Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) الشورى ⁦۴۲:۵۲⁩

آیات

  1. وَكَذَٰلِكَ أَوۡحَيۡنَآ إِلَيۡكَ رُوحٗا مِّنۡ أَمۡرِنَاۚ مَا كُنتَ تَدۡرِي مَا ٱلۡكِتَٰبُ وَلَا ٱلۡإِيمَٰنُ وَلَٰكِن جَعَلۡنَٰهُ نُورٗا نَّهۡدِي بِهِۦ مَن نَّشَآءُ مِنۡ عِبَادِنَاۚ وَإِنَّكَ لَتَهۡدِيٓ إِلَىٰ صِرَٰطٖ مُّسۡتَقِيمٖ

    آیت ⁦۴۲:۵۲⁩ کھولیں

    اور اسی طرح ہم نے آپ کی طرف اپنے حکم سے روح کو اتارا ہے[1] ، آپ اس سے پہلے یہ بھی نہیں جانتے تھے کہ کتاب اور ایمان کیا چیز ہے[2]؟ لیکن ہم نے اسے نور بنایا، اس کے ذریعہ سے اپنے بندوں میں سے جسے چاہتے ہیں، ہدایت دیتے ہیں[3]، بیشک آپ راه راست کی رہنمائی کر رہے ہیں.

Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)

اور اِسی طرح (اے محمدؐ )ہم نے اپنے حکم سے ایک روح تمہاری طرف وحی کی ہے۔ [83] تمہیں کچھ پتہ نہ تھا کہ کتاب کیا ہوتی ہے اور ایمان کیا ہوتا ہے، [84] مگر اُس رُوح کو ہم نے ایک روشنی بنا دیا جس سے ہم راہ دکھاتے ہیں اپنے بندوں میں سے جسے چاہتے ہیں۔ یقیناً تم سیدھے راستے کی طرف رہنمائی کر رہے ہو

سورة الشُّوْرٰی حاشیہ نمبر :83

|" اسی طرح |" سے مراد محض آخری طریقہ نہیں ہے بلکہ وہ تینوں طریقے ہیں جو اوپر کی آیات میں مذکور ہوئے ہیں۔ اور |" روح |" سے مراد وحی، یا وہ تعلیم ہے جو وحی کے ذریعہ سے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو دی گئی۔ یہ بات قرآن اور حدیث دونوں سے ثابت ہے کہ نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو ان تینوں طریقوں سے ہدایات دی گئی ہیں :

1) ۔ حدیث میں حضرت عائشہ کا بیان ہے کہ نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پر وحی آنے کی ابتداء ہی سچے خوابوں سے ہوئی تھی (بخاری و مسلم) ۔ یہ سلسلہ بعد میں بھی جاری رہا ہے، چناچہ احادیث میں آپ کے بہت سے خوابوں کا ذکر ملتا ہے جن میں آپ کو کوئی تعلیم دی گئی ہے یا کسی بات پر مطلع کیا گیا ہے، اور قرآن مجید میں بھی آپ کے ایک خواب کا صراحت کے ساتھ ذکر آیا ہے (الفتح، آیت 27) ۔ اس کے علاوہ متعدد احادیث میں یہ ذکر بھی آیا ہے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا، فلاں بات میرے دل میں ڈالی گئی ہے، یا مجھے یہ بتایا گیا ہے، یا مجھے یہ حکم دیا گیا ہے، یا مجھے اس سے منع کیا گیا ہے۔ ایسی تمام چیزیں وحی کی پہلی قسم سے تعلق رکھتی ہیں، اور احادیث قدسیہ بھی زیادہ تر اسی قبیل سے ہیں۔

2) ۔ معراج کے موقع پر حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو وحی کی دوسری قسم سے بھی مشرف فرمایا گیا۔ متعدد صحیح احادیث میں حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو پنج وقتہ نماز کا حکم دیے جانے، اور حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے اس پر بار بار عرض معروض کرنے کا ذکر جس طرح آیا ہے اس سے صاف معلوم ہوتا ہے کہ اس وقت اللہ اور اس کے بندے محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے درمیان ویسا ہی مکالمہ ہوا تھا جیسا دامن طور میں حضرت موسیٰ (علیہ السلام) اور اللہ تعالیٰ کے درمیان ہوا۔

3) ۔ رہی تیسری قسم، تو اس کے متعلق قرآن خود ہی شہادت دیتا ہے کہ اسے جبریل امین کے ذریعہ سے رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) تک پہنچایا گیا ہے (البقرہ، 97 ۔ الشعراء، 192 تا 195) ۔

سورة الشُّوْرٰی حاشیہ نمبر :84

یعنی نبوت پر سرفراز ہونے سے پہلے کبھی حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ذہن میں یہ تصور تک نہ آیا تھا کہ آپ کو کوئی کتاب ملنے والی ہے، یا ملنی چاہیے، بلکہ آپ سرے سے کتب آسمانی اور ان کے مضامین کے متعلق کچھ جانتے ہی نہ تھے۔ اسی طرح آپ کو اللہ پر ایمان تو ضرو حاصل تھا۔ مگر آپ نہ شعوری طور پر اس تفصیل سے واقف تھے کہ انسان کو اللہ کے متعلق کیا کیا باتیں ماننی چاہییں، اور نہ آپ کو یہ معلوم تھا کہ اس کے ساتھ ملائکہ اور نبوت اور کتب الہٰی اور آخرت کے متعلق بھی بہت سی باتوں کا ماننا ضروری ہے۔ یہ دونوں باتیں ایسی تھیں جو خود کفار مکہ سے بھی چھپی ہوئی نہ تھیں۔ مکہ معظمہ کا کوئی شخص یہ شہادت نہ دے سکتا تھا کہ اس نے نبوت کے اچانک اعلان سے پہلے کبھی حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی زبان سے کتاب الہٰی کا کوئی ذکر سنا ہو، یا آپ سے اس طرح کی کوئی بات سنی ہو کہ لوگوں کو فلاں فلاں چیزوں پر ایمان لانا چاہیے۔ ظاہر بات ہے کہ اگر کوئی شخص پہلے سے خود نبی بن بیٹھنے کی تیاری کر رہا ہو تو اسکی یہ حالت تو کبھی نہیں ہو سکتی کہ چالیس سال تک اس کے ساتھ شب و روز کا میل جول رکھنے والے اس کی زبان سے کتاب اور ایمان کا لفظ تک نہ سنیں، اور چالیس سال کے بعد یکایک وہ انہی موضوعات پر دھواں دھار تقریریں کرنے لگے۔