Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) الفتح ⁦۴۸:۱۰⁩

آیات

  1. إِنَّ ٱلَّذِينَ يُبَايِعُونَكَ إِنَّمَا يُبَايِعُونَ ٱللَّهَ يَدُ ٱللَّهِ فَوۡقَ أَيۡدِيهِمۡۚ فَمَن نَّكَثَ فَإِنَّمَا يَنكُثُ عَلَىٰ نَفۡسِهِۦۖ وَمَنۡ أَوۡفَىٰ بِمَا عَٰهَدَ عَلَيۡهُ ٱللَّهَ فَسَيُؤۡتِيهِ أَجۡرًا عَظِيمٗا 

    آیت ⁦۴۸:۱۰⁩ کھولیں

    جو لوگ تجھ سے بیعت کرتے ہیں وه یقیناً اللہ سے بیعت کرتے ہیں[1] ، ان کے ہاتھوں پر اللہ کا ہاتھ ہے[2]، تو جو شخص عہد شکنی کرے وه اپنے نفس پر ہی عہد شکنی کرتا ہے[3] اور جو شخص اس اقرار کو پورا کرے جو اس نے اللہ کے ساتھ کیا ہے[4] تو اسے عنقریب اللہ بہت بڑا اجر دے گا.

Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)

اے نبیؐ ، جو لوگ تم سے بیعت کر رہے تھے[17]  وہ دراصل اللہ سے بیعت کر رہے تھے۔ ان کے ہاتھ پر اللہ کا ہاتھ تھا۔[18] اب جو اس عہد کو توڑے گا اس کی عہد  شکنی کا وبال اس کی اپنی ہی ذات پر ہو گا ، اور جو اس عہد کو وفا کرے گا جو اس نے اللہ سے کیا ہے،[19] اللہ عنقریب اس کوبڑا  اجر عطا فرمائے گا

سورة الْفَتْح حاشیہ نمبر :17

اشارہ ہے اس بیعت کی طرف جو مکہ معظمہ میں حضرت عثمان (رض) کے شہید ہوجانے کی خبر سن کر رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم سے حدیبیہ کے مقام پر لی تھی۔ بعض روایات کی رو سے یہ بیعت علی الموت تھی، اور بعض روایات کے مطابق بیعت اس بات پر لی گئی تھی کہ ہم میدان جنگ سے پیٹھ نہ پھیریں گے۔ پہلی بات حضرت سلمہ بن اکوع سے مروی ہے، اور دوسرے حضرات ابن عمر، جابر بن عبداللہ اور معقل بن یسار (رض) سے۔ مآل دونوں کا ایک ہی ہے۔ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم نے رسول پاک (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ہاتھ پر بیعت اس بات کی کی تھی کہ حضرت عثمان غنی (رض) کی شہادت کا معاملہ اگر صحیح ثابت ہوا تو وہ سب یہیں اور اسی وقت قریش سے نمٹ لیں گے خواہ نتیجہ میں وہ سب کٹ ہی کیوں نہ مریں۔ اس موقع پر چونکہ یہ امر ابھی یقینی نہیں تھا کہ حضرت عثمان غنی (رض) واقعی شہید ہوچکے ہیں یا زندہ ہیں، اس لیے رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے ان کی طرف سے خود اپنا ایک ہاتھ دوسرے ہاتھ پر رکھ کر بیعت میں شریک فرمایا۔ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا ان کی طرف سے خود بیعت کرنا لازما یہ معنی رکھتا ہے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو ان پر پوری طرح یہ اعتماد تھا کہ اگر وہ موجود ہوتے تو یقینا بیعت کرتے۔

سورة الْفَتْح حاشیہ نمبر :18

یعنی جس ہاتھ پر لوگ اس وقت بیعت کر رہے تھے وہ شخص رسول کا ہاتھ نہیں بلکہ اللہ کے نمائندے کا ہاتھ تھا اور یہ بیعت رسول کے واسطہ سے درحقیقت اللہ تعالیٰ کے ساتھ ہو رہی تھی۔

سورة الْفَتْح حاشیہ نمبر :19

اس مقام پر ایک لطیف نکتہ نگاہ میں رہنا چاہیے۔ عربی زبان کے عام قاعدے کی رو سے یہاں عٰھَدَ عَلَیْہِ اللہ پڑھا جانا چاہیے تھا، لیکن اس عام قاعدے سے ہٹ کر اس جگہ عَلَیْہُ اللہ پڑھا جاتا ہے۔ علامہ آلوسی نے اس غیر معمولی اعراب کے دو وجوہ بیان کیے ہیں۔ ایک یہ کہ اس خاص موقع پر اس ذات کی بزرگی اور جلالت شان کا اظہار مقصود ہے جو کہ ساتھ یہ عہد استوار کیا جا رہا تھا اس لیے یہاں عَلَیْہِ کے بجائے عَلَیْہُ ہی زیادہ مناسب ہے۔ دوسرے یہ کہ عَلَیْہِ میں |" ہ |" دراصل ھُوَ کی قائم مقام ہے اور اس کا اصلی اعراب پیش ہی تھا نہ کہ زیر۔ لہٰذا یہاں اس کے اصلی اعراب کو باقی رکھنا وفائے عہد کے مضمون سے زیادہ مناسبت رکھتا ہے۔