Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) محمد ⁦۴۷:۱۸⁩

آیات

  1. فَهَلۡ يَنظُرُونَ إِلَّا ٱلسَّاعَةَ أَن تَأۡتِيَهُم بَغۡتَةٗۖ فَقَدۡ جَآءَ أَشۡرَاطُهَاۚ فَأَنَّىٰ لَهُمۡ إِذَا جَآءَتۡهُمۡ ذِكۡرَىٰهُمۡ

    آیت ⁦۴۷:۱۸⁩ کھولیں

    تو کیا یہ قیامت کا انتظار کر رہے ہیں کہ وه ان کے پاس اچانک آجائے یقیناً اس کی علامتیں تو آچکی ہیں[1] ، پھر جبکہ ان کے پاس قیامت آجائے انہیں نصیحت کرنا کہاں ہوگا؟[2]

Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)

اب کیا یہ لوگ بس قیامت ہی کے منتظر ہیں کہ وہ اچانک ان پر آجائے؟[29] اس کی علامات تو آچکی ہیں۔[30] جب وہ خود آجائے گی تو ان کے لیے نصیحت قبول کرنے کا کونسا موقع باقی رہ جائے گا؟

سورة مُحَمَّد حاشیہ نمبر :29

یعنی جہاں تک حق واضح کرنے کا تعلق ہے وہ تو دلائل سے، قرآن کے معجزانہ بیان سے محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی سیرت پاک سے، اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم کی زندگیوں کے انقلاب سے، انتہائی روشن طریقے پر واضح کیا جا چکا ہے۔ اب ایمان لانے کے لیے یہ لوگ اس بات کا انتظار کر رہے ہیں کہ قیامت ان کے سامنے آ کھڑی ہو ؟

سورة مُحَمَّد حاشیہ نمبر :30

قیامت کی علامات سے مراد وہ علامات ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کی آمد کا وقت اب قریب آ لگا ہے ان میں سے ایک اہم علامت خدا کے آخری نبی کا آجانا ہے جس کے بعد پھر قیامت تک کوئی اور نبی آنے والا نہیں ہے۔ بخاری، مسلم، ترمذی اور مسند احمد میں حضرت انس، حضرت سہل بن سعد ساعدی، اور حضرت بریدہ (رض) کی روایات منقول ہیں کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے اپنی انگشت شہادت اور بیچ کی انگلی کھڑی کر کے فرمایا : بُعثت انا و السّاعۃ کھَاتین۔ |" میری بعثت اور قیامت ان دو انگلیوں کی طرح ہیں |"۔ یعنی جس طرح ان دو انگلیوں کے درمیان کوئی اور انگلی نہیں ہے، اسی طرح میرے اور قیامت کے درمیان کوئی اور نبی بھی مبعوث ہونے والا نہیں ہے۔ میرے بعد اب بس قیامت ہی آنے والی ہے۔