Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) المدثر ⁦۷۴:۴۸⁩

آیات

  1. فَمَا تَنفَعُهُمۡ شَفَٰعَةُ ٱلشَّٰفِعِينَ

    آیت ⁦۷۴:۴۸⁩ کھولیں

    پس انہیں سفارش کرنے والوں کی سفارش نفع نہ دے گی.[1]

Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)

اُس وقت سفارش کرنے والوں کی سفارش ان کے کسی کام نہ آئے گی۔ [36]

سورة الْمُدَّثِّر حاشیہ نمبر :36

یعنی ایسے لوگ جنہوں نے مرتے دم تک یہ روش اختیار کیے رکھی ہو ان کے حق میں اگر کوئی شفاعت کرنے والا شفاعت کرے بھی تو اسے معافی نہیں مل سکتی۔ شفاعت کے مسئلے کو قرآن مجید میں بکثرت مقامات پر اتنی وضاحت کے ساتھ بیان کردیا گیا ہے کہ کسی شخص کو یہ جاننے میں کوئی مشکل پیش نہیں آسکتی کہ شفاعت کون کرسکتا ہے اور کون نہیں کرسکتا، کس حالت میں کی جاسکتی ہے اور کس حالت میں نہیں کی جاسکتی، کس کے لیے کی جاسکتی ہے اور کس کے لیے نہیں کی جاسکتی، اور کس کے حق میں وہ نافع ہے اور کس کے حق میں نافع نہیں ہے۔ دنیا میں چونکہ لوگوں کی گمراہی کے بڑے اسباب میں سے ایک سبب شفاعت کے بارے میں غلط عقائد بھی ہیں، اس لیے قرآن نے اس مسئلے کو اتنا کھول کر بیان کردیا ہے کہ اس میں کسی اشتباہ کی گنجائش باقی نہیں چھوڑی۔ مثال کے طور پر آیات ذیل ملاحظہ ہوں : البقرہ، 255 ۔ الانعام، 94 ۔ الاعراف، 53 ۔ یونس، 3 ۔ 18 ۔ مریم، 78 ۔ طٰہٰ ، 109 ۔ الانبیاء، 28 ۔ سبا، 23 ۔ الزمر، 43 ۔ 44 ۔ المؤمن، 18 ۔ الدخان، 86 ۔ النجم 62 ۔ النبا، 37 ۔ 38 ۔ تفہیم القرآن میں جہاں جہاں یہ آیات آئی ہیں ہم نے ان کی اچھی طرح تشریح کردی ہے۔