Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) الإسراء ۱۷:۶۴
سورت میں پڑھیںاس تفسیر کی سورتیں
آیات
وَٱسۡتَفۡزِزۡ مَنِ ٱسۡتَطَعۡتَ مِنۡهُم بِصَوۡتِكَ وَأَجۡلِبۡ عَلَيۡهِم بِخَيۡلِكَ وَرَجِلِكَ وَشَارِكۡهُمۡ فِي ٱلۡأَمۡوَٰلِ وَٱلۡأَوۡلَٰدِ وَعِدۡهُمۡۚ وَمَا يَعِدُهُمُ ٱلشَّيۡطَٰنُ إِلَّا غُرُورًا
آیت ۱۷:۶۴ کھولیںان میں سے تو جسے بھی اپنی آواز سے بہکا سکے بہکا[1] لے اور ان پر اپنے سوار اور پیادے چڑھا ﻻ[2] اور ان کے مال اور اوﻻد میں سے اپنا بھی ساجھا لگا[3] اور انہیں (جھوٹے) وعدے دے لے[4]۔ ان سے جتنے بھی وعدے شیطان کے ہوتے ہیں سب کے سب سراسر فریب ہیں.[5]
Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)
تُو جس جس کو اپنی دعوت سے پھِسلا سکتا ہے پِھسلا لے[76]، ان پر اپنے سوار اور پیادے چڑھا لا،[77] مال اور اولاد میں ان کے ساتھ سا جھا لگا،[78] اور ان کو وعدوں کے جال میں پھانس[79] ۔۔۔۔ اور شیطان کے وعدے ایک دھوکے کے سوا اور کچھ بھی نہیں
سورة بَنِیْۤ اِسْرَآءِیْل حاشیہ نمبر :76
اصل میں لفظ ” استفزاز “ استعمال ہوا ہے، جس کے معنی استحفاف کے ہیں۔ یعنی کسی کو ہلکا اور کمزور پا کر اسے بہا لے جانا، یا اس کے قدم پھسلا دینا۔
سورة بَنِیْۤ اِسْرَآءِیْل حاشیہ نمبر :77
اس فقرے میں شیطان کو اس ڈاکو سے تشبیہ دی گئی ہے جو کسی بستی پر اپنے سوار اور پیادے چڑھا لائے اور ان کو اشارہ کرتا جائے کہ ادھر لوٹو، ادھر چھاپہ مارو، اور وہاں غارتگری کرو۔ شیطان کے سواروں اور پیادوں سے مراد وہ سب جن اور انسان ہیں جو بیشمار مختلف شکلوں اور حیثیتوں میں ابلیس کے مشن کی خدمت کر رہے ہیں۔
سورة بَنِیْۤ اِسْرَآءِیْل حاشیہ نمبر :78
یہ ایک بڑا ہی معنی خیز فقرہ ہے جس میں شیطان اور اس کے پیروؤں کے باہمی تعلق کی پوری تصویر کھینچ دی گئی ہے۔ جو شخص مال کمانے اور اس کو خرچ کرنے میں شیطان کے اشاروں پر چلتا ہے، اس کے ساتھ گویا شیطان مفت کا شریک بنا ہوا ہے۔ محنت میں اس کا کوئی حصہ نہیں، جرم اور گناہ اور غلط کاری کے برے نتائج میں وہ حصہ دار نہیں، مگر اس کے اشاروں پر یہ بیوقوف اس طرح چل رہا ہے جیسے اس کے کاروبار میں وہ برابر کا شریک، بلکہ شریک غالب ہے۔ اسی طرح اولاد تو آدمی کی اپنی ہوتی ہے، اور اسے پالنے پوسنے میں سارے پاپڑ آدمی خود بیلتا ہے، مگر شیطان کے اشاروں پر وہ اس اولاد کو گمراہی اور بداخلاقی کی تربیت اس طرح دیتا ہے، گویا اس اولاد کا تنہا وہی باپ نہیں ہے بلکہ شیطان بھی باپ ہونے میں اس کا شریک ہے۔
سورة بَنِیْۤ اِسْرَآءِیْل حاشیہ نمبر :79
یعنی ان کو غلط امیدیں دلا۔ ان کو جھوٹی توقعات کے چکر میں ڈال۔ ان کو سبز باغ دکھا۔