Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) الحاقة ۶۹:۲۵
سورت میں پڑھیںاس تفسیر کی سورتیں
آیات
وَأَمَّا مَنۡ أُوتِيَ كِتَٰبَهُۥ بِشِمَالِهِۦ فَيَقُولُ يَٰلَيۡتَنِي لَمۡ أُوتَ كِتَٰبِيَهۡ
آیت ۶۹:۲۵ کھولیںلیکن جسے اس (کے اعمال) کی کتاب اس کے بائیں ہاتھ میں دی جائے گی، وه تو کہے گا کہ کاش کہ مجھے میری کتاب دی ہی نہ جاتی.[1]
Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)
اور جس کا نامہٴ اعمال اُس کے بائیں ہاتھ میں دیا جائے گا [15] وہ کہے گا” کاش میرا اعمال نامہ مجھے نہ دیا گیا ہوتا [16]
سورة الْحَآقَّة حاشیہ نمبر :15
سورة انشقاق میں فرمایا گیا ہے |" اور جس کا نامہ اعمال اس کی پیٹھ کے پیچھے دیا جائے گا |"۔ غالباً اس کی صورت یہ ہوگی کہ مجرم کو چونکہ پہلے ہی سے اپنے مجرم ہونے کا علم ہوگا اور وہ جانتا ہوگا کہ اس نامہ اعمال میں اس کا کیا کچا چٹھا درج ہے، اس لیے وہ نہایت بددلی کے ساتھ اپنا بایاں ہاتھ بڑھا کر اسے لے گا اور فوراً پیٹھ کے پیچھے چھپا لے گا تاکہ کوئی دیکھنے نہ پائے۔
سورة الْحَآقَّة حاشیہ نمبر :16
یعنی مجھے یہ نامہ اعمال دے کر میدان حشر میں علانیہ سب کے سامنے ذلیل و رسوا نہ کیا جاتا اور جو سزا بھی دینی تھی دے ڈالی جاتی۔