Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) محمد ⁦۴۷:۱۶⁩

آیات

  1. وَمِنۡهُم مَّن يَسۡتَمِعُ إِلَيۡكَ حَتَّىٰٓ إِذَا خَرَجُواْ مِنۡ عِندِكَ قَالُواْ لِلَّذِينَ أُوتُواْ ٱلۡعِلۡمَ مَاذَا قَالَ ءَانِفًاۚ أُوْلَٰٓئِكَ ٱلَّذِينَ طَبَعَ ٱللَّهُ عَلَىٰ قُلُوبِهِمۡ وَٱتَّبَعُوٓاْ أَهۡوَآءَهُمۡ

    آیت ⁦۴۷:۱۶⁩ کھولیں

    اور ان میں بعض (ایسے بھی ہیں کہ) تیری طرف کان لگاتے ہیں۔ یہاں تک کہ جب تیرے پاس سے جاتے ہیں تو اہل علم سے (بوجہ کند ذہنی وﻻپرواہی کے) پوچھتے ہیں کہ اس نے ابھی کیا کہا تھا[1] ؟ یہی لوگ ہیں جن کے دلوں پر اللہ نے مہر کر دی ہے اور وه اپنی خواہشوں کی پیروی کرتے ہیں.

Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)

ان میں سے  کچھ لوگ ایسے ہیں جو کان  لگا کر تمہاری بات سنتے ہیں اور پھر جب تمہارے پاس سے نکلتے ہیں تو ان لوگوں سے جنہیں علم کی نعمت بخشی گئی ہے پوچھتے ہیں کہ ابھی ابھی انہوں نے کیا کہا تھا ؟[25] یہ وہ لوگ ہیں جن کے دلوں پر اللہ نے ٹھپّہ لگا دیا  ہے اور یہ اپنی خواہشات کے پیرو بنے ہوئے ہیں۔[26]

سورة مُحَمَّد حاشیہ نمبر :25

یہ ان کفار و منافقین اور منکرین اہل کتاب کا ذکر ہے جو نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی مجلس میں آ کر بیٹھتے تھے اور آپ کے ارشادات، یا قرآن مجید کی آیات سنتے تھے، مگر چونکہ ان کا دل ان مضامین سے دور تھا جو آپ کی زبان مبارک سے ادا ہوتے تھے، اس لیے سب کچھ سن کر بھی وہ کچھ نہ سنتے تھے اور باہر نکل کر مسلمانوں سے پوچھتے تھے کہ ابھی ابھی آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کیا فرما رہے تھے۔

سورة مُحَمَّد حاشیہ نمبر :26

یہ تھا وہ اصل سبب جس کی وجہ سے ان کے دل کے کان نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ارشادات کے لیے بہرے ہوگئے تھے۔ وہ اپنی خواہشات کے بندے تھے، اور حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) جو تعلیمات پیش فرما رہے تھے وہ ان کی خواہشات کے خلاف تھیں، اس لیے اگر وہ کبھی آپ کی مجلس میں آ کر بتکلف آپ کی طرف کان لگاتے بھی تھے تو ان کے پلے کچھ نہ پڑتا تھا۔