Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) آل عمران ⁦۳:۹۶⁩

آیات

  1. إِنَّ أَوَّلَ بَيۡتٖ وُضِعَ لِلنَّاسِ لَلَّذِي بِبَكَّةَ مُبَارَكٗا وَهُدٗى لِّلۡعَٰلَمِينَ

    آیت ⁦۳:۹۶⁩ کھولیں

    اللہ تعالیٰ کا پہلا گھر جو لوگوں کے لئے مقرر کیا گیا وہی ہے جو مکہ (شریف) میں ہے[1] جو تمام دنیا کے لئے برکت وہدایت واﻻ ہے.

Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)

بے شک سب سے پہلی عبادت گا ہ جو انسانوں کے لیے تعمیر ہوئی وہ وہی ہے جو مکّہ میں واقع ہے۔ اس کو خیر و برکت دی گئی تھی اور تمام جہان والوں کے لیے مرکزِ ہدایت بنایا گیا تھا۔ [79]

سورة اٰلِ عِمْرٰن حاشیہ نمبر :79

یہودیوں کا دوسرا اعتراض یہ تھا کہ تم نے بیت المقدس کو چھوڑ کر کعبہ کو قبلہ کیوں بنایا، حالانکہ پچھلے انبیا کا قبلہ بیت المقدس ہی تھا۔ اس کا جواب سورة بقرہ میں دیا جا چکا ہے۔ لیکن یہودی اس کے بعد بھی اپنے اعتراض پر مصر رہے۔ لہٰذا یہاں پھر اس کا جواب دیا گیا ہے۔ بیت المقدس کے متعلق خود بائیبل ہی کی شہادت موجود ہے کہ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کے ساڑھے چار سو برس بعد حضرت سلیمان (علیہ السلام) نے اس کو تعمیر کیا (١۔ سلاطین، باب ٦۔ آیت ١) ۔ اور حضرت سلیمان (علیہ السلام) ہی کے زمانہ میں وہ قبلہ اہل توحید قرار دیا گیا (کتاب مذکور، باب ٨، آیت ٢٩۔ ٣٠) ۔ برعکس اس کے یہ تمام عرب کی متواتر اور متفق علیہ روایات سے ثابت ہے کہ کعبہ کو حضرت ابراہیم (علیہ السلام) نے تعمیر کیا، اور وہ حضرت موسیٰ (علیہ السلام) سے آٹھ نو سو برس پہلے گزرے ہیں۔ لہٰذا کعبہ کی اولیت ایک ایسی حقیقت ہے جس میں کسی کلام کی گنجائش نہیں۔