Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) الأحزاب ۳۳:۳۳
سورت میں پڑھیںاس تفسیر کی سورتیں
آیات
وَقَرۡنَ فِي بُيُوتِكُنَّ وَلَا تَبَرَّجۡنَ تَبَرُّجَ ٱلۡجَٰهِلِيَّةِ ٱلۡأُولَىٰۖ وَأَقِمۡنَ ٱلصَّلَوٰةَ وَءَاتِينَ ٱلزَّكَوٰةَ وَأَطِعۡنَ ٱللَّهَ وَرَسُولَهُۥٓۚ إِنَّمَا يُرِيدُ ٱللَّهُ لِيُذۡهِبَ عَنكُمُ ٱلرِّجۡسَ أَهۡلَ ٱلۡبَيۡتِ وَيُطَهِّرَكُمۡ تَطۡهِيرٗا
آیت ۳۳:۳۳ کھولیںاور اپنے گھروں میں قرار سے رہو[1] اور قدیم جاہلیت کے زمانے کی طرح اپنے بناؤ کا اﻇہار نہ کرو[2] اور نماز ادا کرتی رہو اور زکوٰة دیتی رہو اور اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت گزاری کرو[3]۔ اللہ تعالیٰ یہی چاہتا ہے کہ اے نبی کی گھر والیو[4]! تم سے وه (ہر قسم کی) گندگی کو دور کردے اور تمہیں خوب پاک کردے.
Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)
اپنے گھروں میں ٹِک کر رہو۔[48] اور سابق دَورِ جاہلیت کی سی سج دھج نہ دکھاتی پھرو۔ [49] نماز قائم کرو، زکوٰۃ دو اور اللہ اور اُس کے رسولؐ کی اطاعت کرو۔\r\n اللہ تو یہ چاہتا ہے کہ اہل بیت نبیؐ سے گندگی کو دور کرے اور تمہیں پوری طرح پاک کر دے[50]
سورة الْاَحْزَاب حاشیہ نمبر :48
اصل میں لفظ قَرْنَ استعمال ہوا ہے۔ بعض اہل لغت نے اس کو |" قرار |" سے ماخوذ بتایا ہے اور بعض نے |" وقار |" سے۔ اگر اس کو قرار سے لیا جائے تو معنی ہوں گے |" قرار پکڑو |"۔ |" ٹک رہو |"۔ اور اگر وقار سے لیا جائے تو مطلب ہوگا |" سکون سے رہو |"، |" چین سے بیٹھو |"۔ دونوں صورتوں میں آیت کا منشا یہ ہے کہ عورت کا اصل دائرہ عمل اس کا گھر ہے، اس کو اسی دائرے میں رہ کر اطمینان کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے چاہییں، اور گھر سے باہر صرف بضرورت ہی نکلنا چاہیے۔ یہ منشا خود آیت کے الفاظ سے بھی ظاہر ہے اور نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی احادیث اس کو اور زیادہ واضح کردیتی ہیں۔ حافظ ابوبکر بَزّار حضرت انس (رض) سے روایت کرتے ہیں کہ عورتوں نے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے عرض کیا کہ ساری فضیلت تو مرد لوٹ لے گئے، وہ جہاد کرتے ہیں اور خدا کی راہ میں بڑے بڑے کام کرتے ہیں۔ ہم کیا عمل کریں کہ ہمیں بھی مجاہدین کے برابر اجر مل سکے ؟ جواب میں فرمایا من قعدت منکن فی بیتھا فانھا تدرک عمل المجاھدین جو تم میں سے گھر میں بیٹھے گی وہ مجاہدین کے عمل کو پالے گی |"۔ مطلب یہ ہے کہ مجاہد دل جمعی کے ساتھ اسی وقت تو خدا کی راہ میں لڑ سکتا ہے جبکہ اسے اپنے گھر کی طرف سے پورا اطمینان ہو، اس کی بیوی اس کے گھر اور بچوں کو سنبھالے بیٹھی ہو، اور اسے کوئی خطرہ اس امر کا نہ ہو کہ پیچھے وہ کوئی گل کھلا بیٹھے گی۔ یہ اطمینان جو عورت اسے فراہم کرے گی وہ گھر بیٹھے اس کے جہاد میں برابر کی حصہ دار ہوگی۔ ایک اور روایت جو بزّار اور ترمذی نے حضرت عبداللہ بن مسعود (رض) سے نقل کی ہے اس میں وہ نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا یہ ارشاد بیان کرتے ہیں کہ انّ المرأۃ عورۃ فاذا خرجت استشرفھا الشیطان و اقرب ما تکون بروحۃ ربھا وھی فی قعر بیتھا۔ |" عورت مستور رہنے کے قابل چیز ہے۔ جب وہ نکلتی ہے تو شیطان اس کو تاکتا ہے۔ اور اللہ کی رحمت سے قریب تر وہ اس وقت ہوتی ہے جبکہ وہ اپنے گھر میں ہو |"۔ (مزید تشریح کے لیے ملاحظہ ہو تفسیر سورة نور، حاشیہ ٤٩)
قرآن مجید کے اس صاف اور صریح حکم کی موجودگی میں اس بات کی آخر کیا گنجائش ہے کہ مسلمان عورتیں کونسلوں اور پارلیمنٹوں کی ممبر بنیں، بیرون خانہ کی سوشل سرگرمیوں میں دوڑتی پھریں، سرکاری دفتروں میں مردوں کے ساتھ کام کریں، کالجوں میں لڑکوں کے ساتھ تعلیم پائیں، مردانہ ہسپتالوں میں نرسنگ کی خدمت انجام دیں، ہوائی جہازوں اور ریل کاروں میں |" مسافر نوازی |" کے لیے استعمال کی جائیں، اور تعلیم و تربیت کے لیے امریکہ و انگلستان بھیجی جائیں عورت کے بیرون خانہ سرگرمیوں کے جواز میں بڑی سے بڑی دلیل جو پیش کی جاتی ہے وہ یہ ہے کہ حضرت عائشہ (رض) نے جنگ جَمَل میں حصہ لیا تھا۔ لیکن یہ استدلال جو لوگ پیش کرتے ہیں انہیں شاید معلوم نہیں ہے کہ خود حضرت عائشہ کا اپنا خیال اس باب میں کیا تھا۔ عبداللہ بن احمد بن حنبل نے زوائد الزھد میں، اور ابن المنذِر، ابن ابی شَیْبَہ اور ابن سعد نے اپنی کتابوں میں مَسْروق کی روایت نقل کی ہے کہ حضرت عائشہ جب تلاوت قرآن کرتے ہوئے اس آیت (وَقَرْنَ فِی بُیُوْتِکُنَّ ) پر پہنچتی تھیں تو بےاختیار رو پڑتی تھیں یہاں تک کہ ان کا دوپٹہ بھیگ جاتا تھا، کیونکہ اس پر انہیں اپنی وہ غلطی یاد آجاتی تھی جو ان سے جنگ جَمَل میں ہوئی تھی۔
سورة الْاَحْزَاب حاشیہ نمبر :49
اس آیت میں دو اہم الفاظ استعمال کیے گئے ہیں جن کا سمجھنا آیت کے منشا کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے۔ ایک تَبُّرج ‘ دوسرے جاہلیت اولیٰ ۔
تَبَرُّج کے معنی عربی زبان میں نمایاں ہونے ‘ ابھرنے اور کھل کر سامنے آنے کے ہیں۔ ہر ظاہر اور مرتفع چیز کے لیے عرب لفظ |" بَرَج |" استعمال کرتے ہیں |" بُرج |" کو |" بُرج اس کے ظہور و ارتفاع کی بنا پر ہی کہا جاتا ہے۔ بادبانی کشتی کے لیے |" بارجہ |" کا لفظ اسی لیے بولا جاتا ہے کہ اس کے بادبان دور سے نمایاں ہوتے ہیں۔ عورت کے لیے جب لفظ تَبَرُّج استعمال کیا جائے تو اس کے تین مطلب ہونگے۔ ایک یہ کہ وہ اپنے چہرے اور جسم کا حسن لوگوں کو دکھائے، دوسرے یہ کہ وہ اپنے لباس اور زیور کی شان دوسروں کے سامنے نمایاں کرے۔ تیسرے یہ کہ وہ اپنی چال ڈھال اور چٹک مٹک سے اپنے آپ کو نمایاں کرے۔ یہی تشریح اس لفظ کی اکابر اہل لغت اور اکابر مفسرین نے کی ہے۔ مجاہد، قَتَادہ اور ابن انی نُجَیح کہتے ہیں : التبُّرج المشی بتبختُر و تکسر و تفنج |" تبرُّج کے معنی ہیں ناز و ادا کے ساتھ لچکے کھاتے اور اٹھلاتے ہوئے چلنا |" مُقاتل کہتے ہیں : ابدأ قلائدھا و قرطھا و عنقھا |" عورت کا اپنے ہار اور اپنے بندے اور اپنا گلا نمایاں کرنا |"۔ المبّرد کا قول ہے : ان تبدی من محاسنھا ما یجب علیھا سترہ |" یہ کہ عورت اپنے وہ محاسن ظاہر کر دے جن کو اسے چھپانا چاہیے۔ |" ابو عبیدہ کی تفسیر ہے : ان تخرج من محاسنھا ما تستدعی بہ شہوۃ الرّجَال۔ |" یہ کہ عورت اپنے جسم لباس کے حسب کو نمایاں کرے جس سے مردوں کو اس کی طرف رغبت ہو |"۔
جاہلیت کا لفظ قرآن مجید میں اس مقام کے علاوہ تین جگہ اور استعمال ہوا ہے۔ ایک، آل عمران کی آیت ١٥٤ میں، جہاں اللہ کی راہ میں لڑنے سے جی چرانے والوں کے متعلق فرمایا گیا ہے کہ وہ |" اللہ کے بارے میں حق کے خلاف جاہلیت کے سے گمان رکھتے ہیں۔ |" دوسرے سورة مائدہ، آیت ٥٠ میں، جہاں خدا کے قانون کے بجائے کسی اور قانون کے مطابق اپنے مقدمات کا فیصلہ کرانے والوں کے متعلق فرمایا گیا |" کیا وہ جاہلیت کا فیصلہ چاہتے ہیں۔ |" تیسرے سورة فتح، آیت ٢٦ میں، جہاں کفار مکہ کے اس فعل کو |" حمیت جاہلیہ |" کے لفظ سے تعبیر کیا گیا ہے کہ انہوں نے محض تعصب کی بنا پر مسلمانوں کو عمرہ نہ کرنے دیا۔ حدیث میں آتا ہے کہ ایک مرتبہ حضرت ابو الدرداء نے کسی سے جھگڑا کرتے ہوئے اس کو ماں کی گالی دے دی۔ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے سنا تو فرمایا |" تم میں ابھی تک جاہلیت موجود ہے |" ایک اور حدیث میں ہے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا |" تین کام جاہلیت کے ہیں۔ دوسروں کے نسب پر طعن کرنا، ستاروں کی گردش سے فال لینا، اور مردوں پر نوحہ کرنا |"۔ ان تمام استعمالات سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ جاہلیت سے مراد اسلام کی اصطلاح میں ہر وہ طرز عمل ہے جو اسلامی تہذیب و ثقافت اور اسلامی اخلاق و آداب اور اسلامی ذہنیت کے خلاف ہو۔ اور جاہلیت اولیٰ کا مطلب وہ برائیاں ہیں جن میں اسلام سے پہلے عرب کے لوگ اور دنیا بھر کے دوسرے لوگ مبتلا تھے۔
اس تشریح سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ اللہ تعالیٰ جس طرز عمل سے عورتوں کو روکنا چاہتا ہے وہ ان کا اپنے حسن کی نمائش کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکلنا ہے۔ وہ ان کو ہدایت فرماتا ہے کہ اپنے گھروں میں ٹک کر رہو، کیونکہ تمہارا اصل کام گھر میں ہے نہ کہ اس سے باہر۔ لیکن اگر باہر نکلنے کی ضرورت پیش آئے تو اس شان کے ساتھ نہ نکلو جس کے ساتھ سابق دور جاہلیت میں عورتیں نکلا کرتی تھیں۔ بن ٹھن کر نکلنا، چہرے اور جسم کے حسن کو زیب وزینت اور چست لباسوں یا عریاں لباسوں سے نمایاں کرنا، اور ناز و ادا سے چلنا ایک مسلم معاشرے کی عورتوں کا کام نہیں ہے۔ یہ جاہلیت کے طور طریقے ہیں جو اسلام میں نہیں چل سکتے۔ اب یہ بات ہر شخص خود دیکھ سکتا ہے کہ جو ثقافت ہمارے ہاں رائج کی جا رہی ہے وہ قرآن کی رو سے اسلام کی ثقافت ہے یا جاہلیت کی ثقافت۔ البتہ اگر کوئی اور قرآن ہمارے کار فرماؤں کے پاس آگیا ہے جس سے اسلام کی یہ نئی روح نکال کر مسلمانوں میں پھیلائی جا رہی ہے تو بات دوسری ہے۔
سورة الْاَحْزَاب حاشیہ نمبر :50
جس سیاق وسباق میں یہ آیت وارد ہوئی ہے اس سے صاف ظاہر ہے کہ یہاں اہل البیت سے مراد نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی بیویاں ہیں۔ کیونکہ خطاب کا آغاز ہی یَا نساء النبی کے الفاظ سے کیا گیا ہے اور ما قبل و ما بعد کی پوری تقریر میں وہی مخاطب ہیں۔ علاوہ بریں |" اہل البیت |" کا لفظ عربی زبان میں ٹھیک انہی معنوں میں استعمال ہوتا ہے جن میں ہم |" گھر والوں |" کا لفظ بولتے ہیں، اور اس کے مفہوم میں آدمی کی بیوی اور اس کے بچے، دونوں شامل ہوتے ہیں۔ بیوی کو مستثنٰی کر کے |" اہل خانہ |" کا لفظ کوئی نہیں بولتا۔ خود قرآن مجید میں بھی اس مقام کے سوا دو مزید مقامات پر یہ لفظ آیا ہے اور دونوں جگہ اس کے مفہوم میں بیوی شامل، بلکہ مقدم ہے۔ سورة ہود میں جب فرشتے حضرت ابراہیم (علیہ السلام) کو بیٹے کی پیدائش کی بشارت دیتے ہیں تو ان کی اہلیہ اسے سن کر تعجب کا اظہار کرتی ہیں کہ بھلا اس بڑھاپے میں ہمارے ہاں بچہ کیسے ہوگا۔ اس پر فرشتے کہتے ہیں اَتَعْجَبِیْنَ مِنْ اَمْرِ اللّٰہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہ عَلَیْکُمْ اَھْلَ الْبَیْتِ ۔ کیا تم اللہ کے امر پر تعجب کرتی ہو ؟ اس گھر کے لوگو، تم پر تو اللہ کی رحمت ہے اور اس کی برکتیں ہیں۔ |" سُورۂ قصص میں جب حضرت موسیٰ ایک شیر خوار بچے کی حیثیت سے فرعون کے گھر میں پہنچتے ہیں اور فرعون کی بیوی کو کسی ایسی انا کی تلاش ہوتی ہے جس کا دودھ بچہ پی لے تو حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کی بہن جا کر کہتی ہیں ھَلْ اَدُلُّکُمْ عَلیٰٓ اَھْلِ بَیْتٍ یَّکْفُلُوْنَہ لَکُمْ ۔ |" کیا میں تمہیں ایسے گھر والوں کا پتہ دوں جو تمہارے لیے اس بچے کی پرورش کا ذمہ لیں |" ؟ پس محاورہ، اور قرآن کے استعمالات، اور خود اس آیت کا سیاق وسباق، ہر چیز اس بات پر قطعی دلالت کرتی ہے کہ نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے اہل بیت میں آپ کی ازواج مطہرات بھی داخل ہیں اور آپ کی اولاد بھی۔ بلکہ زیادہ صحیح بات یہ ہے کہ آیت کا اصل خطاب ازواج سے ہے اور اولاد مفہوم لفظ سے اس میں شامل قرار پاتی ہے۔ اسی بنا پر ابن عباس اور عروہ بن زبیر اور عکْرمہ کہتے ہیں کہ اس آیت میں اہل البیت سے مراد ازواج النبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) ہیں۔
لیکن اگر کوئی یہ کہے کہ |" اہل البیت |" کا لفظ صرف ازواج کے لیے استعمال ہوا ہے اور اس میں دوسرا کوئی داخل نہیں ہو سکتا، تو یہ بات بھی غلط ہوگی۔ صرف یہی نہیں کہ |" گھر والوں |" کے لفظ میں آدمی کے سب اہل و عیال شامل ہوتے ہیں، بلکہ نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے خود تصریح فرمائی ہے کہ وہ بھی شامل ہیں۔ ابن ابی حاتم کی روایت ہے کہ حضرت عائشہ سے ایک مرتبہ حضرت علی (رض) کے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے فرمایا : تسألنی عن رجل کان من احبّ الناس الی رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) وکانت تحتہ ابنتہ واحبّ الناس الیہ۔ |" تم اس شخص کے متعلق پوچھتے ہو جو رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے محبوب ترین لوگوں میں سے تھا اور جس کی بیوی حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی وہ بیٹی تھی جو آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو سب سے بڑھ کر محبوب تھی۔ |" اس کے بعد حضرت عائشہ (رض) نے یہ واقعہ سنایا کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے حضرت علی اور فاطمہ اور حسن اور حسین (رض) کو بلایا اور ان پر ایک کپڑا ڈال دیا اور دعا فرمائی اللھمّ ھٰؤلاء اھل بیتی فاَذْھِبْ عنھُم الرّجس و طھّرھم تطھیراً ۔ خدایا یہ میرے اہل بیت ہیں، ان سے گندگی کو دور کر دے۔ |" حضرت عائشہ (رض) فرماتی ہیں کہ میں نے عرض کیا، میں بھی تو آپ کے اہل بیت میں سے ہوں (یعنی مجھے بھی اس کپڑے میں داخل کر کے میرے حق میں دعا فرمایئے ) ۔ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا، |" تم الگ رہو، تم تو ہو ہی۔ |" اس سے ملتے جلتے مضمون کی بکثرت احادیث مسلم، ترمذی۔ احمد، ابن جریر، حاکم، بیہقی وغیرہ محدّثین نے انو سعید خدری، حضرت اَنَس، حضرت اُمِّ سلمہ، حضرت واثلہ بن اَسْقَع (رض) اور بعض دوسرے صحابہ سے نقل کی ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے حضرت علی و فاطمہ (رض) اور ان کے دونوں صاحبزادوں کو اپنا اہل البیت قرار دیا۔ لہٰذا ان لوگوں کا خیال غلط ہے جو ان حضرات کو اس سے خارج ٹھہراتے ہیں۔
اسی طرح ان لوگوں کی رائے بھی غلط ہے جو مذکورۂ بالا احادیث کی بنیاد پر ازواج مطہرات کو اہل البیت سے خارج ٹھہراتے ہیں۔ اول تو جو چیز صراحۃً قرآن سے ثابت ہو اس کو کسی حدیث کے بل پر رد نہیں کیا جاسکتا۔ دوسرے ‘ خود ان احادیث کا مطلب بھی وہ نہیں ہے جو ان سے نکالا جا ربا ہے۔ ان میں سے بعض روایت میں جو یہ بات آئی ہے کہ حضرت عائشہ اور حضرت امّ سلمہ (رض) کو نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے اس چادر کے نیچے نہیں لیا جس میں حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے ان چاروں اصحاب کو لیا تھا ‘ اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے ان کو اپنے |" گھر والوں |" سے خارج قرار دیا تھا۔ بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ بیویاں تو اہل بیت میں شامل تھیں ہی ‘ کیونکہ قرآن نے انہی کو مخاطب کیا تھا ‘ لیکن حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو اندیشہ ہوا کہ ان دوسرے اصحاب کے متعلق ظاہر قرآن کے لحاظ سے کسی کو یہ غلط فہمی نہ ہوجائے کہ یہ اہل بیت سے خارج ہیں، اس لیے آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے تصریح کی ضرورت ان کے حق میں محسوس فرمائی نہ کہ ازواج مطہرات کے حق میں۔
ایک گروہ نے اس آیت کی تفسیر میں صرف اتنا ہی ستم نہیں کیا ہے کہ ازواج مطہرات کو |" اہل البیت |" سے خارج کر کے صرف حضرت علی و فاطمہ اور ان کی اولاد کے لیے اس لفظ کو خاص کردیا، بلکہ اس پر مزید ستم یہ بھی کیا ہے کہ اس کے الفاظ |" اللہ تو یہ چاہتا ہے کہ تم سے گندگی کو دور کرے اور تمہیں پوری طرح پاک کر دے |" سے یہ نتیجہ نکال لیا کہ حضرت علی و فاطمہ اور ان کی اولاد انبیاء (علیہم السلام) کی طرح معصوم ہیں۔ ان کا کہنا یہ ہے کہ |" گندگی |" سے مراد خطا اور گناہ ہے اور ارشاد اِلٰہی کی رو سے یہ اہل البیت اس سے پاک کردیے گئے ہیں۔ حالانکہ آیت کے الفاظ یہ نہیں ہیں کہ تم سے گندگی دور کردی گئی اور تم بالکل پاک کردیے گئے۔ بلکہ الفاظ یہ ہیں کہ اللہ تم سے گندگی کو دور کرنا اور تمہیں پاک کردینا چاہتا ہے۔ سیاق وسباق بھی یہ نہیں بتاتا کہ یہاں مناقب اہل بیت بیان کرنے مقصود ہیں، بلکہ یہاں تو اہل بیت کو نصیحت کی گئی ہے کہ تم فلاں کام کرو اور فلاں کام نہ کرو، اس لیے کہ اللہ تمہیں پاک کرنا چاہتا ہے۔ بالفاظ دیگر مطلب یہ ہے کہ تم فلاں رویہ اختیار کرو گے تو پاکیزگی کی نعمت تمہیں نصیب ہوگی ورنہ نہیں۔ تاہم اگر یُرِیْدُ اللّٰہُ لِیُذْھِبَ عَنْکُمُ الرِّجْسَ ......... وَ یُطَھِّرَکُمْ تَطْھِیْراً کا مطلب یہ لیا جائے کہ اللہ نے ان کو معصوم کردیا تو پھر کوئی وجہ نہیں کہ وضو اور غسل اور تیمم کرنے والے سب مسلمانوں کو معصوم نہ مان لیا جائے کیونکہ ان کی متعلق بھی اللہ تعالیٰ فرماتا ہے وَلٰکِنْ یُّرِیْدُ لِیُطَھِّرَکُمْ وَلِیُتِمَّ نِعْمَتَہ عَلَیْکُمْ ۔ |" مگر اللہ چاہتا ہے کہ تم کو پاک کرے اور اپنی نعمت تم پر تمام کر دے |" (المائدہ۔ آیت ٦) ۔