Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) الأنعام ⁦۶:۷۴⁩

آیات

  1. ۞وَإِذۡ قَالَ إِبۡرَٰهِيمُ لِأَبِيهِ ءَازَرَ أَتَتَّخِذُ أَصۡنَامًا ءَالِهَةً إِنِّيٓ أَرَىٰكَ وَقَوۡمَكَ فِي ضَلَٰلٖ مُّبِينٖ

    آیت ⁦۶:۷۴⁩ کھولیں

    اور وه وقت بھی یاد کرنے کے قابل ہے جب ابراہیم (علیہ السلام) نے اپنے باپ آزر[1] سے فرمایا کہ کیا تو بتوں کو معبود قرار دیتا ہے؟ بےشک میں تجھ کو اور تیری ساری قوم کو صریح گمراہی میں دیکھتا ہوں۔

Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)

ابراہیمؑ کاواقعہ یاد کرو جبکہ اُس نے اپنے باپ آزر سے کہا تھا ”کیا تُو بتوں کو خدا بناتا ہے؟[50] میں تو تجھے اور تیری قوم کو کُھلی گمراہی میں پاتا ہوں“

سورة الْاَنْعَام حاشیہ نمبر :50

یہاں حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کے واقعہ کا ذکر اس امر کی تائید اور شہادت میں پیش کیا جا رہا ہے کہ جس طرح اللہ کی بخشی ہوئی ہدایت سے آج محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے اور آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ساتھیوں نے شرک کا انکار کیا ہے اور سب مصنوعی خداؤں سے منہ موڑ کر صرف ایک مالک کائنات کے آگے سر اطاعت خم کردیا ہے اسی طرح کل یہی کچھ ابراہیم (علیہ السلام) بھی کرچکے ہیں۔ اور جس طرح آج محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اور ان پر ایمان لانے والوں سے ان کی جاہل قوم جھگڑ رہی ہے اسی طرح کل حضرت ابراہیم (علیہ السلام) سے بھی ان کی قوم یہی جھگڑا کرچکی ہے۔ اور کل جو جواب حضرت ابراہیم (علیہ السلام) نے اپنی قوم کو دیا تھا آج محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اور ان کے پیرو وں کی طرف سے ان کی قوم کو بھی وہی جواب ہے۔ محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اس راستہ پر ہیں جو نوح (علیہ السلام) اور ابراہیم (علیہ السلام) اور نسل ابراہیمی کے تمام انبیاء کا راستہ رہا ہے۔ اب جو لوگ ان کی پیروی سے انکار کر رہے ہیں انہیں معلوم ہوجانا چاہیے کہ وہ انبیاء کے طریقہ سے ہٹ کر ضلالت کی راہ پر جا رہے ہیں۔

یہاں یہ بات اور سمجھ لینی چاہیے کہ عرب کے لوگ بالعموم حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کو اپنا پیشوا اور مقتدا مانتے تھے۔ خصوصاً قریش کے تو فخر و ناز کی ساری بنیاد ہی یہ تھی کہ وہ ابراہیم (علیہ السلام) کی اولاد اور ان کے تعمیر کردہ خانہ خدا کے خادم ہیں۔ اس لیے ان کے سامنے حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کے عقیدہ توحید کا اور شرک سے ان کا انکار اور مشرک قوم سے ان کی نزاع کا ذکر کرنے کے معنی یہ تھے کہ قریش کا سارا سرمایہ فخر و ناز اور کفار عرب کا اپنے مشرکانہ دین پر سارا اطمینان ان سے چھین لیا جائے اور ان پر ثابت کردیا جائے کہ آج مسلمان اس مقام پر ہیں جس پر حضرت ابراہیم (علیہ السلام) تھے اور تمہاری حیثیت وہ ہے جو حضرت ابراہیم (علیہ السلام) سے لڑنے والی جاہل قوم کی تھی۔ یہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے کوئی شیخ عبدالقادر جیلانی (رح) کے معتقدوں اور قادری النسب پیرزادوں کے سامنے حضرت شیخ کی اصل تعلیمات اور ان کی زندگی کے واقعات پیش کر کے یہ ثابت کر دے کہ جن بزرگ کے تم نام لیوا ہو، تمہارا اپنا طریقہ ان کے بالکل خلاف ہے اور تم نے آج انہی گمراہ لوگوں کی حیثیت اختیار کرلی ہے جن کے خلاف تمہارے مقتدا تمام عمر جہاد کرتے رہے۔