Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) سبإ ⁦۳۴:۵۰⁩

آیات

  1. قُلۡ إِن ضَلَلۡتُ فَإِنَّمَآ أَضِلُّ عَلَىٰ نَفۡسِيۖ وَإِنِ ٱهۡتَدَيۡتُ فَبِمَا يُوحِيٓ إِلَيَّ رَبِّيٓۚ إِنَّهُۥ سَمِيعٞ قَرِيبٞ 

    آیت ⁦۳۴:۵۰⁩ کھولیں

    کہہ دیجیئے کہ اگر میں بہک جاؤں تو میرے بہکنے (کا وبال) مجھ پر ہی ہے اور اگر میں راه ہدایت پر ہوں تو بہ سبب اس وحی کے جو میرا پروردگار مجھے کرتا[1] ہے وه بڑا ہی سننے واﻻ اور بہت ہی قریب ہے.[2]

Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)

کہو” اگر میں گمراہ ہو گیا ہوں تو میری گمراہی کا وبال مجھ پر ہے، اور اگر میں ہدایت پر ہوں تو اُس وحی کی بنا پر ہوں جو میرا ربّ میرے اُوپر نازل کرتا ہے، وہ سب کچھ سُنتا ہے اور قریب ہی ہے۔ [71]

سورة سَبـَا حاشیہ نمبر :71

اس زمانے کے بعض لوگوں نے اس آیت سے یہ استدلال کیا ہے کہ اس کی رو سے نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) گمراہ ہو سکتے تھے، بلکہ ہوجایا کرتے تھے، اسی لیے تو اللہ تعالیٰ نے خود حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ہی کی زبان سے یہ کہلوا دیا کہ اگر میں گمراہ ہوتا ہوں تو اپنی گمراہی کا خود ذمہ دار ہوتا ہوں اور راہ راست پر میں بس اس وقت ہوتا ہوں جب میرا رب مجھ پر وحی (یعنی آیات قرآنی) نازل کرتا ہے۔ اس غلط تاویل سے یہ ظالم گویا یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی زندگی معاذ اللہ ہدایت و ضلالت کا مجموعہ تھی اور اللہ تعالیٰ نے کفار کے سامنے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے یہ اعتراف اس لیے کروا رہا تھا کہ کہیں کوئی شخص آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو بالکل ہی راہ راست پر سمجھ کر آپ کی مکمل پیروی نہ اختیار کر بیٹھے حالانکہ جو شخص بھی سلسلہ کلام پر غور کرے گا وہ جان لے گا کہ یہاں |" اگر میں گمراہ ہوگیا ہوں |" کے الفاظ اس معنی میں نہیں کہے گئے ہیں کہ معاذ اللہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) فی الواقع گمراہ ہوجاتے تھے، بلکہ پوری بات اس معنی میں کہی گئی ہے کہ |" اگر میں گمراہ ہوگیا ہوں، جیسا کہ تم مجھ پر الزام لگا رہے ہو، اور میرا یہ نبوت کا دعویٰ اور میری یہ دعوت توحید اسی گمراہی کا نتیجہ ہے جیسا کہ تم گمان کر رہے ہو، تو میری گمراہی کا وبال مجھ پر ہی پڑے گا، اس کی ذمہ داری میں تم نہ پکڑے جاؤ گے۔ لیکن اگر میں ہدایت پر ہوں، جیسا کہ درحقیقت ہوں، تو اس کی وجہ یہ ہے کہ مجھ پر میرے رب کی طرف سے وحی آتی ہے جس کے ذریعہ سے مجھے راہ راست کا علم حاصل ہوگیا ہے۔ میرا رب قریب ہی موجود ہے اور سب کچھ سن رہا ہے، اسے معلوم ہے کہ میں گمراہ ہوں یا اس کی طرف سے ہدایت یافتہ۔ |"