Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) الشورى ۴۲:۵۱
سورت میں پڑھیںاس تفسیر کی سورتیں
آیات
۞وَمَا كَانَ لِبَشَرٍ أَن يُكَلِّمَهُ ٱللَّهُ إِلَّا وَحۡيًا أَوۡ مِن وَرَآيِٕ حِجَابٍ أَوۡ يُرۡسِلَ رَسُولٗا فَيُوحِيَ بِإِذۡنِهِۦ مَا يَشَآءُۚ إِنَّهُۥ عَلِيٌّ حَكِيمٞ
آیت ۴۲:۵۱ کھولیںناممکن ہے کہ کسی بنده سے اللہ تعالیٰ کلام کرے مگر وحی کے ذریعہ یا پردے کے پیچھے سے یا کسی فرشتہ کو بھیجے اور وه اللہ کے حکم سے جو وه چاہے وحی[1] کرے، بیشک وه برتر ہے حکمت واﻻ ہے.
Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)
[78] کسی بشر کا یہ مقام نہیں ہے کہ اللہ اُس سے رُوبرُو بات کرے۔ اُس کی بات یا تو وحی (اشارے)کے طور پر ہوتی ہے [79] ، یا پردے کے پیچھے سے [80] ، یا پھر وہ کوئی پیغام بر (فرشتہ )بھیجتا ہے اور وہ اُس کے حکم سے جو کچھ وہ چاہتا ہے، وحی کرتا ہے، [81] وہ برتر اور حکیم ہے۔ [82]
سورة الشُّوْرٰی حاشیہ نمبر :78
تقریر ختم کرتے ہوئے اسی مضمون کو پھر لیا گیا ہے جو آغاز کلام میں ارشاد ہوا تھا۔ بات کو پوری طرح سمجھنے کے لیے اس سورة کی پہلے آیت اور اس کے حاشیے پر دوبارہ ایک نگاہ ڈال لیجیے۔
سورة الشُّوْرٰی حاشیہ نمبر :79
یہاں وحی سے مراد ہے القاء، الہام، دل میں کوئی بات ڈال دینا، یا خواب میں کچھ دکھا دینا، جیسے حضرت ابراہیم اور حضرت یوسف (علیہم السلام) کو دکھایا گیا (یوسف، آیات 4 ۔ 100 ۔ الصافات 102) ۔
سورة الشُّوْرٰی حاشیہ نمبر :80
مراد یہ ہے کہ بندہ ایک آواز سنے، مگر بولنے والا اسے نظر نہ آئے، جس طرح حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کے ساتھ ہوا کہ طور کے دامن میں ایک درخت سے یکایک انہیں آواز آنی شروع ہوئی مگر بولنے والا ان کی نگاہ سے اوجھل تھا (طٰہٰ ، آیات 11 تا 48 ۔ النمل، آیات 8 تا 12 ۔ القصص، آیات 30 تا 35)
سورة الشُّوْرٰی حاشیہ نمبر :81
یہ وحی آنے کی وہ صورت ہے جس کے ذریعہ سے تمام کتب آسمانی انبیاء (علیہم السلام) تک پہنچی ہیں۔ بعض لوگوں نے اس فقرے کی غلط تاویل کر کے اس کو یہ معنی پہنائے ہیں کہ |" اللہ کوئی رسول بھیجتا ہے جو اس کے حکم سے عام لوگوں تک اس کا پیغام پہنچاتا ہے |"۔ لیکن قرآن کے الفاظ : فَیُوْحِیَ بِاِذْنِہ مَا یَشَآءُ (پھر وہ وحی کرتا ہے اس کے حکم سے جو کچھ وہ چاہتا ہے) ان کی اس تاویل کا غلط ہونا بالکل عیاں کردیتے ہیں۔ عام انسانوں کے سامنے انبیاء کی تبلیغ کو |" وحی کرنے |" سے نہ قرآن میں کہیں تعبیر کیا گیا ہے اور نہ عربی زبان میں انسان کی انسان سے علانیہ گفتگو کو |" وحی |" کے لفظ سے تعبیر کرنے کی کوئی گنجائش ہے۔ لغت میں وحی کے معنی ہی خفیہ اور سریع اشارے کے ہیں۔ انبیاء کی تبلیغ پر اس لفظ کا اطلاق صرف وہی شخص کرسکتا ہے جو عربی زبان سے بالکل نابلد ہو۔
سورة الشُّوْرٰی حاشیہ نمبر :82
یعنی وہ اس سے بہت بالا و بر تر ہے کہ کسی بشر سے رو در رو کلام کرے، اور اس کی حکمت اس سے عاجز نہیں ہے کہ اپنے کسی بندے تک اپنی ہدایات پہنچانے کے لیے رو برو بات چیت کرنے کے سوا کوئی اور تدبیر نکال لے۔