Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) آل عمران ۳:۹۳
سورت میں پڑھیںاس تفسیر کی سورتیں
آیات
۞كُلُّ ٱلطَّعَامِ كَانَ حِلّٗا لِّبَنِيٓ إِسۡرَٰٓءِيلَ إِلَّا مَا حَرَّمَ إِسۡرَٰٓءِيلُ عَلَىٰ نَفۡسِهِۦ مِن قَبۡلِ أَن تُنَزَّلَ ٱلتَّوۡرَىٰةُۚ قُلۡ فَأۡتُواْ بِٱلتَّوۡرَىٰةِ فَٱتۡلُوهَآ إِن كُنتُمۡ صَٰدِقِينَ
آیت ۳:۹۳ کھولیںتوراة کے نزول سے پہلے (حضرت) یعقوب (علیہ السلام) نے جس چیز کو اپنے اوپر حرام کر لیا تھا اس کے سوا تمام کھانے بنی اسرائیل پر حلال تھے، آپ کہہ دیجئے کہ اگر تم سچے ہو تو توراة لے آو اور پڑھ کر سناؤ.[1]
Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)
کھانے کی یہ ساری چیزیں ﴿جو شریعتِ محمد ؐ ی میں حلال ہیں﴾بنی اسرئیل کے لیے بھی حلال تھیں،[76] البتہ بعض چیزیں ایسی تھیں جنھیں تورات کے نازل کیے جانے سے پہلے اسرائیل[77] نے خود اپنے اوپر حرام کر لیا تھا۔ ان سے کہو، اگر تم ﴿اپنے اعتراض میں﴾سچّے ہو تو لاؤ تورات اور پیش کرو اس کی کوئی عبارت
سورة اٰلِ عِمْرٰن حاشیہ نمبر :76
قرآن اور محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی تعلیمات پر جب علماء یہود کوئی اصولی اعتراض نہ کرسکے (کیونکہ اساس دین جن امور پر ہے ان میں انبیاء سابقین کی تعلیمات اور نبی عربی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی تعلیم میں یک سرمو فرق نہ تھا) تو انہوں نے فقہی اعتراضات شروع کیے۔ اس سلسلہ میں ان کا پہلا اعتراض یہ تھا کہ آپ نے کھانے پینے کی بعض ایسی چیزوں کو حلال قرار دیا ہے جو پچھلے انبیاء کے زمانہ سے حرام چلی آرہی ہیں۔ اسی اعتراض کا یہاں جواب دیا جا رہا ہے۔
سورة اٰلِ عِمْرٰن حاشیہ نمبر :77
” اسرائیل “ سے مراد اگر بنی اسرائیل لیے جائیں تو مطلب یہ ہوگا کہ نزول توراة سے قبل بعض چیزیں بنی اسرائیل نے محض رسماً حرام قرار دے لی تھیں۔ اور اگر اس سے مراد حضرت یعقوب (علیہ السلام) لیے جائیں تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ آنجناب نے بعض چیزوں سے طبعی کراہت کی بنا پر یا کسی مرض کی بنا پر احتراز فرمایا تھا اور ان کی اولاد نے بعد میں انہیں ممنوع سمجھ لیا۔ یہی موخر الذکر روایت زیادہ مشہور ہے۔ اور بعد والی آیت سے یہ بات صاف طور پر ظاہر ہوتی ہے کہ اونٹ اور خرگوش وغیرہ کی حرمت کا جو حکم بائیبل میں لکھا ہے وہ اصل توراة کا حکم نہیں ہے بلکہ یہودی علماء نے بعد میں اسے داخل کتاب کردیا ہے۔ (مفصل بحث کے لیے ملاحظہ ہو سورة انعام حاشیہ نمبر ١٢٢) ۔