Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) الانسان ۷۶:۲۳
سورت میں پڑھیںاس تفسیر کی سورتیں
آیات
إِنَّا نَحۡنُ نَزَّلۡنَا عَلَيۡكَ ٱلۡقُرۡءَانَ تَنزِيلٗا
آیت ۷۶:۲۳ کھولیںبیشک ہم نے تجھ پر بتدریج قرآن نازل کیا ہے.[1]
Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)
اے نبی ؐ ، ہم نے ہی تم پر یہ قرآن تھوڑا تھوڑا کر کے نازل کیا ہے، [27]
سورة الدَّهْر حاشیہ نمبر :27
یہاں مخاطب بظاہر نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ہیں، لیکن دراصل روئے سخن کفار کی طرف ہے۔ کفار مکہ کہتے تھے کہ محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) یہ قرآن خود سوچ سوچ کر بنا رہے ہیں، ورنہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے کوئی فرمان آتا تو اکٹھا ایک ہی مرتبہ آجاتا۔ قرآن مجید میں بعض مقامات پر ان کا یہ اعتراض نقل کر کے اس کا جواب دیا گیا ہے۔ (مثال کے طور پر ملاحظہ ہو تفہیم القرآن، جلد دوم، النحل، حواشی 102 ۔ 104 ۔ 105 ۔ 106 ۔ بنی اسرائیل، 119) اور یہاں اسے نقل کیے بغیر اللہ تعالیٰ نے پورے زور کے ساتھ فرمایا ہے کہ اس کے نازل کرنے والے ہم ہیں، یعنی محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اس کے مصنف نہیں ہیں اور ہم ہی اس کو بتدریج نازل کر رہے ہیں، یعنی یہ ہماری حکمت کا تقاضا ہے کہ اپنا پیغام بیک وقت ایک کتاب کی شکل میں نازل نہ کردیں، بلکہ اسے تھوڑا تھوڑا کر کے بھیجیں۔