Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) الأحزاب ⁦۳۳:۵۱⁩

آیات

  1. ۞تُرۡجِي مَن تَشَآءُ مِنۡهُنَّ وَتُـٔۡوِيٓ إِلَيۡكَ مَن تَشَآءُۖ وَمَنِ ٱبۡتَغَيۡتَ مِمَّنۡ عَزَلۡتَ فَلَا جُنَاحَ عَلَيۡكَۚ ذَٰلِكَ أَدۡنَىٰٓ أَن تَقَرَّ أَعۡيُنُهُنَّ وَلَا يَحۡزَنَّ وَيَرۡضَيۡنَ بِمَآ ءَاتَيۡتَهُنَّ كُلُّهُنَّۚ وَٱللَّهُ يَعۡلَمُ مَا فِي قُلُوبِكُمۡۚ وَكَانَ ٱللَّهُ عَلِيمًا حَلِيمٗا

    آیت ⁦۳۳:۵۱⁩ کھولیں

    ان میں سے جسے تو چاہے دور رکھ دے اور جسے چاہے اپنے پاس رکھ لے[1] ، اور اگر تو نے ان میں سے بھی کسی کو اپنے پاس بلالے جنہیں تو نے الگ کر رکھا تھا تو تجھ پر کوئی گناه نہیں[2]، اس میں اس بات کی زیاده توقع ہے کہ ان عورتوں کی آنکھیں ٹھنڈی رہیں اور وه رنجیده نہ ہوں اور جو کچھ بھی تو انہیں دے دے اس پر سب کی سب راضی رہیں[3]۔ تمہارے دلوں میں جو کچھ ہے اسے اللہ (خوب) جانتا ہے[4]۔ اللہ تعالیٰ بڑا ہی علم اور حلم واﻻ ہے.

Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)

تم کو اختیار دیا جاتا ہے کہ اپنی بیویوں میں سے جس کو چاہو اپنے سے الگ رکھو، جسے چاہو اپنے ساتھ رکھو اور جسے چاہو الگ رکھنے کے بعد اپنے پاس بلا لو۔ اس معاملے میں تم پر کوئی مضائقہ نہیں ہے۔ اس طرح زیادہ متوقع ہے کہ ان کی آنکھیں ٹھنڈی رہیں گی اور وہ رنجیدہ نہ ہوں گی، اور جو کچھ بھی تم ان کو دو گے اس پر وہ سب راضی رہیں گی [91] اللہ جانتا ہے جو کچھ تم لوگوں کے دلوں میں ہے ، اور اللہ علیم و حلیم ہے [92]

سورة الْاَحْزَاب حاشیہ نمبر :91

اس آیت سے مقصود نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو خانگی زندگی کی الجھنوں سے نجات دلانا تھا تاکہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پورے سکون کے ساتھ اپنا کام کرسکیں۔ جب اللہ تعلی نے صاف الفاظ میں حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو پورے اختیارات دے دیے کہ ازواج مطہرات میں سے جس کے ساتھ جو برتاؤ چاہیں کریں تو اس بات کا کوئی امکان نہ رہا کہ یہ مومن خواتین آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو کسی طرح پریشان کرتیں یا آپس میں مسابقت اور رقابت کے جھگڑے پیدا کر کے آپ کے لیے الجھنیں پیدا کرتیں۔ لیکن اللہ تعالیٰ سے یہ اختیار پالینے کے بعد حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے تمام ازواج کے درمیان پورا پورا عدل فرمایا، کسی کو کسی پر ترجیح نہ دی، اور باقاعدہ باری مقرر کر کے آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سب کے ہاں تشریف لے جاتے رہے۔ محدثین میں سے صرف ابو رزین یہ بیان کرتے ہیں کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) صرف چار بیویوں (حضرت عائشہ، حضرت حفصہ، حضرت زنیب اور حضرت ام سلمہ (رض) کو باریوں کی تقسیم میں شامل کیا تھا اور باقی ازواج کے لیے کوئی باری مقرر نہ تھی۔ لیکن دوسرے تمام محدثین و مفسرین اس کی تردید کرتے ہیں اور نہایت قوی روایت سے اس امر کا ثبوت پیش کرتے ہیں کہ اس اختیار کے بعد بھی حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ہاں باری باری سے جاتے تھے اور سب سے یکساں برتاؤ کرتے تھے۔ بخاری، مسلم، نسائی اور ابو داؤد وغیرہم حضرت عائشہ (رض) کا قول نقل کرتے ہیں کہ اس آیت کے نزول کے بعد بھی حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا طریقہ یہی رہا کہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ہم میں سے کسی بیوی کی باری کے دن دوسری بیوی کے ہاں جاتے تو اس سے اجازت لے کر جاتے تھے۔ |" ابوبکر جصاص عروہ بن زبیر کی روایت نقل کرتے ہیں کہ حضرت عائشہ (رض) نے ان سے فرمایا رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) باریوں کی تقسیم میں ہم میں سے کسی کو ترجیح نہ دیتے تھے۔ اگرچہ کم ہی ایسا ہوتا تھا کہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کسی روز اپنی سب بیویوں کے ہاں نہ جاتے ہوں، مگر جس بیوی کی باری کا دن ہوتا تھا اس کے سوا کسی دوسری بیوی کو چھوتے تک نہ تھے اور یہ روایت بھی حضرت عائشہ (رض) ہی کی ہے کہ جب حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اپنی آخری بیماری میں مبتلا ہوئے اور نقل و حرکت آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) لیے مشکل ہوگئی تو آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے سب بیویوں سے اجازت طلب کی کہ مجھے عائشہ (رض) کے ہاں رہنے دو ، اور جب سب نے اجازت دے دی تب آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے آخری زمانہ حضرت عائشہ (رض) کے ہاں گزارا۔ ابن ابی حاتم امام زہری کا قول نقل کرتے ہیں کہ نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا کسی بیوی کو باری سے محروم کرنا ثابت نہیں ہے اس سے صرف حضرت سودہ (رض) مستثنیٰ ہیں جنہوں نے خود اپنی باری بخوشی حضرت عائشہ (رض) کو بخش دی تھی، کیونکہ وہ بہت سن رسیدہ ہوچکی تھیں۔

اس مقام پر کسی کے دل میں یہ شبہ نہ رہنا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ نے معاذاللہ اس آیت میں اپنے نبی کے ساتھ کوئی بےجا رعایت کی تھی اور ازواج مطہرات کے ساتھ حق تلفی کا معاملہ فرمایا تھا۔ دراصل جن عظیم مصالح کی خاطر نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو بیویوں کی تعداد کے معاملہ میں عام قاعدے سے مستثنیٰ کیا گیا تھا، انہی مصالح کا تقاضہ یہ بھی تھا کہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو خانگی زندگی کا سکون بہم پہنچایا جائے اور ان اسباب کا سد باب کیا جائے جو آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے لیے پریشان خاطری کے موجب ہو سکتے ہوں ازواج مطہرات کے لیے یہ ایک بہت بڑا شرف تھا کہ انہیں نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) جیسی بزرگ ترین ہستی کی زوجیت حاصل ہوئی اور اس کی بدولت ان کو یہ موقع نصیب ہوا کہ دعوت و اصلاح کے اس عظیم الشان کام میں آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی رفیق کار بنیں جو رہتی دنیا تک انسانیت کی فلاح کا ذریعہ بننے والا تھا۔ اس مقصد کے لیے جس طرح نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) غیر معمولی ایثار و قربانی سے کام لے رہے تھے اور تمام صحابۂ کرام اپنی حد استطاعت تک قربانیاں کر رہے تھے اسی طرح ازواج مطہرات کا بھی یہ فرض تھا کہ ایثار سے کام لیں۔ اس لیے اللہ تعالیٰ کے اس فیصلے کو تمام ازواج رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے بخوشی قبول کیا۔

سورة الْاَحْزَاب حاشیہ نمبر :92

یہ تنبیہ ہے ازواج مطہرات کے لیے بھی اور دوسرے تمام لوگوں کے لیے بھی۔ ازواج مطہرات کے لیے تنبیہ اس بات کی ہے کہ اللہ کا یہ حکم آجانے کے بعد اگر وہ دل میں بھی کبیدہ خاطر ہوں گی تو گرفت سے نہ بچ سکیں گی۔ اور دوسرے لوگوں کے لیے اس میں یہ تنبیہ ہے کہ نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی ازدواجی زندگی کے متعلق کسی طرح کی بدگمانی بھی اگر انہوں نے اپنے دل میں رکھی یا فکر و خیال کے کسی گوشے میں بھی کوئی وسوسہ پالتے رہے تو اللہ سے ان کی یہ چوری چھپی نہ رہ جائے گی۔ اس کے ساتھ اللہ کی صفت حلم کا بھی ذکر کردیا گیا ہے تاکہ آدمی کو یہ معلوم ہوجائے کہ نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی شان میں گستاخی کا تخیل بھی اگرچہ سخت سزا کا مستوجب ہے، لیکن جس کے دل میں کبھی ایسا کوئی وسوسہ آیا ہو وہ اگر اسے نکال دے تو اللہ تعالیٰ کے ہاں معافی کی امید ہے۔