Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) الأحزاب ⁦۳۳:۲۸⁩

آیات

  1. يَٰٓأَيُّهَا ٱلنَّبِيُّ قُل لِّأَزۡوَٰجِكَ إِن كُنتُنَّ تُرِدۡنَ ٱلۡحَيَوٰةَ ٱلدُّنۡيَا وَزِينَتَهَا فَتَعَالَيۡنَ أُمَتِّعۡكُنَّ وَأُسَرِّحۡكُنَّ سَرَاحٗا جَمِيلٗا

    آیت ⁦۳۳:۲۸⁩ کھولیں

    اے نبی! اپنی بیویوں سے کہہ دو کہ اگر تم زندگانی دنیا اور زینت دنیا چاہتی ہو تو آؤ میں تمہیں کچھ دے دﻻ دوں اور تمہیں اچھائی کے ساتھ رخصت کر دوں.

Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)

[41] اے نبیؐ! اپنی بیویوں سے کہو ، اگر تم دنیا اور اس کی زینت چاہتی ہو تو آؤ، میں تمہیں کچھ دے دلا کر بھلے طریقے سے رخصت کر دوں

سورة الْاَحْزَاب حاشیہ نمبر :41

یہاں سے نمبر ٣٥ تک کی آیات جنگ احزاب اور بنی قریظہ سے متصل زمانے میں نازل ہوئی تھیں۔ ان کا پس منظر ہم دیباچہ میں مختصراً بیان کر آئے ہیں۔ صحیح مسلم میں حضرت جابر بن عبد اللہ اس زمانے کا یہ واقعہ بیان کرتے ہیں کہ ایک روز حضرت ابوبکر اور حضرت عمر (رض) حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی خدمت میں حاضر ہوئے اور دیکھا کہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی ازواج آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے گرد بیٹھی ہیں اور آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) خاموش ہیں۔ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے حضرت عمر (رض) کو خطاب کر کے فرمایا :

|" ھُنَّ کَمَا تَرٰی یَسْألْنَنِی النفقۃ، |" یہ میرے گرد بیٹھی ہیں جیسا کہ تم دیکھ رہے ہو۔ یہ مجھ سے خرچ کے لیے روپیہ مانگ رہی ہیں |"۔ اس پر دونوں صاحبوں نے اپنی اپنی بیٹیوں کو ڈانٹا اور ان سے کہا کہ تم رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو تنگ کرتی ہو اور وہ چیز مانگتی ہو جو آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے پاس نہیں ہے۔ اس واقعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اس وقت کیسی مالی مشکلات میں مبتلا تھے اور کفر و اسلام کی انتہائی شدید کشمکش کے زمانے میں خرچ کے تقاضے مزاج مبارک پر کیا اثر ڈال رہے تھے۔