Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) التوبة ۹:۱۰۱
سورت میں پڑھیںاس تفسیر کی سورتیں
آیات
وَمِمَّنۡ حَوۡلَكُم مِّنَ ٱلۡأَعۡرَابِ مُنَٰفِقُونَۖ وَمِنۡ أَهۡلِ ٱلۡمَدِينَةِ مَرَدُواْ عَلَى ٱلنِّفَاقِ لَا تَعۡلَمُهُمۡۖ نَحۡنُ نَعۡلَمُهُمۡۚ سَنُعَذِّبُهُم مَّرَّتَيۡنِ ثُمَّ يُرَدُّونَ إِلَىٰ عَذَابٍ عَظِيمٖ
آیت ۹:۱۰۱ کھولیںاور کچھ تمہارے گردوپیش والوں میں اور کچھ مدینے والوں میں ایسے منافق ہیں کہ نفاق پر اڑے[1] ہوئے ہیں، آپ ان کو نہیں جانتے[2]، ان کو ہم جانتے ہیں ہم ان کو دہری سزا دیں گے[3]، پھر وه بڑے بھاری عذاب کی طرف بھیجے جائیں گے۔
Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)
تمہارے گر دو پیش جو بدوی رہتے ہیں ان میں بہت سے منافق ہیں اور اسی طرح خود مدینہ کے باشندوں میں بھی منافق موجود ہیں جو نفاق میں طاق ہو گئے ہیں ۔ تم انہیں نہیں جانتے ، ہم ان کو جانتے ہیں۔[97] قریب ہے وہ وقت جب ہم ان کو دوہری سزا دیں گے، [98]پھر وہ زیادہ بڑی سزا کے لیے واپس لائے جائیں گے
سورة التَّوْبَة حاشیہ نمبر :97
یعنی اپنے نفاق کو چھپانے میں وہ اتنے مشاق ہوگئے ہیں کہ خود نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) بھی اپنی کمال درجے کی فراست کے باوجود ان کو نہیں پہنچان سکتے تھے۔
سورة التَّوْبَة حاشیہ نمبر :98
دوہری سزا سے مراد یہ ہے کہ ایک طرف تو وہ دنیا جس کی محبت میں مبتلا ہو کر انہوں نے ایمان و اخلاص کے بجائے منافقت اور غداری کا رویہ اختیار کیا ہے، ان کے ہاتھ سے جائے گی اور یہ مال و جاہ اور عزت حاصل کرنے کے بجائے الٹی ذلت و نامرادی پائیں گے۔ دوسری طرف جس مشن کو یہ ناکام دیکھنا اور اپنی چال بازیوں سے ناکام کرنا چاہتے ہیں وہ ان کی خواہشوں کو کوششوں کے علی الرغم ان کی آنکھوں کے سامنے فروغ پائے گا۔