الشعراء ⁦۲۶:۱۹۶⁩

سورت میں پڑھیں · صفحہ ۳۷۵ · پارہ ۱۹

وَإِنَّهُۥ لَفِي زُبُرِ ٱلۡأَوَّلِينَ

Wa-innahu lafee zuburi al-awwaleen

تراجم

اگلے نبیوں کی کتابوں میں بھی اس قرآن کا تذکره ہے.[1]

Urdu - Muhammad Junagarhi
  1. یعنی جس طرح پیغمبرآخرالزماں (صلى الله عليه وسلم) کے ظہور و بعثت کا اور آپ (صلى الله عليه وسلم) کی صفات جمیلہ کا تذکرہ پچھلی کتابوں میں ہے، اسی طرح اس قرآن کے نزول کی خوشخبری بھی صحف سابقہ میں دی گئی تھی۔ ایک دوسرے معنی یہ کیے گئے ہیں کہ یہ قرآن مجید، بہ اعتبار ان احکام کے، جن پر تمام شریعتوں کا اتفاق رہا ہے، پچھلی کتابوں میں بھی موجود رہا ہے۔

اور اس (قرآن) کا تذکرہ پچھلی (آسمانی) کتابوں میں بھی موجود ہے۔ [1]

Mufti Taqi Usmani
  1. : یعنی تورات، زبور اور انجیل میں، نیز دوسرے انبیائے کرام (علیہم السلام) کے صحیفوں میں یہ بشارت دی گئی ہے کہ آخری پیغمبر تشریف لانے والے ہیں جن پر اللہ تعالیٰ کا کلام نازل ہوگا۔ اگرچہ اب ان کتابوں میں بہت سی تحریفات ہوگئی ہیں، لیکن ان میں سے متعدد بشارتیں آج بھی ان کتابوں میں موجود ہیں۔ حضرت مولانا رحمت اللہ کیرانوی نے اپنی کتاب ”اظہار الحق“ کے آخری باب میں یہ بشارتیں تفصیل کے ساتھ نقل فرمائی ہیں۔ اس کتاب کا اردو ترجمہ راقم الحروف کی شرح و تحقیق کے ساتھ ”بائبل سے قرآن تک“ کے نام سے شائع ہوچکا ہے۔

تمام تراجم

لفظ بہ لفظ

  1. وَإِنَّهُۥwa-innahuاور بیشک وہ
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    إِنّ
    قسمِ کلمہ
    حرفِ عطف · حرفِ نصب · ضمیرِ شخصی
  2. لَفِىlafīالبتہ میں ہے
    مادہ
    اس لفظ کا کوئی مادہ درج نہیں۔
    اصل لفظ
    فِي
    قسمِ کلمہ
    لامِ تاکید · حرفِ جار
  3. زُبُرِzuburiصحیفوں
    مادہ
    زبر
    اصل لفظ
    زُبُر
    قسمِ کلمہ
    اسم
  4. ٱلْأَوَّلِينَl-awalīna، پہلوں کے
    مادہ
    اول
    اصل لفظ
    أَوَّل
    قسمِ کلمہ
    حرفِ تعریف · اسم

تفسیر

بشارت و تصدیق یافتہ کتاب فرماتا ہے کہ اللہ کی اگلی کتابوں میں بھی اس پاک اور اللہ کی آخری کلام کی پیشن گوئی اور اسکی تصدیق وصفت موجود ہے۔ اگلے نبیوں نے بھی اسکی بشارت دی یہاں تک کہ ان تمام نبیوں کے آخری نبی جن کے بعدحضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) تک اور کوئی نبی نہ تھا۔ یعنی حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) بنی اسرائیل کو جمع کر کے جو خطبہ دیتے ہیں اس میں فرماتے ہیں کہ اے بنی اسرائیل ! میں تمہاری جانب اللہ کا بھیجا ہوا رسول ہوں جو اگلی کتابوں کو سچانے کے ساتھ ہی آنے والے حضرت محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی بشارت تمہیں سناتا ہوں۔ زبور حضرت داؤد (علیہ السلام) کی کتاب کا نام ہے یہاں زبر کا لفظ کتابوں کے معنی میں ہے جیسے فرمان ہے۔ آیت ( وَكُلُّ شَيْءٍ فَعَلُوْهُ فِي الزُّبُرِ 52؀) 54 ۔ القمر :52) جو کچھ یہ کررہے ہیں سب کتابوں میں تحریر ہے۔ پھر فرماتا ہے کہ اگر یہ سمجھیں اور ضد اور تعصب نہ کریں تو قرآن کی حقانیت پر یہی دلیل کیا کم ہے کہ خود بنی اسرائیل کے علماء اسے مانتے ہیں۔ ان میں سے جو حق گو اور بےتعصب ہیں وہ توراۃ کی ان آیتوں کا لوگوں پر کھلے عام ذکر کر رہے ہیں جن میں حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی بعثت قرآن کا ذکر اور آپ کی حقانیت کی خبر ہے۔ حضرت عبداللہ بن سلام (رض) ، حضرت سلمان فارسی (رض) اور ان جیسے حق گو حضرات نے دنیا کے سامنے توراۃ و انجیل کی وہ آیتیں رکھ دیں جو حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی شان والا شان کو ظاہر کرنے والی تھیں۔ اس کے بعد کی آیت کا مطلب یہ ہے کہ اگر اس فصیح وبلیغ جامع بالغ حق کلام کو ہم کسی عجمی پر نازل فرماتے پھر بھی کوئی شک ہی نہیں ہوسکتا تھا کہ یہ ہمارا کلام ہے۔ مگر مشرکین قریش اپنے کفر اور اپنی سرکشی میں اتنے بڑھ گئے ہیں کہ اس وقت بھی وہ ایمان نہ لاتے۔ جیسے فرمان ہے کہ اگر آسمان کا دروازہ بھی ان کے لئے کھول دیا جاتا اور یہ خود چڑھ کر جاتے تب بھی یہی کہتے ہمیں نشہ پلادیا گیا ہے۔ ہماری آنکھوں پر پردہ ڈال دیا گیا ہے۔ اور آیت میں ہے اگر ان کے پاس فرشتے آجاتے اور مردے بول اٹھتے تب بھی انہیں ایمان نصیب نہ ہوتا۔ ان پر عذاب کا کلمہ ثابت ہوچکا، عذاب ان کا مقدر ہوچکا اور ہدایت کی راہ مسدود کردی گئی۔

مکمل تفسیر پڑھیں

Urdu - Tafsir Ibn Kathir