Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) الدخان ⁦۴۴:۳۹⁩

آیات

  1. مَا خَلَقۡنَٰهُمَآ إِلَّا بِٱلۡحَقِّ وَلَٰكِنَّ أَكۡثَرَهُمۡ لَا يَعۡلَمُونَ

    آیت ⁦۴۴:۳۹⁩ کھولیں

    بلکہ ہم نے انہیں درست تدبیر کے ساتھ ہی پیدا کیا[1] ہے، لیکن ان میں سے اکثر لوگ نہیں جانتے.[2]

Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)

اِن کو ہم نے برحق پیدا کیا ہے، مگر اکثر لوگ جانتے نہیں ہیں۔[34]

سورة الدُّخَان حاشیہ نمبر :34

یہ ان کے اعتراض کا دوسرا جواب ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جو شخص بھی حیات بعد الموت اور آخرت کی جزا و سزا کا منکر ہے وہ دراصل اس کارخانہ عالم کو کھلونا اور اس کے خالق کو نادان بچہ سمجھتا ہے، اسی بناء پر اس نے یہ رائے قائم کی ہے کہ انسان دنیا میں ہر طرح کے ہنگامے برپا کر کے ایک روز بس یونہی مٹی میں رل مل جائے گا اور اس کے کسی اچھے یا برے کام کا کوئی نتیجہ نہ نکلے گا۔ حالانکہ یہ کائنات کسی کھلنڈرے کی نہیں بلکہ ایک خالق حکیم کی بنائی ہوئی ہے اور کسی حکیم سے یہ توقع نہیں کی جاسکتی ہے کہ وہ فعل عبث کا ارتکاب کرے گا۔ انکار آخرت کے جواب میں یہ استدلال قرآن مجید میں متعدد مقامات پر کیا گیا ہے، ہم اس کی مفصل تشریح کرچکے ہیں۔ (ملاحظہ ہو تفہیم القرآن، جلد، اول، الانعام، حاشیہ ٤٦، جلد دوم، یونس، حواشی ١٠۔ ١١، جلد سوم، الانبیاء، حواشی ١٦۔ ١٧، المومنون، حواشی ١٠١۔ ١٠٢، الروم، حواشی ٤ تا ١٠) ۔