Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi) آل عمران ⁦۳:۱۷۵⁩

آیات

  1. إِنَّمَا ذَٰلِكُمُ ٱلشَّيۡطَٰنُ يُخَوِّفُ أَوۡلِيَآءَهُۥ فَلَا تَخَافُوهُمۡ وَخَافُونِ إِن كُنتُم مُّؤۡمِنِينَ

    آیت ⁦۳:۱۷۵⁩ کھولیں

    یہ خبر دینے واﻻ صرف شیطان ہی ہے جو اپنے دوستوں سے ڈراتا ہے[1] تم ان کافروں سے نہ ڈرو اور میرا خوف رکھو، اگر تم مومن ہو.[2]

Tafsir Tafheem ul Quran (Abul Ala Maududi)

اب تمہیں معلوم ہو گیا کہ وہ دراصل شیطان تھا جو اپنے دوستوں سے خواہ مخواہ ڈرارہاتھا۔ لہٰذا آئندہ تم انسانوں سے نہ ڈرنا، مجھ سےڈرنا اگر تم حقیقت میں صاحب ِ ایمان ہو۔[124]

سورة اٰلِ عِمْرٰن حاشیہ نمبر :124

احد سے پلٹتے ہوئے ابو سفیان مسلمانوں کو چیلنج دے گیا تھا کہ آئندہ سال بدر میں ہمارا تمہارا پھر مقابلہ ہوگا۔ مگر جب وعدے کا وقت قریب آیا تو اس کی ہمت نے جواب دے دیا کیونکہ اس سال مکہ میں قحط تھا۔ لہٰذا اس نے پہلو بچانے کے لیے یہ تدبیر کی کہ خفیہ طور پر ایک شخص کو بھیجا جس نے مدینہ پہنچ کر مسلمانوں میں یہ خبریں مشہور کرنی شروع کیں کہ اب کے سال قریش نے بڑی زبردست تیاری کی ہے اور ایسا بھاری لشکر جمع کر رہے ہیں جس کا مقابلہ تمام عرب میں کوئی نہ کرسکے گا۔ اس سے مقصد یہ تھا کہ مسلمان خوفزدہ ہو کر اپنی جگہ رہ جائیں اور مقابلہ پر نہ آنے کی ذمہ داری انہی پر رہے۔ ابوسفیان کی اس چال کا یہ اثر ہوا کہ جب آنحضرت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے بدر کی طرف چلنے کے لیے مسلمانوں سے اپیل کی تو اس کا کوئی ہمت افزا جواب نہ ملا۔ آخر کار اللہ کے رسول (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے بھرے مجمع میں اعلان کردیا کہ اگر کوئی نہ جائے گا تو میں اکیلا جاؤں گا۔ اس پر ١٥ سو فدا کار آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ساتھ چلنے کے لیے کھڑے ہوگئے اور آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) انہی کو لے کر بدر تشریف لے گئے۔ ادھر سے ابوسفیان دو ہزار کی جمعیت لے کر چلا مگر دو روز کی مسافت تک جا کر اس نے اپنے ساتھیوں سے کہا کہ اس سال لڑنا مناسب نہیں معلوم ہوتا، آئندہ سال آئیں گے چناچہ وہ اور اس کے ساتھی واپس ہوگئے۔ آنحضرت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) آٹھ روز تک بدر کے مقام پر اس کے انتظار میں مقیم رہے اور اس دوران میں آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے ساتھیوں نے ایک تجارتی قافلہ سے کاروبار کر کے خوب مالی فائدہ اٹھایا۔ پھر جب یہ خبر معلوم ہوگئی کہ کفار واپس چلے گئے تو آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) مدینہ واپس تشریف لے آئے۔