Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) الذاريات ⁦۵۱:۲۸⁩

آیات

  1. فَأَوۡجَسَ مِنۡهُمۡ خِيفَةٗۖ قَالُواْ لَا تَخَفۡۖ وَبَشَّرُوهُ بِغُلَٰمٍ عَلِيمٖ

    آیت ⁦۵۱:۲۸⁩ کھولیں

    پھر تو دل ہی دل میں ان سے خوفزده ہوگئے[1] انہوں نے کہا آپ خوف نہ کیجئے[2]۔ اور انہوں نے اس (حضرت ابراہیم) کو ایک علم والے لڑکے کی بشارت دی.

Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)

پھر وہ اپنے دل میں ان سے ڈرا۔ [26] انہوں نےکہا ڈریے نہیں، اور اُسے ایک ذی علم لڑکے کی پیدائش کا مژدہ سنایا۔ [27]

سورة الذّٰرِیٰت حاشیہ نمبر :26

یعنی جب ان کے ہاتھ کھانے کی طرف نہ بڑھے تو حضرت ابراہیم ( علیہ السلام) کے دل میں خوف پیدا ہوا۔ اس خوف کی وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ اجنبی مسافروں کا کسی کے گھر جا کر کھانے سے پرہیز کرنا، قبائلی زندگی میں اس بات کی علامت ہوتا ہے کہ وہ کسی برے ارادے سے آئے ہیں۔ لیکن اغلب یہ ہے کہ ان کے اس اجتناب ہی سے حضرت ابراہیم سمجھ گئے کہ یہ فرشتے ہیں جو انسانی صورت میں آئے ہیں، اور چونکہ فرشتوں کا انسانی شکل میں آنا بڑے غیر معمولی حالات میں ہوتا ہے اس لیے آپ کو خوف لاحق ہوا کہ کوئی خوفناک معاملہ در پیش ہے جس کے لیے یہ حضرات اس شان سے تشریف لائے ہیں۔

سورة الذّٰرِیٰت حاشیہ نمبر :27

سورة ہود میں تصریح ہے کہ یہ حضرت اسحاق (علیہ السلام) کی پیدائش کا مژدہ تھا اور اس میں یہ بشارت بھی دی گئی تھی کہ حضرت اسحاق سے ان کو حضرت یعقوب (علیہ السلام) جیسا پوتا نصیب ہوگا۔