Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) الأعراف ۷:۶۳
سورت میں پڑھیںاس تفسیر کی سورتیں
آیات
أَوَعَجِبۡتُمۡ أَن جَآءَكُمۡ ذِكۡرٞ مِّن رَّبِّكُمۡ عَلَىٰ رَجُلٖ مِّنكُمۡ لِيُنذِرَكُمۡ وَلِتَتَّقُواْ وَلَعَلَّكُمۡ تُرۡحَمُونَ
آیت ۷:۶۳ کھولیںاور کیا تم اس بات سے تعجب کرتے ہو کہ تمہارے پروردگار کی طرف سے تمہارے پاس ایک ایسے شخص کی معرفت، جو تمہاری ہی جنس کا ہے، کوئی نصیحت کی بات آگئی تاکہ وه شخص تم کو ڈرائے اور تاکہ تم ڈرجاؤ[1] اور تاکہ تم پر رحم کیا جائے۔
Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)
کیا تمہیں اس بات پرتعجب ہوا کہ تمہارے پاس خود تمہاری اپنی قوم کے ایک آدمی کے ذریعہ سے تمہارے ربّ کی یاددہانی آئی تاکہ تمہیں خبر دار کرے اور تم غلط روی سے بچ جاوٴ اور تم پر رحم کیا جائے؟[49]“
سورة الْاَعْرَاف حاشیہ نمبر :49
یہ معاملہ جو حضرت نوح (علیہ السلام) اور ان کی قوم کے درمیان پیش آیا تھا بعینہ ایسا ہی معاملہ مکہ میں محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اور آپ کی قوم کے درمیان پیش آرہا تھا۔ جو پیغام حضرت نوح (علیہ السلام) کا تھا وہی حضرت محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا تھا۔ جو شہبات اہل مکہ کے سردار حضرت محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی رسالت میں ظاہر کیے تھے۔ پھر ان کے جواب میں جو باتیں حضرت نوح (علیہ السلام) کہتے تھے بعینہ وہی باتیں محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) بھی کہتے تھے آگے چل کر دوسرے انبیاء (علیہم السلام) اور ان کی قوموں کے جو قصے مسلسل بیان ہو رہے ہیں ان میں بھی یہی دکھایا گیا ہے کہ ہر نبی کی قوم کا رویّہ اہل مکہ کے رویّہ سے اور ہر نبی کی تقریر محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی تقریر سے ہُو بہُو مشابہ ہے۔ اس سے قرآن اپنے مخاطبوں کو یہ سمجھانا چاہتا ہے کہ انسان کی گمراہی ہر زمانے میں بنیادی طور پر ایک ہی طرح کی رہی ہے، اور خدا کے بھیجے ہوئے معلّموں کی دعوت بھی ہر عہد اور ہر سر زمین میں یکساں رہی ہے اور ٹھیک اسی طرح ان لوگوں کا انجام بھی ایک ہی جیسا ہوا ہے اور ہوگا جنہوں نے انبیاء کی دعوت سے منہ موڑا اور اپنی گمراہی پر اصرار کیا۔