Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) الأحزاب ⁦۳۳:۳۰⁩

آیات

  1. يَٰنِسَآءَ ٱلنَّبِيِّ مَن يَأۡتِ مِنكُنَّ بِفَٰحِشَةٖ مُّبَيِّنَةٖ يُضَٰعَفۡ لَهَا ٱلۡعَذَابُ ضِعۡفَيۡنِۚ وَكَانَ ذَٰلِكَ عَلَى ٱللَّهِ يَسِيرٗا 

    آیت ⁦۳۳:۳۰⁩ کھولیں

    اے نبی کی بیویو! تم میں سے جو بھی کھلی بے حیائی (کا ارتکاب) کرے گی اسے دوہرا دوہرا عذاب دیا جائے گا[1] ، اور اللہ تعالیٰ کے نزدیک یہ بہت ہی سہل (سی بات) ہے.

Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)

نبیؐ کی بیویو، تم میں سے جو کسی صریح فحش حرکت کا ارتکاب کرے گی اسے دوہرا عذاب دیا جائے گا [43] ، اللہ کے لیے یہ بہت آسان کام ہے[44] ۔

سورة الْاَحْزَاب حاشیہ نمبر :43

اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ نعوذ باللہ نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی ازواج مطہرات سے کسی فحش حرکت کا اندیشہ تھا۔ بلکہ اس سے مقصود حضور کی ازواج کو یہ احساس دلانا تھا کہ اسلامی معاشرے میں ان کا مقام جس قدر بلند ہے اسی کے لحاظ سے ان کی ذمہ داریاں بھی بہت سخت ہیں، اس لیے ان کا اخلاقی رویہ انتہائی پاکیزہ ہونا چاہیے۔ یہ ایسا ہی ہے جیسے نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو خطاب کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ فرماتا ہے : لِئِنْ اَشْرَکْتَ لَیَحْبَطَنَّ عَمَلُکَ ، |" اگر تم نے شرک کیا تو تمہارا سب کیا کرایا برباد ہوجائے گا |" (الزمر۔ آیت ٦٥) اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ معاذاللہ حضور سے شرک کا کوئی اندیشہ تھا، بلکہ اس سے مقصود حضور کو اور آپ کے واسطہ سے عام انسانوں کو یہ احساس دلانا تھا کہ شرک کتنا خطرناک جرم ہے جس سے سخت احتراز لازم ہے۔

سورة الْاَحْزَاب حاشیہ نمبر :44

یعنی تم اس بھلاوے میں نہ رہنا کہ نبی کی بیویاں ہونا تمہیں اللہ کی پکڑ سے بچا سکتا ہے، یا تمہارے مرتبے کچھ ایسے بلند ہیں کہ ان کی وجہ سے تمہیں پکڑنے میں اللہ کو کوئی دشواری پیش آسکتی ہے۔