Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) الصافات ۳۷:۹۸
سورت میں پڑھیںاس تفسیر کی سورتیں
آیات
فَأَرَادُواْ بِهِۦ كَيۡدٗا فَجَعَلۡنَٰهُمُ ٱلۡأَسۡفَلِينَ
آیت ۳۷:۹۸ کھولیںانہوں نے تو اس (ابراہیم علیہ السلام) کے ساتھ مکر کرنا چاہا لیکن ہم نے انہی کو نیچا کر دیا.[1]
Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)
انہوں نے اس کے خلاف ایک کار روائی کرنی چاہی تھی، مگر ہم نے انہی کو نیچا دکھا دیا [53]
سورة الصّٰٓفّٰت حاشیہ نمبر :53
سورة انبیا (آیت 69) میں الفاظ یہ ہیں۔ قُلْنَا یٰنَارُکُوْنِیْ بَرْداً وَّ سَلَاماً عَلیٓ اِبْرَاہیم ( ہم نے کہا، اے آگ ٹھنڈی ہوجا اور سلامتی بن جا ابراہیم کے لیے ) ۔ اور سورة عنکبوت (آیت 24) میں ارشاد ہوا ہے فَاَنْجٰہُ اللہُ مِنَ النَّارِ ، (پھر اللہ نے اس کو آگ سے بچا لیا) ۔ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ان لوگوں نے ابراہیم (علیہ السلام) کو آگ میں پھینک دیا تھا، اور پھر اللہ تعالیٰ نے انہیں اس سے بسلامت نکال دیا۔ آیت کے یہ الفاظ کہ |" انہوں نے اس کے خلاف ایک کارروائی کرنی چاہی تھی مگر ہم نے انہیں نیچا دکھا دیا |" اس معنی میں نہیں لیے جاسکتے کہ انہوں نے حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کو آگ میں پھینکنا چاہا تھا مگر نہ پھینک سکے۔ بلکہ مذکورہ بالا آیات کے ساتھ ملا کر دیکھنے سے ان کا صاف مطلب یہی معلوم ہوتا ہے کہ وہ آگ میں پھینک کر انہیں ہلاک کردینا چاہتے تھے مگر نہ کرسکے، اور ان کے معجزانہ طریقہ سے بچ جانے کا نتیجہ یہ ہوا کہ ابراہیم (علیہ السلام) کی برتری ثابت ہوگئی اور مشرکین کو اللہ نے نیچا دکھا دیا۔ اس واقعہ کو بیان کرنے سے اصل مقصود قریش کے لوگوں کو اس بات پر متنبہ کرنا ہے کہ جن ابراہیم (علیہ السلام) کی اولاد ہونے پر تم فخر کرتے ہو ان کا طریقہ وہ نہ تھا جو تم نے اختیار کر رکھا ہے، بلکہ وہ تھا جسے محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پیش کر رہے ہیں۔ اب اگر تم ان کو نیچا دکھانے کے لیے وہ چالیں چلو گے جو حضرت ابراہیم کی قوم نے ان کے ساتھ چلی تھیں تو آخر کار نیچا تم ہی دیکھو گے، محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو نیچا تم نہیں دکھا سکتے۔