Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) هود ۱۱:۱
سورت میں پڑھیںاس تفسیر کی سورتیں
آیات
الٓرۚ كِتَٰبٌ أُحۡكِمَتۡ ءَايَٰتُهُۥ ثُمَّ فُصِّلَتۡ مِن لَّدُنۡ حَكِيمٍ خَبِيرٍ
آیت ۱۱:۱ کھولیںالرٰ، یہ ایک ایسی کتاب ہے کہ اس کی آیتیں محکم کی گئی ہیں[1] ، پھر صاف صاف بیان کی گئی ہیں [2]ایک حکیم باخبر کی طرف سے.[3]
Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)
ا ل ر۔ فرمان ہے[1] ، جس کی آیتیں پُختہ اور مفصّل ارشا د ہوئی ہیں[2]، ایک دانا اور با خبر ہستی کی طرف سے
سورة هُوْد حاشیہ نمبر :1
” کتاب “ کا ترجمہ یہاں انداز بیان کی مناسبت سے ” فرمان “ کیا گیا ہے۔ عربی زبان میں یہ لفظ کتاب اور نوشتے ہی کے معنی میں نہیں آتا بلکہ حکم اور فرمان شاہی کے معنی میں بھی آتا ہے اور خود قرآن میں متعدد مواقع پر یہ لفظ اسی معنی میں مستعمل ہوا ہے۔
سورة هُوْد حاشیہ نمبر :2
یعنی اس فرمان میں جو باتیں بیان کی گئی ہیں وہ پکی اور اٹل ہیں۔ خوب جچی ٹلی ہیں۔ نری لفاظی نہیں ہے خطابت کی ساحری اور تخیل کی شاعری نہیں ہے۔ ٹھیک ٹھیک حقیقت بیان کی گئی ہے اور اس کا ایک لفظ بھی ایسا نہیں جو حقیقت سے کم یا زیادہ ہو۔ پھر یہ آیتیں مفصل بھی ہیں، ان میں ایک ایک بات کھول کھول کر واضح طریقے سے ارشاد ہوئی ہے۔ بیان الجھا ہوا، گنجلک اور مبہم نہیں ہے۔ ہر بات کو الگ الگ، صاف صاف سمجھا کر بتایا گیا ہے۔