هود ⁦۱۱:۴۴⁩

سورت میں پڑھیں · صفحہ ۲۲۶ · پارہ ۱۲

وَقِيلَ يَٰٓأَرۡضُ ٱبۡلَعِي مَآءَكِ وَيَٰسَمَآءُ أَقۡلِعِي وَغِيضَ ٱلۡمَآءُ وَقُضِيَ ٱلۡأَمۡرُ وَٱسۡتَوَتۡ عَلَى ٱلۡجُودِيِّۖ وَقِيلَ بُعۡدٗا لِّلۡقَوۡمِ ٱلظَّٰلِمِينَ

Waqeela ya ardu iblaAAee maakiwaya samao aqliAAee wagheeda almaowaqudiya al-amru wastawat AAala aljoodiyyiwaqeela buAAdan lilqawmi aththalimeen

تراجم

فرما دیا گیا کہ اے زمین اپنے پانی کو نگل جا[1] اور اے آسمان بس کر تھم جا، اسی وقت پانی سکھا دیا گیا اور کام پورا کر دیا گیا[2] اور کشتی جودی نامی[3] پہاڑ پر جا لگی اور فرما دیا گیا کہ ﻇالم لوگوں پر لعنت نازل ہو۔[4]

Urdu - Muhammad Junagarhi
  1. نگلنا، کا استعمال جانور کے لئے ہوتا ہے کہ وہ اپنے منہ کی خوراک کو نگل جاتا ہے۔ یہاں پانی کے خشک ہونے کو نگل جانے سے تعبیر کرنے میں یہ حکمت معلوم ہوتی ہے کہ پانی بتدریخ خشک نہیں ہوا تھا بلکہ اللہ کے حکم سے زمین نے سارا پانی دفعتا اس طرح اپنے اندر نگل لیا جس طرح جانور لقمہ نگل جاتا ہے۔
  2. یعنی تمام کافروں کو غرق آب کر دیا گیا۔
  3. جودی، پہاڑ کا نام ہے جو بقول بعض موصل کے قریب ہے، حضرت نوح علیہ السام کی قوم بھی اسی کے قریب آباد تھی۔
  4. بُعْدٌ، یہ ہلاکت اور لعنت الٰہی کے معنی میں ہے اور قرآن کریم بطور خاص غضب الٰہی کی مستحق بننے والی قوموں کے لئے اسے کئی جگہ استعمال کیا گیا ہے۔

اور حکم ہوا کہ : اے زمین ! اپنا پانی نگل لے، اور اے آسمان ! تھم جا۔ چنانچہ پانی اتر گیا اور سارا قصہ چکا دیا گیا۔ [1] کشتی جودی پہاڑ پر آٹھہری [2] اور کہہ دیا گیا کہ : بربادی ہے اس قوم کی جو ظالم ہو۔

Mufti Taqi Usmani
  1. : یعنی قوم کے تمام افراد طوفان میں غرق کر دئیے گئے۔ 25: یہ اس پہاڑ کا نام ہے جو شمالی عراق میں واقع ہے، اور اس پہاڑی سلسلے کا ایک حصہ ہے جو کردستان سے آرمینیا تک پھیلا ہوا ہے۔ بائبل میں اس پہاڑ کا نام ارارات مذکور ہے۔

تمام تراجم

لفظ بہ لفظ

  1. وَقِيلَwaqīlaاور کہہ دیا گیا
    مادہ
    قول
    اصل لفظ
    قالَ
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف · فعل
  2. يَٰٓأَرْضُyāarḍuاے زمین
    مادہ
    ارض
    اصل لفظ
    أَرْض
    قسمِ کلمہ
    حرفِ ندا · اسم
  3. ٱبْلَعِىib'laʿīنگل جا
    مادہ
    بلع
    اصل لفظ
    ابْلَعِ
    قسمِ کلمہ
    فعل · ضمیرِ شخصی
  4. مَآءَكِmāakiاپنا پانی
    مادہ
    موه
    اصل لفظ
    ماء
    قسمِ کلمہ
    اسم · ضمیرِ شخصی
  5. وَيَٰسَمَآءُwayāsamāuاور اے آسمان
    مادہ
    سمو
    اصل لفظ
    سَماء
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف · حرفِ ندا · اسم
  6. أَقْلِعِىaqliʿīتھم جا
    مادہ
    قلع
    اصل لفظ
    أَقْلِعِ
    قسمِ کلمہ
    فعل · ضمیرِ شخصی
  7. وَغِيضَwaghīḍaاور خشک کردیا گیا
    مادہ
    غيض
    اصل لفظ
    غِيضَ
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف · فعل
  8. ٱلْمَآءُl-māuپانی
    مادہ
    موه
    اصل لفظ
    ماء
    قسمِ کلمہ
    حرفِ تعریف · اسم
  9. وَقُضِىَwaquḍiyaاور فیصلہ کردیا گیا
    مادہ
    قضي
    اصل لفظ
    قَضَى
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف · فعل
  10. ٱلْأَمْرُl-amruمعاملے کا
    مادہ
    امر
    اصل لفظ
    أَمْر
    قسمِ کلمہ
    حرفِ تعریف · اسم
  11. وَٱسْتَوَتْwa-is'tawatاور آٹھہری (کشتی)
    مادہ
    سوي
    اصل لفظ
    اسْتَوَى
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف · فعل
  12. عَلَىʿalāپر
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    عَلَى
    قسمِ کلمہ
    حرفِ جار
  13. ٱلْجُودِىِّl-jūdiyiجودی پر
    مادہ
    جود
    اصل لفظ
    جُودِيّ
    قسمِ کلمہ
    حرفِ تعریف · اسمِ علم
  14. وَقِيلَwaqīlaاور کہہ دیا گیا
    مادہ
    قول
    اصل لفظ
    قالَ
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف · فعل
  15. بُعْدًاbuʿ'danدوری ہوئی
    مادہ
    بعد
    اصل لفظ
    بُعْد
    قسمِ کلمہ
    اسم
  16. لِّلْقَوْمِlil'qawmiقوم
    مادہ
    قوم
    اصل لفظ
    قَوْم
    قسمِ کلمہ
    حرفِ جار · حرفِ تعریف · اسم
  17. ٱلظَّٰلِمِينَl-ẓālimīnaظالموں کی
    مادہ
    ظلم
    اصل لفظ
    ظالِم
    قسمِ کلمہ
    حرفِ تعریف · اسم

تفسیر

طوفان نوح (علیہ السلام) کی روداد روئے زمین کے سب لوگ اس طوفان میں جو درحقیقت غضب الٰہی اور مظلوم پیغمبر کی بد دعا کا عذاب تھا غرق ہوگئے۔ اس وقت اللہ تعالیٰ عزوجل نے زمین کو اس پانی کے نگل لینے کا حکم دیا جو اس کا اگلا ہوا اور آسمان کا برسایا ہوا تھا۔ ساتھ ہی آسمان کو بھی پانی برسانے سے رک جانے کا حکم ہوگیا۔ پانی گھٹنے لگا اور کام پورا ہوگیا یعنی تمام کافر نابود ہوگئے، صرف کشتی والے مومن ہی بچے۔ کشتی بحکم ربی جو دی پر رکی۔ مجاہد کہتے ہیں یہ جزیرہ میں ایک پہاڑ ہے سب پہاڑ ڈبو دیئے گئے تھے اور یہ پہاڑ بوجہ اپنی عاجزی اور تواضع کے غرق ہونے سے بچ رہا تھا یہیں کشتی نوح لنگر انداز ہوئی۔ حضرت قتادہ فرماتے ہیں مہینے بھر تک یہیں لگی رہی اور سب اتر گئے اور کشتی لوگوں کی عبرت کے لیے یہیں ثابت وسالم رکھی رہی یہاں تک کہ اس امت کے اول لوگوں نے بھی اسے دیکھ لیا۔ حالانکہ اس کے بعد کی بہترین اور مضبوط سینکڑوں کشتیاں بنیں بگڑیں بلکہ راکھ اور خاک ہوگئیں۔ ضحاک فرماتے ہیں جودی نام کا پہاڑ موصل میں ہے۔ بعض کہتے ہیں طور پہاڑ کو ہی جودی بھی کہتے ہیں۔ زربن حبیش کو ابو اب کندہ سے داخل ہو کر دائیں طرف کے زاویہ میں نماز بکثرت پڑھتے ہوئے دیکھ کر نوبہ بن سالم نے پوچھا کہ آپ جو جمعہ کے دن برابر یہاں اکثر نماز پڑھا کرتے ہیں اس کی کیا وجہ ہے ؟ تو آپ نے جواب دیا کہ کشتی نوح یہیں لگی تھی۔ ابن عباس کا قول ہے کہ حضرت نوح (علیہ السلام) کے ساتھ کشتی میں بال بچوں سمیت کل اسی (80) آدمی تھے۔ ایک سو پچاس دن تک وہ سب کشتی میں ہی رہے۔ اللہ تعالیٰ نے کشتی کا منہ مکہ شریف کی طرف کردیا۔ یہاں وہ چالیس دن تک بیت اللہ شریف کا طواف کرتی رہی۔ پھر اسے اللہ تعالیٰ نے جودی کی طرف روانہ کردیا، وہاں وہ ٹھہر گئی۔ حضرت نوح (علیہ السلام) نے کوے کو بھیجا کہ وہ خشکی کی خبر لائے۔ وہ ایک مردار کے کھانے میں لگ گیا اور دیر لگا دی۔ آپ نے ایک کبوتر کو بھیجا وہ اپنی چونچ میں زیتوں کے درخت کا پتہ اور پنجوں میں مٹی لے کر واپس آیا۔ اس سے حضرت نوح (علیہ السلام) نے سمجھ لیا کہ پانی سوکھ گیا ہے اور زمین ظاہر ہوگئی ہے۔ پس آپ جودی کے نیچے اترے اور وہیں ایک بستی کی بنا ڈال دی جسے ثمانین کہتے ہیں۔ ایک دن صبح کو جب لوگ جاتے تو ہر ایک کی زبان بدلی ہوئی تھی۔ ایسی زبانیں بولنے لگے جن میں سب سے اعلیٰ اور بہترین عربی زبان تھی۔ ایک کو دوسرے کا کلام سمجھنا محال ہوگیا۔ نوح (علیہ السلام) کو اللہ تعالیٰ نے سب زبانیں معلوم کرا دیں، آپ ان سب کے درمیان مترجم تھے۔ ایک کا مطلب دوسرے کو سمجھا دیتے تھے۔ حضرت کعب احبار فرماتے ہیں کہ کشتی نوح مشرق مغرب کے درمیان چل پھر رہی تھی پھر جودی پر ٹھہر گئی۔ حضرت قتادہ وغیرہ فرماتے ہیں رجب کی دسویں تاریخ مسلمان اس میں سوار ہوئے تھے پانچ ماہ تک اسی میں رہے انہیں لے کر کشتی جودی پر مہینے بھر تک ٹھہری رہی۔ آخر محرم کے عاشورے کے دن وہ سب اس میں سے اترے۔ اسی قسم کی ایک مرفوع حدیث بھی ابن جریر میں ہے، انہوں نے اس دن روزہ بھی رکھا۔ واللہ اعلم۔ مسند احمد میں ہے کہ نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے چند یہودیوں کو عاشوررے کے دن روزہ رکھے ہوئے دیکھ کر ان سے اس کا سبب دریافت فرمایا تو انہوں نے کہا اسی دن اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ (علیہ السلام) اور بنی اسرائیل کو دریا سے پار اتارا تھا اور فرعون اور اس کی قوم کو ڈبو دیا تھا۔ اور اسی دن کشتی نوح جودی پر لگی تھی۔ پس ان دونوں پیغمبروں نے شکر الٰہی کا روزہ اس دن رکھا تھا۔ آپ نے یہ سن کر فرمایا پھر موسیٰ (علیہ السلام) کا سب سے زیادہ حق دار میں ہوں اور اس دن کے روزے کا میں زیادہ مستحق ہوں۔ پس آپ نے اس دن کا روزہ رکھا اور اپنے اصحاب سے فرمایا کہ تم میں سے جو آج روزے سے ہو وہ تو اپنا روزہ پورا کرے اور جو ناشتہ کرچکا ہو وہ بھی باقی دن کچھ نہ کھائے۔ یہ روایت اس سند سے تو غریب ہے لیکن اس کے بعض حصے کے شاہد صحیح حدیث میں بھی موجود ہیں۔ پھر ارشاد ہوتا ہے کہ ظالموں کو خسارہ، ہلاکت اور رحمت حق سے دوری ہوئی۔ وہ سب ہلاک ہوئے ان میں سے ایک بھی باقی نہ بچا۔ تفسیر ابن جریر اور تفسیر ابن ابی حاتم میں ہے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا اگر اللہ تعالیٰ قوم نوح میں سے کسی پر بھی رحم کرنے والا ہوتا تو اس بچے کی ماں پر رحم کرتا۔ حضرت نوح اپنی قوم میں ساڑھے نو سو سال تک ٹھہرے آپ نے ایک درخت بویا تھا جو سو سال تک بڑھتا اور بڑا ہوتا رہا پھر اسے کاٹ کر تختے بنا کر کشتی بنانی شروع کی۔ کافر لوگ مذاق اڑاتے کہ یہ اس خشکی میں کشتی کیسے چلائیں گے ؟ آپ جواب دیتے تھے کہ عنقریب اپنی آنکھوں سے دیکھ لو گے جب آپ بنا چکے اور پانی زمین سے ابلنے اور آسمان سے برسنے لگا اور گلیاں اور راستے پانی سے ڈوبنے لگے تو اس بچے کی ماں جسے اپنے اس بچے سے غایت درجے کی محبت کی تھی وہ اسے لے کر پہاڑ کی طرف چلی گئی اور جلدی جلدی اس پر چڑھنا شروع کیا، تہائی حصے پر چڑھ گئی لیکن جب اس نے دیکھا کہ پانی وہاں بھی پہنچا تو اور اوپر کو چڑھی۔ دو تہائی کو پہنچی جب پانی وہاں بھی پہنچا تو اس نے چوٹی پر جا کر دم لیا لیکن پانی وہاں بھی پہنچ گیا جب گردن گردن پانی چڑھ گیا تو اس نے اپنے بچے کو اپنے دونوں ہاتھوں میں لے کر اونچا اٹھالیا لیکن پانی وہاں بھی پہنچا اور ماں بچہ دنوں غرق ہوگئے۔ پس اگر اس دن کوئی کافر بھی بچنے والا ہوتا تو اللہ تعالیٰ اس بچے کی ماں پر رحم کرتا۔ یہ حدیث اس سند سے غریب ہے کہ کعب احبار، مجاہد اور ابن جبیر سے بھی اس بچے اور اس کی ماں کا یہی قصہ مروی ہے۔

مکمل تفسیر پڑھیں

Urdu - Tafsir Ibn Kathir