Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) الحاقة ⁦۶۹:۴۰⁩

آیات

  1. إِنَّهُۥ لَقَوۡلُ رَسُولٖ كَرِيمٖ 

    آیت ⁦۶۹:۴۰⁩ کھولیں

    کہ بیشک یہ (قرآن) بزرگ رسول کا قول ہے.[1]

Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)

یہ ایک رسولِ کریم کا قول ہے، [22]

سورة الْحَآقَّة حاشیہ نمبر :22

یہاں رسول کریم سے مراد محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ہیں اور سورة تکویر (آیت 19) میں اس سے مراد جبریل (علیہ السلام) ہیں۔ اس کی دلیل یہ ہے کہ یہاں قرآن کو رسول کریم کا قول کہنے کے بعد فرمایا گیا ہے کہ یہ کسی شاعر یا کاہن کا قول نہیں ہے، اور ظاہر ہے کہ کفار مکہ جبریل کو نہیں بلکہ محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو شاعر اور کاہن کہتے تھے۔ بخلاف اس کے سورة تکویر میں قرآن کو رسول کریم کا قول کہنے کے بعد فرمایا گیا ہے کہ وہ رسول بڑی قوت والا ہے، صاحب عرش کے ہاں بلند مرتبہ رکھتا ہے، وہاں اس کی بات مانی جاتی ہے، وہ امانت دار ہے اور محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے اس کو روشن افق پر دیکھا ہے۔ قریب قریب یہی مضمون سورة نجم آیات نمبر 5 تا 10 میں جبریل (علیہ السلام) کے متعلق بیان ہوا ہے۔

یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ قرآن کو محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اور جبریل کا قول کس معنی میں کہا گیا ہے ؟ اس کا جواب یہ ہے کہ لوگ اس کو حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی زبان سے اور حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اسے جبریل کی زبان سے سن رہے تھے، اس لیے ایک لحاظ سے یہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا قول تھا اور دوسرے لحاظ سے جبریل کا قول، لیکن آگے چل کر یہ بات واضح کردی گئی ہے کہ فی الاصل یہ رب العالمین کا نازل کردہ ہے جو محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے سامنے جبریل (علیہ السلام) کی زبان سے، اور لوگوں کے سامنے محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی زبان سے ادا ہو رہا ہے۔ خود رسول کا لفظ بھی اس حقیقت پر دلالت کرتا ہے کہ یہ ان دونوں کا اپنا کلام نہیں ہے بلکہ پیغام بر ہونے کی حیثیت سے انہوں نے اس پیغام بھیجنے والے کی طرف سے پیش کیا ہے۔