Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) الصافات ۳۷:۴۵
سورت میں پڑھیںاس تفسیر کی سورتیں
آیات
يُطَافُ عَلَيۡهِم بِكَأۡسٖ مِّن مَّعِينِۭ
آیت ۳۷:۴۵ کھولیںجاری شراب کے جام کا ان پر دور چل رہا ہوگا.[1]
Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)
شراب [24] کے چشموں [26] سے ساغر بھر بھر کر ان کے درمیان پھرائے جائیں گے
سورة الصّٰٓفّٰت حاشیہ نمبر :24
اصل میں یہاں شراب کی تصریح نہیں ہے بلکہ صرف کأس (ساغر) کا لفظ استعمال کیا گیا ہے۔ لیکن عربی زبان کی کأس کا لفظ بول کر ہمیشہ شراب ہی مراد لی جاتی ہے۔ جس پیالے میں شراب کے بجائے دودھ یا پانی ہو، یا جس پیالے میں کچھ نہ ہو اسے کأس نہیں کہتے کأس کا لفظ صرف اس وقت بولا جاتا ہے جب اس میں شراب ہو۔
سورة الصّٰٓفّٰت حاشیہ نمبر :25
یعنی وہ شراب اس قوم کی نہ ہوگی جو دنیا میں پھلوں اور غلوں کو سڑا کر کشید کی جاتی ہے۔ بلکہ وہ قدرتی طور پر چشموں سے نکلے گی اور نہروں کی شکل میں بہے گی۔ سورة محمد میں اسی مضمون کو صراحت کے ساتھ بیان کیا گیا ہے : وَاَنْھٰرٌ مِّنْ خَمْرٍ لَّذَّۃٍ لِّشَّارِبِیْنَ ۔ |" اور شراب کی نہریں جو پینے والوں کے لیے لذت ہوں گی |"۔
سورة الصّٰٓفّٰت حاشیہ نمبر :26
یہاں یہ نہیں بتایا گیا کہ شراب کے یہ ساغر لے کر جنتیوں کے درمیان گردش کون کرے گا۔ اس کی تفصیل دوسرے مقامات پر ارشاد ہوئی ہے : وَ یَطُوْفُ عَلَیْھِمْ غِلْمَانٌ لَّھُمْ کَاَنَّھُمْ لُوءْ لُوءٌ مَّکْنُوْنٌ۔ اور ان کی خدمت کے لیے گردش کریں گے ان کے خادم لڑکے، ایسے خوبصورت جیسے صدف میں چھپے ہوئے موتی |" (الطور، آیت 24) ۔ وَیَطُوْفُ عَلَیْھِمْ وِلْدَانٌ مُّخَلَّدُوْنَ اِذَا رَأَیْتَھُمْ حَسِبْتَھُمْ لُوْء لُؤًا مَّنْشُوْراً ۔ |" اور ان کی خدمت کے لیے گردش کریں گے ایسے لڑکے جو ہمیشہ لڑکے ہی رہنے والے ہیں۔ تم انہیں دیکھو تو سمجھو کہ موتی بکھیر دیے گئے ہیں |" (الدہر، آیت 19) ۔ پھر اس کی مزید تفصیل حضرت اَنَس اور حضرت سَمُرَہ بن جندُب کی ان روایات میں ملتی ہے جو انہوں نے نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے نقل کی ہیں۔ ان میں بتایا گیا ہے کہ |" مشرکین کے بچے اہل جنت کے خادم ہوں گے |" (ابو داؤد طَیالِسی، طبرانی، بزَّار) ۔ یہ روایات اگرچہ سنداً ضعیف ہیں، لیکن متعدد دوسری احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ جو بچے سن رشد کو نہیں پہنچے ہیں وہ جنت میں جائیں گے۔ پھر یہ بھی احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ جن بچوں کے والدین جنتی ہوں گے وہ اپنے ماں باپ کے ساتھ رہیں گے تاکہ ان کی آنکھیں ٹھنڈی ہوں۔ اس کے بعد لامحالہ وہ بچے رہ جاتے ہیں جن کے ماں باپ جنتی نہ ہوں گے۔ سو ان کے متعلق یہ بات معقول معلوم ہوتی ہے کہ وہ اہل جنت کے خادم بنا دیے جائیں۔ (اس کے متعلق تفصیلی بحث کے لیے ملاحظہ ہو فتح الباری اور عمدۃ القاری، کتاب الجنائز، باب ماقیل فی اولاد المشرکین رسائل و مسائل، جلد سوم، ص 177 تا 187)