الأحزاب ⁦۳۳:۶۹⁩

سورت میں پڑھیں · صفحہ ۴۲۷ · پارہ ۲۲

يَٰٓأَيُّهَا ٱلَّذِينَ ءَامَنُواْ لَا تَكُونُواْ كَٱلَّذِينَ ءَاذَوۡاْ مُوسَىٰ فَبَرَّأَهُ ٱللَّهُ مِمَّا قَالُواْۚ وَكَانَ عِندَ ٱللَّهِ وَجِيهٗا

Ya ayyuha allatheena amanoola takoonoo kallatheena athaw moosafabarraahu Allahu mimma qaloo wakanaAAinda Allahi wajeeha

تراجم

اے ایمان والو! ان لوگوں جیسے نہ بن جاؤ جنہوں نے موسیٰ کو تکلیف دی پس جو بات انہوں نے کہی تھی اللہ نے انہیں اس سے بری فرما دیا[1] ، اور وه اللہ کے نزدیک باعزت تھے.

Urdu - Muhammad Junagarhi
  1. اس کی تفسیر حدیث میں اس طرح آئی ہے کہ حضرت موسیٰ (عليه السلام) نہایت باحیا تھے، چنانچہ اپنا جسم انہوں نے کبھی لوگوں کے سامنے ننگا نہیں کیا۔ بنی اسرائیل کہنے لگے کہ شاید موسیٰ (عليه السلام) کے جسم میں برص کے داغ یا کوئی اس قسم کی آفت ہے جس کی وجہ سے یہ ہر وقت لباس میں ڈھکا چھپا رہتا ہے۔ ایک مرتبہ حضرت موسیٰ (عليه السلام) تنہائی میں غسل کرنے لگے، کپڑے اتار کر ایک پتھر پر رکھ دیئے، پتھر (اللہ کے حکم سے) کپڑے لے بھاگ کھڑا ہوا۔ حضرت موسی (عليه السلام) اس کے پیچھے پیچھے دوڑے، حتیٰ کہ بنی اسرائیل کی ایک مجلس میں پہنچ گئے، انہوں نے حضرت موسیٰ (عليه السلام) کو ننگا دیکھا تو ان کے سارے شبہات دور ہوگئے۔ موسیٰ (عليه السلام) نہایت حسین وجمیل اور ہر قسم کے داغ اور عیب سے پاک تھے۔ یوں اللہ تبارک وتعالیٰ نے معجزانہ طور پر پتھر کے ذریعے سے ان کی اس الزام اور شبہے سے براءت کردی جو بنی اسرائیل کی طرف سے ان پر کیا جاتا تھا (صحيح بخاري كتاب الأنبياء) حضرت موسیٰ (عليه السلام) کے حوالے سے اہل ایمان کو سمجھایا جا رہا ہے کہ تم ہمارے پیغمبر آخر الزمان حضرت محمد (صلى الله عليه وسلم) کو بنی اسرائیل کی طرح ایذا مت پہنچاؤ اور آپ (صلى الله عليه وسلم) کی بابت ایسی بات مت کرو جسے سن کر آپ (صلى الله عليه وسلم) قلق اور اضطراب محسوس کریں، جیسے ایک موقعے پر مال غنیمت کی تقسیم میں ایک شخص نے کہا کہ اس میں عدل وانصاف سے کام نہیں لیا گیا۔ جب آپ (صلى الله عليه وسلم) تک یہ الفاظ پہنچے تو غضب ناک ہوئے حتیٰ کہ آپ (صلى الله عليه وسلم) کا چہرۂ مبارک سرخ ہوگیا آپ (صلى الله عليه وسلم) نے فرمایا ”موسیٰ (عليه السلام) پر اللہ کی رحمت ہو، انہیں اس سے کہیں زیادہ ایذا پہنچائی گئی، لیکن انہوں نے صبر کیا“۔ (بخاري كتاب الأنبياء، مسلم، كتاب الزكاة، باب إعطاء المؤلفة قلوبهم على الإسلام..)۔

اے ایمان والو ! ان لوگوں کی طرح نہ بن جانا جنہوں نے موسیٰ کو ستایا تھا، پھر اللہ نے ان کو ان باتوں سے بری کردیا جو ان لوگوں نے بنائی تھیں [1] اور وہ اللہ کے نزدیک بڑے رتبے والے تھے۔

Mufti Taqi Usmani
  1. : بنو اسرائیل نے حضرت موسیٰ ؑ پر طرح طرح کے الزامات لگا کر انہیں بہت ستایا تھا۔ حضور سرور عالم ﷺ کی امت سے فرمایا جا رہا ہے کہ وہ ایسی حرکت نہ کریں۔

تمام تراجم

لفظ بہ لفظ

  1. يَٰٓأَيُّهَاyāayyuhāاے
    مادہ
    ايي
    اصل لفظ
    أَيّ
    قسمِ کلمہ
    حرفِ ندا · اسم · تنبیہ
  2. ٱلَّذِينَalladhīnaلوگو
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    الَّذِي
    قسمِ کلمہ
    اسمِ موصول
  3. ءَامَنُوا۟āmanūجو ایمان لائے ہو
    مادہ
    امن
    اصل لفظ
    آمَنَ
    قسمِ کلمہ
    فعل · ضمیرِ شخصی
  4. لَاlāنہ
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    لا
    قسمِ کلمہ
    حرفِ نہی
  5. تَكُونُوا۟takūnūتم ہوجاؤ
    مادہ
    كون
    اصل لفظ
    كانَ
    قسمِ کلمہ
    فعل · ضمیرِ شخصی
  6. كَٱلَّذِينَka-alladhīnaان لوگوں کی طرح
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    الَّذِي
    قسمِ کلمہ
    حرفِ جار · اسمِ موصول
  7. ءَاذَوْا۟ādhawجنہوں نے اذیتیں دیں
    مادہ
    اذي
    اصل لفظ
    أُوذِيَ
    قسمِ کلمہ
    فعل · ضمیرِ شخصی
  8. مُوسَىٰmūsāموسیٰ کو
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    مُوسَى
    قسمِ کلمہ
    اسمِ علم
  9. فَبَرَّأَهُfabarra-ahuتو بری کردیا اس کو
    مادہ
    برا
    اصل لفظ
    بَرَّأَ
    قسمِ کلمہ
    حرفِ استیناف · فعل · ضمیرِ شخصی
  10. ٱللَّهُl-lahuاللہ نے
    مادہ
    اله
    اصل لفظ
    اللَّه
    قسمِ کلمہ
    اسمِ علم
  11. مِمَّاmimmāاس سے جو
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    ما
    قسمِ کلمہ
    حرفِ جار · اسمِ موصول
  12. قَالُوا۟qālūانہوں نے کہا تھا
    مادہ
    قول
    اصل لفظ
    قالَ
    قسمِ کلمہ
    فعل · ضمیرِ شخصی
  13. وَكَانَwakānaاور تھا
    مادہ
    كون
    اصل لفظ
    كانَ
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف · فعل
  14. عِندَʿindaپاس
    مادہ
    عند
    اصل لفظ
    عِند
    قسمِ کلمہ
    ظرفِ مکان
  15. ٱللَّهِl-lahiاللہ کے
    مادہ
    اله
    اصل لفظ
    اللَّه
    قسمِ کلمہ
    اسمِ علم
  16. وَجِيهًاwajīhanباعزت
    مادہ
    وجه
    اصل لفظ
    وَجِيه
    قسمِ کلمہ
    اسم

تفسیر

موسیٰ (علیہ السلام) کا مزاج۔ صحیح بخاری شریف میں ہے کہ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) بہت ہی شرمیلے اور بڑے لحاظ دار تھے۔ یہی مطلب ہے قرآن کی اس آیت کا۔ کتاب التفسیر میں تو امام صاحب اس حدیث کو اتنا ہی مختصر لائے ہیں، لیکن احادیث انبیاء کے بیان میں اسے مطول لائے ہیں۔ اس میں یہ بھی ہے کہ وہ بوجہ سخت حیا و شرم کے اپنا بدن کسی کے سامنے ننگا نہیں کرتے تھے۔ بنو اسرائیل آپ کو ایذاء دینے کے درپے ہوگئے اور یہ افواہ اڑا دی کہ چونکہ ان کے جسم پر برص کے داغ ہیں یا ان کے بیضے بڑھ گئے ہیں یا کوئی اور آفت ہے اس وجہ سے یہ اس قدر پردے داری کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کا ارادہ ہوا کہ یہ بدگمانی آپ سے دور کردے۔ ایک دن حضرت موسیٰ (علیہ السلام) تنہائی میں ننگے نہا رہے تھے، ایک پتھر پر آپ نے کپڑے رکھ دیئے تھے، جب غسل سے فارغ ہو کر آئے، کپڑے لینے چاہے تو پتھر آگے کو سرک گیا۔ آپ اپنی لکڑی لئے اس کے پیچھے گئے وہ دوڑنے لگا۔ آپ بھی اے پتھر میرے کپڑے میرے کپڑے کرتے ہوئے اس کے پیچھے دوڑے۔ بنی اسرائیل کی جماعت ایک جگہ بیٹھی ہوئی تھی۔ جب آپ وہاں تک پہنچ گئے تو اللہ کے حکم سے پتھر ٹھہر گیا۔ آپ نے اپنے کپڑے پہن لئے۔ بنو اسرائیل نے آپ کے تمام جسم کو دیکھ لیا اور جو فضول باتیں ان کے کانوں میں پڑی تھیں ان سے اللہ نے اپنے نبی کو بری کردیا۔ غصے میں حضرت موسیٰ نے تین یا چار پانچ لکڑیاں پتھر پر ماری تھیں۔ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) فرماتے ہیں واللہ لکڑیوں کے نشان اس پتھر پر پڑگئے۔ اسی برأت وغیرہ کا ذکر اس آیت میں ہے۔ یہ حدیث مسلم میں نہیں یہ روایت بہت سی سندوں سے بہت سی کتابوں میں ہے۔ بعض روایتیں موقوف بھی ہیں۔ حضرت علی سے مروی ہے کہ ایک مرتبہ حضرت موسیٰ اور حضرت ہارون (علیہما السلام) پہاڑ پر گئے جہاں حضرت ہارون کا انتقال ہوگیا لوگوں نے حضرت موسیٰ کی طرف بدگمانی کی اور آپ کو ستانا شروع کیا۔ پروردگار عالم نے فرشتوں کو حکم دیا اور وہ اسے اٹھا لائے اور بنو اسرائیل کی مجلس کے پاس سے گزرے اللہ نے اسے زبان دی اور قدرتی موت کا اظہار کیا۔ انکی قبر کا صحیح نشان نامعلوم ہے صرف اس ٹیلے کا لوگوں کو علم ہے اور وہی ان کی قبر کی جگہ جانتا ہے لیکن بےزبان ہے۔ تو ہوسکتا ہے کہ ایذاء یہی ہو اور ہوسکتا ہے کہ وہ ایذاء ہو جس کا بیان پہلے گزرا۔ لیکن میں کہتا ہوں یہ بھی ہوسکتا ہے کہ یہ اور یہ دونوں ہوں بلکہ ان کے سوا اور بھی ایذائیں ہوں۔ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے ایک مرتبہ لوگوں میں کچھ تقسیم کیا اس پر ایک شخص نے کہا اس تقسیم سے اللہ کی رضامندی کا ارادہ نہیں کیا گیا۔ حضرت عبد اللہ فرماتے ہیں میں نے جب یہ سنا تو میں نے کہا اے اللہ کے دشمن میں تیری اس بات کی خبر رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو ضرور پہنچاؤں گا۔ چناچہ میں نے جاکر حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے خبر کردی آپ کا چہرہ سرخ ہوگیا پھر فرمایا اللہ کی رحمت ہو حضرت موسیٰ (علیہ السلام) پر وہ اس سے بہت زیادہ ایذاء دے گئے لیکن صبر کیا۔ (بخاری، مسلم) اور روایت میں ہے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا عام ارشاد تھا کہ کوئی بھی میرے پاس کسی کی طرف سے کوئی بات نہ پہنچائے۔ میں چاہتا ہوں کہ میں تم میں آکر بیٹھوں تو میرے دل میں کسی کی طرف سے کوئی بات چبھتی ہوئی نہ ہو۔ ایک مرتبہ کچھ مال آپ کے پاس آیا آپ نے اسے لوگوں میں تقسیم کیا۔ دو شخض اس کے بعد آپس میں باتیں کر رہے تھے۔ حضرت عبد اللہ بن مسعود (رض) ان کے پاس سے گزرے ایک دوسرے سے کہہ رہا تھا کہ واللہ اس تقسیم سے نہ تو حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے اللہ کی خوشی کا ارادہ کیا نہ آخرت کے گھر کا۔ میں ٹھہر گیا اور دونوں کی باتیں سنیں۔ پھر خدمت نبوی میں حاضر ہوا اور کہا کہ آپ نے تو یہ فرمایا ہے کہ کسی کی کوئی بات میرے سامنے نہ لایا کرو۔ ابھی کا واقعہ ہے کہ میں جا رہا تھا جو فلاں اور فلاں سے میں نے یہ باتیں سنیں اسے سن کر حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا چہرہ غصے کے مارے سرخ ہوگیا اور آپ پر یہ بات بہت ہی گراں گزری۔ پھر میری طرف دیکھ کر فرمایا عبد اللہ جانے دو دیکھو موسیٰ اس سے بھی زیادہ ستائے گئے لیکن انہوں نے صبر کیا، قرآن فرماتا ہے موسیٰ (علیہ السلام) اللہ کے نزدیک بڑے مرتبے والے تھے۔ مستجاب الدعوت تھے۔ جو دعا کرتے تھے قبول ہوتی تھی۔ ہاں اللہ کا دیدار نہ ہوا اس لئے کہ یہ طاقت انسانی سے خارج تھا۔ سب سے بڑھ کر ان کی وجاہت کا ثبوت اس سے ملتا ہے کہ انہوں نے اپنے بھائی حضرت ہارون (علیہ السلام) کیلئے نبوت مانگی اللہ نے وہ بھی عطا فرمائی۔ فرماتا ہے ( وَوَهَبْنَا لَهٗ مِنْ رَّحْمَتِنَآ اَخَاهُ هٰرُوْنَ نَبِيًّا 53 ۔ ) 19 ۔ مریم :53) ہم نے اسے اپنی رحمت سے اس کے بھائی ہارون کو نبی بنادیا۔

مکمل تفسیر پڑھیں

Urdu - Tafsir Ibn Kathir