Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) الأنبياء ۲۱:۱
سورت میں پڑھیںاس تفسیر کی سورتیں
آیات
ٱقۡتَرَبَ لِلنَّاسِ حِسَابُهُمۡ وَهُمۡ فِي غَفۡلَةٖ مُّعۡرِضُونَ
آیت ۲۱:۱ کھولیںلوگوں کے حساب کا وقت قریب آگیا[1] پھر بھی وه بے خبری میں منھ پھیرے ہوئے ہیں.[2]
Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)
قریب آگیا ہے لوگوں کے حساب کا وقت ، [1] اور وہ ہیں کہ غفلت میں منہ موڑے ہوئے ہیں۔ [2]
سورة الْاَنبیَآء حاشیہ نمبر :1
مراد ہے قرب قیامت۔ یعنی اب وہ وقت دور نہیں ہے جب لوگوں کو اپنا حساب دینے کے لیے اپنے رب کے آگے حاضر ہونا پڑے گا۔ محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی بعثت اس بات کی علامت ہے کہ نوع انسانی کی تاریخ اب اپنے آخری دور میں داخل ہو رہی ہے۔ اب وہ اپنے آغاز کی بہ نسبت اپنے انجام سے قریب تر ہے۔ آغاز اور وسط کے مرحلے گزر چکے ہیں اور آخری مرحلہ شروع ہوچکا ہے۔ یہی مضمون ہے جس کو نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے ایک حدیث میں بیان فرمایا ہے۔ آپ نے اپنی دو انگلیاں کھڑی کر کے فرمایا : بُعِثت انا والسَّاعَۃُ کَھَاتینِ ، |" میں ایسے وقت پر مبعوث کیا گیا ہوں کہ میں اور قیامت ان دو انگلیوں کی طرح ہیں۔ |" یعنی میرے بعد بس قیامت ہی ہے۔ کسی اور نبی کی دعوت بیچ میں حائل نہیں ہے۔ سنبھلنا ہے تو میری دعوت پر سنبھل جاؤ۔ کوئی اور ہادی اور بشیر و نذیر آنے والا نہیں ہے۔
سورة الْاَنْبِیَآء حاشیہ نمبر :2
یعنی کسی تنبیہ کی طرف توجہ نہیں کرتے۔ نہ خود سوچتے ہیں کہ ہمارا انجام کیا ہوا ہے اور نہ اس پیغمبر کی بات سنتے ہیں جو انہیں خبردار کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔