۵۰⁩

سورت میں پڑھیں · صفحہ ۲۴۱ · پارہ ۱۲

وَقَالَ ٱلۡمَلِكُ ٱئۡتُونِي بِهِۦۖ فَلَمَّا جَآءَهُ ٱلرَّسُولُ قَالَ ٱرۡجِعۡ إِلَىٰ رَبِّكَ فَسۡـَٔلۡهُ مَا بَالُ ٱلنِّسۡوَةِ ٱلَّٰتِي قَطَّعۡنَ أَيۡدِيَهُنَّۚ إِنَّ رَبِّي بِكَيۡدِهِنَّ عَلِيمٞ 

Waqala almaliku i/toonee bihi falammajaahu arrasoolu qala irjiAA ilarabbika fas-alhu ma balu anniswatiallatee qattaAAna aydiyahunna inna rabbeebikaydihinna AAaleem

تراجم

اور بادشاه نے کہا یوسف کو میرے پاس لاؤ[1] ، جب قاصد یوسف کے پاس پہنچا تو انہوں نے کہا، اپنے بادشاه کے پاس واپس جا اور اس سے پوچھ کہ ان عورتوں کا حقیقی واقعہ کیا ہے جنہوں نے اپنے ہاتھ کاٹ لئے[2]، تھے؟ ان کے حیلے کو (صحیح طور پر) جاننے واﻻ میرا پروردگار ہی ہے.

Urdu - Muhammad Junagarhi
  1. مطلب یہ ہے کہ جب وہ شخص تعبیر دریافت کر کے بادشاہ کے پاس گیا اور اسے تعبیر بتائی تو وہ اس تعبیر سے اور حضرت یوسف (عليه السلام) کی بتلائی ہوئی تدبیر سے بڑا متاثر ہوا اور اس نے اندازہ لگا لیا کہ یہ شخص، جسے ایک عرصے سے حوالہ زنداں کیا ہوا ہے، غیر معمولی علم و فضل اور اعلٰی صلاحیتوں کا حامل ہے۔ چنانچہ بادشاہ نے انہیں دربار میں پیش کرنے کا حکم دیا۔
  2. حضرت یوسف (عليه السلام) نے جب دیکھا کہ بادشاہ اب مائل بہ کرم ہے، تو انہوں نے اس طرح محض عنایت خسوانہ سے جیل سے نکلنے کو پسند نہیں فرمایا، بلکہ اپنے کردار کی رفعت اور پاک دامنی کے اثبات کو ترجیح دی تاکہ دنیا کے سامنے آپ کا کردار اور اس کی بلندی واضح ہو جائے۔ کیونکہ داعی الی اللہ کے لئے یہ عفت و پاک بازی اور رفعت کردار بہت ضروری ہے۔

اور بادشاہ نے کہا کہ : اس کو (یعنی یوسف کو) میرے پاس لے کر آؤ۔ چنانچہ جب ان کے پاس ایلچی پہنچا تو یوسف نے کہا : اپنے مالک کے پاس واپس جاؤ، اور ان سے پوچھو کہ ان عورتوں کا کیا قصہ ہے جنہوں نے اپنے ہاتھ کاٹ ڈا لے تھے ؟ میرا پروردگار ان عورتوں کے مکر سے خوب واقف ہے۔ [1]

Mufti Taqi Usmani
  1. : یہاں پھر قرآن کریم نے واقعے کے وہ حصے حذف فرما دئیے ہیں جو خود سمجھ میں آسکتے ہیں۔ یعنی حضرت یوسف ؑ نے خواب کی جو تعبیر دی تھی وہ بادشاہ کو بتائی گئی۔ بادشاہ نے تعبیر سن کر ان کو قدر دانی کے طور پر اپنے پاس بلوانا چاہا۔ اور اس مقصد کے لیے اپنا ایک ایلچی بھیجا اس موقع پر حضرت یوسف ؑ نے چاہا کہ اپنی رہائی سے پہلے اس جھوٹ الزام کی واضح طور پر صفائی کروائیں جو ان پر لگایا گیا تھا۔ اس لیے اس مرحلے پر انہوں نے ایلچی کے ساتھ جانے کے بجائے بادشاہ کو یہ پیغام بھجوایا کہ آپ پہلے ان عورتوں کے معاملات کی تحقیق کریں جنہوں نے اپنے ہاتھ کاٹ ڈالے تھے، چونکہ ان عورتوں کو ساری بات معلوم تھی، اور ان کے ذریعے حقیقت کا معلوم کرنا زیادہ آسان تھا، اسی لیے زلیخا کے بجائے ان کا حوالہ دیا۔ اور اگرچہ یہ تحقیق جیل سے رہا ہونے کے بعد بھی کی جاسکتی تھی۔ لیکن حضرت یوسف ؑ نے شاید اس لیے یہ طریقہ اختیار فرمایا تاکہ بادشاہ اور عزیز مصر وغیرہ پر یہ بات واضح ہوجائے کہ ان کو اپنی بےگناہی پر اتنا یقین ہے کہ وہ بےگناہ ثابت ہوئے بغیر جیل سے رہا ہونے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ دوسرے حضرت یوسف ؑ نے بادشاہ کے انداز سے یہ سمجھ لیا تھا کہ وہ انہیں کوئی اعزاز دیں گے۔ اس اعزاز کے ملنے کے بعد تحقیقات کے غیر جانب دارانہ ہونے میں لوگوں کو شکوک اور شبہات ہوسکتے تھے۔ اس لیے آپ نے مناسب یہی سمجھا کہ جیل سے اس وقت نکلیں جب غیر جانب دارانہ تحقیق کے نتیجے میں الزام کا ہر داغ دھل چکا ہو۔ اللہ تعالیٰ کا کرنا ایسا ہوا کہ بادشاہ کو حضرت یوسف ؑ کی سچائی کا یقین ہوگیا، اور اس نے جب ان عورتوں کو بلا کر ان سے اس انداز میں سوال کیا جیسے اسے ساری حقیقت معلوم ہے تو وہ حقیقت سے انکار نہ کرسکیں، بلکہ انہوں نے حضرت یوسف ؑ کی بےگناہی کی صاف لفظوں میں گواہی دی۔ اس مرحلے پر عزیز مصرف کی بیوی زلیخا کو بھی یہ اقرار کرنا پڑا کہ اصل غلطی اسی کی تھی۔ شاید اللہ تعالیٰ کو یہ منظور تھا کہ اپنے جرم کے اقرار اور توبہ کے ذریعے وہ بھی پاک صاف ہوسکے،

تمام تراجم

لفظ بہ لفظ

  1. وَقَالَwaqālaاور کہا
    مادہ
    قول
    اصل لفظ
    قالَ
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف · فعل
  2. ٱلْمَلِكُl-malikuبادشاہ نے
    مادہ
    ملك
    اصل لفظ
    مَلِك
    قسمِ کلمہ
    حرفِ تعریف · اسم
  3. ٱئْتُونِىi'tūnīمیرے پاس لے آؤ
    مادہ
    اتي
    اصل لفظ
    أَتَى
    قسمِ کلمہ
    فعل · ضمیرِ شخصی · ضمیرِ شخصی
  4. بِهِۦbihiاس کو
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    اس لفظ کا کوئی اصل لفظ درج نہیں۔
    قسمِ کلمہ
    حرفِ جار · ضمیرِ شخصی
  5. فَلَمَّاfalammāتو جب
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    لَمّا
    قسمِ کلمہ
    حرفِ استیناف · ظرفِ زمان
  6. جَآءَهُjāahuآیا اس کے پاس
    مادہ
    جيا
    اصل لفظ
    جاءَ
    قسمِ کلمہ
    فعل · ضمیرِ شخصی
  7. ٱلرَّسُولُl-rasūluایلچی۔ پیغام لانے والا
    مادہ
    رسل
    اصل لفظ
    رَسُول
    قسمِ کلمہ
    حرفِ تعریف · اسم
  8. قَالَqāla(یوسف نے) کہا
    مادہ
    قول
    اصل لفظ
    قالَ
    قسمِ کلمہ
    فعل
  9. ٱرْجِعْir'jiʿواپس جاؤ
    مادہ
    رجع
    اصل لفظ
    رَجَعَ
    قسمِ کلمہ
    فعل
  10. إِلَىٰilāپاس
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    إِلَى
    قسمِ کلمہ
    حرفِ جار
  11. رَبِّكَrabbikaاپنے آقا کے
    مادہ
    ربب
    اصل لفظ
    رَبّ
    قسمِ کلمہ
    اسم · ضمیرِ شخصی
  12. فَسْـَٔلْهُfasalhuپھر اس سے پوچھو
    مادہ
    سال
    اصل لفظ
    سَأَلَ
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف · فعل · ضمیرِ شخصی
  13. مَاmāکیا
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    ما
    قسمِ کلمہ
    اسمِ موصول
  14. بَالُbāluحال ہے
    مادہ
    بول
    اصل لفظ
    بال
    قسمِ کلمہ
    اسم
  15. ٱلنِّسْوَةِl-nis'watiعورتوں کا
    مادہ
    نسو
    اصل لفظ
    نِساء
    قسمِ کلمہ
    حرفِ تعریف · اسم
  16. ٱلَّٰتِىallātīجنہوں نے
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    الَّذِي
    قسمِ کلمہ
    اسمِ موصول
  17. قَطَّعْنَqaṭṭaʿnaکاٹ دیے تھے
    مادہ
    قطع
    اصل لفظ
    قَطَّعَ
    قسمِ کلمہ
    فعل · ضمیرِ شخصی
  18. أَيْدِيَهُنَّaydiyahunnaاپنے ہاتھ
    مادہ
    يدي
    اصل لفظ
    يَد
    قسمِ کلمہ
    اسم · ضمیرِ شخصی
  19. إِنَّinnaبے شک
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    إِنّ
    قسمِ کلمہ
    حرفِ نصب
  20. رَبِّىrabbīمیرا رب
    مادہ
    ربب
    اصل لفظ
    رَبّ
    قسمِ کلمہ
    اسم · ضمیرِ شخصی
  21. بِكَيْدِهِنَّbikaydihinnaان کی چال سے
    مادہ
    كيد
    اصل لفظ
    كَيْد
    قسمِ کلمہ
    حرفِ جار · اسم · ضمیرِ شخصی
  22. عَلِيمٌʿalīmunواقف ہے
    مادہ
    علم
    اصل لفظ
    عَلِيم
    قسمِ کلمہ
    اسم

تفسیر

تعبیر کی صداقت اور شاہ مصر کا یوسف (علیہ السلام) کو وزارت سونپنا خواب کی تعبیر معلوم کر کے جب قاصد پلٹا اور اس نے بادشاہ کو تمام حقیقت سے مطلع کیا۔ تو بادشاہ کو اپنے خواب کی تعبیر پر یقین آگیا۔ ساتھ ہی اسے بھی معلوم ہوگیا کہ حضرت یوسف (علیہ السلام) بڑے ہی عالم فاضل شخص ہیں۔ خواب کی تعبیر میں تو آپ کو کمال حاصل ہے۔ ساتھ ہی اعلیٰ اخلاق والے حسن تدبیر والے اور خلق اللہ کا نفع چاہنے والے اور محض بےطمع شخص ہیں۔ اب اسے شوق ہوا کہ خود آپ سے ملاقات کرے۔ اسی وقت حکم دیا کہ جاؤ حضرت یوسف (علیہ السلام) کو جیل خانے سے آزاد کر کے میرے پاس لے آؤ۔ دوبارہ قاصد آپ کے پاس آیا اور بادشاہ کا پیغام پہنچایا تو آپ نے فرمایا میں یہاں سے نہ نکلوں گا جب تک کہ شاہ مصر اور اسکے درباری اور اہل مصر یہ نہ معلوم کرلیں کہ میرا قصور کیا تھا ؟ عزیز کی بیوی کی نسبت جو بات مجھ سے منسوب کی گئی ہے اس میں سچ کہاں تک ہے اب تک میرا قید خانہ بھگتنا واقعہ کسی حقیقت کی بنا پر تھا ؟ یا صرف ظلم و زیادتی کی بناء پر ؟ تم اپنے بادشاہ کے پاس واپس جا کر میرا یہ پیغام پہنچاؤ کہ وہ اس واقعہ کی پوری تحقیق کریں۔ حدیث شریف میں بھی حضرت یوسف (علیہ السلام) کے اس صبر کی اور آپ کی اس شرافت و فضیلت کی تعریف آئی ہے۔ بخاری و مسلم وغیرہ میں ہے رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) فرماتے ہیں کہ شک کے حقدار ہم بہ نسبت حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کے بابت زیادہ ہیں جب کہ انہوں نے فرمایا تھا میرے رب مجھے اپنا مردوں کا زندہ کرنا مع کیفیت دکھا (یعنی جب ہم اللہ کی اس قدرت میں شک نہیں کرتے تو حضرت ابراہیم (علیہ السلام) جلیل القدر پیغمبر کیسے شک کرسکتے تھے ؟ پس آپ کی یہ طلب از روئے مزید اطمینان کے تھی نہ کہ ازروئے شک۔ چناچہ خود قرآن میں ہے کہ آپ نے فرمایا یہ میرے اطمینان دل کے لیے ہے۔ اللہ حضرت لوط (علیہ السلام) پر رحم کرے وہ کسی زور آور جماعت یا مضبوط قلعہ کی پناہ میں آنا چاہنے لگے۔ اور سنو اگر میں یوسف (علیہ السلام) کے برابر جیل خانہ بھگتے ہوئے ہوتا اور پھر قاصد میری رہائی کا پیغام لاتا تو میں تو اسی وقت جیل خانے سے آزادی منظور کرلیتا۔ مسند احمد میں اسی آیت فاضلہ کی تفسیر میں منقول ہے کہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا اگر میں ہوتا تو اسی وقت قاصد کی بات مان لیتا اور کوئی عذر تلاش نہ کرتا۔ مسند عبدالرزاق میں ہے آپ فرماتے ہیں واللہ مجھے حضرت یوسف (علیہ السلام) کے صبر و کرم پر رہ رہ کر تعجب آتا ہے اللہ اسے بخشے دیکھو تو سہی بادشاہ نے خواب دیکھا ہے وہ تعبیر کے لیے مضطرب ہے قاصد آکر آپ سے تعبیر پوچھتا ہے آپ فوراً بغیر کسی شرط کے بتا دیتے ہیں۔ اگر میں ہوتا تو جب تک جیل خانے سے اپنی رہائی نہ کرا لیتا ہرگز نہ بتلاتا۔ مجھے حضرت یوسف (علیہ السلام) کے صبر و کرم پر تعجب معلوم ہو رہا ہے۔ اللہ انہیں بخشے کہ جب ان کے پاس قاصد ان کی رہائی کا پیغام لے کر پہنچتا ہے تو آپ فرماتے ہیں ابھی نہیں جب تک کہ میری پاکیزگی، پاک دامنی اور بےقصوری سب پر تحقیق سے کھل نہ جائے۔ اگر میں انکی جگہ ہوتا تو میں تو دوڑ کر دروازے پر پہنچتا یہ روایت مرسل ہے۔ اب بادشاہ نے تحقیق کرنی شروع کی ان عورتیں کو جنہیں عزیز کی بیوی نے اپنے ہاں دعوت پر جمع کیا تھا اور خود اسے بھی دربار میں بلوایا۔ پھر ان تمام عورتوں سے پوچھا کہ ضیافت والے دن کیا گزری تھی ؟ سب بیان کرو۔ انہوں نے جواب دیا کہ ماشا اللہ یوسف پر کوئی الزام نہیں اس پر بےسروپا تہمت ہے۔ واللہ ہم خوب جانتی ہیں کہ یوسف میں کوئی بدی نہیں اس وقت عزیز کی بیوی خود بھی بول اٹھی کہ اب حق ظاہر ہوگیا واقعہ کھل گیا۔ حقیقت نکھر آئی مجھے خود اس امر کا اقرار ہے۔ کہ واقعی میں نے ہی اسے پھنسانا چاہا تھا۔ اس نے جو بروقت کہا تھا کہ یہ عورت مجھے پھسلا رہی تھی اس میں وہ بالکل سچا ہے۔ میں اس کا اقرار کرتی ہوں اور اپنا قصور آپ بیان کرتی ہوں تاکہ میرے خاوند یہ بات بھی جان لیں کہ میں نے اس کی کوئی خیانت دراصل نہیں کی۔ یوسف کی پاکدامنی کی وجہ سے کوئی شر اور برائی مجھ سے ظہور میں نہیں آئی۔ بدکاری سے اللہ تعالیٰ نے مجھے بچائے رکھا۔ میری اس اقرار سے اور واقعہ کے کھل جانے سے صاف ظاہر ہے اور میرے خاوند جان سکتے ہیں کہ میں برائی میں مبتلا نہیں ہوئی۔ یہ بالکل سچ ہے کہ خیانت کرنے والوں کی مکاریوں کو اللہ تعالیٰ فروغ نہیں دیا۔ ان کی دغا بازی کوئی پھل نہیں لاتی۔ الحمد اللہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور اس کے لطف و رحم سے بارہویں پارے کی تفسیر ختم ہوئی اللہ تعالیٰ قبول فرمائے۔ آمین۔

مکمل تفسیر پڑھیں

Urdu - Tafsir Ibn Kathir