آل عمران ⁦۳:۹۳⁩

سورت میں پڑھیں · صفحہ ۶۲ · پارہ ۴

۞كُلُّ ٱلطَّعَامِ كَانَ حِلّٗا لِّبَنِيٓ إِسۡرَٰٓءِيلَ إِلَّا مَا حَرَّمَ إِسۡرَٰٓءِيلُ عَلَىٰ نَفۡسِهِۦ مِن قَبۡلِ أَن تُنَزَّلَ ٱلتَّوۡرَىٰةُۚ قُلۡ فَأۡتُواْ بِٱلتَّوۡرَىٰةِ فَٱتۡلُوهَآ إِن كُنتُمۡ صَٰدِقِينَ

Kullu attaAAami kanahillan libanee isra-eela illa ma harramaisra-eelu AAala nafsihi min qabli an tunazzala attawratuqul fa/too bittawrati fatlooha inkuntum sadiqeen

تراجم

توراة کے نزول سے پہلے (حضرت) یعقوب (علیہ السلام) نے جس چیز کو اپنے اوپر حرام کر لیا تھا اس کے سوا تمام کھانے بنی اسرائیل پر حلال تھے، آپ کہہ دیجئے کہ اگر تم سچے ہو تو توراة لے آو اور پڑھ کر سناؤ.[1]

Urdu - Muhammad Junagarhi
  1. یہ اور مابعد کی دو آیتیں یہود کے اس اعتراض پر نازل ہوئیں کہ انہوں نے نبی کریم (صلى الله عليه وسلم) سے کہا کہ آپ (صلى الله عليه وسلم) دین ابراہیمی کے پیروکار ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں اور اونٹ کا گوشت بھی کھاتے ہیں جب کہ اونٹ کا گوشت اور اس کا دودھ دین ابراہیمی میں حرام تھا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا یہود کا دعویٰ غلط ہے۔ حضرت ابراہیم (عليه السلام) کے دین میں یہ چیزیں حرام نہیں تھیں۔ ہاں البتہ بعض چیزیں اسرائیل (حضرت یعقوب (عليه السلام) ) نے خود اپنے اوپر حرام کر لی تھیں اور وہ یہی اونٹ کا گوشت اور اس کا دودھ تھا (اس کی ایک وجہ نذر یا بیماری تھی) اور حضرت یعقوب (عليه السلام) کا یہ فعل بھی نزول تورات سے پہلے کا ہے، اس لئے کہ تورات تو حضرت ابراہیم (عليه السلام) وحضرت یعقوب (عليه السلام) کے بہت بعد نازل ہوئی ہے۔ پھر تم کس طرح مذکورہ دعویٰ کر سکتے ہو؟ علاوہ ازیں تورات میں بعض چیزیں تم (یہودیوں) پر تمہارے ظلم اور سرکشی کی وجہ سے حرام کی گئی تھیں۔ (سورة الأنعام: 46، النساء: 160) اگر تمہیں یقین نہیں تو تورات لاؤ اور اسے پڑھ کر سناؤ جس سے یہ بات واضح ہو جائے گی کہ حضرت ابراہیم (عليه السلام) کے زمانے میں یہ چیزیں حرام نہیں تھیں اور تم پر بھی بعض چیزیں حرام کی گئیں تو اس کی وجہ تمہاری ظلم وزیادتی تھی یعنی ان کی حرمت بطور سزا تھی۔ (أيسر التفاسير)

تورات کے نازل ہونے سے پہلے کھانے کی تمام چیزیں (جو مسلمانوں کے لیے حلال ہیں) بنی اسرائیل کے لیے (بھی) حلال تھیں، سوائے اس چیز کے جو اسرائیل (یعنی یعقوب ؑ) نے اپنے اوپر حرام کرلی تھی۔ (اے پیغمبر ! یہودیوں سے) کہہ دو کہ : اگر تم سچے ہو تو تورات لے کر آؤ اور اس کی تلاوت کرو۔ [1]

Mufti Taqi Usmani
  1. تشریح : بعض یہودیوں نے مسلمانوں پر یہ اعتراض کیا تھا کہ آپ یہ دعوی کرتے ہیں کہ آپ حضرت ابراہیم ؑ کے پیروکار ہیں حالانکہ آپ اونٹ کا گوشت کھاتے ہیں جو تورات کی رو سے حرام ہے، ان آیات میں اس اعتراض کا جواب یہ دیا گیا ہے کہ اونٹ کا گوشت حضرت ابراہیم ؑ کے دین میں حرام نہیں تھا ؛ بلکہ تورات نازل ہونے سے پہلے بنی اسرائیل کے لئے بھی وہ سب چیزیں حلال تھیں جو آج مسلمانوں کے لئے حلال ہیں ؛ البتہ ہوا یہ تھا کہ حضرت یعقوب ؑ نے اونٹ کا گوشت اپنے اوپر حرام کرلیا تھا جس کی وجہ حضرت ابن عباس ؓ نے یہ بتائی ہے کہ ان کو عرق النساء کی بیماری تھی اور انہوں نے یہ نذر مانی تھی کہ اگر مجھے اس بیماری سے شفا ہوگئی تو میں اپنے کھانے کی سب سے پسندیدہ چیز چھوڑدوں گا، انہیں اونٹ کا گوشت سب سے زیادہ پسند تھا، اس لئے شفا حاصل ہونے پر انہوں نے اسے چھوڑدیا (روح المعانی بحوالہ مستدرک حاکم صحیح) اب قرآن کریم نے یہاں صریح الفاظ میں یہ بات نہیں بتائی کہ آیا اس کے بعد یہ گوشت بنی اسرائیل پر بھی حرام کردیا گیا تھا یا نہیں لیکن سورة نساء (4: 160) میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ بنی اسرائیل کی نافرمانیوں کی وجہ سے ان پر بہت سی اچھی چیزیں بھی حرام کردی گئی تھیں اور اسی سورت کی 50 میں گزرچکا ہے کہ حضرت عیسیٰ ؑ نے بنی اسرائیل سے کہا تھا کہ اور جو کتاب مجھ سے پہلے آچکی ہے یعنی تورات میں اس کی تصدیق کرنے والا ہوں اور (اس لئے بھیجا گیا ہوں) تاکہ کچھ چیزیں جو تم پر حرام کی گئی تھیں اب تمہارے لئے حلال کردوں، نیز یہاں تورات نازل ہونے سے پہلے کے الفاظ بھی یہ بتا رہے ہیں کہ اونٹ کا گوشت شاید تورات نازل ہونے کے بعد ان پر حرام کردیا گیا تھا، اب جو چیلنج ان کو دیا گیا ہے کہ اگر تم سچے ہو تو تورات لے کر آؤ اور اس کی تلاوت کرو، اس کا مطلب یہ ہے کہ تورات میں یہ کہیں مذکور نہیں ہے کہ اونٹ کا گوشت حضرت ابراہیم ؑ کے وقت سے حرام چلا آتا ہے، اس کے برعکس یہ حکم صرف بنی اسرائیل کو دیا گیا تھا ؛ چنانچہ اب بھی بائبل کی کتاب احبار میں جو یہودیوں اور عیسائیوں کی نظر میں تورات کا ایک حصہ ہے اونٹ کی حرمت بنی اسرائیل ہی کے لئے بیان ہوئی ہے : تم بنی اسرائیل سے کہو کہ تم ان جانوروں کا گوشت نہ کھانا یعنی اونٹ کو سو وہ تمہارے لئے ناپاک ہے (احبار 11: 1۔ 4) خلاصہ یہ کہ اونٹ کا گوشت اصلاً حلال ہے مگر حضرت یعقوب ؑ کے لئے نذر کی وجہ سے اور بنی اسرائیل کے لئے ان کی نافرمانیوں کی بنا پر حرام کیا گیا تھا، اب امت محمدیہ (علی صاحبہا السلام) میں حضرت ابراہیم ؑ کے زمانے کا اصل حکم لوٹ آیا ہے۔

تمام تراجم

لفظ بہ لفظ

  1. كُلُّkulluتمام
    مادہ
    كلل
    اصل لفظ
    كُلّ
    قسمِ کلمہ
    اسم
  2. ٱلطَّعَامِl-ṭaʿāmiکھانے
    مادہ
    طعم
    اصل لفظ
    طَعام
    قسمِ کلمہ
    حرفِ تعریف · اسم
  3. كَانَkānaتھے
    مادہ
    كون
    اصل لفظ
    كانَ
    قسمِ کلمہ
    فعل
  4. حِلًّاḥillanحلال
    مادہ
    حلل
    اصل لفظ
    حِلّ
    قسمِ کلمہ
    اسم
  5. لِّبَنِىٓlibanīبنی
    مادہ
    بني
    اصل لفظ
    بُنَىّ
    قسمِ کلمہ
    حرفِ جار · اسم
  6. إِسْرَٰٓءِيلَis'rāīlaاسرائیل کے لیے
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    إِسْرائِيل
    قسمِ کلمہ
    اسمِ علم
  7. إِلَّاillāمگر
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    إِلّا
    قسمِ کلمہ
    حرفِ استثنا
  8. مَاmāجو
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    ما
    قسمِ کلمہ
    اسمِ موصول
  9. حَرَّمَḥarramaحرام کیا
    مادہ
    حرم
    اصل لفظ
    حَرَّمَ
    قسمِ کلمہ
    فعل
  10. إِسْرَٰٓءِيلُis'rāīluاسرائیل نے (یعنی یعقوب نے)
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    إِسْرائِيل
    قسمِ کلمہ
    اسمِ علم
  11. عَلَىٰʿalāاوپر
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    عَلَى
    قسمِ کلمہ
    حرفِ جار
  12. نَفْسِهِۦnafsihiاپنے نفس کے
    مادہ
    نفس
    اصل لفظ
    نَفْس
    قسمِ کلمہ
    اسم · ضمیرِ شخصی
  13. مِنminاس سے
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    مِن
    قسمِ کلمہ
    حرفِ جار
  14. قَبْلِqabliپہلے
    مادہ
    قبل
    اصل لفظ
    قَبْل
    قسمِ کلمہ
    اسم
  15. أَنanکہ
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    أَن
    قسمِ کلمہ
    حرفِ مصدری
  16. تُنَزَّلَtunazzalaنازل کی گئی
    مادہ
    نزل
    اصل لفظ
    نَزَّلَ
    قسمِ کلمہ
    فعل
  17. ٱلتَّوْرَىٰةُl-tawrātuتورات
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    تَوْراة
    قسمِ کلمہ
    حرفِ تعریف · اسمِ علم
  18. قُلْqulکہہ دیجیے
    مادہ
    قول
    اصل لفظ
    قالَ
    قسمِ کلمہ
    فعل
  19. فَأْتُوا۟fatūپس لے آؤ
    مادہ
    اتي
    اصل لفظ
    أَتَى
    قسمِ کلمہ
    حرفِ استیناف · فعل · ضمیرِ شخصی
  20. بِٱلتَّوْرَىٰةِbil-tawrātiتورات کو
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    تَوْراة
    قسمِ کلمہ
    حرفِ جار · حرفِ تعریف · اسمِ علم
  21. فَٱتْلُوهَآfa-it'lūhāپھر پڑھو اس کو
    مادہ
    تلو
    اصل لفظ
    تَلَى
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف · فعل · ضمیرِ شخصی · ضمیرِ شخصی
  22. إِنinاگر
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    إِن
    قسمِ کلمہ
    حرفِ شرط
  23. كُنتُمْkuntumہو تم
    مادہ
    كون
    اصل لفظ
    كانَ
    قسمِ کلمہ
    فعل · ضمیرِ شخصی
  24. صَٰدِقِينَṣādiqīnaسچے
    مادہ
    صدق
    اصل لفظ
    صادِق
    قسمِ کلمہ
    اسم

تفسیر

بارگاہ رسالت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) میں یہودی وفد مسند احمد میں ہے کہ یہودیوں کی ایک جماعت حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے پاس آئی اور کہنے لگی کہ ہم آپ سے چند سوال کرنا چاہتے ہیں جن کے جواب نبیوں کے سوا اور کوئی نہیں آپ نے فرمایا پوچھو لیکن پہلے تم لوگ وعدہ کرو اگر میں صحیح صحیح جواب دے دوں تو تمہیں میری نبوت کے تسلیم کرلینے میں کوئی عذر نہ ہوگا انہوں نے اس شرط کو منظور کرلیا کہ اگر آپ نے سچے جواب دے تو ہم اسلام قبول کرلیں گے ساتھ ہی انہوں نے بڑی بڑی قسمیں بھی کھائیں پھر پوچھا کہ بتائیے۔ حضرت اسرائیل نے کیا چیز اپنے اوپر حرام کی تھی ؟ عورت مرد کے پانی کی کیا کیفیت ہے ؟ اور کیوں کبھی لڑکا ہوتا ہے اور کبھی لڑکی ؟ اور نبی امی کی نیند کیسی ہے ؟ اور فرشتوں میں سے کونسا فرشتہ اس کے پاس وحی لے کر آتا ہے ؟ آپ نے فرمایا جب حضرت اسرائیل سخت بیمار ہوئے تو نذر مانی کہ اگر اللہ تعالیٰ مجھے شفا دے گا تو میں سب سے زیادہ پیاری چیز کھانے پینے کی چھوڑ دوں گا جب شفا یاب ہوگئے تو اونٹ کا گوشت اور دودھ چھوڑ دیا، مرد کا پانی سفید رنگ اور گاڑھا ہوتا ہے اور عورت کا پانی زردی مائل پتلا ہوتا ہے دونوں سے جو اوپر آجائے اس پر اولاد نر مادہ ہوتی ہے، اور شکل و شباہت میں بھی اسی پر جاتی ہے۔ اس نبی امی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی نیند میں اس کی آنکھیں سوتی ہیں لیکن دل جاگتا رہتا ہے۔ میرے پاس وحی لے کر وہی فرشتہ آتا ہے جو تمام انبیاء کے پاس بھی آتا رہا یعنی جبرائیل علیہ السلام، بس اس پر وہ چیخ اٹھے اور کہنے لگے کوئی اور فرشتہ آپ کا ولی ہوتا تو ہمیں آپ کی نبوت تسلیم کرنے میں کوئی عذر نہ رہتا۔ ہر سوال کے جواب کے وقت آپ انہیں قسم دیتے اور ان سے دریافت فرماتے اور وہ اقرار کرتے کہ ہاں جواب صحیح ہے انہیں کے بارے میں آیت (قُلْ مَنْ كَانَ عَدُوًّا لِّجِبْرِيْلَ فَاِنَّهٗ نَزَّلَهٗ عَلٰي قَلْبِكَ بِاِذْنِ اللّٰهِ مُصَدِّقًا لِّمَا بَيْنَ يَدَيْهِ وَھُدًى وَّبُشْرٰى لِلْمُؤْمِنِيْنَ ) 2 ۔ البقرۃ :97) نازل ہوئی اور روایت میں ہے کہ حضرت اسرائیل کو عرق النساء کی بیماری تھی اور اس میں ان کا ایک پانچواں سوال یہ بھی ہے کہ یہ رعد کیا چیز ہے ؟ آپ نے فرمایا اللہ عزوجل کے فرشتوں میں سے ایک فرشتہ جو بادلوں پر مقرر ہے اس کے ہاتھ میں آگ کا کوڑا ہے جس سے بادلوں کا جہاں اللہ تعالیٰ کا حکم ہو لے جاتا ہے اور یہ گرج کی آواز اسی کی آواز ہے۔ جبرائیل کا نام سن کر یہ کہنے لگے وہ تو عذاب اور جنگ وجدال کا فرشتہ ہے اور ہمارا دشمن ہے، اگر پیداوار اور بارش کے فرشتے حضرت میکائیل آپ کے رفیق ہوتے تو ہم مان لیتے۔ حضرت یعقوب کی روش پر ان کی اولاد بھی رہی اور وہ بھی اونٹ کے گوشت سے پرہیز کرتی رہی، اس آیت کو اگلی آیت سے مناسبت ایک تو یہ ہے کہ جس طرح حضرت اسرائیل نے اپنی چہیتی چیز اللہ کی نذر کردی اسی طرح تم بھی کیا کرو۔ لیکن یعقوب کی شریعت میں اس کا طریقہ یہ تھا کہ اپنی پسندیدہ اور مرغوب چیز کا نام اللہ پر ترک کردیتے تھے اور ہماری شریعت میں یہ طریقہ نہیں بلکہ ہمیں یہ فرمایا گیا ہے کہ ہم اپنی چاہت کی چیزیں اللہ کے نام پر خرچ کردیا کریں، جیسے فرمایا آیت (وَاٰتَى الْمَالَ عَلٰي حُبِّهٖ ذَوِي الْقُرْبٰى وَالْيَـتٰمٰى وَالْمَسٰكِيْنَ وَابْنَ السَّبِيْلِ ) 2 ۔ البقرۃ :177) اور فرمایا آیت (وَيُطْعِمُوْنَ الطَّعَامَ عَلٰي حُبِّهٖ مِسْكِيْنًا وَّيَـتِـيْمًا وَّاَسِيْرًا) 76 ۔ الدہر :8) باوجود محبت اور چاہت کے وہ ہماری راہ میں مال خرچ کرتے اور مسکینوں کو کھانا دیتے ہیں، دوسری مناسبت یہ بھی ہے کہ پہلی آیتوں میں نصرانیوں کی تردید تھی تو یہاں یہودیوں کا رد ہو رہا ہے ان کے رد میں حضرت عیسیٰ کی پیدائش کا صحیح واقعہ بتا کر ان کے عقیدے کا رد کیا تھا، یہاں نسک کا صاف بیان کر کے ان کی اولاد بھی اسے حرام جانتی رہی چناچہ توراۃ میں بھی اس کی حرمت نازل ہوئی، اسی طرح اور بھی بعض چیزیں حرام کی گئیں یہ نسخ نہیں تو اور کیا ہے ؟ حضرت آدم (علیہ السلام) کی صلبی اولاد کا آپس میں بہن بھائی کا نکاح ابتداء جائز ہوتا تھا لیکن بعد میں حرام کردیا، عورتوں پر لونڈیوں سے نکاح کرنا شریعت ابراہیمی میں مباح تھا خود حضرت ابراہیم حضرت سارہ پر حضرت ہاجرہ کو لائے، لیکن پھر توراۃ میں اس سے روکا گیا، دو بہنوں سے ایک ساتھ نکاح کرنا حضرت یعقوب کے زمانہ میں جائز تھا بلکہ خود حضرت یعقوب کے گھر میں بیک وقت دو سگی بہنیں تھیں لیکن پھر توراۃ میں یہ حرام ہوگیا اسی کو نسخ کہتے ہیں اسے وہ دیکھ رہے ہیں اپنی کتاب میں پڑھ رہے ہیں لیکن پھر نسخ کا انکار کر کے انجیل کو اور حضرت عیسیٰ کو نہیں مانتے اور ان کے بعد ختم المرسلین (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ساتھ بھی یہی سلوک کرتے ہیں، تو یہاں فرمایا کہ توراۃ کے نازل ہونے سے پہلے تمام کھانے حلال تھے سوائے اس کے جسے اسرائیل (علیہ السلام) نے اپنی جان پر حرام کرلیا تھا تم توراۃ لاؤ اور پڑھو اس میں موجود ہے، پھر اس کے باوجود تمہاری یہ بہتان بازی اور افتراء پردازی کہ اللہ نے ہمارے لئے ہفتہ ہی کے دن کو ہمیشہ کے لئے عید کا دن مقرر کیا ہے اور ہم سے عہد لیا ہے کہ ہم ہمیشہ توراۃ ہی کے عامل رہیں اور کسی اور نبی کو نہ مانیں یہ کس قدر ظلم و ستم ہے، تمہاری یہ باتیں اور تمہاری یہ روش یقینا تمہیں ظالم و جابر ٹھہراتی ہے۔ اللہ نے سچی خبر دے دی ابراہیمی دین وہی ہے جسے قرآن بیان کر رہا ہے تم اس کتاب اور اس نبی کی پیروی کرو ان سے اعلیٰ کوئی نبی ہے نہ اس سے بہتر اور زیادہ واضح کوئی اور شریعت ہے، جیسے اور جگہ ہے آیت (قُلْ اِنَّنِيْ هَدٰىنِيْ رَبِّيْٓ اِلٰي صِرَاطٍ مُّسْتَقِيْمٍ ) 6 ۔ الانعام :161) اے نبی تم کہہ دو کہ مجھے میرے رب نے موحد ابراہیم حنیف کے مضبوط دین کی سیدھی راہ دکھا دی ہے۔ اور جگہ ہے ہم نے تیری طرف وحی کی کہ موحد ابراہیم حنیف کے دین کی تابعداری کر۔

مکمل تفسیر پڑھیں

Urdu - Tafsir Ibn Kathir