Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) الفيل ⁦۱۰۵:۱⁩

آیات

  1. أَلَمۡ تَرَ كَيۡفَ فَعَلَ رَبُّكَ بِأَصۡحَٰبِ ٱلۡفِيلِ

    آیت ⁦۱۰۵:۱⁩ کھولیں

    کیا تو نے نہ دیکھا کہ تیرے رب نے ہاتھی والوں کے ساتھ کیا کیا؟[1]

Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)

تم نے دیکھا نہیں [1] کہ تمہارے ربّ نے ہاتھی والوں کے ساتھ کیا کیا؟ [2]

سورة الفیل حاشیہ نمبر : 1

خطاب بظاہر نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے ہے، مگر اصل مخاطب نہ صرف قریش بلکہ عرب کے عام لوگ ہیں جو اس سارے قصے سے خوب واقف تھے۔ قرآن مجید میں بکثرت مقامات پر الم تر (کیا تم نے نہیں دیکھا) کے الفاظ استعمال ہوئے ہیں اور ان سے مقصود نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو نہیں بلکہ عام لوگوں کو مخاطب کرنا ہے (مثال کے طور پر آیات ذیل ملاحظہ ہوں۔ ابراہیم، آیت 19 ۔ الحج 18 ۔ 65 ۔ النور 43 ۔ لقمان 29 ۔ 31 ۔ فاطر 27 ۔ الزمر 21) پھر دیکھنے کا لفظ اس مقام پر اس لیے استعمال کیا گیا ہے کہ مکہ اور اطراف مکہ اور عرب کے ایک وسیع علاقے میں مکہ سے یمن تک ایسے بہت سے لوگ اس وقت زندہ موجود تھے جنہوں نے اپنی آنکھوں سے اصحاب الفیل کی تباہی کا واقعہ دیکھا تھا کیونکہ اس واقعہ کو گزرے ہوئے چالیس پینتالیس سال سے زیادہ زمانہ نہیں ہوا تھا، اور سارا عرب ہی اس کی ایسی متواتر خبریں دیکھنے والوں سے سن چکا تھا کہ یہ واقعہ لوگوں کے لیے آنکھوں دیکھے واقعہ کی طرح یقینی تھا۔

سورة الفیل حاشیہ نمبر : 2

یہاں اللہ تعالیٰ نے کوئی تفصیل اس امر کی بیان نہیں کی کہ یہ ہاتھی والے کون تھے، کہاں سے آئے تھے اور کس غرض کے لیے آئے تھے، کیونکہ یہ باتیں سب کو معلوم تھیں۔