Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) القلم ⁦۶۸:۴۸⁩

آیات

  1. فَٱصۡبِرۡ لِحُكۡمِ رَبِّكَ وَلَا تَكُن كَصَاحِبِ ٱلۡحُوتِ إِذۡ نَادَىٰ وَهُوَ مَكۡظُومٞ

    آیت ⁦۶۸:۴۸⁩ کھولیں

    پس تو اپنے رب کے حکم کا صبر سے (انتظار کر[1] ) اور مچھلی والے کی طرح نہ ہو جا جب[2] کہ اس نے غم کی حالت میں دعا کی.[3]

Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)

پس اپنے ربّ کا فیصلہ صادر ہونے تک صبر کرو [31] اور مچھلی والے (یونسؑ )کی طرح نہ ہو جاوٴ، [32] جب اُس نے پکارا تھا اور وہ غم سے بھرا ہو[۱] تھا۔ [33]

سورة الْقَلَم حاشیہ نمبر :31

یعنی وہ وقت ابھی دور ہے جب اللہ تعالیٰ تمہاری فتح و نصرت اور تمہارے ان مخالفین کی شکست کا فیصلہ فرما دے گا۔ اس وقت کے آنے تک جو تکلیفیں اور مصیبتیں بھی اس دین کی تبلیغ میں پیش آئیں انہیں صبر کے ساتھ برداشت کرتے چلے جاؤ۔

سورة الْقَلَم حاشیہ نمبر :32

یعنی یونس (علیہ السلام) کی طرح بےصبری سے کام نہ لو جو اپنی بےصبری کی وجہ سے مچھلی کے پیٹ میں پہنچا دیے گئے تھے۔ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو اللہ کا فیصلہ آنے تک صبر کی تلقین کرنے کے بعد فوراً ہی یہ فرمانا کہ یونس (علیہ السلام) کی طرح نہ ہوجاؤ، خود بخود اس بات پر دلالت کرتا ہے کہ انہوں نے اللہ کا فیصلہ آنے سے پہلے بےصبری سے کوئی کام کیا تھا جس کی بنا پر وہ عتاب کے مستحق ہوگئے تھے۔ (تشریح کے لیے ملاحظہ ہو تفہیم القرآن، جلد دوم، یونس، آیت 98، حاشیہ 99 ۔ جلد سوم، الانبیا، آیات 87 ۔ 88 حواشی 82 تا 85، جلد چہارم، الصافات آیات 139 تا 149 حواشی 78 تا 85) ۔

سورة الْقَلَم حاشیہ نمبر :33

سورة انبیاء میں اس کی تفصیل یہ بیان کی گئی ہے کہ مچھلی کے پیٹ اور سمندر کی تاریکیوں میں حضرت یونس (علیہ السلام) نے پکارا تھا لا الہ الا انت سبحنک انی کنت من الظلمین، |" کوئی خدا نہیں تیری پاک ذات کے سوا، میں واقعی خطا وار ہوں |"۔ اس پر اللہ تعالیٰ نے ان کی فریاد سن لی اور ان کو غم سے نجات دی (آیات 87 ۔ 88) ۔