Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) الأنعام ⁦۶:۱۶۱⁩

آیات

  1. قُلۡ إِنَّنِي هَدَىٰنِي رَبِّيٓ إِلَىٰ صِرَٰطٖ مُّسۡتَقِيمٖ دِينٗا قِيَمٗا مِّلَّةَ إِبۡرَٰهِيمَ حَنِيفٗاۚ وَمَا كَانَ مِنَ ٱلۡمُشۡرِكِينَ

    آیت ⁦۶:۱۶۱⁩ کھولیں

    آپ کہہ دیجئے کہ مجھ کو میرے رب نے ایک سیدھا راستہ بتادیا ہے کہ وه ایک دین مستحکم ہے جو طریقہ ہے ابراہیم (علیہ السلام) کا جو اللہ کی طرف یکسو تھے۔ اور وه شرک کرنے والوں میں سے نہ تھے۔

Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)

اے محمد ؐ ! کہو میرے رب نے بالیقین مجھے سیدھا راستہ دکھا دیا ہے، بالکل ٹھیک دین جس میں کوئی ٹیڑھ نہیں، ابراہیم ؑ کا طریقہ[142] جسے یکسُو ہوکر اُس نے اختیار کیا تھا اور وہ مشرکوں میں سے نہ تھا

سورة الْاَنْعَام حاشیہ نمبر :142

” ابراہیم (علیہ السلام) کا طریقہ “ یہ اس راستے کی نشان دہی کے لیے مزید ایک تعریف ہے۔ اگرچہ اس کو موسیٰ (علیہ السلام) کا طریقہ یا عیسیٰ (علیہ السلام) کا طریقہ بھی کہا جاسکتا تھا، مگر حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کی طرف دنیا نے یہودیت کو اور حضرت عیسیٰ (علیہ السلام) کی طرف مسیحیت کو منسوب کر رکھا ہے، اس لیے ” ابراہیم (علیہ السلام) کا طریقہ “ فرمایا۔ حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کو یہودی اور عیسائی، دونوں گروہ بر حق تسلیم کرتے ہیں، اور دونوں یہ بھی جانتے ہیں کہ وہ یہودیت اور عیسائیت کی پیدائش سے بہت پہلے گزر چکے تھے۔ نیز مشرکین عرب بھی ان کو راست رو مانتے تھے اور اپنی جہالت کے باوجود کم از کم اتنی بات انہیں بھی تسلیم تھی کہ کعبہ کی بنا رکھنے والا پاکیزہ انسان خالص خدا پرست تھا نہ کہ بت پرست۔