Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) آل عمران ۳:۳۳
سورت میں پڑھیںاس تفسیر کی سورتیں
آیات
۞إِنَّ ٱللَّهَ ٱصۡطَفَىٰٓ ءَادَمَ وَنُوحٗا وَءَالَ إِبۡرَٰهِيمَ وَءَالَ عِمۡرَٰنَ عَلَى ٱلۡعَٰلَمِينَ
آیت ۳:۳۳ کھولیںبے شک اللہ تعالیٰ نے تمام جہان کے لوگوں میں سے آدم (علیہ السلام) کو اور نوح (علیہ السلام) کو، ابراہیم (علیہ السلام) کے خاندان اور عمران کے خاندان کو منتخب فرما لیا۔[1]
Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)
اللہ[29] نے آدم ؑ اور نوح ؑ اور آلِ ابراھیم ؑ اور آلِ عمران[30] کو تمام دُنیا والوں پر ترجیح دے کر ﴿اپنی رسالت کے لیے﴾منتخب کیا تھا
سورة اٰلِ عِمْرٰن حاشیہ نمبر :29
یہاں سے دوسرا خطبہ شروع ہوتا ہے۔ اس کے نزول کا زمانہ سن ٩ ہجری ہے، جب کہ نجران کی عیسائی جمہوریت کا وفد نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی خدمت میں حاضر ہوا تھا۔ نجران کا علاقہ حجاز اور یمن کے درمیان ہے۔ اس وقت اس علاقے میں ٧٣ بستیاں شامل تھیں اور کہا جاتا ہے کہ ایک لاکھ ٢٠ ہزار قابل جنگ مرد اس میں سے نکل سکتے تھے۔ آبادی تمام تر عیسائی تھی اور تین سرداروں کے زیر حکم تھی۔ ایک عاقب کہلاتا تھا، جس کی حیثیت امیر قوم کی تھی۔ دوسرا سید کہلاتا تھا، جو ان کے تمدنی و سیاسی امور کی نگرانی کرتا تھا اور تیسرا سقف (بشپ) تھا جس سے مذہبی پیشوائی متعلق تھی۔ جب نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے مکہ فتح کیا اور تمام اہل عرب کو یقین ہوگیا کہ ملک کا مستقبل اب محمد رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ہاتھ میں ہے، تو عرب کے مختلف گوشوں سے آپ کے پاس وفد آنے شروع ہوگئے۔ اسی سلسلے میں نجران کے تینوں سردار بھی ٦٠ آدمیوں کا ایک وفد لے کر مدینے پہنچے۔ جنگ کے لیے بہرحال وہ تیار نہ تھے۔ اب سوال صرف یہ تھا کہ آیا وہ اسلام قبول کرتے ہیں یا ذمی بن کر رہنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر اللہ تعالیٰ نے نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پر یہ خطبہ نازل کیا تاکہ اس کے ذریعے سے وفد نجران کو اسلام کی طرف دعوت دی جائے۔
سورة اٰلِ عِمْرٰن حاشیہ نمبر :30
عمران حضرت موسیٰ (علیہ السلام) اور ہارون (علیہ السلام) کے والد کا نام تھا، جسے بائیبل میں ” عمرام “ لکھا ہے۔